Tag: election commisioner

  • پولنگ کے روز سسٹم ہی نہیں چلا، چیف الیکشن کمشنر سو رہے تھے،  ثاقب نثار

    پولنگ کے روز سسٹم ہی نہیں چلا، چیف الیکشن کمشنر سو رہے تھے، ثاقب نثار

    اسلام آباد : سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پتہ نہیں الیکشن کمیشن کیسے چل رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو تین بار کال کی جو انہوں نے اٹینڈ ہی نہیں کی،  شاید وہ سو رہے تھے۔

    یہ بات انہوں نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے حوالے سے ایک درخواست کی سماعت کے موقع پر اپنے ریمارکس میں کہی، سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی مخصوص نشست پر امیدوار عابدہ راجہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ انتخابات کے روز الیکشن کمیشن کا آر ٹی ایس سسٹم چلا ہی نہیں، اب ہمارے پاس کیسز آئیں گے تو پتہ نہیں ہم کیا فیصلہ کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخاب والے دن سب ٹھیک چل رہا تھا کہ اس دوران آر ٹی ایس سسٹم خراب ہوگیا، اسی دن میں نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان سے تین بار رابطہ کرنے کی کوششش کی لیکن انہوں نے میری کال کا کوئی ریپلائی نہیں دیا، میرے خیال سے شاید وہ اس دن سو رہے تھے۔

  • بلدیاتی انتخابات : الیکشن کمیشن نے فوج و رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی

    بلدیاتی انتخابات : الیکشن کمیشن نے فوج و رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پنجاب کے بارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے ڈی آر اوز کو ہدایت کی ہے کسی دباؤ میں آئے بغیرشفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

    چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے سیکریٹری داخلہ ، سیکریٹری بلدیات، آئی جی سمیت تمام بارہ اضلاع کے ڈی آر اوز شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوج کی چوالیس اور رینجرزکی آٹھ کمپنیاں کوئیک ریسپانس فورس کا کام کرینگی۔ پہلے اور دوسرے مرحلے میں فرائض سرانجام دینے والے جوانوں کو ہی تیسرے مرحلے کیلئے بھی بلایا جائے گا۔

    اجلاس میں ڈی آر اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ سیکیورٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم ،وزراء اور حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔

    انتخابی افسران کسی کی پرواہ کئے بغیر ڈیوٹی سرانجام دیں، تیسرے مرحلے کا الیکشن بھی خوش اسلوبی سے منعقدکیا جائیگا،تمام آفیسرز غیر جانبداری برتیں،لوگوں کو شفاف الیکشن نظرآنا چاہیے، تمام امیدواروں کو یکساں میدان فراہم کیا جائے ۔

    آئی جی پنجاب نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا پولنگ سٹیشنز کی سیکیورٹی پولیس اہلکار سنبھالیں گے،پولنگ اسٹیشنز کی حساسیت کے مطابق رینجرز کی تعیناتی کی جائے گی،انہوں نے فوج کو کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر تعینات کرنے کی تجویزدی۔