Tag: election commission

  • الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے کسی سیاسی جماعت کو جوابدہ نہیں، الیکشن کمیشن کا عمران خان کو جواب

    الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے کسی سیاسی جماعت کو جوابدہ نہیں، الیکشن کمیشن کا عمران خان کو جواب

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عمران خان کےخط کا جواب دیدیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئینی ادارہ ہیں، کسی سیاسی جماعت کو جوابدہ نہیں۔

    الیکشن کمیشن نے کپتان کے خط کا بالآخر جواب دے ہی دیا، جس میں ان کے سوالات کا بھرپور جواب دیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خط میں کیے گئے مطالبات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے کسی سیاسی جماعت کو جوابدہ نہیں ہے، اس لیے عمران خان الیکشن کمیشن سے اس طرح وضاحت نہیں مانگ سکتے۔

    الیکشن کمیشن نے جوابی خط میں کہا ہے کہ عمران خان بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں۔

    یاد رہے کہ کپتان نے خط میں الیکشن کمیشن سے بے ضابطگیاں کرنے والے انتخابی عملے کیخلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا، جس پر الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں عملہ ضلعی انتظامیہ اور تعلیمی اداروں سے لیا جاتا ہے، اس لیے ان کیخلاف کارروائی نہیں کرسکتے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجا گیا ہنگامی مراسلہ اے آروائی نیوز نے حاصل کرلیا ،مراسلے میں عمران خان کیجانب سے تیس جولائی کو الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کا ذکر کیا گیا ہے۔

  • ایازصادق کا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    ایازصادق کا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    اسلام آباد : الیکشن ڑیبونل کے فیصلے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ایازصادق کا کہنا ہے کہ فیصلہ تسلیم کرتاہوں لیکن اس پرتحفظات ہیں۔ فیصلےمیں دھاندلی کاکوئی ذکرنہیں ہے نہ کسی بھی جگہ دھاندلی کالفظ شامل ہے۔ البتہ فیصلےمیں بےضابطگیوں کاذکرموجودہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے انتخاب کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد سردار ایاز صادق نے بطور اسپیکر قومی اسمبلی کام جاری نہ رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی میں بطور اسپیکر قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نہیں کروں گا، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت ہی کرے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹربیونل کے فیصلے میں دھاندلی کا تذکرہ نہیں اور نہ انہیں کسی معاملے میں ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  وزیراعظم کو فون کرکےپارٹی کالائحہ عمل پوچھاہے، آئینی حق استعمال کرتےہوئےسپریم کورٹ جائیں گے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے رکن اور اسپیکر نہیں رہے اور فیصلہ موصول ہوتے ہی ان کی ممبرشپ ختم کر دی جائے گی۔

    میڈیا کو جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ صرف سپریم کورٹ میں ہی چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن میں سردار ایاز صادق کی رکنیت ختم کرنے کی کارروائی ٹربیونل کی طرف سے فیصلہ ملنے پر شروع کی جائے گی۔

  • پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری

    پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، دونوں صوبوں میں پہلے مرحلے میں پولنگ اب 12اکتوبر کی بجائے31 اکتوبر کو ہو گی۔ جس کے لئے تفصیلی شیڈول 26اگست کو جاری کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ 19 نومبر کو کروائی جائے گی جس کا شیڈول3 ستمبر کا جاری کیا جائے گا ۔

    تیسرے مرحلے میں پولنگ 3 دسمبر کوہو گی، جس کیلئے شیڈول31 ستمبرکو جاری کیا جائے گا ۔ پہلے مرحلے میں پنجاب میں ملتان ڈویژن، ساہیوال، بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا، لاہور اور گجرنوالہ کے علاوہ راولپنڈی ڈویژن کے بعض علاقوں میں انتخابات ہوں گے۔

    سندھ میں پہلے مرحلے میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں انتخابات کرائے جائیں گے۔

  • پاکستان میں دھاندلی کی روک تھام کے لئے پہلی باربائیومیٹرک مشین کااستعمال

    پاکستان میں دھاندلی کی روک تھام کے لئے پہلی باربائیومیٹرک مشین کااستعمال

    اسلام آباد: پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی پرقابو پانے کے لئے الیکشن کمیشن نے پہلی بار بائیومیٹرک مشینیں استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بائیومیٹرک الیکشن کا تجربہ این اے 19 ہری پور میں کیا جائے گا جہاں 16 دسمبر کو ضمنی انتخابات کا انعقاد ہورہا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی مطابق ضمنی انتخابات میں بائیومیٹرک مشینیں استعمال کرنے کے لئے نادرا کے تعاون سے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 19 کے دو درجن پولینگ اسٹیشنوں پر بائیومیٹرک مشین نصب کی جائے گی۔

    این اے 19 میں بائیو میٹرک ووٹنگ کے تجربے کی کامیابی کے بعد دیگر علاقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی بائیومیٹرک ووٹنگ کا تجربہ کیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں آئندہ عام انتخابات میں بائیومیٹرک طریقے سے عوام کی رائے لی جائے گی۔

  • حلقہ این اے 246 کے لئے انتخابی مہم کا وقت ختم

    حلقہ این اے 246 کے لئے انتخابی مہم کا وقت ختم

    کراچی : حلقہ این اے دو سو چھیالیس کے لئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا، پریزائیڈنگ افسران کو انتخابی مٹیریل کی ترسیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    رات بارہ بجےانتخابی مہم ختم ہوتے ہی الیکشن کمیشن کے حکام، پولیس اور رینجرز نے پولنگ اسٹیشنز پر کنٹرول سنبھال لیا، انتخابی مٹیریل کی ترسیل کیلئے متعلقہ پریزائیڈنگ افسران کو انتہائی سخت نگرانی اور سیکیورٹی میں انتخابی مٹیریل فراہم کیا جارہا ہے۔

    دو سوتیرہ پولنگ اسٹیشن پر پریزائڈنگ آفیسرز رینجرز اور پولیس کی حفاظت میں پولنگ اسٹیشن جائیں گے۔

    بیلٹ بکس اور بیلٹ پیپر تیئس اپریل کی صبح رینجرز اور الیکشن کمیشن حکام کی نگرانی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کو فراہم کیے جائیں گے۔

    کراچی کےاہم حلقے دو سو چھیالیس میں ضمنی الیکشن کے لیے زبردست انتظامات کیے گئے ہیں، ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیئے گئے ہیں۔

    رینجرز اہلکار پولنگ بوتھ کے اندر باہر تعینات ہونگے، ووٹوں کی گنتی بھی رینجرز کی نگرانی میں ہوگی، تمام پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیا ہے۔

    اے این دوسو چھیالیس ضمنی الیکشن کو صاف و شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں نے مکمل تیاری کرلی، کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    تئیس آپریل کو حلقے بھر میں عام تعطل کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، ووٹر کو شناختی کارڈ دکھانا ہوگا، فوٹو کاپی نہیں چلے گی لیکن معیاد ختم ہوجانے والے شناختی کارڈ قابل قبول ہوگا، موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں نہیں جاسکے گا۔

    موبائل فون صرف پریزئیڈنگ آفسران کے پاس ہوگا۔

  • الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کردی

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کردی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رکن اعجاز چوہدری کی رکنیت منسوخ کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اعجاز چوہدری کی رکنیت اثاثے ظاہرنا کرنے کے الزام میں منسوخ کی گئی ہے۔

    اعجاز چوہدری منڈی بہاء الدین کے حلقہ این اے 108 سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    انتخابات میں کامیابی کے بع د اعجاز چوہدری نے مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت اختیارکی تھی اس سے قبل بھی وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر رہ چکے تھے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ ن کی حکومت کے خلاف دئیے گئے 126 روزہ دھرنے میں اعجاز چوہدری نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی اور عمران خان نے اسے بڑی فتح قرار دیا تھا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اثاثوں کو ظاہر نا کرنا قانوناً جرم ہے اس لیے اعجاز چوہدری کی رکنیت منسوخ کی گئی ہے۔

  • این اے 122 کی لوکل کمیشن رپورٹ پر الیکشن کمیشن کا ردعمل

    این اے 122 کی لوکل کمیشن رپورٹ پر الیکشن کمیشن کا ردعمل

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے ایک سو بائیس کی لوکل کمیشن رپورٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی کھلی ورزی کرنے والے انتخابی عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس کی لوکل کمیشن کی رپورٹ پر الیکشن کمیشن کا سخت ردعمل سامنے آیا، الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ کاونٹر فائلز پر پولنگ عملے کے دستخط نہ ہونا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس کے علاوہ پولنگ مہر کا نہ ہونا بھی معاملے کو سنجیدہ بنا دیتا ہے۔

    الیکشن کمیشن حکام نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عملے نے لازمی شرائط پر عمل نہ کرکے غیرقانونی کام کیا ہے، حکام کے مطابق بدانتظامی سے نتیجہ بدل جائے تو اس کو دھاندلی ہی تصور کیا جائے گا۔

    حکام نے واضح کیا کہ این اے ایک سو بائیس میں دوبارہ گنتی نہیں صرف ووٹوں کی جانچ پڑتال ہوئی، لوکل کمیشن کا کام جانچ پڑتال کرنا ہے فیصلہ دینا نہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ الیکشن ٹربیونل کریں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے یا بد انتظامی ہوئی، حکام کا کہنا تھا کہ بدانتظامی اور دھاندلی پر انتخابی سزا کے حوالے سے قوانین کمزور ہیں، حکومت انتخابی اصلاحات کمیٹی کے ذریعے انتخابی قوانین مضبوط بنائے۔

    یاد رہے کہ این اے122کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیئے گئے کمیشن نے ووٹوں کے ریکارڈ اور جانچ پڑتال کی رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرا دی۔

    رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ نون کے سردار ایاز صادق نے بانوے ہزار تین سو ترانوے ووٹ حاصل کئے جبکہ تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے تراسی ہزار پانچ سو بیالیس ووٹ حاصل کئے اور دیگر امیدواروں نے چار ہزار ایک سو اسی ووٹ حاصل کئے۔

    سابق سیشن جج غلام حسین اعوان کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ این اے ایک سو بائیس میں ووٹوں کے پندرہ تھیلے کھلے ہوئے تھےاور دس تھیلے مناسب طریقے سے سیل نہیں کیے گئے تھے جبکہ اسی تھیلوں میں سے فارم 15غائب تھے۔

    رپورٹ کے مطابق دو سو چار کاؤنٹر فائلوں کے سیریل نمبر ایک دوسرے سے میچ نہیں کرتے جبکہ متعدد پولنگ اسٹیشنز کی کاؤنٹرفائلوں پر دستخط موجود نہیں ۔

    دوسری جانب این اے ایک سو چوبیس کے ووٹ بھی این اے ایک سو بائیس کے ریکارڈ سے ملے ہیں۔

    اس سے قبل الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے این اے 122 دھاندلی کیس کی سماعت کی تھی، ٹریبونل نے قرار دیا تھا کہ الیکشن ٹربیونل ایک خودمختار ادارہ ہے، اس کا الیکشن کمشن سے کوئی تعلق نہیں، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے بیانات سے کنفیوژن پیدا ہو رہا ہے، لگتا ہے دونوں فریقین ایک دوسرے کا میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں۔

  • دھاندلی کے ثبوت پیش نہ کرنا عمران خان کی ناکامی ہے ، خورشید شاہ

    دھاندلی کے ثبوت پیش نہ کرنا عمران خان کی ناکامی ہے ، خورشید شاہ

    سکھر: قائد حزبِ اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن ٹریبونل میں دھاندلی کے ثبوت پیش نہ کیا جانا ان کی بڑی ناکامی ہے۔

    سید خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا پلان ڈی الیکشن ٹریبونل میں دھاندلی کے ثبوت پیش کرنا تھا جوناکام ہوگیا۔

    ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ جیسے تحریکِ انصاف کا پلان اے، پلان بی اور پلان سی ناکام ہوا ہے ویسے ہی پلان ڈی اور پھر پلان ای آجائے گا لیکن سب ختم ہوجائے گا۔

  • جسٹس (ر) سردار رضا بطور چیف الیکشن کمشنر کیلئے متفقہ طور پر نامزد

    جسٹس (ر) سردار رضا بطور چیف الیکشن کمشنر کیلئے متفقہ طور پر نامزد

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر کے تقرری کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس (ر) سردار رضا کو بطور چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے متفقہ طور پر نامزد کر دیا ہے۔

    وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر کی طرف سے پارلیمانی کمیٹی کو تین نام بجھوائے گئے تھے۔ کمیٹی کے چیئرمین رفیق رجوانہ نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کمٹی کو سردار محمد رضا کے علاوہ جسٹس (ر) طارق پرویز اور جسٹس (ر) تنویر احمد خان کے نام بھی بجھوائے گئے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ کمیٹی نے ان ناموں پر بحث اور بغور جائزہ لیا، جس کے بعد متفقہ طور پر سردار محمد رضا کا انتخاب کیا گیا ہے۔ رفیق راجونہ کا کہنا تھا کہ نو منتخب الیکشن کمشنر سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ملک میں آئندہ انتخابات شفاف اور یقینی بنائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلے جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے نیک شگون ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس (ر) سردار محمد رضا کا نام وزیراعظم کو بجھوایا جائے گا، جس کا نوٹیفکیشن وزیراعظم جاری کریں گے۔

    رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی نامزدگی آئین کے عین مطابق عمل میں لائی گئی ہے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے رکن کی عدم شرکت سے متعلق ایک سوال پر رفیق رجوانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے تینوں نام معتبر قرار دئیے گئے اور کسی کی اجلاس میں غیر حاضری اجلاس کے فیصلوں پر کوئی اثر نہیں ہوتا ہے۔

  • الیکشن کمیشن حقائق چھپانے کی کوشش کررہا ہے،عمران خان

    الیکشن کمیشن حقائق چھپانے کی کوشش کررہا ہے،عمران خان

    اسلام آباد : سربراہ تحر یک انصاف عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ پرننٹنگ پریس اور الیکشن کمیشن میں پڑا تمام ریکارڈ اوربیلٹ پیپرز محفوظ بنایا جائے اور تمام الیکشن کمشنرز فوری طور پر مستعفی ہوں تا کہ تحقیقات میں خلل نہ پڑے۔

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حقائق چھپانے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے بتائے گئے اپنے ہی اعدادو شمار میں واضح تضاد موجود ہے ۔

    اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ قومی خزانے کے اربوں روپے خرچ کرنے والا الیکشن کمیشن سرکاری ادارہ ہونے کے باوجود سیاسی وجوہات پر حقائق چھپا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے اٹھارہ اگست کو سیکرٹری الیکشن کمیشن کے ہمراہ بتایا تھا کہ 18کروڑبیلٹ پیپرز چھپوائے گئے جبکہ ہم نے28نومبر کو ثبوت دیئے کہ 53لاکھ بیلٹ پیپر زائد چھپوائے گئے۔

    جبکہ اسی دن الیکشن کمیشن نے بتاتا کہ صرف آٹھ لاکھ بیلٹ پیپر زائد چھپوائے اور بعد میں یکم دسمبر کو ایک اور بیان میں ای سی پی نے تسلیم کیا کہ 93لاکھ بیلٹ پیپر زائد چھپوائے گئے۔

    اس موقع پر عمران خان نے مطالبہ کیا کہ پرننٹنگ پریس اور الیکشن کمیشن میں پڑا تمام ریکارڈ اوربیلٹ پیپرز محفوظ بنایا جائے اور تمام الیکشن کمشنرز فوری طور پر مستعفی ہوں تا کہ تحقیقات میں خلل نہ پڑے۔