Tag: election commission

  • الیکشن کمیشن نے میئر کراچی کے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا، تبدیلی کا امکان

    الیکشن کمیشن نے میئر کراچی کے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا، تبدیلی کا امکان

    کراچی: الیکشن کمیشن نے میئر کراچی اور ضلع چیئرمینز کے الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے میئر کراچی کے الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کے الیکشن کے لیے جاری شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق کراچی میئر کے انتخاب کے لیے 9 اور 10 جون کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے، پولنگ 15 جون کو ہوگی، اسی روز ڈپٹی میئر، ٹاؤن چیئرمین، وائس چیئرمین اور ضلع چیئرمین کے الیکشن بھی ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن 16 جون کو باضابطہ الیکشن کمیشن نتائج کا اعلان کرے گا، میئر، ڈپٹی میئر، ٹاؤن اور ضلع چیئرمین 19 جون کو حلف اٹھائیں گے۔

  • الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کرے گا

    الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کرے گا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے 4 اپریل کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے 4 اپریل کے فیصلے کے خلاف اپنی قانونی ٹیم کو نظر ثانی اپیل دائر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم نے اپیل کی تیاری شروع کر دی ہے، یہ اپیل جلد سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی، یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب کے انتخابات 14 مئی کو کرانے کا حکم دیا تھا۔

    دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں انتخابات کیس کے سلسلے میں اٹارنی جنرل نے کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا ہے، اٹارنی جنرل نے درخواست کی کہ قائدین کی مشاورت جاری ہے، کچھ وقت مزید دیا جائے۔

    عمران خان سے بات کر نے کے عدالتی فیصلے کو نہیں مانتے: فضل الرحمان

    اس سلسلے میں اٹارنی جنرل اور فاروق نائیک نے چیف جسٹس سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، چیمبر میں جسٹس اعجاز الاحسن بھی موجود تھے، درخواست کے بعد سپریم کورٹ نے میں انتخابات کیس کی مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی، اس دوران اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس کو اب تک کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

  • الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں

    الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو ایک خط لکھ کر الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 57 اور سیکشن 58 میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر نے مجوزہ ترامیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کی درخواست بھی کی۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اختیار 1976 کے آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن کے پاس ہی تھا، 1985 میں ضیا مارشل لا کے دور میں یہ اختیار الیکشن کمیشن سے لے لیا گیا۔

    انھوں نے تجاویز میں کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، آفیشل گزٹ میں نوٹیفکیشن جاری ہوگا، الیکشن کمیشن حلقوں سے کہے گا کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کریں، وقتاً فوقتاً الیکشن کمیشن اس نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد اس میں ترامیم بھی کر سکے گا۔

    مجوزہ ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن ایک نیا الیکشن پروگرام اور نئی تاریخ بھی دے سکے گا، کمیشن تحریری طور پر اس کی وجوہات اور اپنی رائے بھی دے گا۔

    مراسلے میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کمیشن کی رٹ کو ختم کیا جا رہا ہے، ڈسکہ سمیت دیگر اہم کیسز میں الیکشن کمیشن کو قانونی کارروائی سے روکا گیا، ڈسکہ میں الیکشن کمیشن نے بدعنوان افسران کو مثالی سزائیں دی تھیں، لیکن ان افسران کے خلاف انکوائری کو ختم کیا گیا اور ان کو اسٹے دیا گیا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن کی رٹ کو اہم کیسز میں ختم کر دیا گیا، اور بیوروکریسی کو یہ پیغام دیا گیا کہ الیکشن کمیشن آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، کیا کمزور الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے لیے حکومتی مشینری سے رٹ قائم کرا سکتا ہے؟

    انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہی ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد کو یقینی بنا سکتا ہے لیکن صاف شفاف انتخابات کے لیے جو اختیار الیکشن کمیشن کو تھا وہ رفتہ رفتہ ختم کر دیا گیا ہے۔

  • کابینہ الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہ کر سکی

    کابینہ الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہ کر سکی

    اسلام آباد: پنجاب میں الیکشن کے لیے وفاقی کابینہ الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہ کر سکی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے یا نہ کرنے کے حتمی فیصلے کے لیے مشاورت کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

    ذرائع ن لیگ کے مطابق ارکان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 2 فیصلے موجود ہیں، کابینہ کس پر عمل کرے اور کس پر نہ کرے، بعض ارکان کا مشورہ تھا آدھے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ سپریم کورٹ کی حکم عدولی نہ ہو۔

    وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ پارلیمنٹ سے رائے لی جائے، پارلیمنٹ سپریم ہے جو فیصلہ کرے، کابینہ کا کہنا تھا کہ 3-4 کا فیصلہ ہے تین دو کو کیسے تسلیم کر لیا جائے، کابینہ نے پارلیمنٹ کی بالادستی قائم رکھنے پر اتفاق کیا۔

    اجلاس میں کل کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں عدالتی اصلاحات بل پر بھی مشاورت کی گئی، فیصلہ کیا گیا کہ ارکان اپنی اپنی پارلیمانی پارٹی کے کل مشترکہ اجلاس میں زیادہ ارکان کی شرکت یقینی بنائیں۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کرانے پر زور دیا گیا۔

  • الیکشن کمیشن نے پنجاب کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

    الیکشن کمیشن نے پنجاب کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، اپیلیں جمع کرانے کے لیے 10 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور 17 اپریل تک اپیلیں نمٹائی جائیں گی۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق نظرثانی شدہ فہرست 18 اپریل کو جاری کی جائے گی، 19 اپریل کو امیدوار کاغذات واپس لے سکیں گے، جب کہ 20 اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے، اور انتخابات کے لیے پولنگ 14 مئی کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 14 مئی کو عام انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن پنجاب کی نگراں حکومت سے رابطہ کر کے انتظامی اور سیکیورٹی معاملات پر مشاورت کرے گا، فنڈز کے حصول کے لیے بھی وزارت خزانہ سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سپریم کورٹ کا حکم: الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ

    سپریم کورٹ کا حکم: الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں چودہ مئی کو عام انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، اور پنجاب کی نگران حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نگراں حکومت سے انتظامی اور سیکیورٹی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق فنڈز کے حصول کے لیے بھی وزارت خزانہ سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • عدالت نے عمران خان، فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

    عدالت نے عمران خان، فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

    لاہور: ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں توہین الیکشن کمیشن میں وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا، تاہم عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

    عدالت نے عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواستیں زائد المیعاد قرار دے کر خارج کر دیں، عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کارروائی جاری رکھے اور میرٹ پر فیصلہ کرے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو فریقین میں سے کوئی بھی چیلنج کر سکتا ہے۔

    اس کیس کی سماعت کرنے والا لارجر بینچ جسٹس صداقت علی خان، جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل تھا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ انکوائری چیلنج کرنے کی صورت میں درخواست گزار کو عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا، درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کے اختیارات کو چیلنج کر رکھا ہے تو الیکشن کمیشن کیسے کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کے پٹیشن واپس لینے کی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن جاری کر سکتی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد درخواست گزار عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

  • آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، الیکشن کمیشن

    آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے سلسلے میں آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق آج جمعرات کو پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ایک وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، جس میں انھوں نے پی ٹی آئی وفد کے تحفظات سنے، چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کو تحفظات اور خدشات کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں انتخابات کرانے کا پابند ہے، اور انتخابی مہم کی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے معاملہ نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ساتھ اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں، الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کو ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا، وفد کا آر اوز سے متعلق بھی مطالبہ تھا کہ یہ عدلیہ سے لیے جائیں۔ ملاقات میں وفد نے بیوروکریسی سے آر اوز لینے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، اور کہا کہ خدشہ ہے بیوروکریسی غیر جانب دار انتخابات نہیں کرا سکتی، نگراں حکومت پنجاب بیوروکریسی کے آر اوز پر اثر انداز ہوگی۔

    تاہم الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آر اوز عدلیہ سے لینے کی کوشش کی، لیکن لاہور ہائیکورٹ نے جوڈیشل افسران کی فراہمی سے معذرت کر لی ہے، آر اوز بیوروکریسی سے لینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر اوز کی تعیناتی مزید التوا میں ڈالنے سے الیکشن ملتوی ہو سکتے ہیں۔

  • کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا

    کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا

    اسلام آباد: خیبر پختون خوا میں انتخابات کی تاریخ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی ٹیم اور گورنر غلام علی میں مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ثابت ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے منعقد ہونے والا اہم اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا، اجلاس میں گورنر کے پی کی جانب سے صوبے میں انتخابات کے لیے تاریخ نہیں دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر غلام علی کا مؤقف تھا کہ ’’صوبے میں امن کے مسائل کے باعث فوری انتخابات نہیں کرا سکتے۔‘‘

    ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم کے سامنے کئی سوالات رکھے گئے اور صوبے میں امن عامہ اور سیکیورٹی کے مسائل پر بات کی گئی، الیکشن کمیشن کی ٹیم کو بتایا گیا کہ صوبے میں امن عامہ کے مسائل کے باعث فی الحال فوری انتخابات ممکن نہیں ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ایک اعلیٰ افسر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مشاورتی ٹیم نے بات چیت کے بارے میں کمیشن کو فوری آگاہ کر دیا ہے، اور الیکشن کمیشن جلد اس پر اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

    واضح رہے کہ صوبے میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب بنائی گئی 3 رکنی ٹیم گورنر ہاؤس خیبر پختون خوا گئی تھی، ٹیم میں سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری اور ڈی جی لا شامل تھے، جنھوں نے گورنر سے صوبائی انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی۔

  • الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان

    الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ہفتے شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز اس بار عدلیہ سے نہیں لیے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کے انتخابات کے لیے رجسٹرار ہائیکورٹ کو مزید خط نہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کی بجائے الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے ڈی آر اوز اور آر اوز کی فہرست مانگ لی ہے، صوبائی الیکشن کمشنر آج فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے افسران کی ٹریننگ کا آغاز کرے گا، ای سی پی نے پنجاب اور کے پی انتخابات کے اخراجات کا تخمینہ بھی لگا لیا ہے، دونوں صوبوں میں 35 ارب سے زائد کے اخراجات ہونے کا امکان ہے۔

    حکومتی اتحاد کی ملاقات میں پنجاب اور کے پی میں انتخابات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وزارت خزانہ کو فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی جائے گی، وزارت خزانہ کو 25 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

    سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے لیے وزارت داخلہ کو بھی آئندہ ہفتے خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔