Tag: election commission

  • پنجاب اور کے پی میں تمام بلدیاتی عہدیداران معطل

    پنجاب اور کے پی میں تمام بلدیاتی عہدیداران معطل

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے سلسلے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تمام بلدیاتی عہدیداروں کو معطل کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آرٹیکل (3)218 اورالیکشن ایکٹ2017 کے سیکشن 3اور8 کےتحت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے ٹو سوات، این اے تھری سوات میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے5،6،7 لوئردیر میں ضمنی انتخاب ہوگا، این اے8مالاکنڈ، این اے 9بونیر،این اے 16ایبٹ آباد میں ضمنی الیکشن ہوگا۔

    اس کے علاوہ این اے19 صوابی، این اے20 مردان، این اے28پشاور، این اے30 پشاور، این اے34 کرک، این اے 40باجوڑ، این اے42مہمند، این اے 44خیبر، این اے61 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے70گجرات، این اے87حافظ آباد، این اے93خوشاب میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے96میانوالی ،این اے107 فیصل آباد، این اے109فیصل آباد میں الیکشن ہوگا۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق این اے135 لاہور،این اے150،152خانیوال، این اے158 ملتان، این اے 164،این اے165وہاڑی، این اے177،رحیم یارخان اور این اے187لیہ میں ضمنی الیکشن ہوگا۔

  • اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد، عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

    اسلام آباد: عدالت نے وفاقی دارالحکومت میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کو مسترد کرنے والے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا، 16 صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس عامر فاروق نے جاری کیا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ عدالت یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کے فیصلے کو مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتی ہے۔

    چیف جسٹس نے فیصلے میں کہا کہ عدالت کے سامنے درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی ووٹر لسٹوں کو چیلنج کیا گیا ہے، دوسری طرف وفاقی حکومت کے فیصلے کو الیکشن کمیشن کی جانب سے مسترد کرنے کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔

    عدالت نے ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملے پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار 28 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں، اور الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کو سن کر ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملہ قانون کے مطابق حل کرے۔

    عدالتی فیصلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے فیصلے کے کیس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو یہ فیصلہ مسترد کرنے سے پہلے وفاقی حکومت کا مؤقف جاننا چاہیے تھا، اس لیے نوٹیفکیشن کے خلاف وفاق سمیت تمام درخواست گزار 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام درخواست گزاروں کو سن کر معاملے کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

  • پشاور : عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا

    پشاور : عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا

    پشاور: 25ستمبرکو کے پی میں ہونے والا ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کردیا۔

    پشاور ہائی کورٹ میں ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کیخلاف قومی اسمبلی کی درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔

    دوران سماعت پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سے 16ستمبر تک جواب طلب کرلیا اور درخواست گزار سے مزید تفصیلات دریافت کیں۔

    وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حالیہ سیلاب کی وجہ سے 25ستمبرکو ہونے والا ضمنی الیکشن ملتوی کیا ہے۔

    وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے مطابق قومی یا صوبائی اسمبلی کی نشست خالی ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو 60دن کے اندر لازمی انتخاب کرانا ہوتا ہے۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کی کیا وجوہات بتائی ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے سیلاب کا بتایا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے۔

    وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ چارسدہ میں سیلاب کے بعد اب صورتحال تیزی سے معمول پر آرہی ہے اور سیلاب متاثرہ لوگ بھی اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24چارسدہ سے منتخب رکن ایمل ولی خان نے الیکشن کمیشن کے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کےفیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے، ایمل ولی خان پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوارہیں۔

  • سیکیورٹی اقدامات کے بغیرانتخابی سامان کی ترسیل، حلیم عادل نے ویڈیو شیئرکردی

    سیکیورٹی اقدامات کے بغیرانتخابی سامان کی ترسیل، حلیم عادل نے ویڈیو شیئرکردی

    کراچی: اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے الیکشن کمیشن پر بڑا الزام عائد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سانگھڑ میں انتخابی سامان رکشے پر لاد کر لیجانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے دفتر سےسامان بغیرعملے کے رکشےپر لیکرجایاجارہاہے، یہ ہیں الیکشن کمیشن کے شفاف الیکشن؟، شرم کا مقام ہے۔

    ویڈیو بیان میں اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ سندھ کے تمام حلقوں سے ہمارے امیدواروں کو اغوا کیا جارہا ہے، جان بوجھ کر ہمارے امیدواروں کے فارم مسترد کئے جارہے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں دھونس اور دھمکیوں کے باعث ہمارے امیدواروں کو دستبراری کا کہا جارہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی، عدالت کا حکم جاری

    واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں چھبیس جون کو سندھ کے چودہ اضلاع میں پولنگ ہوگی، بلدیاتی الیکشن کے لیے 9 ہزار 290 سے زائد پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن پر انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے کئی امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔

  • ہمیں خود مختار آزاد الیکشن کمیشن کب ملے گا، شاہ محمود قریشی

    ہمیں خود مختار آزاد الیکشن کمیشن کب ملے گا، شاہ محمود قریشی

    پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ شفاف اور منصفانہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ الیکشن کیلئے ریاست وسائل فراہم کرتی ہے، الیکشن کمیشن کوآئینی تحفظ بھی دیا گیا کہ کوئی مداخلت نہیں کرسکتا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آئینی اختیارات دیے ہوئے ہیں، قوم توقع کرتی ہے الیکشن کمیشن ٹیکس پیئر کے پیسے پرکارکردگی دکھائے۔

    انہوں نے کہا کہ اب کب تک پاکستان اس مرحلے سے دوچار رہے گا؟ ہمیں خودمختار آزاد الیکشن کمیشن کب ملے گا؟ جوڈیشل کمیشن قائم ہوا تو پی ٹی آئی نے پورا تعاون کیا۔

    جوڈیشل کمیشن بنا اس کی اصلاحات کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھے، الیکٹورل ریفارمز کی اصلاحات، شفافیت کیلئے ہم آج بیٹھنے کو تیار ہیں۔

    عوام کا اعتماد الیکشن کمیشن پر کم ہوتا جارہا ہے، کراچی میں ایک ضمنی الیکشن ہوا اسے بھی منیج نہیں کرسکے، تمام جماعتوں نےکراچی کےالیکشن کو مسترد کردیا۔

    الیکشن کمیشن نے ساکھ کھودی تو آپ عام انتخابات دفن کردینگے، الیکشن کمیشن بہت بڑی آزمائش سے دوچار ہونے والا ہے، بڑی آزمائش پنجاب کے20ضمنی الیکشن ہیں۔

    پنجاب کے20الیکشنزمیں الیکشن کمیشن نےاپنی ساکھ کھودی قوم نتائج قبول نہیں کریگی، الیکشن کمیشن نے ذمہ دای پوری نہیں کی جمہوریت کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔

  • سندھ بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

    سندھ بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

    کراچی: صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرےمرحلے کا نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کردیا گیا۔

    صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی تاریخ میں چار دن کی توسیع کردی گئی ہے، دوسرے مرحلے کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد اب 15 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 16جون کوجاری کی جائےگی جبکہ 17سے19جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائےگی۔

    ترجمان کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنےکےخلاف 20سے22جون تک اپیل کی جاسکےگی، 27 جون کو ظرثانی شدہ فہرستیں آویزاں کی جائیں گے، 28 جون کوکاغذات نامزدگی واپس لیےجاسکیں گے جبکہ 29 جون کو انتخابی نشانات الاٹ کیےجائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ بلدیاتی انتخابات پہلا مرحلہ، 946 امیدوار بلامقابلہ منتخب

    صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے پولنگ چوبیس جولائی کو ہوگی جبکہ اٹھائیس جولائی کو بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج جاری کئے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ سندھ میں اس بار دو مرحلوں میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے، سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 26 جون کو ہوں گے۔

    ادھر سندھ میں پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 946 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں، اے آر وائی نیو کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کشمور کندھ کوٹ میں 96، قمبر شہداد کوٹ میں 70 اور جیک آباد میں 135 امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔

    اسی طرح شکارپور میں 94، لاڑکانہ میں 11، میرپور خاص میں 65 اور عمرکوٹ اضلاع میں 69 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے،ضلع تھرپارکر میں 18، سکھر میں 34، گھوٹکی میں 48، خیرپور میں 67 اور شہید بے نظیر آباد ضلع میں بھی 105امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، نوشہروفیروز میں 48 اور سانگھڑ میں 87 امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔

  • الیکشن کمیشن کا منحرف ارکان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مدد لینے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا منحرف ارکان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مدد لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منحرف ارکان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف ریفرنسز کے کیس میں الیکشن کمیشن نے فیصلے کی کاپی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

    سپریم کورٹ نے گزشتہ روز صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سنایا تھا، اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ منحرف ارکان کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے مدد لی جائے گی، اور الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کیس کا فیصلہ سنائے گا۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 25 منحرف ایم پی ایز کے خلاف کیس کا گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    گزشتہ روز سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، انحراف پارلیمانی جمہوریت کو عدم استحکام سے دوچار کرتا ہے۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ واضح نہیں کیا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف رکن کی نااہلی کتنی ہوگی، عدالت نے مستقبل میں انحراف روکنے کا سوال صدر کو واپس بھجواتے ہوئے کہا کہ منحرف ارکان کی نااہلی کے لیے قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، وقت آ گیا ہے کہ منحرف ارکان سے متعلق قانون سازی کی جائے۔

  • الیکشن کمیشن کے عدلیہ کے متوازی اختیارات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

    الیکشن کمیشن کے عدلیہ کے متوازی اختیارات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے عدلیہ کے متوازی اختیارات ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ای سی پی کے اختیارات چیلنج کر دیے گئے، کیس کی سماعت آج شروع ہو گئی ہے، سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کر رہے ہیں۔

    وکیل دانیال کھوکھر کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان نے عدالت میں پیش ہو کر کہا الیکشن کمیشن کو عدالتوں جیسے اختیارات دیتی الیکشن ایکٹ کی 3 دفعات کالعدم قرار دی جائیں۔

    بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ توہین پر الیکشن کمیشن کا سزا دینے اور ڈائریکشن جاری کرنے کا اختیار، اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 4، 9 اور 10 کالعدم قرار دیے جائیں، الیکشن کمیشن کا مکمل انصاف کے لیے کوئی بھی آرڈر جاری کرنے کا اختیار بھی ختم کیا جائے۔

    انھوں نے کہا ملک میں پانچ آئینی ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ موجود ہے، کوئی اور ریاستی ادارہ آئینی عدالتوں کی برابری نہیں کر سکتا، الیکشن کمیشن سے تنخواہوں اور مراعات کی تفصیل بھی طلب کی جائے، اگر الیکشن کمیشن کی تنخواہیں آئینی عدالتوں کے برابر ہوں تو اسے غیر قانونی قرار دیا جائے۔

    بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ اس درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن کو عدالتی اختیارات کے استعمال سے روکا جائے۔

    چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان شقوں کو ختم کیا جاتا ہے تو اس سے الیکشن کمیشن کا کردار متاثر ہو سکتا ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی ججمنٹ کے تحت عدالت کی معاونت کریں۔

    عدالت نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا، بعد ازاں، عدالت نے 2 ہفتوں تک کے لیے سماعت ملتوی کر دی۔

  • الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کیخلاف کارروائی کیلیے وقت مانگ لیا

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ارکان کیخلاف کارروائی کیلیے وقت مانگ لیا

    الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے وقت مانگ لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو جواب داخل کرایا ہے جس میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو منحرف ارکان کے معاملے کا جائزہ لینے اور فیصلے کیلئے 30 دن کی مہلت دی جائے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سبطین خان کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب مانگا تھا درخواست میں نشاندہی کی گئی تھی کہ تحریک انصاف نے اپنے منحرف ارکان کیخلاف کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا ہے لیکن اس پر کارروائی نہیں ہو رہی۔ عدالت الیکشن کمیشن کو منحرف ارکان اسمبلی کیخلاف کارروائی کا حکم دے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کی عدم دستیابی کی وجہ درخواست پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی اور اب درخواست پر 6 مئی کو کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی نے پنجاب کے نومنتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی تھی اور اپنے ڈی سیٹ ہونے کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی دوران پی ٹی آئی کے 26 منحرف اراکین نے ڈی سیٹ ہونے کا خطرہ ظاہر کر دیا۔

    مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے منحرف اراکین نے ڈی سیٹ ہونے کا خطرہ ظاہر کردیا

    ذرائع کا کہنا تھا کہ منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے سے حمزہ کی کرسی کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کے 6 مئی کے نوٹس پر منحرف اراکین بذریعہ وکلا پیش ہوں گے۔

  • الیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج

    الیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج

    الیکشن کمیشن کے جانبدار رویے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاج ہوا اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندگان کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کی اپیل پر کارکنوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، میانوالی، مانسہرہ، رینالہ خورد، بکھر، رحیم یار خان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، بہاولنگر، شیخوپورہ، کندھکوٹ، عمرکوٹ، اوکاڑہ، پاکپتن، لودھراں، لکی مروت، ساہیوال، سیالکوٹ، چینیوٹ، گوجرانوالہ، قصور، وہاڑی، ملتان، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ ودیگر شہروں میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    اس موقع پر حکام کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کے ساتھ رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کی طرف جانے والے راستے خار دار تاریں اور کنٹینر لگا کر بند کردیے گئے کئی علاقوں میں مظاہرین کو الیکشن کمیشن جانے سے روکا بھی گیا۔

    احتجاج میں پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ قیادت نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے الیکشن کمیشن اور امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمیشن کو ہٹایا جائے، منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کیا جائے پی ٹی آئی کے ساتھ متعصبانہ رویہ ختم کیا جائے اور ملک میں فوری طور پر عام انتخابات کرائے جائیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان پہلے ہی چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں،

    عمران خان نے پشاور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ ن کا پلانٹڈ ایجنٹ ہے ہمیں اس پر اعتماد نہیں اب انکے اس عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔

    مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ ن کا پلانٹڈ ایجنٹ، ہمیں اس پر اعتماد نہیں، عمران خان

    سابق وزیراعظم نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سوشل میڈیا پر دستخطی مہم چلائیں گے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کارکنان لوگوں کو سمجھائیں کہ یہ پی ٹی آئی نہیں بلکہ پاکستان کی جنگ ہے۔