Tag: election commission

  • این اے 120ضمنی انتخاب، 25 ہزار نئے ووٹرز کا اضافہ

    این اے 120ضمنی انتخاب، 25 ہزار نئے ووٹرز کا اضافہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے 120 کے ضمنی انتخابات کی ووٹنگ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں، حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 21 ہزار 500 سے زائد ہے جبکہ چار سالوں کے دوران 25 ہزار نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس وقت حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد تین لاکھ اکیس ہزار ہے جبکہ 2013 کے عام انتخابات میں حلقے کے کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار سے زائد تھی تاہم بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 13 ہزار 989 تک پہنچی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق فہرستوں کی سالانہ نظر ثانی 2017-2016 میں کی گئی، 2016 میں 9 ہزار 732 جبکہ 2017 میں 70 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا، 2013 سے اب تک تقریباً 6 ہزار 700 افراد حلقے میں درج یا منتقل ہوئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 120 میں انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ووٹر فہرستوں کو مجمند کردیا جبکہ نئے اندراج پر بھی پابندی لگا دی، الیکشن کمیشن نے نادرا کو ووٹر فہرستوں کی چھپائی مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں بلال گنج، اسلام پورہ، انار کلی وغیرہ کے اہم علاقے شامل ہیں، ضمنی انتخابات میں 25 ہزار 700 سے زائد نئے رجسٹرڈ ووٹرز بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

     

    پڑھیں: این اے120 میں پولنگ17ستمبر کو ہوگی، الیکشن کمیشن کا شیڈول جاری

    یاد رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں نوازشریف اس حلقے سے کامیاب ہوئے تھے تاہم پاناما کیس کے بعد سپریم کورٹ نے انہیں نااہل قرار دے دیا جس کے بعد حلقے کی نشست خالی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول بھی جاری کیا جاچکا ہے۔

    واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار میاں محمد نوازشریف نے اس حلقے سے 91 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فتح اپنے نام کی تھی جبکہ تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 52 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

  • غیرملکی فنڈنگ: عمران خان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی؟ دانیال عزیز

    غیرملکی فنڈنگ: عمران خان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی؟ دانیال عزیز

    اسلام آباد : مسلم لیگ کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان غیر ملکی فنڈنگ کے اعتراف کے باوجود بھاگ رہے ہیں، وہ بھارت سے بھی پیسے لیتے رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی؟

    یہ بات انہوں نے الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان اور ان کے وکیل کی جانب سے آج بھی کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں اور ملک کے تمام اداروں پر الزامات لگانے میں عمران خان نمبر ون ہیں لیکن خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے میں ان کا جواب نہیں۔


    مزید پڑھیں: عمران خان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، دانیال عزیز


    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نجم سیٹھی کے کیس میں 35 پنکچر کے حوالے سے 46 نوٹسز ملنے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا، کیا عمران خان کو اجازت ہے کہ جسے چاہیں برابھلا کہیں جس کی چاہیں توہین کریں۔


    مزید پڑھیں : عمران خان صاد ق اورامین نہیں رہے‘دانیال عزیز


    دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ جمائما کی ٹوئٹ دھری رہ گئی کیونکہ عمران خان نے لکھ کر دیا کہ منی ٹریل نہیں ہے۔ میڈیا کو بھی عمران خان کے ایسے اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے کوریج دینی چاہیے۔

  • الیکشن کمیشن کا انتخابی اصلاحات سے متعلق بل کی منظوری کا مطالبہ

    الیکشن کمیشن کا انتخابی اصلاحات سے متعلق بل کی منظوری کا مطالبہ

     اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحات سے متعلق بل کی منظوری کا مطالبہ کردیا۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ منظوری میں تاخیر سےالیکشن کمیشن کا کام تعطل کا شکارہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کو ایک خط تحریرکیا ہے جس میں انہوں نے اس حوالے سے قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مطالبہ کیا کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق بل ترجیحی بنیادوں پر منظورکیا جائے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری میں تاخیر سےالیکشن کمیشن کا کام تعطل کاشکار ہے۔ اسپیکر پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی جائے  اور کمیٹی انتخابی اصلاحات کے بل کو جلد از جلد قومی اسمبلی میں پیش کرے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے بعد ہی الیکشن کمیشن ان اصلاحات پرعمل کرسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن 2018 کے انتخابات نئی اصلاحات کے ساتھ کرائے گا۔

  • قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاک سرزمین پارٹی کو قومی پرچم کو بطورسیاسی جھنڈا استعمال کرنے سے روک دیا ہے. کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں ہے.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پراستعمال نہیں کیا جاسکتا ہے، قومی پرچم کا اپنا ایک تقدس ہوتا ہے، لہذا قومی پرچم کوجلسوں میں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے.

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے علحیدگی کے بعد گذشتہ سال سابق مئیر کراچی مصطفی کمال نے 3 مارچ کی یادگاہ پریس کانفرنس کے بعد 23 مارچ کو اپنی سیاسی جماعت "پاک سرزمین پارٹی قومی” کا اعلان کیا تھا، پی ایس پی قومی پرچم کو سیاسی جھنڈے کے طور پر استعمال کرتی ہے.

    خیال رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے نام اور قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف صوبیدار (ر) ساجد کیانی نے درخواست دائر کی تھی، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے 9 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے پی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

    دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن کےدائرہ سماعت کوچیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیس سننے کا اختیار نہیں ہے اور ہماری پارٹی کا پرچم قومی پرچم سے منفرد ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال سابق مئیر کراچی نے جب اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کیا توالیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے درخواست نامکمل قراردیتے ہوئے مصطفیٰ کمال سے اثاثہ جات سمیت مزید تفصیلات طلب کی تھیں‌.

  • الیکشن کمیشن میں سستی لفٹ لگانے والی نجی کمپنی کےمالک سمیت 4ملازمین کی گرفتاری کا حکم

    الیکشن کمیشن میں سستی لفٹ لگانے والی نجی کمپنی کےمالک سمیت 4ملازمین کی گرفتاری کا حکم

    اسلام آباد : اسپیشل سینٹرل جج اسلام آباد نے الیکشن کمیشن میں چین کی سستی لفٹ لگانے والی نجی کمپنی کے مالک سمیت چار ملازمین کی ضمانت مسترد کرکے گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نجی کمپنی نے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد وصول کرکے چھتیس لاکھ روپے کی لفٹ لگا دی، الیکشن کمیشن میں چائنہ کی لفٹ لگانے والوں کی درخواست ضمانت خارج ہوگئی، چاروں ملزمان کو کمرہ عدالت کے باہرہتھکڑیاں لگا دی گئیں۔

    اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر نے چیف انجینر ملزم عطا الحق، نجی کمپنی کے مالک ملزم ابراہیم، ایس ڈی او ملزم ریاض اور ملزم امیر احمد کی گرفتاری کا حکم دیا۔

    ایف آئی اے تفتیشی ٹیم نے بتایا کہ نجی کمپنی نے چھتیس لاکھ روپے مالیت کی سستی لفٹ لگا کر الیکشن کمیشن سے ایک کروڑ ستاون لاکھ روپے کا بل چارج کیا۔

  • مسلم لیگی رہنما آج سوتے رہ گئے‘ فواد چوہدری

    مسلم لیگی رہنما آج سوتے رہ گئے‘ فواد چوہدری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں عمران خان اورجہانگیر ترین نا اہلی کیسز کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی‘ دانیال عزیز اورطلال چوہدری کی غیر موجودگی پرفوادچوہدری نے کہا دونوں کی آج آنکھ نہیں کھلی‘ اس لیے نہیں آئے۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لئے اسپیکر کے ریفرنس پر ہونے والی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی، مسلم لیگ ن کے ارکان کے وکیل اکرم شیخ اور عمران خان کی جانب سے نعیم بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری ودیگر نےکپتان کی نااہلی کےلئےعلیحدہ درخواست بھی دائر کی ہے لیکن وہ خود حاضر نہیں ہوئے۔پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے جواب جمع کرانے کے لئےالیکشن کمیشن سے وقت مانگا۔ جواب میں چیف الیکشن کمشنر نے چودہ فروری تک جواب جمع کرانے کی تجویز دی جس پر اکرم شیخ نے توجہ دلائی کہ چودہ فروری کو ویلنٹائن ڈے ہے، جس پر قہقے گونج اٹھے۔

    عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف ریفرنس بے بنیاد ہیں،نعیم الحق

    الیکشن کمیشن نے پندرہ فروری تک عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی جبکہ اسپیکر کے ریفرنسز پر بھی سماعت اُسی روز تک ملتوی کردی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ہونے والی سماعت پرنعیم الحق کا کہناتھاکہ مسلم لیگ (ن) کا ریفرنس جھوٹ اور فراڈ پر مشتمل ہےاور وہ تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

  • پارٹی فنڈز کیس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا

    پارٹی فنڈز کیس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈز کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا، ن لیگی رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ کہاں ہو نعیم الحق چلے آؤ، عمران خان آپ کی بھی تلاشی کا وقت آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈز کیس کی سماعت ہوئی، کمیشن نے چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کوتوہین عدالت کی درخواست پرنوٹس جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نےعمران خان سےاکیس فروری تک جواب طلب کرلیا۔

    توہین عدالت کی درخواست اکبر ایس بابر نے دائرکی تھی۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کےباہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما دانیال عزیزکا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتوں کو شرمناک کہہ کر معافی مانگتے ہیں۔

    دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ سماعت پر معافی مانگی اور آج فرار ہوگئے، عمران خان نے ملکی سیاست کو گھناؤنا الزام بنا دیا ہے۔

    عمران خان نے قومی اداروں کے سربراہوں کو گالیاں دیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ ہم بھی طویل عرصہ سے سیاست میں ہیں لیکن ہم عمران خان کی طرح ہر گیند کے پیچھے نہیں بھاگتے۔

    دانیال عزیز نے کپتان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ڈولی اٹھنے سے نیا پاکستان نہیں بنےگا۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ آئی سی آئی جےادارہ نہیں ایک پروجیکٹ ہے، جرمن اخبار نے پرانی خبر کو نئی کرنے کی کوشش کی۔

    عدالت نے عمران خان سے کہا کہ آپ غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں۔

  • اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے پر 336 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل

    اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے پر 336 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل

    اسلام آباد: اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے سینیٹ وقومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 336 ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے سینیٹ و قومی اور صوبائی اسمبلی کے 336 اراکین کی رکنیت معطل کردی جن میں 22 سینیٹرز، 66 اراکین قومی اسمبلی جبکہ صوبائی اسمبلیوں میں پنجاب اسمبلی کے 137، سندھ کے 49 اراکین شامل ہیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے اراکین کی رکنیت معطل کرتے ہوئے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’معطل ارکانِ پارلیمنٹ کی قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے‘‘۔

    الیکشن کمیشن نے اراکین کو اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کروانے کے لیے آج تک کی مہلت فراہم کی گئی تھی تاہم اثاثہ جات کی تفصیل نہ دینے والے اراکین کی رکنیت معطل کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کیا ہے،معطل ہونے والے ممبران میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی، فہمیدہ مرزا ، پی ٹی آئی کے اعظم سواتی جبکہ تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں نامزد اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، نسرین جلیل، بیرسٹر سیف سمیت حکومت کے کئی اہم رہنماؤں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی، سینیٹر نہال ہاشمی، سائرہ افضل تارڑ، خرم دستگیر، مائزہ حمید، طارق فضل چوہدری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

    قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام سینیٹرز و اراکین اسمبلی کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کروادیں، ان احکامات پر عمل کرتے ہوئے سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کے 1100 سے زائد اراکین نے اپنے اثاثہ جات کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کردیں تھیں جن میں وزیر اعظم نوازشریف اور عمران خان بھی شامل ہیں۔

  • الطاف حسین کے کسی بھی عمل کی ذمہ دارمتحدہ نہیں، الیکشن کمیشن

    الطاف حسین کے کسی بھی عمل کی ذمہ دارمتحدہ نہیں، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے کسی بھی عمل کی ذمہ داری متحدہ قومی موومنٹ پر عائد نہیں‌ہوتی، متحدہ کے آئین میں الطاف حسین کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔

     ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ ہے

    زاہد مشوانی نمائندہ اسلام آباد کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے  جون 2012ء میں اپنا آئین الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرادیا تھا جس کے تحت ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ ہے، فاروق ستار ایم کیو ایم کے آئینی لیڈر ہیں اور پارٹی معاملات پرجواب دہ بھی وہی ہیں جب کہ ان کے پاس ڈپٹی کنوینئر کا عہدہ بھی موجود ہے۔

    متحدہ میں ایم کیو ایم کی کوئی آئینی حیثیت نہیں

    آئین کے مطابق نسرین جلیل کے پاسب بھی ڈپٹی کنوینئر کا عہد ہے لیکن الطاف حسین کی کوئی آئینی حیثیت نہیں اور نہ ان کے پاس کوئی عہدہ ہے ان کے نام صرف قائد اور رہبر کے طور پر درج ہے جس کے بعد ان کے کسی بھی عمل کی ذمہ داری متحدہ قومی موومنٹ پر عائد نہیں کی جاسکتی اور نہ متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کے کسی بھی عملی وضاحت یا جواب دہی کی ذمہ دار ہے۔

    فاروق ستار کے پاس دو پارٹی عہدے ہیں

    آئین کے مطابق فاروق ستار کے پاس ایم کیو ایم کے دو عہدے ہیں جن میں سے ایک ڈپٹی کنوینر کا عہدہ بھی ہے،کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے ذمہ دار خالد عمرہیں، کے پی کے اور گلگت کی ذمہ داری گل فراز خٹک اور اسلم آفریدی کے پاس ہے اسی طرح چاروں صوبوں کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے نام دے دیے گیے ہیں۔

  • میرے خلاف جو مرضی قانون استعمال کریں آخر تک جاؤں گا،عمران خان

    میرے خلاف جو مرضی قانون استعمال کریں آخر تک جاؤں گا،عمران خان

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس کے ایشو پر بولنے کی وجہ سے مجھے بلیک میل کیا جارہا ہے اور دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ پیچھے ہٹ جاؤں مگر یہ ممکن نہیں ہے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’’نوازشریف خاندان ایک فیکڑی سے شروع ہوا تھا مگر سیاست میں آنے کے بعد انہوں نے 30 سے زائد فیکٹریاں بنا لی ہیں، پیسوں کے حوالے سے جب بھی حکمران خاندان سے سوال کیا جاتا ہے تو دوسری کہانی سُنا دیتے ہیں۔

    پڑھیں :                 کرپشن کے خلاف تحریک کا باقاعدہ آغاز پشاور سے ہوگا،عمران خان

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’کرپشن کی وجہ سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے مگر اب عوام کو سارے مسائل کا اندازہ ہوگیا ہے۔ عوام حکمرانوں کی کرپشن سے تنگ ہیں اور اس کے خلاف آواز بلند کرنا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں :            وزیر اعظم جواب نہیں دیتے، بلیک میل کرتے ہیں،عمران خان

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’7 اگست سے شروع ہونے والی تحریک کرپشن کے خلاف ہے ، ہم عوام کو سڑکوں پر نکالیں گے اور اُن کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس لائیں گے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’جو کرپشن کی نشاندہی کرتا ہے اُسے حصہ دے دیا جاتا ہے اور پھر وہ خاموشی اختیار کرلیتا ہے‘‘۔

    سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ’’پانامہ لیکس پر آواز بلند کرنے کی وجہ سے میرے خلاف ریفرنس دائر کروائے گئے اور مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ میں اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹ جاؤں مگر موٹو گینگ میرے خلاف جو بھی اقدامات کرے میں اپنے مطالبے سے کسی پیچھے نہیں ہوں گا‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں :          مراد سعید کے والد کا چالان کرنے والا ٹریفک اہلکار معطل

    خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں اصلاحات کا قانون منظور کیا اور پولیس کو غیر سیاسی بھی کیا گیا، اب صرف آئی جی خیبرپختونخوا کے پاس اہلکاروں کے تبادلے و تقرریوں کا اختیار ہے‘‘۔