Tag: election Delay

  • انتخابات میں  تاخیر : ن لیگ نے بھی احتجاجی تحریک کا عندیہ دے دیا

    انتخابات میں تاخیر : ن لیگ نے بھی احتجاجی تحریک کا عندیہ دے دیا

    لاہور : ملک میں عام انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے بعد اب ن لیگ نے بھی آستینیں چڑھا لیں۔

    مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عطا تارڑ نے مقررہ وقت میں انتخابات نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر اگلے سال ماہ فروری تک ملک میں عام انتخابات منعقد نہ ہوئے تو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایک ہی ٹرک پرسوار ہوں گی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی جانب سے عطاتارڑ سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی بھی اس ٹرک پر ہوں گے؟ جس ان کا جواب تھا کہ بالکل چیئرمین پی ٹی آئی بھی ہمارے ساتھ اسی ٹرک پر ہوسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پہلے ہی عام انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کو ہدایت کی جائے کہ نوے روز میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔

    درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن کو ہدایت دیں90 روز میں عام انتخابات کیلئےشیڈول جاری کیا جائے، صوبوں کے گورنرز کو بھی حکم دیا جائے کہ 90 روزمیں انتخابات کیلئےالیکشن تاریخ مقرر کریں۔

  • گورنرسندھ نے انتخابات میں تاخیر کا عندیہ دے دیا

    گورنرسندھ نے انتخابات میں تاخیر کا عندیہ دے دیا

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ مردم شماری کی وجہ سے الیکشن میں اگر کچھ تاخیر بھی ہوتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔

    نئے نگراں وزیر اعظم کے نام کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نگراں وزیراعظم کیلئے انوارالحق کاکڑ کا انتخاب اچھا فیصلہ ہے۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ بہترین نگراں وزیراعظم ثابت ہونگے، امید ہے نگراں وزیر اعظم تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سےانجام دیں گے۔

    کامران ٹیسوری نے انتخابات سے متعلق کہا کہ آئندہ عام انتخابات آئین و قانون کے مطابق وقت پر ہونے چاہئیں، تمام جماعتوں کا اتفاق تھا کہ الیکشن نئی مردم شماری پر ہوں۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ اگر مردم شماری کی وجہ سے الیکشن میں کچھ تاخیر بھی ہوتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ موجودہ معاشی صورتحال میں کسی ایسی چیز کے متحمل نہیں ہوسکتے جس سے ملک کی بدنامی ہو۔

    واضح رہے کہ انوار الحق کاکڑ نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف 14 اگست کو اٹھائیں گے اور حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ نگراں وزیر اعظم کی حلف برداری تک شہباز شریف وزیر اعظم رہیں گے جبکہ انوار الحق کاکڑ یومِ آزادی کے دن عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    نگراں وزیر اعظم کیلئے انوار الحق کاکڑ کے نام کا اعلان 

    وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں نگراں وزیر اعظم کیلیے انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔

  • ’’موجودہ حکومت الیکشن سے بھاگنے کیلئے جواز تلاش کرے گی‘‘

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹرسیف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی جواز تلاش کرے گی۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن90دن کے اندر کرانا ہوں گے۔

    جیسے لوگ ملک پرمسلط ہیں وہ آئین و قانون کے دائرے میں کام نہیں کرتے، گورنر کےپی نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ وہ گورنر پنجاب کی روش اپنائیں گے، گورنر دستخط کریں یا نہ کریں48گھنٹے میں اسمبلی ازخود تحلیل ہوجائے گی

    بیرسٹرسیف نے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد سیاسی بحران چاہتا ہے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے الیکشن کمیشن ہی جانا پڑے گا، الیکشن کمیشن جانبداری کا مظاہرہ کرتا ہے تو تحفظات ریکارڈ کرائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ غیرآئینی اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے اس میں کچھ غلط نہیں ہے، کیونکہ آئین کہتا ہے کہ الیکشن90دن کے اندر کرانے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سال2007میں بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد الیکشن کے انعقاد میں تاخیر ہوئی تھی، کوئی بڑا حادثہ یا انہونی ہوتی ہے تو ہی الیکشن میں تاخیر کی جاسکتی ہے۔

    بیرسٹرسیف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان واضح طور پر کہہ چکے ہیں اگست2023 سے پہلے الیکشن نہیں کرائیں گے، یہ لوگ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر کیلئے کسی نہ کسی بہانے سے جواز تلاش کریں گے۔

    اپنی گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ استعفوں کی منظوری کامقصد ہی پی ٹی آئی کی اسمبلی میں واپسی کو کمزور کرنا ہے، وقتی طور پرانہوں نے اعتماد کے ووٹ سے بچنے کیلئے استعفوں کی منظوری دی گئی۔

  • عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟ سعد رفیق

    عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟ سعد رفیق

    لاہور : سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کی آوازیں آرہی ہیں لیکن ملک میں عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، خیبرپختونخوامیں350ڈیم کہاں گئے؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، نگراں وزیراعظم اورچیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، انتخابات میں تاخیر کی آوازیں نہیں آنی چاہئیں۔

    اپنی گفتگو میں انہوں نے پی ٹی آئی اور خیبر پختونخوا حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں دھرنے، گالیاں اور جھوٹ بولنے والوں کو ناکامی ہوگی، عوام انہیں مسترد کردیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھرنے، سازشیں اور  نااہلی جیسے فیصلے نہ آتے تو ملک  بھر سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجاتی، جمہوریت کو عمران خان کے رویےنے نقصان پہنچایا جبکہ ہم نے بڑھکیں نہیں ماریں، کام کرکے دکھایا۔

    سعد رفیق نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ نالائقوں تم نے کیا کیا؟ ڈینگی سے ڈر کر نتھیا گلی بھاگ گئے تھے، تم نے جو عوام سے وعدہ کیا تھا خیبر پختونخوا میں وہ350ڈیم کہاں گئے؟

    سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے، ملک کو آگےلے کر جانے کیلئے گالی اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا، نوازشریف نےجمہوریت کیلئےبہت جدوجہدکی، نواز شریف کے نااہل ہونے سے ملک کو نقصان ہوا، وزرائےاعظم کی تذلیل نہیں ہونی چاہئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔