Tag: election in Punjab

  • کیا کل پنجاب میں عام انتخابات ہوں گے؟

    کیا کل پنجاب میں عام انتخابات ہوں گے؟

    سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14مئی کو عام انتخابات کرانے کا فیصلہ سنادیا تو ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا عدالتی تاریخ پر انتخابات کا انعقاد ہوسکے گا؟

    سپریم کورٹ کا14مئی کو پنجاب بھر میں انتخابات کرانے کا حکم تاحال برقرار ہے، کیا کل الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم پرعمل درآمد کروائے گا؟ کیا کل پنجاب میں پولنگ ہوگی؟

    عدالت عظمیٰ نے 4 اپریل کو الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے صوبہ پنجاب میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔

    واضح عدالتی احکامات کے باوجود حکومت نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے فنڈز دیئے اور نہ ہی پنجاب میں انتخابات کیلئے سیکیورٹی فراہمی کیلئے کسی قسم کے اقدامات کیے گئے۔

    اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے اب تک ووٹرز لسٹیں جاری کیں اور نہ ہی بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوسکی، تاہم الیکشن کمیشن پولنگ اسٹاف کی ٹریننگ کا مرحلہ مکمل کرچکا ہے۔

    چیف جسٹس قراردے چکے90دن کی آئینی حد سے کوئی انکارنہیں کرسکتا، چیف جسٹس اپنے ریمارکس میں واضح طور پر کہہ چکے ہیں عدالت کو اپنے فیصلے پرعمل درآمد کروانا ہے، بڑی بڑی جنگوں کے دوران بھی الیکشن ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو 15 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

    چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

     

  • پنجاب میں پہلے الیکشن چاہنے والے سازشی ہوش کے ناخن لیں، بلاول

    پنجاب میں پہلے الیکشن چاہنے والے سازشی ہوش کے ناخن لیں، بلاول

    نو ڈیرو : وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سازشی کوشش کررہے ہیں کہ پنجاب میں پہلے الیکشن ہوجائیں، سازشی ہوش کےناخن لیں، ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں ایک ساتھ الیکشن ہوں۔

    وڈیرو میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اتحادیوں کو مخالفین سے ڈائیلاگ پرراضی کر رہی ہے، ہماری کوشش جاری ہے۔

    آج بھی سازش کرنے والوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، آئیں ایسا حل نکالیں جس کا فائدہ پارلیمان اور عدلیہ کو بھی ہو، ایسا نہ ہو لڑائی سے جمہوریت، معیشت اور وفاق کوبھی نقصان ہو۔ ،

    انہوں نے کہا کہ سازش کرنے والوں کی بھی کوشش جاری ہے، سازش کرنے والوں کی کوشش ہے کہ پنجاب میں پہلے الیکشن کرائے جائیں، پنجاب کےالیکشن ہوگئے تو اس کا اثر باقی صوبوں پر رہے گا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں معاشی بحران اور مشکلات ہیں، ضرورت تھی کہ تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کرایک ہوجاتیں تو بہتر ہوتا، ہم نے اسی لیے تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ بات کی تاکہ مسائل کا حل نکالا جاسکے۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سیاسی لڑائی الیکشن تک ہی محدود رکھی جائے تو عوام کا فائدہ ہوگا،
    ہمیں سیاسی لڑائی میں عوام کے مسائل کو نہیں بھولنا چاہیے، چاہتے ہیں مسائل پرتوجہ دی جائے تاکہ مشکلات کاسامنا بھی کرسکیں۔

  • پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے درخواست کی سماعت 20 فروری کو ہوگی

    پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے درخواست کی سماعت 20 فروری کو ہوگی

    لاہور: پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے درخواست کی سماعت 20 فروری کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن 20 فروری کو سماعت کریں گے۔

    درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو گورنر سے مشاورت کے بعد تاریخ دینے کا حکم دیا گیا تھا، لیکن ابھی تک الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کو 33 دن سے زیادہ وقت گزر چکا، صدر پاکستان کو الیکشن کی تاریخ دینے کا اعلان کرنے کے لیے کہا جائے۔