Tag: election manifesto

  • عام انتخابات کی تیاریاں، اے این پی نے انتخابی منشور تیار کر لیا

    عام انتخابات کی تیاریاں، اے این پی نے انتخابی منشور تیار کر لیا

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے عام انتخابات کی تیاریاں کرتے ہوئے انتخابی منشور تیار کر لیا، جس کا اعلان پیر کے روز کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اے این پی نے عام انتخابات کے لیے منشور تیار کر لیا ہے، جس کا عنوان روشنی رکھا گیا ہے، منشور میں یونیورسٹی کی سطح تک مفت تعلیم کا وعدہ شامل کیا گیا ہے، اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طالبات کو 5000 روپے ماہانہ وظیفہ بھی منشور کا حصہ ہوگا۔

    ذرائع اے این پی کے مطابق صوبائی سطح پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا قیام، ضلعی حکومتوں کو مکمل خود مختاری دینے کے لیے قانون سازی، نوجوانوں کے لیے اے این پی یوتھ پروگرام کا اجرا، خواتین کے لیے مخصوص فنڈ کو منشور کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    غگ، سورہ اور چھوٹی عمر میں شادی پر پابندی کے لیے قانون سازی، ضم اضلاع میں خصوصی اکنامک زون کا قیام، ہر حلقے میں اسپورٹس کمپلیکس کا قیام بھی اے این پی کے منشور کا حصہ ہے۔

    واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی آئندہ عام انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان پہلے ہی کر چکی ہے، اے این پی کے امیدواروں نے انتخابی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

  • بلاول بھٹو آئندہ ہفتے پیپلز پارٹی کا انتخابی منشورجاری کریں گے

    بلاول بھٹو آئندہ ہفتے پیپلز پارٹی کا انتخابی منشورجاری کریں گے

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیاری کے آخری مراحل میں ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آئندہ ہفتے اسے جاری کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق منشور کمیٹی کے اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں روزانہ کی بنیاد پر ہورہے ہیں جن میں بلاول بھٹو خود انتخابی منشور کی تیاری کا جائزہ لیتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام، بین الصوبائی ہم آہنگی، مالی وسائل کی مساوی تقسیم اور قدرتی وسائل پر صوبوں کا حق یقینی بنانا پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کا بنیادی حصہ ہیں۔

    انتخابی منشور کے تحت چھوٹے صوبوں کی محرومیاں ختم کی جائیں گی اور دیہی آبادی کو شہروں کے برابر لایا جائے گا، بلوچستان کی محرومی ختم کرنے کے لیے بڑے انتظامی و مالی اقدامات کیے جائیں گے جب کہ فاٹا کو کے پی میں ضم کردیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق زراعت اولین ترجیح، توانائی، صنعت کے شعبوں پر خصوصی توجہ، خارجہ اور داخلہ پالیسی بہتر بنانے، انتہا پسندی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے واضح حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

    تحریک انصاف نے پہلے سو روزہ ایجنڈے کا اعلان کردیا


    تعلیم و صحت کے شعبے میں اصلاحات، بے روزگاری کا خاتمہ، نظام عدل میں اصلاحات، احتساب کا نظام شفاف بنانا، نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور اہم امور میں شامل کرنا ترجیحات کا حصہ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین، غیرمسلم آبادیوں، کم زور طبقات کے حقوق کی حفاظت کو خصوصی توجہ دی جائے گی، محنت کشوں کے حقوق کو یقینی بنایا جائے گا، زرعی ٹیوب ویلز کومفت بجلی، کھاد و دیگر اشیا کے لیے کسان کارڈ کا اجرا ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔