Tag: Election tribunal

  • عمران خان کی ووٹوں کی جانچ سے متعلق درخواست مسترد

    عمران خان کی ووٹوں کی جانچ سے متعلق درخواست مسترد

    لاہور: الیکشن ٹریبونل نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ووٹوں کی جانچ سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے ایک سو بائیس میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر لوکل کمیشن کے خلاف الیکشن ٹریبونل سے استدعا کی تھی۔

    الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ لوکل کمیشن کی رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس پر حکم جاری کیا جائے گا۔

    عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ووٹوں کی جانچ پڑتال کرنے والے کمیشن نے دھاندلی کے ثبوت کو رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا، ٹریبونل لوکل کمیشن کے اس معاملےکا نوٹس لے۔

    اس سے قبل الیکشن ٹربیونل نے این اے 122کے ووٹوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال دوبارہ کروانے کےلیے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سردار ایازصادق کو شہادت ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا۔

    لاہور میں الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم ملک نے سماعت شروع کی تو عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لوکل کمیشن نے این اے 122کا آڈٹ درست طریقے سے نہیں کیا اور نہ ہی دھاندلی سے متعلق حقائق واضح کیے لہذا دوبارہ انکوائری کاحکم دیاجائے۔

    عمران خان کے وکیل کی جانب سے ٹریبونل کو بتایا گیا کہ حلقے کے فارم 14ایک ہی ہاتھ سے لکھے گئے ہیں جبکہ ریٹرننگ افسر نے پی پی 147 کے فارم 15این اے 122 میں شامل کرکے گنتی پوری کی ہے جسکی انکوائری کروائی جائے۔

    دوران سماعت سردارایازصادق کے وکیل نے بتایا کہ الزامات بے بنیاد ہیں، اب شکست کے خوف سےعمران خان لوکل کمیشن غلام حسین اعوان پر اعتراضات اٹھا رہے ہیں، ایک مرتبہ انکوائری ہونے کے بعد دوبارہ نہیں کروائی جاسکتی۔

    عدالت نے عمران خان کی لوکل کمیشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئےسماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی جبکہ سردارایاز صادق کو شہادت ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا۔

  • این اے 122 کی تحقیقاتی رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع

    این اے 122 کی تحقیقاتی رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع

    لاہور: این اے ایک سو بائیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیئے گئے کمیشن نے ووٹوں کے ریکارڈ اور جانچ پڑتال کی رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرا دی ہے۔

    تحریکِ انصاف کے طویل احتجاج کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل پانے والے ایک رکنی کمیشن نے این اے ایک سو بائیس کے ووٹوں کی جانچ پڑتال کی رپورٹ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرا دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ نون کے سردار ایاز صادق نے بانوے ہزار تین سو ترانوے ووٹ حاصل کئے جبکہ تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے تراسی ہزار پانچ سو بیالیس ووٹ حاصل کئے اور دیگر امیدواروں نے چار ہزار ایک سو اسی ووٹ حاصل کئے۔

    سابق سیشن جج غلام حسین اعوان کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ این اے ایک سو بائیس میں ووٹوں کے پندرہ تھیلے کھلے ہوئے تھےاور دس تھیلے مناسب طریقے سے سیل نہیں کیے گئے تھے جبکہ اسی تھیلوں میں سے فارم 15غائب تھے۔

    رپورٹ کے مطابق دو سو چار کاؤنٹر فائلوں کے سیریل نمبر ایک دوسرے سے میچ نہیں کرتے جبکہ متعدد پولنگ اسٹیشنز کی کاؤنٹرفائلوں پر دستخط موجود نہیں ۔

    دوسری جانب این اے ایک سو چوبیس کے ووٹ بھی این اے ایک سو بائیس کے ریکارڈ سے ملے ہیں۔

    رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں کے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔

    دوسری جانب الیکشن ٹریبونل نے این اے 122 دھاندلی کیس کی سماعت سترہ جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے کمشن کی رپورٹ تحریک انصاف اور نون لیگ کے وکلاء کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے این اے 122 دھاندلی کیس کی سماعت کی۔ ٹریبونل نے قرار دیا کہ الیکشن ٹربیونل ایک خودمختار ادارہ ہے، اس کا الیکشن کمشن سے کوئی تعلق نہیں، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے بیانات سے کنفیوژن پیدا ہو رہا ہے، لگتا ہے دونوں فریقین ایک دوسرے کا میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں۔

    ٹربیونل نے کمشن کی جانب سے جمع کرائی رپورٹ تحریکِ انصاف اور نون لیگ کے وکلاء کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت سترہ جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

  • سانحۂ پشاورکواپنی طاقت بنائیں گے، پرویزرشید

    سانحۂ پشاورکواپنی طاقت بنائیں گے، پرویزرشید

     

    اسلام آباد: وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے اکیسویں آئینی ترمیم ملک کو مضبوط بنائے گی اورملک سے دہشت گردی کا ہرصورت خاتمہ کیا جائے گا۔

    ہفتے کی شام میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء کا کہنا تھا کہ قومی لائحہ عمل ملک کو استحکام دینے کے کے لئے طے کیا گیاہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم سانحۂ پشاور کے غم میں مبتلا ہے ہم اس سانحے سے کمزور نہیں ہوں گے بلکہ اسے اپنی طاقت بنائیں گے۔

    انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جن چارحلقوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا وہ کبھی بند تھے ہی نہیں لیکن کچھ لوگوں نے جھوٹ بول کر پوری قوم کو اذیت میں مبتلارکھا۔

    ان کے مطابق الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کا سب سے زیادہ انتظار مسلم لیگ ن کو تھا۔

    پرویزرشید کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ایاز صادق کے ووٹ مزید بڑھیں ہیں جبکہ عمران خان کے ووٹ کم ہوئے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے طول و عرض سے ہر صورت دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ملک کو پرامن بنایا جائے گا۔

  • لاہور: الیکشن ٹریبونل انتخابی عذرداری پر فیصلہ آج سنائے گا

    لاہور: الیکشن ٹریبونل انتخابی عذرداری پر فیصلہ آج سنائے گا

    لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے الیکشن ٹریبونل میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نااہلی کے لیے انتخابی عذرداری پر فیصلہ آج سنائے گا۔

    اس سے پہلے عمران خان ہفتہ کو الیکشن ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا، کارروائی کے اختتام پر الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی اُس درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو بائیس میں ووٹوں کے تھیلوں کا معائنہ کیا جائے۔

    الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم علی ملک نے انتخابی عذرداری کو خارج کرنے کی درخواست پر کہا کہ ابھی یہ درخواست قابل پیش رفت نہیں ہے جس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وکلا نے یہ درخواست واپس لے لی تھی۔

  • انتخابی ٹربیونل کی کارکردگی: الیکشن کمیشن نے رپورٹ تیارکرلی

    انتخابی ٹربیونل کی کارکردگی: الیکشن کمیشن نے رپورٹ تیارکرلی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی ٹربیونل کی کار کردگی سے متعلق رپورٹ تیار کرلی۔رپورٹ آئندہ جلاس میں پیش کی جائے گی ۔الیکشن ٹریبونل کی اٹھارہ ماہ کی کار کردگی کی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کریگی ۔

    رپورٹ کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اکیس حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت ملے ہیں ۔پندرہ حلقوں میں منظم دھاندلی ہوئی ۔جبکہ چھ حلقوں میں جزوی دھاندلی کے ثبوت ملے۔

    انتخابی ٹربیونل نے پندرہ حلقوں میں انتخابات کالعدم قرار دیئے۔دھاندلی زدہ حلقوں میں آٹھ نشستوں پر مسلم لیگ نواز کے امیدوار کامیاب ہوئے ۔جبکہ دو حلقوں میں آزاد امیدوار اور ایک حلقے میں جے یو ٓئی ف کا امیدوار کامیاب ہوا تھا۔

  • حلقہ این اے دو سڑسٹھ پر ہونے والے انتخابات کالعدم قرار

    حلقہ این اے دو سڑسٹھ پر ہونے والے انتخابات کالعدم قرار

    جھل مگسی : الیکشن ٹریبونل بلوچستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سڑسٹھ پر ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا حکم دیا ہے۔

    این اے دو سڑسٹھ کچھی کم جھل مگسی پر میر خالد خان مگسی کامیاب قرار پائے تھے، جنہوں نے کامیابی کے بعد مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کی تھی ،خالد خان مگسی کے انتخاب کے خلاف حلقے کے آزاد میدوار میر عبدالرحیم رند نے ٹریبونل میں انتخابی عذرداری دائر کروائی تھی۔

    جس کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل نے قبل ازیں حلقے میں ووٹروں کے انگوٹھوں کی تصدیق کروانے کا حکم دیا تھا۔

    میر عبدالرحیم رند کے وکیل شمس رند ایڈوکیٹ کے مطابق انگوٹھوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر محمد نعیم خان کاکڑ پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے این اے دو سٹرسٹھ پر ہونے والے انتخابات کو کالعدم قراردیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیدیا ہے۔

  • پی پی97گوجرانوالہ, 33 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم

    پی پی97گوجرانوالہ, 33 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم

    لاہور : الیکشن ٹربیونل نے پی پی ستانوے گوجرنوالہ کے تینتیس پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی ثابت ہونے پر نتائج کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا حکم دیدیا ہے۔
    لاہور میں الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم ملک نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار مسلم لیگ ق کے ناصر چیمہ کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ اس حلقہ میں مسلم لیگ ن کے اشرف واڑئچ دھاندلی سے کامیاب ہوئے جس کے واضح ثبوت موجود ہیں لہذا ٹربیونل کارروائی کرکے انتحابی نتائج کالعدم قرار دے۔

    مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نے دھاندلی کے الزامات مسترد کرکے درخواست خارج کرنے کی استدعا کہ فاضل جج نے تمام دلائل سننے کے بعد کمیشن تشکیل دیا، جس نے پی پی ستانوے گوجرنوالہ کے تمام ریکارڈ کا معائنہ کرکے رپورٹ پیش کی، جس میں تینتیس پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی ثابت ہوئی ہے۔

    ٹربیونل نے انکوائری رپورٹ کے بعد پی پی ستانوے کے تینتیس پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کالعدم قراردیکر یہاں ساٹھ روز میں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دیدیا۔ پی پی سینتیس سے مسلم لیگ ن کے اشرف وڑائچ چھبیس ہزار چھ سو بیس ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔