Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں کا حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا

    الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں کا حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا

    الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں میں ریٹرننگ افسران کو نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں کے ریٹرننگ افسران کو نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ ان حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔

    الیکشن کمیشن نے این اے 46 اسلام کے آر او کو نتیجے کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ اس حلقے سے آزاد امیدوار راؤ مسعود نے فارم 47 کو چیلنج کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے مزید دو حلقوں این اے 47 اور 48 کے نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے بھی روک دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد کی مذکورہ تینوں نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج  کے مطابق این اے 46 اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے انجم عقیل خان کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عامر مسعود دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ این اے 47 اسلام آباد سے بھی ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین دوسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم شہزاد نواز نے کامیابی حاصل کی تھی اور یہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری دوسرے نمبر پر رہے تھے اور راجا خرم شہزاد نے کامیابی کے بعد ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

  • انتخابات میں فراڈ کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئں: مائیکل مک کال

    انتخابات میں فراڈ کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئں: مائیکل مک کال

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین مائیکل مک کال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں فراڈ کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیئں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین مائیکل مک کال نے پاکستان میں انتخابات سے متعلق بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی جمہوریت کے لیے آزاد اور شفاف انتخابات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، ہم پاکستان میں انتخابات میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کو سراہتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں کرپشن اور فراڈ کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کو جواب دہ ہونا چاہیے، امریکا پاکستانی عوام کے جمہوری طور پر منتخب حکومت کے حق کی حمایت کرتا ہے۔

  • این اے 71 سے کامیابی کے بعد خواجہ آصف کا بیان

    این اے 71 سے کامیابی کے بعد خواجہ آصف کا بیان

    سیالکوٹ: مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف کا این اے 71 سیالکوٹ میں اپنی کامیابی کے بعد بیان سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے، انہوں نے کہا کہ این اے 71 کی عظیم عوام کا شکریہ۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ این اے 71 کے عوام نے خلوص محبت، قوی اعتماد، پر جوش حمایت سے نوازا، اعزاز کی بات ہے سیالکوٹ کے عوام نے مجھے متواتر 7 ویں مرتبہ اپنی نمائندگی کیلئے منتخب کيا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مجھے اپنے حلقے کے مسائل کا شدید احساس ہے، شہر کے تمام طبقات کے تعاون کی ضرورت ہوگی، میری ترجیحات میں نوجوان نسل اور خواتین کیلئے اعلیٰ تعلیم، روزگار کے مواقع ہیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ ایکسپورٹرز، تاجر حضرات ہمارے شہر کا اثاثہ ہیں، انکی خدمت پوری کمٹمنٹ سے ہوگی، مجھے آپکی دعاؤں کی ہمیشہ ضرورت رہے گی، اللہ ہمارا حامی ناصر ہو۔

    واضح رہے کہ سیالکوٹ کے حلقہ این اے 71 سے خواجہ آصف کامیاب قرار پائے، آزاد امیدوار ریحانہ امتیاز ڈار دوسرے نمبر رہیں، دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    لیکن این اے 71 سے آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی کامیابی کو  عدالت میں چیلنج کردیا۔

  • لاڑکانہ میں ووٹ دینے کے تنازع پر فائرنگ، اے ایس آئی سمیت 3 افراد قتل

    لاڑکانہ میں ووٹ دینے کے تنازع پر فائرنگ، اے ایس آئی سمیت 3 افراد قتل

    لاڑکانہ: نوڈیرو چوک کے قریب  سیاسی مخالفین میں جھگڑے کے دوران اے ایس آئی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے ماہوٹا تھانہ کی حدود دو گروپوں میں تصادم ہوا جس میں اے ایس آئی شہید، دو افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں میں فائرنگ کی اطلاع پر پولیس ٹیم موقع پرپہنچ تھی، جھگڑے میں گولیاں اور لاٹھیاں لگنے سے ڈی ایس پی اور راہ گیر سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے اے ایس آئی آئی سلطان شاہ ڈیوٹی پر موجود تھے جن پر بھی تشدد کیا گیا جبکہ دیگر جاں بحق افراد میں نوجوان عمران ڈاھانی اور حسن چانڈیو شامل ہیں۔

     پولیس کا کہنا ہے کہ ڈہانی اور چانڈیو برادری میں ووٹ دینے کے تنازع پر فائرنگ ہوئی۔

  • الیکشن 2024 پاکستان: خیبر پختونخوا اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان

    الیکشن 2024 پاکستان: خیبر پختونخوا اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان

    ملک میں 8 فروری کو عام انتخابات کا پُرامن انعقاد کیا گیا، عام انتخابات میں مجموعی طور پر قومی اسمبلی کی 265 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 591 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 میں سے 112 نشستوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق آزاد امیدوار نے میدان مار لیا۔

    نتائج کے مطابق خیبر پخونخوا اسمبلی میں سب سے زیادہ 90 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، جے یو آئی ایف 7، مسلم لیگ ن 5 اور پیپلزپارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق کے پی میں جماعت اسلامی کو 3 تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کو 2، عوامی نیشنل پارٹی کو 1 نشست ملی ہے۔

    پی کے 90 پر نتیجہ روک دیا گیا ہے وہاں کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی، جبکہ 2 نشستوں پر انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 95 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 78 اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔

    اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، دیگر آزاد امیدوار 3، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور مجلس وحدت المسلمین ایک نشست حاصل کرچکی ہے۔

  • پی ٹی آئی سے ممکنہ اتحاد پر ایم کیو ایم نے کیا کہا؟

    پی ٹی آئی سے ممکنہ اتحاد پر ایم کیو ایم نے کیا کہا؟

    انتخابی نتائج کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں کی جانب سے اتحاد اور جوڑ توڑ کی کوششیں جاری ہیں ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی سے ممکنہ اتحاد سے متعلق سوال کا جواب دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کے مطابق کسی سیاسی جماعت کو تنہا حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت نہیں ملی ہے۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کا گروپ 101 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے۔ ن لیگ دوسرے اور پی پی تیسرے نمبر پر ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سازی کے لیے ن لیگ نے کوششیں شروع کر دی ہیں جس نے پی پی سمیت ایم کیو ایم، جے یو آئی ف اور آزاد امیدواروں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کا وفد اسی سلسلے میں آج نواز شریف سے بھی ملاقات کر رہا ہے دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے بھی رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر خان نے ایم کیو ایم سے ممکنہ اتحاد کی جانب اشارہ دیا تھا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کے دوران پاکستان تحریک انصاف سے کسی ممکنہ اتحاد سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا ساتھ چلنے خواب ہو سکتا ہے۔

    خالد مقبول نے کہا کہ ہمارا آئین میں تین ترامیم کا مطالبہ ہے اور یہی معاہدہ ہے۔ اگر ہمارے ووٹ سے حکومت بنتی ہے تو ہمارے مطالبے کو سپورٹ کرنا چاہیے تاہم ضروری نہیں کہ ہم کابینہ میں بھی بیٹھیں۔

    ایم کیو ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا فون آیا تھا اور انہوں نے لاہور آنے کی دعوت دی تاہم میرا خیال ہے کہ انہیں بہادر آباد آنا چاہیے تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام

    پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام

    پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ہمارے کسی امیدوار کا ذاتی ووٹ بینک نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور کے پی سے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب امیدوار علی محمد خان نے کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی ایم این اے اور ایم پی اے کا ذاتی ووٹ بینک نہیں بلکہ اللہ کے حکم اور کارکنوں کی محنت سے کامیابی ملی ہے۔

    علی محمد خان نے کہا کہ کسی کو بال ٹھیک کرنے اور سر زیادہ ہلانے کی ضرورت نہیں۔ کارکن کسی ایم این اے یا ایم پی اے کو کمیشن نہ لینے دیں، کوئی ایم پی اے کرپشن یا ظلم کرے تو اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اصل طاقت کارکن ہیں۔ تحریک انصاف کی سیاست کا نیا دور شروع ہو گیا ہے۔

  • حکومت سازی کا معاملہ، نواز شریف اور ایم کیو ایم پاکستان وفد کی ملاقات آج ہوگی

    حکومت سازی کا معاملہ، نواز شریف اور ایم کیو ایم پاکستان وفد کی ملاقات آج ہوگی

    عام انتخابات کے نتائج کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی جماعتوں نے جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے نواز شریف اور ایم کیو ایم پاکستان کا وفد آج ملاقات کرے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے اب تک موصولہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں سب پر سبقت لیے ہوئے ہیں۔ ن لیگ کی دوسری اور پی پی کی تیسری پوزیشن ہے تاہم کوئی بھی جماعت تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے جس کے بعد سیاسی جماعتوں نے حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ شروع کر دیا ہے۔

    اسی سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد گزشتہ روز ن لیگ قیادت سے ملاقات کے لیے لاہور پہنچا تھا اور ہفتے کی شب ان کی ملاقات ہونا تھی جو کچھ وجوہات کی بنا پر نہ ہو سکی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آج مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات طے ہے جو دوپہر 12 بجے رائے ونڈ میں ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سابق وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز سمتی ن لیگ کے دیگر رہنما بھی شریک ہوں گے جب کہ ایم کیو ایم وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل ہوں گے۔

    مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں 24 گھنٹوں میں تیسری بار رابطہ

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم اور ن لیگ ورکنگ ریلیشن سمیت دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے جس میں حکومت سازی، انتخابات کے بعد کی صورتحال اور نمبر گیم سمیت وفاقی حکومت میں شمولیت پر بات چیت ہوگی۔

  • الیکشن 2024 پاکستان: پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان

    الیکشن 2024 پاکستان: پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان

    اسلام آباد: ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سمیت 138 آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد نون لیگ کی نشستوں کی تعداد بھی 138 ہوگئی جبکہ پیپلز پارٹی نے 10 اور ق لیگ نے 8 نشستیں لی ہیں۔

    نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی، پی ایم ایل ضیا اور ٹی ایل پی کو ایک ایک نشست ملی جبکہ ایک سیٹ پر الیکشن ملتوی کیا گیا۔

    قومی اسمبلی کی 265 نشستوں میں سے 257 کے نتائج جاری، پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کی سبقت

    واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 95 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 78 اور  پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔

    اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، دیگر آزاد امیدوار 3، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور مجلس وحدت المسلمین ایک نشست حاصل کرچکی ہے۔

  • کامیاب آزاد امیدواروں کی ن لیگ میں شمولیت کا سلسلہ جاری

    کامیاب آزاد امیدواروں کی ن لیگ میں شمولیت کا سلسلہ جاری

    الیکشن میں کامیاب آزاد امیدواروں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے این اے 189 سے سردار شمشیر خان مزاری بھی ن لیگ کو پیارے ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کے الیکشن میں قومی اسمبلی، پنجاب اور کے پی اسمبلیوں میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے بھاری تعداد میں کامیابی حاصل کی ہے تاہم نتائج آنے کے بعد کامیاب کئی آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 189 سے آزاد رکن سردار شمشیر خان مزاری بھی ن لیگ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ریاست کے ساتھ ہوں اسی لیے ن لیگ میں شامل ہوا ہوں۔

    بہاول نگر سے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 240 سے کامیاب آزاد امیدوار محمد سہیل خان اور پی پی 48 پسرور سے کامیاب آزاد امیدوار خرم ورک بھی ن لیگ کی کشتی میں سوار ہو گئے ہیں۔ خرم ورک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ حلقے کے عوام کی مشاورت کے بعد کیا ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 54، این سے 48 اور این اے 253 سے کامیاب آزاد امیدواروں بیرسٹر عقیل ملک، راجا خرم نواز اور میاں خان بگٹی نے ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔