Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • الیکشن کمیشن نے گجرات کے 2 حلقوں کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا وقت بڑھا دیا

    الیکشن کمیشن نے گجرات کے 2 حلقوں کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا وقت بڑھا دیا

    گجرات: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2 حلقوں کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا وقت بڑھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گجرات کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 62، اور پی پی 28 گجرات کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر 2 گھنٹے کا وقت بڑھایا دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز 250،304 اور 338 پر وقت بڑھایا گیا ہے، ان حلقوں میں ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں کے کئی علاقوں میں آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ بروقت شروع نہ ہو سکی تھی، کراچی کے کئی علاقوں میں 6 گھنٹوں بعد تک بھی پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا تھا، جس پر الیکشن کمیشن سے امید کی جا رہی ہے کہ باقی حلقوں میں پولنگ کا وقت بڑھایا جائے گا۔

    این اے 236 میں بیلٹ باکس بھر گئے

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دن کے ڈھائی بجے تک کراچی کے علاقے مومن آباد کے سپریئر اسکول میں 6 گھنٹے بعد بھی پولنگ شروع نہ ہو سکی تھی، شاہین گرامر اسکول اورنگی ٹاؤن، یو اے فاؤنڈیشن اسکول مومن آباد، کیمبرج گرامر اسکول اورنگی ٹاؤن، جی بی ایس نورانی پبلک اسکول، این اے 236، راشد منہاس پر ہاؤسنگ سوسائٹی میں پولنگ کا آغاز نہ ہو سکا تھا۔

  • علیم خان نے نواز شریف کا شکریہ ادا کر دیا

    علیم خان نے نواز شریف کا شکریہ ادا کر دیا

    استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما علیم خان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے مرکزی رہنما علیم خان نے قومی اسمبلی کے لیے آئی پی پی امیدوار عون چوہدری کو این اے 128 لاہور سے ووٹ دینے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    علیم خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان پر رحم کرے اور دشمنوں کو نیست و نابود کرے، عام انتخابات کے انعقاد سے پاکستان آج نئی سمت طے کرے گا۔

    استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ معاشی و سیاسی مضبوطی کے لیے پاکستان کو مستحکم حکومت کی ضرورت ہے اور 8 فروری کے بعد ملک میں ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔

    نوٹ: الیکشن کی تمام رپورٹس، خبروں اور تجزیوں کیلیے لنک پر کلک کریں

    واضح رہے کہ آئی پی پی سے انتخابی اتحاد کے باعث ن لیگ نے این اے 128 ماڈل ٹاؤن سے اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا اور نواز شریف، شہباز شریف نے معاہدے کے مطابق آئی پی پی امیدوار عون چوہدری کو ووٹ دیا۔

    الیکشن 2024: شریف برادران ’’شیر‘‘ پر مہر نہیں لگائیں گے!

    نواز شریف جب آج ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے تو ان کے ہمراہ مریم نواز کے علاوہ آئی پی پی امیدوار عون چوہدری بھی موجود تھے جو مہر کیسے اور کہاں لگانی ہے، اس سے متعلق سابق وزیراعظم کو گائیڈ کرتے رہے اور نواز شریف نے عون چوہدرے کے کہنے کے مطابق ہی بیلٹ پیپر پر مہر لگائی۔

  • حیدرآباد میں پولنگ اسٹیشنز میدان جنگ بن گئے، 5 افراد زخمی

    حیدرآباد میں پولنگ اسٹیشنز میدان جنگ بن گئے، 5 افراد زخمی

    حیدرآباد میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 219 اور این اے 220 میں دوران ووٹنگ سیاسی کارکنوں میں جھگڑوں کے باعث پولنگ اسٹیشنز میدان جنگ بن گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حیدرآباد میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 219 اور این اے 220 میں دوران ووٹنگ پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کارکنوں میں جھگڑوں کے باعث پولنگ اسٹیشنز میدان جنگ بن گئے، 5 افراد زخمی ہو گئے۔

    این اے 220 کے سینٹ بونا وینچر اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر پی پی اور ایم کیو ایم کارکنوں میں جھگڑا ہوا جو تصادم کی صورت اختیار کر گیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جب کہ فائرنگ بھی کی گئی۔

    بتایا جاتا ہے کہ دونو جماعتوں کے حامیوں میں گارڈ کے اندر داخل اور روکنے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی۔ فوج، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا۔

    این اے 220 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 132 میں ایم کیوایم اور پی پی کے کارکنوں کے جھگڑے میں ڈنڈوں اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جس کے باعث کچھ دیر کے لیے پولنگ روک دی گئی بعد ازاں پولیس اور رینجرز کے صورتحال پر قابو پانے کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا۔

    حیدرآباد سے ہی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 219 میں پولنگ کے دوران نامعلوم افراد خواتین کے ایک پولنگ اسٹیشن میں داخل ہو کر بیلٹ پیپرز کے بنڈلز چھین کر فرار ہو گئے، عملے کی شکایت پر پولیس وہاں پہنچ گئی۔

    این اے 219 میں ہی دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    حیدرآباد سے متصل ضلع مٹیاری میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 216 کے شاہ محمد ڈاہری پولنگ اسٹیشن پر ن لیگ اور پی پی کارکنوں میں تصادم ہوا جس کے بعد کچھ دیر کے لیے پولنگ روک دی گئی جب کہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا۔

    دوسری الیکشن کمشنر سندھ نے حیدرآباد این اے 219 میں دو سیاسی جماعتوں میں جھگڑے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ایس ایس پی حیدرآباد سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہی لی۔

    اس موقع پر ڈی آر او نے الیکشن کمشنر کو بتایا کہ معاملہ حل کرا دیا گیا ہے جس کے بعد پولنگ پر امن ماحول میں جاری ہے۔

    نوٹ: الیکشن کی تمام رپورٹس، خبروں اور تجزیوں کیلیے لنک پر کلک کریں

    ترجمان کے مطابق الیکشن کمشنر سندھ نے متعلقہ افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

  • موبائل فون بندش کے سوال پر نگراں وزیراعظم نے کیا کہا؟

    موبائل فون بندش کے سوال پر نگراں وزیراعظم نے کیا کہا؟

     وفاقی دارالحکومت میں ایک پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش پر سوال کیا گیا ہے۔

    ملک میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی ہے، جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں شکایات درج کرائی گئی ہیں۔

    موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا دیکھیں مجھے نہیں پتا لوگوں کو کیا مشکلات ہیں، لیکن آپ جانتے ہیں ملک میں دہشت گردی کی لہر ہے۔

    نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات میں پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے، ووٹرز ٹرن آؤٹ سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن مجھے لگتا ہے ٹرن آؤٹ اچھا ہوگا۔

    واضح رہے کہ مختلف علاقوں سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے، کئی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں تاحال پولنگ سامان بھی نہیں پہنچا ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی وجہ سے اس طرح کی صورت حال سے آگاہی بھی ممکن نہیں ہو پا رہی ہے۔

  • این اے 236 میں بیلٹ باکس بھر گئے

    این اے 236 میں بیلٹ باکس بھر گئے

    کراچی: شہر قائد کے قومی اسمبلی کے انتخابی حلقے این اے 236 میں ووٹوں سے بیلٹ باکس بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے دو سو چھتیس میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد ووٹ ڈالنے نکل آئی، جس کی وجہ سے گلستان جوہر کے ایک پولنگ اسٹیشن میں بیلٹس باکسز بھر گئے تو دوسرے بلیٹ باکس لائے گئے۔

    این دو سو چھتیس میں ہی ووٹنگ کے عمل کے دوران کچھ مسائل کا بھی سامنا رہا، ایف بی آر آفس کے اندر بیسمنٹ میں بنایا گیا پولنگ اسٹیشن ووٹرز کے لیے وبال بن گیا ہے، جہاں ہوا اور روشنی کا کوئی انتظام ہے نہ ہی اندر آنے کا راستہ ٹھیک ہے، جس کی وجہ سے ووٹرز کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔

    اس حلقے کے ووٹرز نے ووٹنگ کے عمل میں تاخیر پر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ گلستان جوہر میں کراچی یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات میں قائم پولنگ اسٹیشن میں شہریوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں، جہاں پولنگ 8 کی بجائے 11 بجے شروع ہوئی، ووٹرز الیکشن کمیشن کے انتظامات پہ برہم دکھائی دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حلقے میں ووٹرز کی بڑی تعداد کی وجہ سے بیلٹ باکسز ووٹوں سے بھر گئے تو الیکشن کمیشن کے عملے نے سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں انھیں سِیل کیا اور نئے باکسز رکھوائے گئے۔

  • ملک بھر میں جاری پولنگ کے حوالے سے عوام کا اظہار خیال

    ملک بھر میں جاری پولنگ کے حوالے سے عوام کا اظہار خیال

    پاکستان کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، ملک بھر میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی عوام نے ملک بھر میں جاری انتخابی عمل کے حوالے سے کہا کہ ووٹنگ کا عمل اطمینان اور پُرامن طریقے سے جاری ہے، ہم اپنی خوشی سے ووٹ دینے آئے ہیں۔

    عوام کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے عمل میں کسی قسم کی زبردستی نہیں، ہم اپنی مرضی کے امیدوار کو ووٹ ڈال رہے ہیں، ووٹنگ بہت اچھے طریقے سے جاری ہے، کوئی مسئلہ کوئی پریشانی نہیں ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ پولیس، ایف سی ،سول انتظامیہ کے لوگ موجود ہیں، ہم سب کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز، پاک فوج اور پولیس کے مشکور ہیں کہ بہترین سیکیورٹی فراہم کی۔

    عوام کا کہنا ہے کہ بہت اچھے طریقے سے پولیس اور آرمی کی نگرانی میں پولنگ ہو رہی ہے، لوگ بھی جوق در جوق ووٹ کاسٹ کرنے آ رہے ہیں۔

    پاکستانی عوام کا مزید کہنا ہے کہ خوشی کا دن ہے کہ 5 سال بعد پاکستان میں پرامن انداز میں ووٹ کاسٹ ہو رہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں انشااللہ ہمارے مستقبل کے لئے خوش آئند ثابت ہوگا۔

  • پی ٹی اے کا کہنا ہے حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان

    پی ٹی اے کا کہنا ہے حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے: ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان

    اسلام آباد: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے حکومت سے انٹرنیٹ اور موبائل سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ایچ آر سی پی نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔

    ایچ آر سی پی کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ انھیں حکومت سے موبائل بندش کے احکامات نہیں ملے ہیں، کمیشن کا کہنا ہے کہ موبائل سروس کی بندش سے الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے، اور نتائج کی ترسیل میں بھی خلل پیدا ہو سکتا ہے۔

    ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے‘‘ سربراہ کامن ویلتھ آبزرور

    پیپلز پارٹی نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندش کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے دی

    انسانی حقوق کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ موبائل سروس کی بندش کے احکامات دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو

  • شکر گڑھ سے آزاد امیدوار دانیال عزیز گرفتار

    شکر گڑھ سے آزاد امیدوار دانیال عزیز گرفتار

    نارووال: این اے 75 شکر گڑھ سے آزاد امیدوار دانیال عزیز  کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد امیدوار دانیال عزیز کی اہلیہ مہناز اکبر نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ دانیال عزیز کو تشدد کے بعد گرفتار کیا گیا۔

    ان کی اہلیہ مہناز اکبر کا کہنا ہے دانیال کو موڑ سلہریاں پر ناکے سے گرفتار کیا گیا، دانیال عزیز پر بدترین تشدد بھی ہوا ہے۔

    اہلیہ مہناز اکبر عزیز نے مزید کہا کہ دانیال عزیز کو زبردستی گاڑی میں ڈالا گیا۔

  • انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کیلیے الیکشن سٹی قائم

    انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کیلیے الیکشن سٹی قائم

    الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 855 حلقوں کے انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کیلیے الیکشن سٹی قائم کر دیا ہے۔

    آج ملک بھر میں عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد نتائج کی تیاری شروع ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 855 حلقوں کے انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کیلیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے مزین الیکشن سٹی قائم کر دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے الیکشن سٹی میں کسی بھی ممکنہ خرابی کی صورت میں نتائج کی بروقت فراہمی کے لیے متبادل ویب سائٹ بھی تیار کی ہے۔

    نوٹ: الیکشن کی تمام رپورٹس، خبروں اور تجزیوں کیلیے لنک پر کلک کریں

     گزشتہ روز ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیز اور پولیٹکل فنانس ونگ کے سربراہ مسعود شیروانی نے الیکشن کمیشن کا دورہ کرنیوالے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ ہمارا نظام خودکار نظام ہے یہ انٹرینٹ پر انحصارنہیں کرتا، پہلی بار الیکشن کمیشن میں میڈیا وال بنائی گئی ہے اور الیکشن سٹی میں براہ راست رزلٹ موصول ہوں گے۔

  • ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے‘‘ سربراہ کامن ویلتھ آبزرور

    ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے‘‘ سربراہ کامن ویلتھ آبزرور

    اسلام آباد: کامن ویلتھ آبزرور گروپ نے پاکستان بھر میں ووٹنگ کے دوران انٹرنیٹ کی بندش پر دل چسپ تبصرہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی ہے، جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں شکایات درج کرائی گئی ہیں۔

    تاہم کامن ویلتھ آبزرور گروپ کے سربراہ نے انٹرنیٹ بندش کے سوال پر جواب میں کہا ’’انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔‘‘

    گاؤں ادینہ میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی

    ڈی آئی خان میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، 5 اہلکار شہید

    کامن ویلتھ آبزرورز گروپ نے اسلام آباد کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتخابی عمل کا جائزہ لیا، گروپ نے پولنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات میں پولنگ کا عمل شفاف ہے۔ کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے پولنگ عمل سے ہم مطمئن ہیں، انٹرنیٹ دریافت ہونے سے قبل بھی ہم الیکشن کرا رہے تھے، انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔

    الیکشن 2024 پاکستان: پولنگ کی مکمل کوریج اور معلومات – لائیو

    پیپلز پارٹی نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندش کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے دی

    مبصر کامن ویلتھ گروپ ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن نے کہا ’’پاکستان دولت مشترکہ کا بڑا ملک ہے، ہم انتخابات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان پائیدار جمہوریت کی جانب گامزن ہے، ابھی کوئی حتمی رائے قائم نہیں کر سکتا، پاکستان میں انتخابات سے متعلق رپورٹ اتوار کو جاری کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے سیکیورٹی اقدامات اور وزیر داخلہ نے انتخابات سے متعلق کردار سے انھیں آگاہی فراہم کی۔

    واضح رہے کہ مختلف علاقوں سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے، کئی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں تاحال پولنگ سامان بھی نہیں پہنچا ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی وجہ سے اس طرح کی صورت حال سے آگاہی بھی ممکن نہیں ہو پا رہی ہے۔