Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • محمود اچکزئی کے بارے میں بانی پی ٹی آئی نے بہت غلط گفتگو کی تھی، عطا تارڑ

    محمود اچکزئی کے بارے میں بانی پی ٹی آئی نے بہت غلط گفتگو کی تھی، عطا تارڑ

    اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ (ن) عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ محموداچکزئی کے بارے میں بانی پی ٹی آئی نے بہت غلط گفتگو کی تھی۔

    اپنے ایک بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ محمود اچکزئی کو صدارتی امید وار کیلیے پی ٹی آئی کی طرف سے نامزد کیا گیا، صدارتی امیدوار بننا ان کی پرانی خواہش تھی۔

    عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ وہی محمود اچکزئی ہیں جن کی نقل بانی پی ٹی آئی دھرنے میں اتارا کرتے تھے، بانی پی ٹی آئی نے ان کے بہت غلط گفتگو کی تھی۔

    متعلقہ: ایوان صدر سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے، عطا تارڑ

    انہوں نے کہا کہ کل محمود اچکزئی نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی خوشنودی حاصل کرنے کیلیے تقریر کی تھی، تقریر کے بعد مبارکباد دی جا رہی تھی جو بڑا افسوسناک ہے، ان کی اپنی پارٹی ٹوٹی یہ بلوچستان میں سیٹیں ہار گئے، انہوں نے وہاں سیاسی حشر نشر کیا الزامات دوسروں پر لگائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حقیقت کو ماننا چاہیے اور سیاسی کمزوری کو تسلیم کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے جس کو گالی دی اس کے ساتھ بغل گیر ضرور ہوئے۔

    (ن) لیگی رہنما نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیٹیں جیتیں بڑا اچھا ہوا پنجاب میں ہارے تو دھاندلی ہوئی، دہرا معیار نہیں چل سکتا آپ کو الیکشن کو تسلیم کرنا چاہیے۔

    سنی اتحاد کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔ لطیف کھوسہ، عامر ڈوگر اور عمر ایوب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کرائیں، پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان تجویز کنندہ ہیں۔

    محمود خان اچکزئی کی طرف سے دو کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے صدر کے انتخاب کیلیے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔

    اس دوران چیف جسٹس عامر فاروق اور لطیف کھوسہ میں دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ لطیف کھوسہ نے کہا ہم تو سمجھ رہے تھے آپ چیمبر میں بلا کر چائے وغیرہ پلائیں گے۔

    اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چائے تو اس کے بعد بھی آپ کو پلا دیں گے، عمر ایوب اور علی محمد خان بھی اس عدالت میں پہلی بار آئے ہیں۔

  • شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی میں جوتا لہرا دیا

    شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی میں جوتا لہرا دیا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے جوتا لہرا دیا۔

    نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب سے قبل سنی اتحاد کونسل کے نو منتخب اراکین کی جانب سے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس دوران شیر افضل مروت نے جوتا لہرایا۔

    اس پر راجہ پرویز اشرف نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی غلط بات ہے کہ معزز ایوان میں اپنے جوتے لہرا رہے ہیں، اسد قیصر اور عمر ایوب صاحب کہاں ہیں؟ آپ تمام ممبران سے درخواست ہے نشستوں پر تشریف رکھیں۔

    اسپیکر کے منع کرنے کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے احتجاج کیا اور مخالفین کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ مخالفین کے اراکین نے بھی ان کے خلاف نعرے لگائے۔

    نئے اسپیکر کے انتخاب بعد شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ایوان میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل ہوا، ایاز صادق نے اسپیکر کا منصب سنبھالا، ہمارا مؤقف تھا اسمبلی میں اجنبی لوگ بیٹھے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری مخصوص نشستوں کے ساتھ 225 نشستیں بنتی ہیں، چیلنج کریں گے اسپیکر نے ہمارے احتجاج کے باوجود رولنگ نہیں دی، اسپیکر کو چاہیے تھا کہ تاخیر کرتے لیکن انہیں جلدی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کا واحد مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے، کل ہم لیاقت باغ سے پارلیمنٹ تک احتجاج کریں گے، 11 بجے لیاقت باغ میں جمع ہوں گے 4 بجے تک پارلیمنٹ پہنچیں گے۔

  • نئے گورنر سندھ سے متعلق صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو نے کیا جواب دیا؟

    نئے گورنر سندھ سے متعلق صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو نے کیا جواب دیا؟

    اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے گورنر سندھ سے متعلق صحافی کے سوال پر جواب دے دیا۔

    صحافی نے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو کامران ٹیسوری کے دوبارہ گورنر بننے پر اعتراض ہے۔ اس پر بلاول بھٹو زرداری نے جواب دیا کہ ہماری کسی شخص سے متعلق کوئی ایسی بات نہیں ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مختلف عہدوں پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں بات چیت ہوئی ہے، (ن) لیگ سے جن عہدوں پر بات نہیں ہوئی وہاں امید ہے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو موقع ملے گا۔

    اس سے قبل وفاق میں حکومت سازی کیلیے (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ (ن) لیگ گورنر سندھ کیلیے اپنا امیدوار لانا چاہتی ہے جبکہ پیپلز پاٹی بھی سندھ میں گورنر شپ کیلیے اتحادی جماعت سے متفق ہے، تاہم ایم کیو ایم نے حکومت سازی میں تعاون کیلیے جو شرائط دی ہیں ان میں ایک گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہونا ہے اور وہ موجودہ گورنر کامران ٹیسوری کو ہی اس عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے گورنر سندھ کیلیے خوش بخت شجاعت کا نام دیا گیا ہے اور دونوں اتحادی جماعتوں کا ایم کیو ایم سے ان ہی کو گورنر سندھ بنانے پر اصرار کیا جا رہا ہے۔

  • فضل الرحمان نے نواز شریف سے ملاقات میں شکایات کے ڈھیر لگا دیے

    فضل الرحمان نے نواز شریف سے ملاقات میں شکایات کے ڈھیر لگا دیے

    اسلام آباد: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ملاقات کے دوران ان کے سامنے شکایات کے ڈھیر لگا دیے۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی مولانا فضل الرحمان کو وزیر اعظم کیلیے ووٹ دینے کی درخواست کی۔ سابق وزیر اعظم نے سربراہ جے یو ؤئی (ف) کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    (ن) لیگ کی جانب سے ملاقات میں اسحاق ڈار، احسن اقبال، راناثنااللہ اور سعد رفیق جبکہ جے یو آئی (ف) کی طرف سے عبدالغفور حیدری، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی  اور نور عالم  خان موجود رہے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں (ن) لیگ نے فضل الرحمان کو حکومت میں شمولیت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ سربراہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے نواز شریف کے ساتھ گلے شکوے کیے گئے۔ سابق وزیر اعظم نے ان کو حکومت سازی میں مدد کی درخواست کی تو انہوں نے ان کے سامنے شکایات کے ڈھیر لگا دیے۔

    (ن) لیگی وفد نے صدر اور وزیر اعظم کے عہدوں پر حمایت اور ووٹ کی درخواست کی ہے۔

  • عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والوں کو ایوان سے نکالا جائے، عمر ایوب

    عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والوں کو ایوان سے نکالا جائے، عمر ایوب

    اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کی جناب سے وزیر اعظم کیلیے نامزد امیدوار عمر ایوب کا کہنا ہے کہ یہ ایوان نامکمل ہے اور اسپیکر کا الیکشن بھی نامکمل ہے۔

    قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں عمر ایوب نے کہا کہ یہاں بے ضابطیاں ہوں گی تو گلا خراب ہی ہوگا لیکن گلا کٹ بھی جائے تب بھی ہم آواز اٹھائیں گے۔

    عمر ایوب نے کہا کہ ہماری خواتین کی سیٹیں مکمل نہیں ہیں عالیہ حمزہ ایوان میں نہیں ہیں، آرٹیکل 51 دیکھ لیں آپ کا اسپیکر کا الیکشن نامکمل ہے، گھس بیٹھیے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلیے ووٹ نہیں ڈال سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کو اسمبلی میں واپس لانا ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والوں کو ایوان سے نکالا جائے، یہ ہاؤس آر او کی مرضی سے نہیں چل سکتا۔

    اجلاس میں رانا تنویر اور عمر ایوب میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ عمر ایوب نے سخت لہجے میں رانا تنویر کو اپنی نشست پر بیٹھنے کا اشارہ کیا۔

    عمر ایوب نے کہا کہ یہ شخص کل بھی آیا تھا اس نے بیہودہ نعرے لگائے تھے، ہمیں معلوم ہے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا بڑا اچھا ریلیشن ہے، چیک کروائیں یہ شخص کس کی اسپانسر شپ پر یہاں آیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں پر جوش خص بیٹھا تھا اس نے کل بھی بیہودہ گالیاں نکالیں، اسپیکر صاحب آپ نے ایف آئی آر کروانی ہے ہم اس شخص کے خلاف تحریک لائیں گے۔

  • وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری

    وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: نو منتخب اراکین قومی اسمبلی کی حلف برداری کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔

    قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق وزیر اعظم کا انتخاب 3 مارچ بروز اتوار کو ہوگا، امیدوار کاغذات نامزدگی 2 مارچ دوپہر 2 بجے تک جمع کروا سکیں گے۔

    شیڈول کے مطابق نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کو جمع کروائے جائیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے ہوگی، امیدوار کاغذات نامزدگی شعبہ قانون سازی سے حاصل کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم کے انتخاب سے قبل کل اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کیا جائے گا۔

    اسپیکر کیلیے ایاز صادق اور ملک عامر ڈوگر نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جو منظور کر لیے گئے۔ ڈپٹی اسپیکر کیلیے غلام مصطفی شاہ اور جنید اکبر نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جو منظور کر لیے گئے۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج 282 ممبران اسمبلی نے حلف اٹھایا اور رول آف ممبر پر دستخط کیے۔

    اجلاس میں قومی ترانے کے بعد سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا تھا جبکہ (ن) لیگ کے اراکین بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر جواباً نعرے بازی کرنے لگے تھے۔

  • ملک میں فارم 47 کی حکمرانی ہے، سراج الحق

    ملک میں فارم 47 کی حکمرانی ہے، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک میں فارم 47 کی حمکرانی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی الیکشن میں لڑائی اور آنکھ مچولی قوم کو دھوکہ دینے کیلیے تھی۔

    منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران سراج الحق نے کہا کہ الیکشن اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ شروع کر رہے ہیں، الیکشن جمہوریت بچاؤ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

    سراج الحق نے کہا کہ موجودہ الیکشن سے پاکستان کی بدنامی ہوئی جبکہ امریکا نے بھی پاکستان میں الیکشن کا آڈٹ کروانے کا کہہ دیا ہے۔

    متعلقہ: غریب عوام کے ٹیکس سے الیکشن داغ دار کروائے گئے، سراج الحق

    انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ نے فیصلہ کیا ہمیں دھاندلی سے ہروایا گیا، بندر بانٹ وزارتوں اور عہدوں کیلیے کی جا رہی ہے، ہم دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے، الیکشن کمشنر سے پھر کہیں گے اگر قوم کے الیکشن کمشنر ہیں تو انہیں حق لوٹا دیں۔

    عالمی مالیاتی فنڈ سے متعلق سراج الحق نے کہا کہ کاش پی ٹی آئی کا نظریہ ہوتا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ڈکٹیشن نہیں لینا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر آئی ایم ایف کو الوداع کہنا چاہیے، روز بجلی گیس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قرضوں سے پاکستان کی معیشت مزید تباہ ہو جائے گی، آئی ایم ایف سے آئندہ نسلیں مقروض ہیں۔

    گوادر میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پر امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ گوادر میں سیلاب آیا جس کے نتیجے میں دکان و بستیاں ڈوب گئی ہیں، مرکزی حکومت کہیں ہے تو ایمرجنسی طور پر انہیں بچا کر نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

    متعلقہ: اس الیکشن میں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں، سراج الحق

    غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے بارے میں سراج الحق نے کہا کہ 118 دنوں میں غزہ پر بارود و لوہے کی بارش ہو رہی ہے جس میں بچے جل رہے ہیں قحط سے ہر پانچواں غزہ میں رہنے والا مر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا میں غیر ملکی نے احتجاج اسرائیلی ظلم پر خود کو آگ لگا دی، افسوس ہے دنیا کے 58 اسلامی ممالک امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

  • ایم کیو ایم کی اتحادی جماعتوں کو اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وزیر اعظم کے ووٹ کیلیے یقین دہانی

    ایم کیو ایم کی اتحادی جماعتوں کو اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، وزیر اعظم کے ووٹ کیلیے یقین دہانی

    اسلام آباد: سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) ایاز صادق کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیر اعظم کے ووٹ کیلیے یقین دہانی کروا دی۔

    اتحادی جماعتوں کے وفد نے اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں ایاز صادق، علیم خان، صادق سنجرانی، یوسف گیلانی، خورشید شاہ اور خالد مگسی شامل تھے۔

    ایاز صادق نے کہا کہ اتحادیوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، انہوں نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر  اور وزیر اعظم کے ووٹ کیلیے یقین دہانی کروائی، آگے بھی سب کے ساتھ مل کر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ صدر اور چیئرمین سینیٹ کے ووٹ کیلیے پھر سے ایم کیو ایم کے پاس آئیں گے، ایم کیو ایم کے بلدیاتی آئینی ترمیم سے متعلق مطالبے کو تسلیم کیا ہے اور ان کے مطالبے پر اتحادی دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بہتری کیلیے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا پلیٹ فارم استعمال کریں گے۔

    اس موقع پر کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت ایک تسلسل کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، ثمرات عوام تک بھی پہنچنے چاہییں جس کیلیے آئین کی مدد لینے کی کوشش کی۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئین کے مطابق عوام کے حقوق کیلیے جگہ اور گنجائش ہونی چاہیے، مسلم لیگ (ن) نے اتفاق کیا ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینا چاہتے۔

    انہوں نے کہا کہ جب تک عوام کی شرکت جمہوریت میں نہیں ہوگی یہ مضبوط نہیں ہوگی، ہم نے وعدہ کیا ہے کہ ووٹ کریں گے۔

  • بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو لکھا گیا خط منظرِ عام پر آگیا

    بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو لکھا گیا خط منظرِ عام پر آگیا

    اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پارٹی کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو لکھا گیا خط منظرِ عام پر آگیا۔

    خط ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کی جانب سے ایم ڈی آئی ایم ایف کے نام لکھا گیا۔ اس میں کہا گیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلیے آئی ایم ایف سے ڈیل میں حائل نہیں ہونا چاہتے، کوئی ایسی سہولت جو قرضوں کی ادائیگی کیلیے مددگار ہو حصہ نہیں بننا چاہتے، عوام کے اعتماد والی منتخب حکومت ہی اس حوالے سے گفتگو کا اختیار رکھتی ہے۔

    خط میں لکھا گیا کہ حکومت سازی، قرضوں کی ادائیگی اور قانون کی حکمرانی کیلیے ڈیل کی اہمیت سے آگاہ ہیں، خط بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر آئی ایم ایف بھیجا جا رہا ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے اور آئی ایم ایف کی سہولت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی۔

    ترجمان پی ٹی آئی نے خط میں لکھا کہ صرف منتخب حکومت کے ساتھ ہی مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، طاقتور طبقے کی جانب سے پسند اور نا پسند کی بنیاد پر حکمرانی نہیں ہونی چاہیے، سیاسی جماعتوں اور عالمی اداروں نے انتخابات کی شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا لیکن دو ہفتے گزرنے کے باوجود تمام مطالبات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے لکھا کہ آئی ایم ایف سے مطالبہ ہے کسی بھی مالی ڈیل سے قبل معاملات کو دیکھا جائے، قومی اور صوبائی اسمبلی کی کم از کم 30 فیصد سیٹوں کا آڈٹ کیا جائے، ہم آئی ایم ایف سے تفتیشی ایجنسی کے کردار کے خواہاں نہیں، فافن اور پاتن نامی اداروں کی جانب سے انتخابات کے آڈٹ کا طریقہ کار بتایا گیا ہے۔

    بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ہماری پارٹی اور بانی پی ٹی آئی معیشت میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے، پاکستان کے حالیہ الیکشن میں فارم 47 کے ذریعے دھاندلی کی گئی، ہمارے لوگوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے عوام کے سامنے ہے۔

    عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو ایک مضبوط حکومت ہی ٹھیک کر سکتی ہے، پی ٹی آئی چاہتی ہے ملک میں ترقی ہو اور جو قرضہ ملک کیلیے لیا جاتا ہے وہ درست استعمال ہو۔

    ان کے ہمراہ موجود بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خط آئی ایم ایف کو بھیج دیا گیا ہے، ہم نہیں چاہتے آئی ایم ایف کے پروگرام میں رکاوٹ بنیں۔

  • صدر ایک پارٹی کے اشارے پر آئین شکنی کر رہے ہیں، شہباز شریف

    صدر ایک پارٹی کے اشارے پر آئین شکنی کر رہے ہیں، شہباز شریف

    اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے پر کہا ہے کہ وہ ایک پارٹی کے اشارے پر آئین شکنی کر رہے ہیں، یہ ان کا دوغلاپن ہے جہاں ہارے وہاں دھاندلی اور جہاں جیتے وہ الیکشن ٹھیک۔

    (ن) لیگ کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف سی پیک کے منصوبے لے کر آئے جس کی پوری قوم گواہ ہے، انہوں نے 7 ہزار میگاواٹ بجلی قوم کو مہیا کی جس سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی، انہوں نے چاروں صوبوں کو موٹرویز کے ذریعے جوڑا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے لوگ امن لانے پر نواز شریف کو جھولیاں بھر کر دعائیں دیتے ہیں، پہلے لگتا تھا ملک میں دہشتگردی کی آگ کبھی بجھے گی نہیں لیکن نواز شریف کی قیادت دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا گیا، کراچی کے تباہ کاروبار کو بحال کرنے پر لوگ نواز شریف کے مشکور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2015 میں چینی صدر پاکستان آئے اور سی پیک معاہدے ہوئے، دن رات سی پیک منصوبوں پر کام ہوا لیکن نواز شریف کی خدمات کے بدلے میں ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، نواز شریف اور مریم نواز نے عدالتوں کا سامنا کیا اور ظلم کا مقابلہ کیا۔

    (ن) لیگی صدر نے کہا کہ نواز شریف نے جعلی مقدموں اور جبر کا صبر و تحمل سے سامنا کیا، نواز شریف نے کبھی نہیں کہا میر جعفر یا فلاں غدار ہے، دیامربھاشا ڈیم کیلیے زمین خریداری کیلیے فنڈز نواز شریف نے جاری کیے، پاکستان بھر میں نواز شریف کی عوامی ترقی اور خوشحالی کی تختیاں گننا مشکل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور بے نظیر کو شہید کیا گیا لیکن کسی نے جی ایچ کیو کا رخ نہیں کیا، جب نواز شریف بیمار ہوئے تو ان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی گئی، نواز شریف نے منفی قوتوں کا مقابلہ کیا لیکن کسی کے خلاف غلط زبان استعمال نہیں کی۔