Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • عام انتخابات سے قبل الیکشن مینجمنٹ سسٹم کی ایک اور تجرباتی مشق

    عام انتخابات سے قبل الیکشن مینجمنٹ سسٹم کی ایک اور تجرباتی مشق

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات 2024 سے قبل مینجمنٹ سسٹم کی ایک اور تجرباتی مشق کر لی۔

    الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ مشق میں تمام مطلوبہ مراحل اور اہداف کی کامیابی سے تکمیل ہوئی، مشق میں ملک بھر کے 859 انتخابی حلقوں کے آر اوز شریک ہوئے،  نظام کی تمام حوالوں سے آن لائن اور آف لائن اہلیت کو جانچا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم کو ہر لحاظ سے اطمینان بخش پایا گیا، سسٹم کا بنیادی مقصد انتخابی نتائج کی تیاری ہے، اس کا استعمال انتخابات کے دن 8 فروری کو ہوگا۔

    متعلقہ: قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی

    انہوں نے مزید کہا کہ نظام آن لائن اور آف لائن موڈ میں یکساں رفتار اور اہلیت سے کام کرتا ہے، آج کی تجرباتی مشق نے ای ایم ایس کو مکمل فعال اور مؤثر ثابت کیا، مشق میں نتائج کی ترسیل اور فارم 45 جنریٹ کرنے کا عمل بھی کئی بار دہرایا گیا۔

  • عدت میں نکاح کیس کا تفصیلی فیصلہ آگیا

    عدت میں نکاح کیس کا تفصیلی فیصلہ آگیا

    راولپنڈی: جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ نے عدت میں نکاح کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا یکم جنوری 2018 کا نکاح غیر قانونی قرار دیا گیا۔

    اڈیالہ جیل میں نکاح کیس کی سماعت جج قدرت اللہ نے کی تھی جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

    50 صفحات پر مشتمل فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ یکم جنوری 2018 کا نکاح غیر قانونی ثابت کرنے میں کامیاب رہے، خاور مانیکا نے ثابت کیا شادی کی تقریب بدیانتی پر مبنی تھی، درخواست گزار نے یہ بھی ثابت کیا کہ فراڈ کی نیت سے نکاح ہوا۔

    متعلقہ: بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا میں تلخ کلامی

    فیصلے کے مطابق تنہائی میں ملاقاتوں سے متعلق خاور مانیکا کے بیان کی تردید نہیں کی گئی، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں آپس میں رابطے کی تصدیق کی، کیس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کے تحت جرم ثابت ہوتا ہے۔

    تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ کیس میں وارنٹ آف کمٹمنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو جاری کیا جاتا ہے، سنائی گئی سزا سے گزرنے کیلیے دونوں مدعاعلیہان کو جیل میں رکھنے کا اختیار دیا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں عدت کا دورانیہ حتمی طور پر 39 دن مختص نہیں کیا گیا۔

    اس میں کہا گیا کہ حقائق کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے دوسرا نکاح فروری 2018 میں کیا، اگر پہلا نکاح عدت میں نہ ہوتا تو دوسرا نکاح کبھی نہیں کیا جاتا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سپریم کورٹ فیصلے کا فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔

    فیصلے کے مطابق یکم جنوری 2018 کو نکاح کے بعد خاور مانیکا کو عدت ختم ہونے سے پہلے رجوع سے محروم کیا گیا، خاور مانیکا کو اس عمل کے ذریعے اپنی بیوی سے محروم کر دیا گیا تھا جو بے ایمانی کا فعل تھا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے درمیان تعلقات کی شروعات سے ہی فراڈ تھا۔

    گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں جج قدرت اللہ نے نکاح کیس کی سماعت کی تھی اور ساڑھے تیرہ گھنٹے طویل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    طویل سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 342 کا بیان قلمبند کروایا تھا۔ بشریٰ بی بی نے اپنے بیان میں چودہ نومبر دو ہزار سترہ کا طلاق نامہ من گھڑت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ سابق شوہر نے اپریل دو ہزار سترہ میں زبانی طلاق دی تھی، یکم جنوری دو ہزار اٹھارہ تک عدت پوری ہو چکی تھی۔

    بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ خاور مانیکا کو پانچ سال گیارہ ماہ بعد شکایت یاد آئی، میاں بیوی کہہ رہے ہیں نیک نیتی کے ساتھ نکاح پڑھا۔

    دوران سماعت بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اڈیالہ جیل میں موجود تھیں جبکہ گواہان، میڈیا نمائندگان اور عام لوگوں نے بھی کارروائی دیکھی۔

  • سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے، نواز شریف

    سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے، نواز شریف

    گوجرانوالہ: قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے۔

    جلسے سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ یوتھ وہ ہے جو میرے سامنے بیٹھی ہوئی ہے، اصل یوتھ وہ ہے جو بڑے چھوٹے کا ادب کرتے ہیں، جب تک اس اصل یوتھ کو روزگار نہیں ملتا میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

    نواز شریف نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کہہ رہا ہے نواز شریف کے دور میں کرپشن سب سے کم تھی، صرف کرپشن نہیں بلکہ روٹی، آٹے اور چینی کی قیمت بھی سب سے کم تھی، میرے دور میں پیٹرول اور بجلی کی قیمت بھی سب سے کم تھی، لوڈشیڈنگ بھی ہم نے ختم کی اور غربت بھی ختم ہو رہی تھی، ہمارے دور میں اسٹاک ایکسچینج 54 ہزار پر چلی گئی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے کہا تھا پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو آئندہ آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہوگی، میرے دور میں سی پیک آیا اور 60 ارب کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی، یہ دھرنے کر رہے تھے اور ہم کام کر رہے تھے، سارے ترقیاتی کام شہباز شریف نے کیے نام میرا لگا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چیف جسٹس بننے والا جج استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا اس نے مجھے سزا دلوائی تھی، استعفیٰ دینے والے جج نے بطور وزیر اعظم میری چھٹی کروائی، اگر وہ دور رہتا تو دعوے سے کہتا ہوں یہاں مجمع میں کوئی بے روزگار نہیں ہوتا۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا دور رہتا تو لوگ خوشحال ہوتے ایک دوسرے سے ادھار نہ مانگتے ہوتے، نواز شریف کے دور میں چھوٹی گاڑی 5 سے 10 لاکھ روپے میں آتی تھی، میرے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا اور آج 290 کا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گھبرانا نہیں ہے نواز شریف چین سے بیٹھنے والا نہیں، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان پاؤں پر کھڑا نہیں ہو جاتا، بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے ، اسکول  اور اسپتال بنیں گے۔

  • 9 فروری کو سورج پاکستان کی ترقی کی نوید لے کر آئے گا، مریم نواز

    9 فروری کو سورج پاکستان کی ترقی کی نوید لے کر آئے گا، مریم نواز

    مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 9 فروری کو سورج گوجرانوالہ اور پاکستان کی ترقی کی نوید لے کر آئے گا۔

    گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ گوجرانوالہ والو، 8 فروری کو 20 کی 20 سیٹیں جیتنے جارہے ہو؟ گوجرانوالہ نے نواز شریف کا مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑا، جس جلسے نے بازی پلٹ کر رکھ دی تھی وہ بھی یہیں ہوا تھا۔

    مریم نواز نے کہا کہ جو وائرل بیماری پاکستان میں آگئی تھی اس کو سب سے پہلے گوجرانوالہ نے بھگایا تھا، لانگ مارچ میں یاد ہے جو گوجرانوالہ سے گزرا تو ان کو بھاگ کر گزرنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ وائرل بیماری چار سال رہی اور آپ کا بہت نقصان کرکے چلی گئی، کسی نے آپ سے وعدہ کیا تھا ایک کروڑ نوکریاں دوں گا اور انہیں دیں، نواز شریف نے وعدہ کیا کہ نوجوان بے روزگار نہیں رہے گا تو نہیں رہے گا۔

  • ایک شخص خود کو چوتھی بار وزیر اعظم مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بلاول بھٹو

    ایک شخص خود کو چوتھی بار وزیر اعظم مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بلاول بھٹو

    چھاپھرو: سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص خود کو چوتھی بار ملک پر وزیر اعظم پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کی کوشش ہے نہ صرف پاکستان پر مسلط ہوں بلکہ کٹھ پتلی حکومت کراچی میں بیٹھے لیکن سندھ دھرتی کے عوام ہمارے ساتھ ہیں وہ ان کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کے سہولت کار ستارے کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں، ستارے رات میں اچھے لگتے ہیں دن میں نہیں، اگر آپ چاہتے ہیں کہ چوتھی بار والی سازش کو ناکام بنا دیں تو تیر کو کامیاب کروائیں۔

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب 4 بار وزیر اعظم رہے سندھ میں کبھی دھیان نہیں دیا، میاں صاحب اس پوزیشن میں نہیں کہ کسی کو کہیں میرے شیر کے نشان پر الیکشن لڑیں، یہ لوگ آپ کا ووٹ لے کر رائے ونڈ کی خدمت کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ کہتا ہے تھرکول کا منصوبہ اس نے دیا، اتنی غلط بیانی؟ تھرکول کا منصوبہ میاں صاحب کا ہوتا تو آج وہ جلسہ کر رہے ہوتے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلیے تھرکوئلے کا منصوبہ  شروع کیا تھا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تھرپارکر سے کراچی تک ٹرین کا بندوبست کریں گے، کارونجھر تھرپار کر کے عوام کا اثاثہ ہے اس کا تحفظ کریں گے، کارونجھر میں اگر کسی کو کاروبار کا حق ہے تو یہاں کے عوام کو ہے، ٹرین سے نہ صرف آپ  کا مال  بلکہ کوئلہ بھی  کراچی پہنچ سکے گا۔

  • این اے 207 شہید بینظیر آباد: آصف  زرداری اور سردار شیر محمد رند بلوچ  مضبوط امیدوار

    این اے 207 شہید بینظیر آباد: آصف زرداری اور سردار شیر محمد رند بلوچ مضبوط امیدوار

    جوں جوں قوم عام انتخابات کے قریب آ رہی ہے، سیاسی جماعتیں طاقت کے مظاہروں میں مصروف ہیں، پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو اور آصف علی زرداری چلا رہے ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری این اے 207 شہید بینظیر آباد سے میدان میں اترے ہیں۔

    ماضی میں اس حلقے کو این اے 213 کے نام سے جانا جاتا تھا، سابق صدر آصف علی زرداری اس حلقے سے دو مرتبہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔

    این اے 207 شہید بینظیر آباد سے اس بار بھی آصف علی زرداری مضبوط امیدوار ہیں جبکہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سردار شیر محمد رند بلوچ ہیں۔

    این اے 207 شہید بینظیر آباد کے امیدواروں کی فہرست

    این اے 207 میں شہید بےنظیر آباد 1 میں کل ووٹروں کی تعداد 496037 ہے، جس میں مرد ووٹروں کی تعداد 268522 ہے اور خواتین ووٹروں کی تعداد 227515 ہے۔

    سال 2018 کے انتخابات میں سابق صدر نے انہیں 47,024 ووٹوں کی برتری سے شکست دی اور اس بار بھی اس حلقے میں زرداری کا غلبہ نظر آ رہا ہے۔

    االیکشن پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے 2018 کے انتخابات میں این اے 213، ضلع بے نظیر آباد( I) سے حصہ لیا تھا۔

    آصف علی زرداری اپنے حریف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA) کے سردار شیر محمد رند بلوچ کے مقابلے میں 101,370 ووٹ حاصل کرکے فاتح قرار پائے تھے جبکہ سردار شیر محمد رند کو 54,346 ووٹ ملے تھے۔

  • الیکشن 2024 : 8 فروری کو سب لوگ تماشہ دیکھیں گے، فضل الرحمان

    الیکشن 2024 : 8 فروری کو سب لوگ تماشہ دیکھیں گے، فضل الرحمان

    لکی مروت: جعمیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو سب لوگ تماشہ دیکھیں گے۔

    جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کوئی بھی ہو عوام شکوہ کرتے ہیں کہ مسائل حل نہیں ہوئے، ایک وقت تھا جب پاکستان میں میگا پروجیکٹس بنائے جاتے تھے، ایک حکومت آئی اور انہوں نے تمام منصوبے بند کر دیے۔

    پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ اس ایجنڈے پر آئے تھے کہ ہم روزگار ختم کریں گے، کہا ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر فراہم کریں گے، نہ انہوں نے نوکریاں فراہم کیں اور نہ گھر بنائیں۔

    متعلقہ: فتنے کا مقابلہ کرنے کو ہم جہاد سمجھتے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ملکی ترقی کی شرح 6 فیصد پر تھی، ان کے دور میں پاکستان کی ترقی کی شرح صفر پر چلی گئی تھی۔

    بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اب جیل میں ہیں کہتے ہیں ہم مظلوم ہیں، انہوں نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا، ان سے پوچھا گیا ریاست مدینہ کس کو کہتے ہیں، جواب دیا ریاست مدینہ میں قانون سب کیلیے برابر ہوتا ہے، اب قانون ان کے خلاف ہوگیا تو کہتے ہیں میں مظلوم ہوں۔

    سربراہ جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حکومت نے پی ٹی آئی کو پارٹی فنڈنگ کے نام پر 29 لاکھ ڈالر دیے، اسرائیلی فوج غزہ اور عام عوام پر بمباری کر رہی ہے، پاکستان میں تمام لیڈرز فلسطین جنگ پر بات نہیں کرتے، پاکستان میں حکمران کہتے ہیں حماس دہشتگرد تنظیم ہیں۔

  • محکمہ داخلہ پنجاب نے سانحہ 9 مئی کی مفصل رپورٹ حکومت کو جمع کروا دی

    محکمہ داخلہ پنجاب نے سانحہ 9 مئی کی مفصل رپورٹ حکومت کو جمع کروا دی

    لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے سانحہ 9 مئی کی مفصل رپورٹ حکومت کو جمع کروا دی جسے قوانین کے مطابق اب سرکاری دستاویزات کا باقاعدہ حصہ بنا دیا گیا۔

    قائمہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر نے سانحہ 9 مئی کی رپورٹ کی توثیق کر دی۔ رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو پی ٹی آئی کے ورکرز نے ریاست پر حملہ کیا، تمام شواہد کے مطابق منصوبہ پہلے سے طے شدہ تھا، پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے کہنے پر ریاستی اداروں پر حملہ کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی، پی ٹی آئی مرکزی قیادت کے ساتھ مقامی قیادت بھی شامل تھی، پارٹی قیادت کے فون اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو اکسایا گیا۔

    رپورٹ میں حماد اظہر، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، غلام محی الدین، علی عباس، عندلیب عباس، محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، مراد راس، منصب اعوان، اعظم خان نیازی اور بجاش نیازی کے نام شامل ہیں۔ اس میں سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو اکسانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

    اس میں سانحہ نو مئی کو ہونے والے نقصانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جناح ہاؤس پر حملہ کر کے ایک ارب 50 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔ سانحے کی تحریری اور جامع رپورٹ 17 صفحات پر مشتمل ہے۔

  • این اے 117 لاہور:  ٹکر کا مقابلہ ، عبدالعلیم خان اور ابرار الحق مضبوط امیدوار

    این اے 117 لاہور: ٹکر کا مقابلہ ، عبدالعلیم خان اور ابرار الحق مضبوط امیدوار

    پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں بڑے بڑے سیاستدان میں میدان میں ہیں، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان لاہور کے حلقے این اے 117 اور پی پی 149 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    لاہور کا قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 117 جسے لاہور کا گیٹ وے حلقہ کہا جاتا ہے، اس سے قبل یہ حلقے NA-121 جبکہ 2008 اور 2013 کے انتخابات میں NA-118 سے جانا جاتا تھا۔

    این اے 117 سے آئی پی پی کے صدرعبدالعلیم خان کو مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا ہے کیونکہ حلقہ این اے 117 میں علیم خان کو مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل ہیں، آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاہدے کے تحت ن لیگ نے علیم خان کے خلاف کسی بھی امیدوار کو نامزد نہیں کیا۔

    علیم خان جو کبھی بانی پی ٹی آئی کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے تاہم اب وہ اپنی سابق سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے خلاف عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، این اے 117 لاہور میں آئی پی پی کے علیم خان دیگر 20 سے مدمقابل ہیں۔

    این اے 117 لاہور کے امیدواروں کی فہرست

    2018 میں علیم خان نے لاہور کے حلقہ پی پی 158 سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیتی، جس کے بعد انہیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صوبائی کابینہ میں سینئر وزیر بنایا گیا تھا۔

    حلقہ این اے 117 شاہدرہ، راوی روڈ، ٹمبر مارکیٹ، بیگم کوٹ اور بادامی باغ جیسے علاقوں پر مشتمل ہیں، جو لاہور کے اہم حصے پر محیط ہے۔

    این اے 117 میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 520,453 ہے جس میں 282,202 مرد ووٹرز اور 238,251 خواتین ووٹرز ہیں۔

    اس حلقے سے 15 سے مسلم لیگ ن کامیاب ہوتی آئی ہے، محمد ریاض ملک نے 2008، 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں لگاتار کامیابی حاصل کی۔

  • الیکشن سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاک فوج کے پاس ہوگی، مرتضیٰ سولنگی کی غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو بریفنگ

    الیکشن سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاک فوج کے پاس ہوگی، مرتضیٰ سولنگی کی غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو بریفنگ

    اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن میں سیکیورٹی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی فرائض سر انجام دے گی، سیکیورٹی کی تیسری ٹیئر پاک فوج کے پاس ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں ہفتے کو غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان دنیا میں 5 ویں بڑی جمہوریت بن چکا ہے، الیکشن میں 4 دن باقی ہیں، 12 کروڑ سے زائد شہری حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    مرتضیٰ سولنگی نے کہا انتخابات کے حوالے سے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، 8 فروری کو صاف و شفاف الیکشن کے لیے وافر وسائل موجود ہیں۔

    انھوں نے کہا نگراں حکومت عدالتوں کو کنٹرول نہیں کرتی، پاکستان میں میڈیا آزاد ہے، عدالتی فیصلوں پر تنقید کی بھی آزادی ہے، ہم پُر امن ماحول میں الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے، سیکیورٹی فورسز پُر امن الیکشن کے انعقاد کے لیے تیار ہیں۔

    مرتضیٰ سولنگی کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، الیکشن نگرانی کے لیے کامن ویلتھ اور دیگر تنظیموں کے مبصرین کو ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس، جاپان، جنوبی افریقہ، سوئیڈن، جرمنی اور دیگر ممالک سے مبصرین کو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی امیدواروں کی گرفتاریوں سے متعلق ایک سوال پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا پی ٹی آئی کے پاس عدالتوں میں جانے کا آپشن موجود ہے، پی ٹی آئی کے الزامات بے بنیاد ہیں، گرفتاریاں 9 مئی واقعے کے تناظر میں ہوئی ہیں۔