Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • اللہ کی عدالت میں بتاؤں گا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، شہباز شریف

    اللہ کی عدالت میں بتاؤں گا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، شہباز شریف

    لاہور: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ کی عدالت میں پوچھا گیا کہ بطور وزیر اعظم کیا کیا تو جواب دوں گا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

    میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کر دیں گے پاکستان کا مستقبل کہاں ہے، کوئی شک نہیں 25 کروڑ عوام ملک کیلیے حق رائے دہی استعمال کریں گے،عوام سوچ بوجھ کے ساتھ ماضی میں جھانک کر مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کی طرف گامزن تھا، بجلی کے اندھیروں کو ختم کرنے کیلیے کام ہو رہا تھا، زراعت کو ترقی دینے کیلیے محنت کی جا رہی تھی، 2017 اور 2018 کے اوائل میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی تھی لیکن 2017 اور اس کے بعد کیا ہوا وہ آپ سب کے سامنے ہے، ثاقب نثار جیسے مہرے کے ذریعے نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹا گیا۔

    متعلقہ: کس خوشی میں ایک شخص کو چوتھی بار وزیر اعظم مان لیں؟ بلاول بھٹو

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2017 میں ڈنڈے اور بلے سے ختم کرنے والے دور کو دوبارہ شروع کریں گے، نواز شریف کی جدوجہد ہے ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ 16 ماہ میں اتحادی حکومت تھی دن رات کوشش سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو پیٹرول دور عوام کو ایک وقت کی روٹی نہ مل پاتی، عوام سڑکوں پر ہوتے ہر طرف تباہی ہوتی، ہم نے ملکی مفاد کیلیے سیاسی قیمت ادا کی جس پر کوئی ملال نہیں، ریاست کیلیے سیاست قربان کی جس پر کوئی پشیمانی نہیں کیونکہ ریاست رہے گی تو سیاست بھی دوبارہ آ جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کیا پی ٹی آئی سے انتخابی نشان ہم نے لیا ہے؟ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں ٹھوس شواہد پیش کیے، بلا چھن جانے کا سوال وکیل سے پوچھنا چاہیے، پی ٹی آئی سے پوچھیں انہوں نے شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کروائے؟

  • بلاول کو لاہور سے جتوا کر وزیراعظم بنائیں گے، زرداری

    بلاول کو لاہور سے جتوا کر وزیراعظم بنائیں گے، زرداری

    لاہور: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو لاہور سے جتوائیں گے اور وزیر اعظم بنائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارا سفر لمبا ہے 40 سال سے سیاست کررہے ہیں جب بھی پارٹی کو سنبھالا تو پوری قیادت ساتھ چلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے لگائے ہوئے درخت کا آم کھایا ہے، جیلوں میں رہنے کا شوقین نہیں میں اپنے کارکنان کے لیے مجبور ہوں اور ہم انہی کی خواہش پر چلتے ہیں۔

    آصف زرداری نے کہا کہ کارکنان کو یقین ہوتا ہے کہ ان کا لیڈر نہیں جھکے گا۔

    دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ اور جی ڈی اے کہتی ہے پیسے نہیں ہیں اٹھارویں ترمیم ختم کرو، یہ کہتے ہیں سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈالو تاکہ اسلام آباد کو چلایا جاسکے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد میں وقت گزار کر آیا ہوں اور جانتا ہوں کہ پیسہ ہے یہ عوام پر خرچ نہیں کرتے، اسلام آباد میں 17 وزارتیں ہیں جو کسی کام کی نہیں، یہ 17 وزارتیں بند کرکے سالانہ 300 ارب بچا کر عوام پر خرچ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کو سبسڈی کے لیے وفاقی بجٹ سے سالانہ 1500 بجٹ خرچ ہوتا ہے، عوام سے ٹیکس کا پیسہ لے کر اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم بنائیں اشرافیہ کی 1500 ارب کی سبسڈی ختم کرکے عوام پر خرچ کروں گا، میرا ساتھ دیں عوام کا حق اسلام آباد سے چھین کر عوام کو دوں گا۔

  • ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہاتھ سے پھسل چکا ہے، سینیٹر آصف کرمانی

    ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہاتھ سے پھسل چکا ہے، سینیٹر آصف کرمانی

    اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہاتھ سے پھسل چکا ہے، اب پارٹی کو کسی نئے بیانیے کے ساتھ انتخابات میں جانا ہوگا۔

    امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ نواز شریف مصلحت پسند ہوگئے ہیں، بعض عناصر نواز شریف کے فیصلے تبدیل کرنے پر قدرت رکھتے ہیں، وہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھریک عدم اعتماد کے فوری بعد الیکشن چاہتے تھے۔

    سینیتر آصف کرمانی نے کہا کہ جماعت میں موجود بعض عناصر نے الیکشن کا فیصلہ تبدیل کروا دیا، نواز شریف کی فیصلہ سازی میں دیگر عوامل بھی آگئے ہیں، مسلم لیگ میں ایک نیا ایڈیشن بھی آگیا ہے جو نواز شریف سے یہ فیصلے کروا رہا ہوگا۔

    انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ اپنا تشخص کھو رہی ہے، سینئر رہنماؤں کے پارٹی معاملات پر تحفظات کو دور کیا جانا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی پی پی سے سیٹ ایڈجسمٹ پر سینئر ہنماؤں کو تحفظات ہیں، سیٹ ایڈجسمنٹ سے پرانے رہنماؤں اور کارکنوں کی حق تلفی ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہر صورت 8 فروری کو الیکشن چاہتی ہے، اس کا منشور تاخیر کا شکار ہے اور مہم کے آغاز میں آ جانا چاہیے تھا، مریم نواز وزیر اعلیٰ ہوں گی یا نہیں ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : نواز شریف کل سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

    الیکشن 2024 پاکستان : نواز شریف کل سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کل حافظ آباد میں اپنے پہلے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کل سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اور حافظ آباد میں ن لیگ کے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے، مریم نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ حافظ آباد جائیں گے۔

    گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے گجومتہ میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور سے وعدہ ہے شیر کو جتواؤ دن رات خدمت کریں گے ، کہیں سے میٹروبس اور کہین اسپیڈوبس گزر رہی ہے، جگہ جگہ آپ کو نوازشریف کے منصوبے نظرآئیں گے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں ن لیگ نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے تھے، جو پچھلے 4 سال لاہور میں گھسے وہ کوئی ترقی نہیں کرسکے، لاہور کو لاوارث بنادیا کوئی کوڑا اٹھانے والا نہیں، ان کو 8فروری کو لاہور سے اٹھا کر باہر پھینک دینا ہے۔

    ٓن لیگی رہنما نے کہا تھا کہ 8 فروری کے بعد ترقی کا پہیہ جہاں سے رکا تھا وہیں سے شروع کریں گے، 5سال بعد لاہور میں شیر واپس آئے گا،ترقی واپس آئے گی، جتنی مہریں شیر پر لگیں گی اتنی تیزی سے ترقی ہوگی۔

  • دہشت گردی کے خطرات کے باوجود عام انتخابات 8فروری کو ہی ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی

    دہشت گردی کے خطرات کے باوجود عام انتخابات 8فروری کو ہی ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی

    اسلام آباد : نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے باوجود عام انتخابات 8فروری کو ہی ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے خلاف ورزی پر سنجیدہ رد عمل آئے گا، اس رد عمل کا وقت اور نوعیت متعلقہ لوگ ہی طے کریں گے۔

    نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرحدی خلاف ورزیوں پرحکومتیں ہمیشہ دباؤمیں ہوتی ہیں ، ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی غیر معمولی واقعہ ہے، وزارت خارجہ کی جانب سے ابتدائی ردعمل ہے حتمی نہیں۔

    مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سرحدی خلاف ورزی پر حتمی ردعمل کیلئےمتعلقہ حکام سنجیدگی سےغور کر رہے ہیں تاہم دہشت گردی کے خطرات کے باوجود عام انتخابات 8فروری کو ہی ہوں گے۔

    لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت چاہتی ہے لیول پلیئنگ فیلڈ ان کی مرضی کا ہو، ن لیگ کو سندھ ،پی پی کو پنجاب میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہا، ایسی ہی شکایات اے این پی، مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کو بھی ہے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : بڑے بڑے سیاستدان ایک دوسرے کے آمنے سامنے

    الیکشن 2024 پاکستان : بڑے بڑے سیاستدان ایک دوسرے کے آمنے سامنے

    ملک ایک بار پھر انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، الیکشن میں بڑے بڑے سیاستدان میدان میں اترے ہیں ، جو وزیراعظم، وزیراعلیٰ، گورنر، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی اور صوبائی وزراء کے عہدوں پر رہ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کا جہاں ہر پاکستانی کو انتظار ہے، وہیں یہ الیکشن پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بھی بنے ہوئے ہیں۔

    الیکشن دو ہزار چوبیس میں بڑے بڑے سیاستدان ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے اور بڑے حلقوں میں تگڑے مقابلے ہوں گے،

    این اے ایک سو تیس لاہور سے قائد ن لیگ میاں نوازشریف کا مقابلہ پی ٹی آئی کی یاسمین راشد سے ہوگا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو این اے ایک سو ستائیس لاہور سے میدان میں اتریں گے، جہاں پی ٹی آئی امیدوار ظہیر عباس اور لیگی رہنما عطاتارڑمدمقابل ہوں گے۔

    شہباز شریف این اے ایک سو تئیس سے میدان میں ہیں، جہاں تحریک انصاف کے ایڈووکیٹ افضال عظیم اور پیپلز پارٹی کے رانا ضیا الحق سے کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

    این اے ایک سو بائیس لاہور سے سعد رفیق اور لطیف کھوسہ آمنے سامنے ہیں جبکہ این اے انیس لاہور میں مریم نواز کے مقابلے پر پیپلز پارٹی نے افتخار شاہد کا انتخاب کیا ہے۔

    این اے سو فیصل آباد سے ن لیگ کے رانا ثنااللہ کو پی ٹی آئی کے ڈاکٹر نثار حسین ٹف ٹائم دیں گے جبکہ این اے چھیاسٹھ پر ن لیگ کے احسن اقبال کا مقابلہ پی ٹی آئی کے کرنل (ر) جاوید سے ہوگا۔

    این اے ایک سو اکہتر سیالکوٹ سے ن لیگ کے خواجہ آصف سے مقابلہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز ڈار سے ہوگا۔

    این اے چھپن روالپنڈی پر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا لیگی امیدوار حنیف عباسی اور پی ٹی آئی کے شہریارریاض سے ہوگا۔

    شاہ محمود قریشی ایک اے دو سو چوبیس تھر پارکر سے میدان میں اتریں گے، جہاں پیپلز پارٹی کے پیرا میر علیہ شاہ جیلانی انہیں ٹف ٹائم دیں گے۔

    این اے ایک سو سترہ لاہور سے آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان الیکشن لڑ رہے ہیں تاہم ن لیگ نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا جبکہ این اے ایک سو پچپن لودھراں سے جہانگیر ترین میدان میں ہیں ، جہاں ن لیگ کے صدیق بلوچ مدد مقابل ہیں۔

    سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان این اے دو سو پینسٹھ پشین سے الیکشن لڑیں گے، ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے سید ظہور آغا کریں گے۔

    این اے تینتیس نوشہرہ ون سے پرویز خٹک کے مد مقابل پی ٹی آئی کے شاہدخٹک ہیں جبکہ ن لیگ کے ا ختیار ولی اور پیپلز پارٹی کے سلیم کھوکھر بھی میدان میں ہیں ـ

    این اے چھ لوئر دیر سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے مقابلے پر پی ٹی آئی کے محبوب شاہ ہیں جبکہ ن لیگ کے روح اللہ اور پیپلز پارٹی کے مہمد حنیف خان بھی قسمت آزمائیں گے۔

    این اے دو سو بیالیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال کا ٹاکرا پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل سے ہوگا۔

    این اے دو سو چھیالیس کراچی غربی پرایم کیوایم پاکستان کے امین الحق اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے دو دو ہاتھ کریں گے

    این اے دو سو اکسٹھ پر پیپلز پارٹی کے نواب ثنا اللہ زہری کا مقابلہ ن لیگ کے میر عطا اللہ لانگو سے ہوگا۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : وفاقی پولیس نے تھری لیئر سیکیورٹی پلان پر کام شروع کردیا

    الیکشن 2024 پاکستان : وفاقی پولیس نے تھری لیئر سیکیورٹی پلان پر کام شروع کردیا

    اسلام آباد : وفاقی پولیس نے پُرامن انتخابات تھری لیئر سیکیورٹی پلان پر کام شروع کردیا، رینجرز ،ایف سی جوانوں کی مدد بھی لی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پرامن انتخابات کے مشن کے لئے وفاقی پولیس نے تھری لیئر سیکیورٹی پلان پر کام شروع کردیا۔

    اسلام آباد کو اے ،بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ، جہاں 995 پولنگ اسٹیشن حصارمیں رہیں گے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ رینجرز ،ایف سی جوانوں کی مدد بھی لی جائے گی اور پاک فوج آن کال ہوگی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر اقتدار میں 150 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے 450 سے زائد عمارتوں کو پولنگ اسٹیشنز کے طورپر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ نیلور،چراہ، تمیراور کرپا کےپولنگ اسٹیشنز کو کیٹگری اے، پرامن دیہی علاقوں کو کیٹیگری بی میں اور پر امن شہری علاقوں کوکیٹگری سی میں شامل کیا جائے گا۔

    اسپیشل برانچ کی رپورٹ پر حساس پولنگ اسٹیشنزپر ایف سی تعینات کی جائے گی تاہم فورسز کی تعیناتی کی حتمی منظوری وزارت داخلہ سے لی جائے گی۔

  • کس خوشی میں ایک شخص کو چوتھی بار وزیر اعظم مان لیں؟ بلاول بھٹو

    کس خوشی میں ایک شخص کو چوتھی بار وزیر اعظم مان لیں؟ بلاول بھٹو

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کس خوشی میں ایک شخص کو چوتھی بار وزیر اعظم مان لیں؟

    بدین میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں جبکہ ان صاحب کے پاس نہ منشور ہے، نہ نظریہ ہے، نہ وہ انتخابی مہم چلا رہا ہے اور نی ہی ووٹ مانگ رہا ہے، دراصل وہ صاحب سازشوں کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ صاحب کرسی کیلیے جو سیاست کر رہے ہیں وہ نفرت اور تقسیم کی ہے، وہ کرسی کیلیے پاکستان اور عوام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ان کو عوام کی فکر نہیں بلکہ چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی فکر ہے، جب بھی اس شخص کو وزیر اعظم بنایا گیا تو نقصان عوام اور پاکستان کے غریبوں کا کیا گیا۔

    متعلقہ: حکومت آئی تو بھارت کو مناؤں گا کہ ملکر مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں، بلاول بھٹو

    سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تیر کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور شیر سے ہے، دو جماعتیں الیکشن میں آپس میں مقابلہ کر رہی ہیں، یہ وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے لیکن ہم اس کا شکار کریں گے اور اس کو چوتھی بار وزیر اعظم نہیں بننے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو تین بار موقع دیا جاہتا ہے اور ہر بار ناکام ہوتا ہے، اب کس خوشی میں اس شخص کو چوتھی بار ملک کا وزیر اعظم مانیں؟

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں جدوجہد کر رہی ہے، عوام ووٹ دیں تاکہ عوامی حکومت قائم ہو اور ہم آپ کے مسائل کا حل نکال سکیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو الیکشن مہم چلارہی ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم کیلیے میں پارٹی کا امیدوار ہوں، اپنا منشور لے کر ہر صوبے کے عوام کے پاس جا رہا ہوں، اگر آپ مجھے موقع دیتے ہیں تو 10 نکاتی معاشی معاہدے پر عمل کروں گا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں وزیر اعظم بنتا ہوں تو ان تمام نکات پر عمل درآمد کروں گا، میں وزیر اعظم بن کر مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کروں گا، گھر گھر جائیں اور پوچھیں کیا آپ کا موجودہ تنخواہ پر گزارا ہوتاہے؟ لوگوں کو بتائیں ہم حکومت بنا کر آپ کی تنخواہوں اور آمدن ڈبل کریں گے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف درخواست دائر

    الیکشن 2024 پاکستان : نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف درخواست دائر

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے کاغذات منظوری کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہری شاہد اورکزئی نے دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف این اے130لاہور الیکشن لڑرہےہیں، نوازشریف سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں اور سپریم کورٹ حملہ کیس عدالت میں زیرالتوا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایپلٹ ٹربیونل نےحقائق کےبرعکس نوازشریف کےکاغذات منظورکئے، استدعا ہے کہ عدالت نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

    دوسری جانب استدعا لاہورہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف بھی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

    درخواست شہری شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف سپریم کورٹ پر حملے میں ملوث ہیں ، ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی منظور کیے جو قانون کیخلاف ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کاغذات نامزدگی منظوری کالعدم قراردیکر شہبازشریف کوالیکشن لڑنے سے روکے۔

  • چاروں صوبوں کی انتظامیہ نے چیف الیکشن کمشنر کو تیاریوں سے آگاہ کر دیا

    چاروں صوبوں کی انتظامیہ نے چیف الیکشن کمشنر کو تیاریوں سے آگاہ کر دیا

    اسلام آباد: عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق آج الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں کی انتظامیہ نے چیف الیکشن کمشنر کو تمام تیاریوں سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024 کے سلسے میں آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکریٹری وزارت داخلہ، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز، دیگر لا انفورسمنٹ ایجنسیوں کے نمائندگان، چیف کمشنر اسلام آباد، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    چیف کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ اور لا انفورسمنٹ ایجنسیز کی ذمہ داری ہے کہ وہ عام انتخابات کے پر امن، محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے بروقت انتظامی و حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں، تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

    چیف سیکریٹریز، آئی جیز اور چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ان کے تمام انتظامات مکمل ہیں، اور ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر پیش بینی اور تیاری پوری کر لی گئی ہے۔

    پاکستان میں الیکشن 8 فروری کوہی ہوں گے، نگراں وزیراعظم

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں لیکن پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں کی مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، تمام حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل ہیں، اور متعلقہ اداروں کو فنڈز کی بروقت فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ چیف سیکریٹری خیبر پختون خواہ نے اجلاس کو بتایا کہ برف باری سے متاثرہ اضلاع میں الیکشن کے دن تمام سڑکوں اور راستوں کو کھلا رکھنے اور پولنگ اسٹیشنوں تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ہدایات دیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور ووٹرز کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، انتخابی ریلیوں اور جلسوں کو بھی مناسب سیکیورٹی مہیا کی جائے، اور الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کروایا جائے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشن سطح پر امن کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔

    چیف سیکریٹری پنجاب نے بتایا کہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ میں تبدیلی کے متعلق واضح پالیسی ہدایات جاری کی جائیں، تاکہ الیکشن میں تاخیر نہ ہو، چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام جاری ہے لہٰذا اس موقع پر اگر انتخابی نشان میں تبدیلیاں کی گئیں تو ان حلقوں میں الیکشن کروانا مشکل ہو جائے گا۔

    سیکریٹری وزارت داخلہ نے اجلاس کو بتایا کہ الیکشن کے لیے وفاقی سطح پر کنٹرول روم بنا دیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کے انعقاد کے لیے جملہ اقدامات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل (3) 218 کے تحت پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن اس حوالے سے اپنی ذمہ داری کو پوری تندہی سے پورا کرے گا، انتخابات کی سخت مانٹرنگ ہوگی اور انتخابات مقررہ تاریخ کو ہی منعقد ہوں گے۔