Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • (ن) لیگ سے دوبارہ اتحاد کریں تو پیپلز پارٹی کیلیے شرمندگی ہوگی، بلاول بھٹو

    (ن) لیگ سے دوبارہ اتحاد کریں تو پیپلز پارٹی کیلیے شرمندگی ہوگی، بلاول بھٹو

    لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے دوبارہ اتحاد کریں تو یہ پیپلز پارٹی کیلیے شرمندگی ہوگی۔

    رہنما پاکستان عوامی تحریک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاست ذاتی دشمنی تک پہنچ چکی ہے، میاں صاحب وزیر اعظم بنیں گے تو ان کا سیاسی ایجنڈا انتقام لینا ہوگا جس سے عوام کو نقصان پہنچے گا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چاہتے ہیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کریں، ہماری خواہش ہے پاکستان کو جدید ریاست بنائیں اور اسلام کا اصل پُرامن چہرہ دنیا کے سامنے آئے، پُرامن طریقے سے نفرت کی سیاست کا مقابلہ کر کے نئی سوچ اور سیاست متعارف کروانا چاہتے ہیں۔

    متعلقہ: کیا آپ چاہتے ہیں بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں؟ آصفہ بھٹو

    سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں چاہیے معاشرے میں جو نفرت پیدا کی گئی اسے ختم کریں، ہم عوام کیلیے ترقی کے راستے کھولیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن واقعے پر نہ صرف بریف کیا گیا بلکہ مجھے دکھایا بھی گیا، جس جگہ پر حملہ کیا گیا تھا وہاں آج بھی گولیوں کے نشانات موجود ہیں، ایک آزادانہ تحقیقات کی جائیں جو بھی ذمہ داران ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں مسلسل انتخابی مہم میں رہا ہوں، جب مخلوط حکومت میں تھے تب بھی عوام کے درمیان رہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو صرف عوام کا ساتھ چاہتی ہے جبکہ باقی جماعتیں دوسری طرف دیکھ رہیں لیکن ہم عوام کو دیکھ رہے ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں عوامی معاشی معاہدے پر زور دے رہا ہوں، ہمارے منشور میں سب کے حقوق کی بات ہوگی، میں تو مسلسل مہم چلا رہا ہوں 2018 سے لے کر آج تک، جہاں تک الیکشن مہم کی بات ہے وہ تو کب سے شروع کر رکھی ہے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : مسلم لیگ (ق) کا ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ

    الیکشن 2024 پاکستان : مسلم لیگ (ق) کا ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور : مسلم لیگ (ق) نے ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا ہمارے امیدوار جہاں کھڑے ہوں گے ہم بھی وہیں کھڑے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ ق کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ ق نے ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو مسترد کردیاہے، ق لیگ نے اپنی ذات کی حد تک ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو مسترد کیا ہے۔

    مسلم لیگ ق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اپنے امیدواروں کو دہرے معیار کا شکار نہیں ہونے دیں گے ، ہم نے جن امیدواروں سے وعدہ کیا تھا ان کے ساتھ ہیں، ہمارے امیدوار جہاں کھڑے ہوں گے ہم بھی وہیں کھڑے ہوں گے۔

    اجلاس میں چوہدری سالک نے کہا کہ ن لیگ نے ہمارے مطلوبہ حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کردیئے ہیں، پارٹی قیادت کا فیصلہ ہے ،ہم دہرے معیار کا شکار نہیں ہوں گے اور ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے۔

    چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ ہم بنا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کےالیکشن میں مقابلے کے لیےتیار ہیں، ہمارےدیگرامیدوار وں کے مقابلے میں ن لیگ نےٹکٹ جاری کر دیے۔

    ق لیگی رہنما نے کہا کہ ق لیگ نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئےکردار ادا کیا ، گجرات سے بھی میرے اورمیرےبھائی کے خلاف ن لیگ نے ٹکٹ جاری کیا، چوہدری شافع حسین نے بھی اس بات پر اتفاق کیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے جن امیدواروں سے عہد کیا وہ ہمارے ساتھ ہیں ، ن لیگ ہمارے امیدواروں کامقابلہ کرے گی تو ہم بھی ساتھیوں کےساتھ کھڑے ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق ق لیگ کو مطلوبہ تعداد میں ایم این اے، ایم پی ایز کی نشستیں دینے سے انکار کیا گیا۔

  • شہباز شریف این اے 242 کراچی سے دستبردار

    شہباز شریف این اے 242 کراچی سے دستبردار

    کراچی: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے دستبردار ہوگئے۔

    (ن) لیگی رہنما رانا مشہود نے این اے 242 سے شہباز شریف کے کاغذات واپس لے لیے۔ حلقے سے صدر (ن) لیگ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

    رانا مشہود نے اپنے بیان میں بتایا کہ کوئی بھی امیدوار 2 سے زیادہ سیٹوں پر الیکشن نہیں لڑ سکتا، ہمارا اتحاد ہے این اے 242 پر شہباز شریف الیکشن نہیں لڑیں گے۔

    ادھر، (ن) لیگ سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستام کی حمایت نہ ملنے پر سابق وزیر اعظم نے کاغذات واپس لیے۔

    دو روز قبل ایم کیو ایم پاکستان نے این اے 242 پر (ن) لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تردید کی تھی۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ این اے 242 کراچی پر سیٹ ایڈجسمنٹ کی خبر کی تردید کرتے ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ این اے 242 کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، این اے 242 سے مصطفیٰ کمال ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار ہیں۔

    اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ این اے 242 پر (ن) لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے ہیں لہٰذا مصطفیٰ کمار شہباز شریف کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں۔

  • پی ٹی آئی نے کراچی سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

    پی ٹی آئی نے کراچی سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو عام انتخابات میں حصہ لینے والے کراچی سے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔

    ملیر این اے 229 سے ولی محمد مغیری، 230 سے مسرور سیال، 231 سے خالد محمود، کورنگی این اے 232 پر حلیم عادل شیخ اور 233 سے ایڈووکیٹ حارث امیدوار ہوں گے۔

    این اے 234 سے فہیم خان، این اے 235 سے سیف الرحمان، این اے 236 سے عالمگیر خان، این اے 237 سے ایڈووکیٹ ظہور محسود اور 238 سے حلیم عادل شیخ الیکشن میں حصہ لیں گے۔

    متعلقہ: پی ٹی آئی نے کے پی اسمبلی کے لیے امیدواروں کا اعلان کردیا

    علاوہ ازیں، این اے 239 سے یاسر بلوچ، 240 سے رمضان گھانچی، این اے 241 سے خرم شیر زمان، 242 سے دوا خان اور 243 سے ایڈووکیٹ شجاعت علی امیدوار ہوں گے۔

    این اے 244 سے آفتاب جہانگیر، 245 سے عطا اللہ خان، 246 سے ملک عارف اعوان، این اے 247 سے یرسٹر فیاض، 248 سے ارسلان خالد، این اے 249 سے بیرسٹر عزیر غوری اور این اے 250 پر ریاض حیدر پی ٹی آئی امیدوار ہوں گے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : ن لیگ نے لاہور کے بڑے حلقے میں ٹکٹوں کی تقسیم کا معاملہ حل کر لیا

    الیکشن 2024 پاکستان : ن لیگ نے لاہور کے بڑے حلقے میں ٹکٹوں کی تقسیم کا معاملہ حل کر لیا

    لاہور : مسلم لیگ ن نے این اے 121 سے شیخ روحیل اصغر کو این اے 120 سے ایاز صادق کو ٹکٹ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ نے لاہور کے بڑے حلقے میں ٹکٹوں کی تقسیم کا معاملہ حل کر لیا ، شیخ روحیل اصغر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 سے الیکشن کریں گے جبکہ ایاز صادق کو این اے 120 سے ن لیگ کا ٹکٹ سے دیاگیا ہے۔

    ن لیگ نے این اے 120 میں سہیل شوکت بٹ سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، سہیل شوکت بٹ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 151 سے الیکشن لڑیں گے۔

    دوسری جانب خوشاب میں ن لیک پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر پارٹی تقسیم ہوگئی، مسلم لیگ نون پنجاب کی نائب صدر سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک کو پارٹی نے حلقہ این اے ستاسی سے ٹکٹ جاری نہیں کیا بلکہ ملک شاکر بشیر اعوان کو ٹکٹ جاری کر دیا، جس پرسمیرا ملک نے آزاد حثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : ٹکٹوں کی تقسیم ، ن لیگ میں اختلافات سامنے آنے لگے

    الیکشن 2024 پاکستان : ٹکٹوں کی تقسیم ، ن لیگ میں اختلافات سامنے آنے لگے

    لاہور : پنجاب بھرمیں ٹکٹوں کی تقسیم پر ن لیگ میں اختلافات سامنے آنے لگے، کئی رہنماؤں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور انتخابی گہما گہمی آہستہ بڑھ رہی ہے۔

    جہاں سیاسی جماعتوں کی جانب سے منشور اور امیدواروں کا اعلان کیا جارہا ہے وہیں ٹکٹوں کی تقسیم پر مسلم لیگ ن کے اندر اختلافات سامنے آرہے ہیں۔

    پنجاب بھرمیں ٹکٹوں کی تقسیم پرن لیگ میں اختلافات سامنے آنے لگے، ن لیگ کی سابق پارلیمانی سیکرٹری عائشہ رجب بلوچ پارٹی قیادت سے ناراض ہیں۔

    عائشہ رجب بلوچ نے این اے ستانوے تاندلیاں والا سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ سرگودھا این اے چوراسی سے بھی چوہدری حامد نے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے لڑنے کا اعلان کیا۔

    چوہدری حامد حمید نے حامیوں کےہمراہ پارٹی قیادت کےخلاف نعرےبھی لگائے، این اے چوراسی سے ٹکٹ نہ ملنے پر ن لیگ کے دیرینہ ساتھی راجہ اسلم نے بھی پارٹی چھوڑدی، جس کے بعد راجہ اسلم کو ق لیگ نے پی پی ستائیس سے ٹکٹ جاری کردیا۔

    ساہیوال میں بھی ن لیگ اختلافات کا شکار ہے ، طفیل جٹ، ملک عامر، مبشرحسن اور اسد خان بلوچ سمیت بیشترامیدواروں کا آزاد حیثیت سےالیکشن لڑنے کا امکان ہے۔

    دانیال عزیز بھی پارٹی سے خفا ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جو بچے چلنے کے قابل نہیں،ان کولاکرپارٹی تباہ کی جارہی ہے، تمام عہدے گھر میں بانٹنےہیں تو ہم کیا انڈیاچلے جائیں۔

  • پی ٹی آئی نے کے پی اسمبلی کے لیے امیدواروں کا اعلان کردیا

    پی ٹی آئی نے کے پی اسمبلی کے لیے امیدواروں کا اعلان کردیا

    پشاور: کے پی اسمبلی کی 13 نشستوں کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے امیدواروں کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ پی کے 72 کےلئے سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان کو پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ پی کے 73 کےلئے انصاف لائرز فورم کے علی زمان ایڈوکیٹ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

    پی کے 74 کےلئے ارباب جہانداد اور پی کے 75 کیلئے ملک شہاب امیدوار ہونگے۔ پی کے 76 کیلئے سمیع اللہ اور پی کے 77 کےلئے شیرعلی آفریدی کو منتخب کیا گیا ہے۔

    پی کے 78 کےلئے پی ٹی آئی نے سابق ضلع ناظم ارباب عاصم کو ٹکٹ جاری کیا ہے جبکہ پی کے 79 سے سابق وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا پی ٹی آئی کے امیدوار ہونگے۔

    پی کے80 سے حامدالحق اور پی کے81 سے نورین عارف پی ٹی آئی کی طرف سے انتخابات لڑیں گے۔ پی کے 82 سے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش، پی کے 83 سے مینا خان آفریدی جبکہ پی کے 84 سے فضل الٰہی پی ٹی آئی امیدوار ہوں گے۔

  • بلے کے نشان کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

    بلے کے نشان کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بلے کے انتخابی نشان کو بحال کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کل ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

    تین رکنی بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آج ہی پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواست میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

    یاد رہے گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرکے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا بحال کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پارٹی سرٹیفکیٹ الیکشن ایکٹ 2017 کے شق 209 کے تحت شائع کرے اور آرٹیکل 215 کے تحت الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کوانتخابی نشان’’بلا‘‘الاٹ کرے۔

  • ق لیگ نے ن لیگ کی وکٹ گرادی

    ق لیگ نے ن لیگ کی وکٹ گرادی

    سرائے عالمگیر: مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ محمد اسلم نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگ سے ق لیگ میں شامل ہونے والے راجہ محمد اسلم نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے ٹکٹ سے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

    چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ این اے 62 سے پینل مکمل ہوگیا ہے، راجہ محمد اسلم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    چوہدری وجاہت حسین نے پی پی 27 سے راجہ اسلم، پی پی 28 سے نعیم کوٹلہ کو ٹکٹ جاری کردیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این اے 62 سے مسلم لیگ ن کے خلاف بھرپور الیکشن لڑیں گے، این اے 62 سے چوہدری موسیٰ الٰہی ق لیگ کے امیدوار ہوں گے۔

  • پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

    پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

    پاکستان پیپلز پارٹی نے 8 فروری کو عام انتخابات میں حصہ لینے والے جنوبی پنجاب سے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔

    پیپلز پارٹی نے ملتان سے 3 قومی اسمبلی کی نشستیں گیلانی خاندان کو دے دیں۔ این اے 148 ملتان سے یوسف رضا گیلانی اور این اے 151 سے علی موسیٰ گیلانی امیدوار ہوں گے۔

    این اے 152 سے عبدالقادر گیلانی، این اے 169 سے سید مرتضیٰ محمود، این اے 173 سے مخدوم مصطفی محمود اور این اے 174 سے مخدوم عثمان محمود الیکشن میں حصہ لیں گے۔

    گزشتہ روز پیپلز پارٹی نے صوبہ خیبر پختونخوا سے 8 فروری کو ہونے والے عام اتنخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

    این اے ون چترال سے انجینئر فضل ربی، این اے ٹو سوات سے ڈاکٹر حیدر علی، ڈی آئی خان این اے 44 سے فیصل کریم کنڈی الیکشن لڑیں گے۔

    این اے 12 کوہستان سے محبوب اللہ جان، این اے 20 صوابی سے عثمان ترکئی، این اے 5 اپر دیر سے نجم الدین خان اور این اے 14 مانسہرہ سے محمد شجاع خان کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔

    علاوہ ازیں، پی کے ون چترال سے سراج علی ایڈووکیٹ، پی کے ٹو چترال سے سلیم خان، پی کے 4 سوات سے ڈاکٹر حیدر علی، پی کے 20 باجوڑ سے اخونزادہ چٹان، پی کے 24 مالاکنڈ سے سید محمد علی شاہ باچا کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔

    پی کے 23 مالاکنڈ سے محمد ہمایون خان، پی کے 63، 64 چارسدہ سے پیر آفتاب عالم، پی کے 80 پشاور ارباب زرک خان، پی کے 96 کرم سے ساجد حسین طوری الیکشن میں حصہ لیں گے۔

    پی کے 90 کوہاٹ سے امجد خان آفریدی اور پی کے 112 ڈی آئی خان سے احمد کریم کنڈی کو پیپلز پارٹی نے ٹکٹ جاری کیا۔