Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • عام انتخابات، الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ طلب کر لیے

    عام انتخابات، الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ طلب کر لیے

    پاکستان میں آئندہ ماہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ طلب کر لیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں حتمی مراحل کی جانب گامزن ہیں اور اب الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ طلب کر لیے ہیں۔

    الکشن کمیشن کے مطابق پوسٹل بیلٹ کی سہولت مسلح افواج کے اہلکاروں، پولیس اور ان کے اہلخانہ کو فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین، خصوصی افراد اور قیدیوں کو بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی جائے گی۔

    الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ کے لیے 22 جنوری تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کے کورنگ امیدوار عمیر نیازی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار

    بانی پی ٹی آئی کے کورنگ امیدوار عمیر نیازی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار

    لاہور: بانی پی ٹی آئی کے کورنگ امیدوارعمیر نیازی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دیتے ہوئے این اے 89 اور 90 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ کالعدم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 89 اور90میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں قائم ایپلٹ ٹربیونل نے سماعت کی۔

    عمیر نیازی کی جانب سے بیرسٹرلامیہ نیازی اور ایڈووکیٹ ملک جواداصغر پیش ہوئے، ایپلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے عمیر نیازی کی دونوں اپیلیں منظور کر لیں۔

    ایپلٹ ٹربیونل نے عمیر نیازی کے این اے 89 اور 90 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کا فیصلہ کالعدم کردیا اور بانی پی ٹی آئی کے کورنگ امیدوارعمیر نیازی کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دے دیا۔

    اس حوالے سے لاہوہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں قائم ایپلٹ ٹریبونل نے فیصلہ جاری کردیا، این اے 89 اور 90 کے آر اوز نےعمیر نیازی کے کاغذات مسترد کیے تھے۔

  • الیکشن لڑنے کے لیے جو اہلیت بیان کی گئی قائداعظم ہوتے تو وہ بھی نااہل ہوجاتے، چیف جسٹس

    الیکشن لڑنے کے لیے جو اہلیت بیان کی گئی قائداعظم ہوتے تو وہ بھی نااہل ہوجاتے، چیف جسٹس

    اسلام آباد : چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تاحیات نااہلی سےمتعلق کیس ریمارکس دیئے کہ الیکشن کیلئے جو اہلیت بیان کی گئی قائداعظم ہوتے تو وہ بھی نااہل ہوجاتے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی کی سربراہی میں 7 رکنی لارجربینچ سماعت کی۔

    لارجربینچ میں جسٹس منصورعلی شاہ،جسٹس یحییٰ آفریدی،جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل،جسٹس محمدعلی مظہر ،جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

    چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے الیکشن کیلئے جو اہلیت بیان کی گئی قائداعظم ہوتے تو وہ بھی نااہل ہوجاتے، صادق اور امین کے الفاظ کوئی مسلمان اپنے لئے بولنے کا تصور نہیں کرسکتا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ میں کاغذات نامزدگی جمع کراؤں اور کوئی کہے یہ اچھے کردار کے نہیں تو میں چیلنج نہیں کروں گا۔

    چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اچھے کردار کے بارےمیں کیا وہ ججز فیصلہ کریں گےجوخود انسان ہیں؟ اصل آئین میں یہ شقیں موجودنہیں توکس نے ڈالیں۔

    جس پر وکیل مخدوم علی خان کا کہنا تھا کہ یہ شقیں انیس سوپچاسی میں صدارتی آرڈیننس کےذریعے ڈالی گئیں، اٹھارہویں ترمیم میں بھی ان کونہیں چھیڑا گیا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے آپ کامطلب ہے یہ شقیں ضیانےڈالیں، عجیب بات ہے حلف لینےوالاشخص آئین توڑےتو وہ اعلیٰ کردار کا مالک کیسے ہوسکتا ہے، میں منتخب نمائندوں کی قانون سازی پر انحصار کروں گا نا کہ ڈکٹیٹر کی۔

    اس سے قبل اٹارنی جنرل اورایڈووکیٹ جنرلزنے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کےمطابق پانچ سال نااہلی کی تائید کی، تحریری حکم نامہ میں کہاگیا کہ عدالت اس معاملے پر معاونین مقرر کرے گی ، جس کے بعد سماعت جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔

  • بلاول بھٹو لاہور سے الیکشن لڑنے کیلیے اہل قرار، اعتراض مسترد

    بلاول بھٹو لاہور سے الیکشن لڑنے کیلیے اہل قرار، اعتراض مسترد

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو لاہور سے انتخابات لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا ہے اور آر او نے این اے 127 سے ان کے کاغذات نامزدگی پر کیے گئے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کاغذات کی منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

    فیصلے میں بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر شکایت کنندہ محمد ایاز کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کر متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دو سیاسی جماعتوں سے وابستگی کے معاملے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔

    فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صرف حلقے کا ووٹر امیدوار پر اعتراض کر سکتا ہے جب کہ شکایت کنندہ انتخابی حلقے سے کوئی تعلق نہیں رکھتا بلکہ وہ نارووال  کا رہائشی ہے۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو کے این اے 127 لاہور سے منظور کیے گئے کاغذات نامزدگی پر محمد ایاز نامی شخص نے اعتراض دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی پی چیئرمین کی دو سیاسی جماعتوں سے وابستگی ہے اور الیکشن قوانین کے مطابق ایک شخص بیک وقت دو سیاسی جماعتوں کی نمائندگی نہیں کر سکتا اس لیے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔

  • سزا یافتہ کے الیکشن لڑنے کے خلاف نیب بھی میدان میں آگیا

    سزا یافتہ کے الیکشن لڑنے کے خلاف نیب بھی میدان میں آگیا

    اسلام آباد: سزا یافتہ کے الیکشن لڑنے کے خلاف نیب بھی میدان میں آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سزا یافتہ کی دس سال نااہلی کی مدت بحال کریں۔

    سگنل بینچ کی جانب سے ملزم فائق علی کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ سزا یافتہ الیکشن کے لیے ہائیکورٹ سنگل بینچ فیصلے کا حوالہ دے رہے ہین، جون میں سنگل بیچ نے نیب نااہلی کی مدت دس کے بجائے پانچ سال کردی تھی۔

    نیب کا کہنا ہے کہ سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انٹرا کورٹ اپیل میں سنگل بیچ کا فیصلہ معطل کرے۔

  • این اے 15  سے نواز شریف کے کاغذات کی منظوری الیکشن ٹریبونل میں چیلنج

    این اے 15 سے نواز شریف کے کاغذات کی منظوری الیکشن ٹریبونل میں چیلنج

    مانسہرہ : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے این اے15 سے کاغذات کی منظوری کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے کاغذات کی منظوری الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردی گئی۔

    نواز شریف کے این اے15 سے کاغذات کی منظوری کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا گیا، نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف اپیل وقار خان ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ نے تاحیات نااہل قرار دیا وہ الیکشن لڑنےکے اہل نہیں، ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس نواز شریف کے کاغذات منظور کیے۔

    درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ نوازشریف کےکاغذات نامزدگی مسترد کرکے نااہل قراردیا جائے۔

    اس سے قبل پاکستان عوامی محاذ کےسربراہ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نےنون لیگ کے سربراہ نوازشریف کی این اے ایک سو تیس لاہور سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

    جس پرٹربیونل نے آراو کے فیصلے کی مصدقہ نقل ساتھ نہ لگانے کا اعتراض لگا دیا تھا، اپیل کنندہ وکیل نے استدعا کی کہ اپیل کواعتراض کے ساتھ ہی سماعت کیلئے متعلقہ ٹربیونل میں پیش کیا جائے۔

  • الیکشن 2024 : بلاول بھٹو نے اہم فیصلہ کرلیا

    الیکشن 2024 : بلاول بھٹو نے اہم فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آئندہ ماہ سے خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اور 8 جنوری کو پہلے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم خود چلانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو آئندہ ماہ سے کے پی میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

    بلاول بھٹو کے خیبرپختونخوا کے انتخابی جلسوں کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے، بلاول بھٹو 8 جنوری کو کے پی میں پہلے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔

    بلاول بھٹو کے پہلے جلسہ کیلئے ڈی آئی خان، کوہستان، ضلع کرم کا حلقہ زیرغور ہے، بلاول بھٹو پشاور، مالاکنڈ، ڈی آئی خان، صوابی میں انتخابی جلسہ کریں گے۔

    بلاول بھٹو خیبرپختونخوا کے تمام ڈویژنز میں انتخابی جلسہ کریں گے، کے پی کے انتخابی جلسوں کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    خصوصی کمیٹی کے پی میں بلاول بھٹو کے جلسوں کے معاملات دیکھے گی۔

  • عام انتخابات: الیکشن کمیشن کا چیئرمین پیمرا سے مطالبہ

    عام انتخابات: الیکشن کمیشن کا چیئرمین پیمرا سے مطالبہ

    الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیا کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لیے چیئرمین پیمرا کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا کہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

      الیکشن کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بعض چینلز پول سروے نشر کر رہے ہیں  الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق اسکی ممانعت ہے۔

    الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کو پولنگ اسٹیشن اور حلقوں سے سروے اور پول کرانے سے روکا گیا ہے۔ یہ سرگرمیاں ووٹر پر اثر انداز ہوتی ہیں اور الیکشن عمل میں خلل ڈالتی ہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیمرا ایسے چینلز کے خلاف فوری ایکشن لے کر جلد از جلد رپورٹ جمع کرائے۔

  • انتخابات 2024 : امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد ہونے کی تفصیلات سامنے آگئیں

    انتخابات 2024 : امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد ہونے کی تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد :  انتخابات 2024 کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد ہونے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اور مسترد ہونے کی تفصیلات جاری کردیں۔

    جس میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کیلئے 7 ہزار 473 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور ریٹرننگ افسران نے 6 ہزار 449 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور اور ایک ہزار 24 کے کاغذات مسترد کیے۔

    صوبائی اسمبلیوں کیلئے اٹھارہ ہزار چار سو اٹہتر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، چاروں صوبوں میں دو ہزار دو سو سولہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے اور چار صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے سولہ ہزار دو سو باسٹھ امیدواروں کے کاغذات منظور کیے گئے۔

    پنجاب سے قومی اسمبلی کے 521،اسلام آباد 93، سندھ 166 امیدواروں، خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر 152، بلوچستان سے 92 سیٹوں پر امیدواروں کے کاغذات رد ہوئے۔

    اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی سے 943، سندھ اسمبلی 520، کے پی اسمبلی 367، بلوچستان سے 386امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 252 خواتین کے کاغذات مسترد ہوئے۔

  • الیکشن سے قبل پیپلز پارٹی کو سندھ سے بڑا جھٹکا

    الیکشن سے قبل پیپلز پارٹی کو سندھ سے بڑا جھٹکا

    کراچی: عام انتخابات سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کو سندھ سے بڑا جھٹکا لگ گیا جہاں سانگھڑ کی نواب فیملی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔

    نواب فیملی نے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف سے ملاقات کے بعد باقاعدہ جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ سانگھڑ سے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اور سابق سینیٹر نواب جام کرم علی اور ان کے صاحبزادے جام قائم علی (ن) لیگ میں شامل ہوئے۔

    شمولیت کا اعلان نواب جام فیملی نے شہباز شریف سے ملاقات میں کیا۔ سابق وزیر اعظم نے جام فیملی کو قائد (ن) لیگ نواز شریف کی جانب سے خوش آمدید کہا اور ان کا پیغام پہنچایا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں شہباز شریف کی جانب سے جام فیملی کو اندرون سندھ پارٹی کو مضبوط کرنے، مزید الیکٹیبلز اور لوگوں کو پارٹی میں لانے کا ٹاسک دے دیا گیا۔

    متعلقہ: پیپلز پارٹی کو خیبر پختونخوا سے بڑی سیاسی کامیابی مل گئی

    شہباز شریف نے گفتگو میں کہا کہ بڑا اجتماع منعقد کرنے کیلیے تیاریاں شروع کریں کیونکہ جلد نواز شریف سانگھڑ کا دورہ کریں گے۔

    گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق نگراں وزیر عدنان جلیل نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ عدنان جلیل کے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات طے پا گئے تھے اور وہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات بھی کر چکے تھے۔

    عدنان جلیل مرحوم سینئر اے این پی رہنما حاجی عدیل کے بیٹے ہیں جو خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ میں انڈسٹریز اور ٹیکنیکل ایجوکیشن منسٹر رہے۔ انہیں سابق نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان نے کابینہ سے برطرف کیا تھا۔

    سابق نگراں وزیر جلد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے، وہ صدر پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا محمد علی باچا کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ عدنان جلیل کے پارٹی امور پر اختلافات ہیں اور وہ اپنے تحفظات سے اے این پی قیادت کو آگاہ کر چکے ہیں، تاہم قیادت نے تاحال ان کے تحفظات دور نہیں کیے۔