Tag: Elections 2024

elections 2024

الیکشن 2024 پاکستان کی مکمل کوریج

Elections 2024 Pakistan- Full Coverage ARY News Urdu

  • عوام آج کاروباری سرگرمیاں معطل کر دیں، بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال

    عوام آج کاروباری سرگرمیاں معطل کر دیں، بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال

    اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی نے آج عوام سے انتخابی نتائج کے حوالے سے احتجاج کی اپیل کی ہے کہ وہ کاروباری سرگرمیاں معطل کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں الیکشن 2024 کے نتائج میں دھاندلی کے الزامات پر بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج کیا جائے گا، انھوں نے اپیل کی ہے کہ عوام ووٹ کی حرمت کے لیے پُرامن صدائے احتجاج بلند کریں۔

    پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر عہدے سے مستعفی ہوں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید جواز نہیں رہا، کیوں کہ الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہو رہی ہے، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار پر سب آوازیں اٹھا رہے ہیں۔

    دریں اثنا تحریک انصاف نے احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو درخواست دی تھی، جس پر ضلعی انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، احتجاج یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے، شہری کسی بھی سیاسی اجتماع کا حصہ بننے سے گریز کریں۔

    اسلام آباد پولیس نے رینجرز کی اضافی نفری طلب کر لی ہے، ادھر شیر افضل مروت نے پیشکش کی ہے کہ آج اسلام آباد میں احتجاج کی قیادت وہ کریں گے، جس کو سیلفیاں بنوانی ہیں آ جائے، اگر انتظامیہ نے ہم پر تشدد کیا تو وہیں دھرنا دے دیں گے۔

    بانی پی ٹی آئی نے جیل سے پیغام دیا ہے کہ اقتدار میں آ کر فتح مکہ ماڈل پر جائیں گے، کسی سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لیا جائے گا، پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کہتے ہیں کہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی بولے ملک کو آگے لے جانے کے لیے درگزر کی طرف جانا ہوگا، اقتدار میں آ کر ملک کو سیاسی استحکام کی طرف لے جائیں گے۔

    علی محمد خان نے مزید بتایا بانی نے کہا ہماری نشستیں 160 سے زائد ہیں، مینڈیٹ ملتا ہے تو حکومت بنا سکتے ہیں، مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے حق میں نہیں ہیں۔

  • انٹرویو میں فیض حمید کا نام غلطی سے لیا تھا، مولانا فضل الرحمان

    انٹرویو میں فیض حمید کا نام غلطی سے لیا تھا، مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف دیا گیا بیان واپس لے لیا۔

    نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ نے کل پی ٹی آئی حکومت گرانے کے پیچھے فیض حمید کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ فیض حمید کا نام غلطی سے زبان پر آگیا تھا۔

    اینکر نے ان سے سوال کیا کہ کیا سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ آپ جو گفتگو کر رہے ہیں اس پر حلف دیں؟ اس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان جنرلز نے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا بھی تو حلف دیا تھا پھر کیا ہوا؟

    متعلقہ: عدم اعتماد کے وقت باجوہ اور فیض حمید سے رابطے میں تھے، مولانا فضل الرحمان

    سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ معاملے کو زیادہ بحث پر لانے کے بجائے تاریخ کے حوالے کیا جائے، تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر میں حلف پر بیان نہیں دینا چاہتا، جو چیزیں ہمارے سامنے ہوتی رہیں اس پر حلف کا مطالبہ کرنا غلط ہے۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے قمر جاوید باجوہ اور دیگر لوگ تھے، میری تحریک عدم اعتماد والی گفتگو کو اب پیچھے چھوڑ دینا چاہیے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ قمر جاوید باجوہ کو 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔

    انٹرویو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات ٹوٹ بھی سکتے ہیں، دیکھتے ہیں پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کہاں تک جاتے ہیں، پی ٹی آئی کی میرے متعلق زبان پر درگزر سے کام لوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی نشست کا حلف اٹھاؤں گا، دیکھتے ہیں سپریم کورٹ الیکشن میں دھاندلی پر کیا کہتی ہے کیونکہ مجھے عدلیہ سمیت پاکستان کے کسی ادارے پر اعتماد نہیں ہے۔

  • پاکستان کی بڑی کامیابی، گیس کے نئے ذخائر دریافت

    پاکستان کی بڑی کامیابی، گیس کے نئے ذخائر دریافت

    اسلام آباد: ماڑی پیٹرولیم نے صوبہ بلوچستان کے ضلع کوہلو سے نئی گیس کا ذخیرہ دریافت کرنے کا اعلان کر دیا۔

    ماڑی پیٹرولیم نے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق یومیہ 64 لاکھ مکعب فٹ تک گیس حاصل ہوگی، گیس دریافت کیلیے 2516 میٹر تک کنویں کی کھدائی کی گئی۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ گیس کے حصول سے متعلق ڈیٹاویل کے 4 مختلف زونز کے مجموعہ پر مشتمل ہے، اس علاقے میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیاں 1991 سے رکی ہوئی تھیں۔

    اس میں کہا گیا کہ ماڑی پٹرولیم اس علاقے میں ایکسپلوریشن سرگرمیوں کو مزید فروغ دے گی۔

    گزشتہ ماہ سندھ میں گیس کا ایک ذخیرہ دریافت کیا گیا تھا جس سے یومیہ 6.57 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس ملے گی۔ ماڑی پیٹرولیم نے غازیج کے مقام پر دوسری جگہ ایک ہزار چودہ میٹر تک کی گہرائی کھدائی کی تھی جس کے بعد یومیہ چھ اعشاریہ پانچ سات ملین اسٹینڈرڈکیوبک فٹ گیس ملے گی۔

    غازیج فارمیشن ٹو میں گیس کا پریشر تین سو چھ پاؤنڈ فی اسکوائر انچ بتایا جا رہا تھا۔ ماڑی پٰٹرولیم کے اس علاقے میں 100 فیصد ورکنگ شیئرز ہیں۔

  • جو اس الیکشن میں ہمارے ساتھ ہوا یہ جمہوریت پر حملہ ہے، سلمان اکرم راجہ

    جو اس الیکشن میں ہمارے ساتھ ہوا یہ جمہوریت پر حملہ ہے، سلمان اکرم راجہ

    اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ جو اس الیکشن میں ہمارے ساتھ ہوا یہ جمہوریت پر حملہ ہے۔

    پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ الیکشن مہم میں ہر روز ہمارے ورکرز کو اٹھایا جا رہا تھا، پاکستان کے عوام نے 8 فروری کو بڑی تعداد میں ووٹ دیا، ہم سے بلے کا نشان چھینا لیکن عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں تاریخ ساز فیصلہ دیا۔

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اپنے حلقے میں ایک لاکھ ووٹ سے میں جیت رہا تھا، میری اہلیہ بطور پولنگ ایجنٹ آر او دفتر میں تھی تو انہیں باہر نکال دیا گیا، رات ساڑھے 10 بجے مجھے آر او آفس سے نکال دیا گیا، دوسرے دن ایک بجے فارم 47 کے تحت میرے خلاف نتیجہ کا اعلان کیا گیا، 8 فروری کی رات میں ان سے جس حد تک دھاندلی ہو سکی کی گئی، عوام نے ووٹ دیا لیکن رات کے اندھیرے میں مینڈیٹ چوری کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن سے لے کر آر او آفس آنے تک دھاندلی کی مثال بنائی گئی، فارم 45 کے مطابق جو نتائج آنے تھے ان کو مکمل طور پر تبدیل کیا گیا، عالمی میڈیا دنیا کو بتائے کہ پاکستان کے عوام کو حق حکمرانی سے محروم کیا جا رہا ہے، ہم نے تمام اصل فارم 45 آن لائن بھی دستیاب کر دیے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کا مینڈیٹ کو چوری کیا گیا تو پاکستان میں استحکام نہیں آئے گا، نیشنل اور صوبائی اسمبلی کے پہلے ٹرن آوٹ اور بعد کے ٹرن آوٹ میں بڑا فرق ہے، عالمی آبزرورز کو چاہیے کہ دنیا کو دکھائیں کس طرح کی دھاندلی کی گئی ہے۔

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کراچی میں ہم بڑے اسکیل پر جیت رہے تھے، فارم 47 میں ہمیں کراچی سے کوئی سیٹ نہیں ملی، ہم نے تمام فارم 45 الیکشن کمیشن میں جمع کروا دئیے ہیں، یہ سب فارم 45 کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کہ نقل بنائے گئے ہیں۔

  • مسلح افراد نے این اے 56 کے آر او سے گن پوائنٹ پر سرکاری گاڑی چھین لی

    مسلح افراد نے این اے 56 کے آر او سے گن پوائنٹ پر سرکاری گاڑی چھین لی

    راولپنڈی میں مسلح افراد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 کے ریٹرننگ آفیسر (آر او) کی سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی۔

    تھانہ مندرہ میں آر او نظارت علی شاہ کے ڈرائیور کی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا گیا جس کے مطابق ریٹرننگ افسر مندرہ جی ٹی روڈ پر اپنے عزیز کے گھر ملنے گئے تھے۔

    ایف آئی آر کے مطابق نظارت علی شاہ عزیز کے گھر داخل ہوئے اور باہر دو مسلح افراد نے گاڑی چھین لی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ ملزمان نے تھوڑی دور چل کے ایک ویرانی میں گاڑی سے اتارا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ ملزمان کو جلد ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے گا۔

  • پنجاب، کراچی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، شاندانہ گلزار

    پنجاب، کراچی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، شاندانہ گلزار

    پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب، کراچی، اسلام آباد میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا اور انتخابی نتائج میں الیکشن ایکٹ 92 کی خلاف ورزی کی گئی۔

    شاندانہ گلزارنے کہا کہ پی ٹی آئی کو پنجاب سے 36 ملین ووٹ ملے اور وہاں سے 155 سیٹیں جیتیں مگر صرف 55 سیٹیں ہمیں دی گئیں۔ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں سیٹیں ہم نے جیتیں مگر تینوں پر ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ کراچی سے 25 لاکھ لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا مگر ہمیں ایک سیٹ نہیں ملی۔ جماعت اسلامی کو کراچی سے 8 لاکھ ووٹ ملے مگر ایک سیٹ نہیں دی گئی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تاریخ رہی ہے کہ پاکستان میں کبھی بھی کوئی الیکشن بغیر دھاندلی کے نہیں ہوا۔ 8 فروری کی رات تین بجے تک پی ٹی آئی 154 سیٹوں پر کامیابی کی جانب بڑھ رہی تھی لیکن صبح ہوتے ہوتے نتائج تبدیل ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں یاسمین راشد جیت رہی تھیں مگر صبح نواز شریف کو وہاں سے جتوا دیا گیا۔ سیالکوٹ میں ریحانہ ڈار کی فتح کو راتوں رات خواجہ آصف کی جیت سے تبدیل کر دیا گیا۔ این اے 47 اسلام آباد  سے شعیب شاہین جیت رہے تھے وہاں بھی طارق فضل چوہدری کو جتوایا گیا۔ این اے 56 پنڈی پر شہریار آفریدی جیت رہے تھے مگر فتح کا تاج حنیف عباسی کے سر سجایا گیا۔

    پی ٹی آئی نے 177 نشستیں جیتیں، 92 پر کامیابی دی گئی، ترجمان

    شاندانہ گلزار نے کہا کہ این اے 236 کراچی سےعالمگیر خان جیت رہے تھے مگر وہاں سے حسن صابر کو جتوادیا گیا۔ اس حلقے سے عالمگیر خان کو ایک لاکھ سے زائد ووٹ ملے مگر وہ حسن صابر کی جھولی میں ڈال دیئے گئے۔ اسی طرح ایاز امیر کو بھی راتوں رات نتیجہ تبدیل کر کے ہرا دیا گیا۔

  • پی ٹی آئی نے 177 نشستیں جیتیں، 92 پر کامیابی دی گئی، ترجمان

    پی ٹی آئی نے 177 نشستیں جیتیں، 92 پر کامیابی دی گئی، ترجمان

    پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کی 177 نشستیں جیتیں مگر 92 پر کامیابی دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کیخلاف الیکشن میں فراڈ کیا گیا۔ ہم نے قومی اسمبلی کی 177 نشستیں جیتیں مگر 92 پر کامیابی دی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ہونے والے الیکشن پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ دھاندلی شدہ انتخابات تھے جو اپنے دھاندلی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ فارم 45 کے مطابق جو آزاد امید وار جیتے تھے، وہ فارم 47 میں ہرادیئے گئے۔ قومی اور صوبائی اسمبلی میں جو ووٹ ڈالے گئے ان میں بہت بڑا فرق ہے۔

    رؤف حسن نے کہا کہ ہم نے 46 سیٹوں پر انتخابی عذر داری کی درخواستیں دی ہیں جب کہ ان 29 سیٹوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جہاں سے پی ٹی اائی جیتی ہے۔

  • اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں: اسلام آباد پولیس

    اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں: اسلام آباد پولیس

    ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اس لیے یہاں کسی بھی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پُرامن احتجاج سب کا بنیادی حق ہے مگر غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں دینگے، اس کے ساتھ پُرتشدد رویہ اختیار کرنے یا اکسانے والوں کے خلاف  کارروائی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی نے الیکشن میں دھاندلی کیخلاف آج وفاقی دارالحکومت میں دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔

    دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے 11 فروری سے وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 فافذ کر رکھا ہے، پولیس نے کہا تھا کہ غیرقانونی اجتماع کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کچھ افراد الیکشن کمیشن، دیگر سرکاری اداروں کے اطراف غیر قانونی اجتماعات پر اکسا رہے ہیں۔

  • اڈیالہ جیل میں چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی؟

    اڈیالہ جیل میں چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی؟

    راولپنڈی: مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد روانہ ہوگئے۔

    پرویز الٰہی سے ملاقات میں چوہدری وجاہت بھی چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیں، چوہدری سالک اور چوہدری شافع بھی ملاقات کا حصہ رہے۔

    ملاقات میں ملکی سیاسی مجموعی صورتحال اور خاندانی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

    (ق) لیگ کے قائدین اور پرویز الٰہی میں پونے تین گھنٹے ملاقات جاری رہی۔ ملاقات کے بعد چوہدری خاندان میڈیا سے گفتگو کیے بغیر وہاں سے روانہ ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی جس میں پی ٹی آئی رہنما کی صحت اور فراہم سہولیات پر بھی بات چیت کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک نے بتایا کہ پرویز الٰہی سے ملاقات میں کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی، وہ ہمارے بڑے ہیں اس لیے ملاقات کی۔

    چوہدری سالک نے بتایا کہ شکوے شکایات تو ہماری آپس کی باتیں ہیں۔

  • اداروں کے ساتھ کوئی غلط فہمی نہیں چاہتے، علی امین گنڈاپور

    اداروں کے ساتھ کوئی غلط فہمی نہیں چاہتے، علی امین گنڈاپور

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کیلیے نامزد امیدوار علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ میری پاکستان بھر کے کیسز میں ضمانت ہو چکی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جلد پشاور کا دورہ کر کے پارلیمانی پارٹی اجلاس بلاؤں گا، خیبر پختونخوا کو ویلفیئر صوبہ بنا کر امن و امان کی صورتحال بہتر کروں گا۔

    علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ اداروں کو اعتماد میں لیں گے اور اعتماد دیں گے، اداروں کے ساتھ کوئی غلط فہمی نہیں چاہتے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ صوبے میں صحت انصاف کارڈ فوری شروع کریں گے جبکہ لنگر خانے اور پناہ گاہیں بھی دوبارہ شروع کریں گے، لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کو اوورسیز پاکستانی چلائیں گے اس میں حکومتی وسائل استعمال نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق فلاحی کاموں کو فروغ دیا جائے گا، مالی مشکلات کے حل کی کوششیں شروع ہیں مسائل ختم ہو جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام، سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو اعتماد میں لے کر مسائل حل کریں گے، صوبے سے غربت کے خاتمے کیلیے بھرپور اقدامات کریں گے۔

    علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ تمام اراکین اسمبلی سے رابطے میں ہوں، باہمی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں گے۔