Tag: Elections Pakistan

  • ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن کی ووٹرز کے لیے ہدایات جاری

    ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن کی ووٹرز کے لیے ہدایات جاری

    اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ضمنی انتخابات کا میدان کل سجنے جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ووٹرز کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز ووٹ، پولنگ اسٹیشن اور حلقہ کی معلومات 8300 پر میسج کر کے حاصل کریں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر بزرگ شہری، حاملہ خواتین، معذور افراد اور خواجہ سراؤں کو ترجیح دی جائے گی۔

    ووٹ ڈالنے کے لیے اصل شناختی کارڈ ہمراہ لانا ضروری ہے، زائد المیعاد کارڈ پر ووٹ ڈالا جاسکتا ہے، ووٹرز کیمرہ یا موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں نہیں لے جاسکیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا، ’ووٹرز سے درخواست ہے سیکیورٹی اور پولنگ عملے سے تعاون کریں‘۔

    خیال رہے کہ ملک بھر کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کل ہونے جارہا ہے۔ ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز پہنچا دیے گئے۔ ضمنی انتخابات کے لیے 641 امیدوار میدان میں ہیں۔

    اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 1 ہزار 7 سو 27 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات ہوگی۔

  • ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو: شیری رحمٰن

    ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو: شیری رحمٰن

    اسلام آباد: الیکشن 2018 کے نتائج کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج الیکشن کمیشن کے سامنے جاری ہے۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتیں احتجاج میں شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج الیکشن کمیشن کے سامنے جاری ہے۔

    اس موقع پر سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ اسمبلیوں کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں بڑا فورم ملے گا، وہاں احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ الیکشن 2018 ملکی تاریخ کے بدترین الیکشن ہیں۔ عوام نے الیکشن 2018 کے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا کہ سب لوگوں کو آمادہ کریں گے پارلیمنٹ کاحصہ بنیں۔ پارلیمان کے اندر اپنا کردار ادا کریں گے اور احتجاج کریں گے۔ ملک کو اشتعال کی طرف نہیں لے جانے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018 پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے، 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو کوئی نہیں مانتا۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018 کے نتائج کو عوام و تمام جماعتوں نے مسترد کر دیا، نتائج ناقابل قبول ہیں۔ الیکشن اس طرح رگ کرنے سے قوم و عوام کا نقصان ہوگا۔

    راجہ ظفر الحق نے مزید کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے مؤقف پر ہم سب متحد ہیں۔ ووٹ کو عزت نہ دینے والوں نے پاکستان و عوام کا نقصان کیا۔