Tag: electricity load shedding

  • ماڑی پور روڈ پر بیٹھے مظاہرین کا اٹھنے سے انکار، پولیس کی وارننگ

    ماڑی پور روڈ پر بیٹھے مظاہرین کا اٹھنے سے انکار، پولیس کی وارننگ

    کراچی : ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، شہری لوڈ شیڈنگ کی اذیت برداشت کرتے کرتے اپنی قوت برداشت ختم کر بیٹھے۔

    کراچی کے علاقے ماڑی پور سمیت مختلف مقامات پر کئی کئی گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری گزشتہ رات سے سراپا احتجاج ہیں۔

    کراچی پولیس نے مظاہرین کو روڈ کلیئر کرنے کےلئے 10منٹ کا وقت دے دیا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

    اس موقع پر پولیس افسر کی بزرگ شہری سے تلخ کلامی بھی ہوئی جس کے بعد مظاہرین میں شامل ایک شخص کو گرفتارکرنے کی کوشش کی گئی۔

    مظاہرین کی جانب سے پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک کےالیکٹرک کے نمائندے ہمارا مسئلہ حل نہیں کرینگے ہم یہیں بیٹھے رہیں گے۔

    مظاہرین کو روکنے کیلئے لیاری ایکسپریس وے ماڑی پور جانے کیلئے بند کردیا گیا، گارڈن انٹرچینج پر موٹر وے پولیس کی جانب سے گاڑی لگا کرسڑک کو بند کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں : ملک بھر میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی

    ماڑی پور روڈ پر احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے کراچی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، روڈ بند کرنے کے باعث گارڈن انٹر چینج پر ٹریفک کا دباوٴ مزید بڑھ گیا۔

  • کراچی میں ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی میں ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی جس سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، بلدیہ اتحاد ٹاؤن، قائم خانی کالونی، گلشن غازی، اے بی سینیا لائن، جٹ لائن، لائنز ایریا، ملیر، درخشاں، وائر لیس گیٹ، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے گزشتہ روز ہی بجلی کی قیمتوں میں 1روپے 95 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا ہے۔

    نیپرا کے مطابق منظوری کا اطلاق صرف اکتوبر کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، اس سے چند روز قبل بھی نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 65 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

    نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت 16.44 سے بڑھ کر 18.09 روپے فی یونٹ ہوگئی جس کی وجہ سے بجلی صارفین پر 90 ارب روپے کا بوجھ پؑ رہا ہے۔

  • کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان

    کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان

    کراچی : شہر قائد میں بجلی کی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں کی پریشانی بڑھادی، لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری شدید گرمی میں بجلی کی مزید لوڈ شیڈنگ کیلئے تیار ہوجائیں کیونکہ کےالیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافے کا اعلان کردیا ہے، آج رات سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شہر بھر میں شروع کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گیس اور فرنس آئل میں کمی کی وجہ سے کےالیکٹرک کی پیداواری صلاحیت شدید متاثرہوئی ہے، گیس اور فرنس آئل کی فراہمی میں بہتری نہ آئی تو لوڈشیڈنگ مزید بڑھ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گرمی کی شدت کے باعث کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پہلے ہی اتنے پریشان ہیں کہ کہ ان کی رات کی نیند بھی پرسکون نہیں ہے اور اس پر ستم یہ کہ لوڈ شیدنگ میں مزید اضافے کا اعلان کردیا گیا۔

    گزشتہ روز بھی کراچی کے کئی علاقوں میں رات گئے بجلی کی فراہمی معطل رہی جب کہ شدید گرمی نے علاقہ مکینوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا۔

    کیماڑی بھٹہ ویلیج شانتی نگر، لیاقت آباد سی ون ایریا، گارڈن کے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ فری علاقہ ہونے کے باوجود ایک سے تین گھنٹے تک غیر اعلانیہ بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، متعدد بار شکایتی مراکز پر شکایات بھی درج کرائی گئی ہیں لیکن اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تکنیکی یا علاقائی فالٹس کے باعث آنے والے تعطل کو فوری درست کیا جاتا ہے جب کہ علاقائی فالٹس کی درستگی کے لیے صارفین 118 سے فوری رابطہ کریں۔

  • بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، 417 فیڈر ٹرپ

    بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، 417 فیڈر ٹرپ

    کراچی : شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی، بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے    417فیڈرٹرپ ہوگئے، تاحال بجلی کو بحال نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا، کے الیکٹرک کے 417فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔

    حالیہ بارش کے بعد کراچی کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک نے بارشوں میں نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے بارش کے شروع ہوتے ہی اپنے200 سے زائد فیڈر بند کردیئے تھے۔

    اس حوالے سے کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ نے شہریوں کو کرنٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک نے ٹرانسمیشن لائن میں ارتھنگ سسٹم بہتر کرنے کیلئے فیڈرز بند کیے۔

    کراچی میں بارش کے بعد جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کی گئی ہے ان میں سرجانی ٹاؤن، تیسرٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، سولجربازار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، کھوکھرا پار، ماڑی پور، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ، گلشن معمار، گلشن حدید اور اطراف کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے شکایتی نمبر پر بجلی کی بحالی کا کوئی وقت نہیں بتایا جارہا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایف بی ایریا بلاک ون، شریف آباد میں پی ایم ٹی دھماکے سے ٹرپ کرگئی، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، گلشن اقبال۔ گلستان جوہر میں بجلی معطل ہوگئی۔

    اس کے علاوہ اسٹار گیٹ، موریہ خان گوٹھ، وائرلیس گیٹ، الفلاح ماڈل کالونی، کاظم آباد سوسائٹی، پی آئی اے سوسائٹی، نارتھ کراچی، بفرزون، شادمان ٹاؤن، گلبہار رضویہ سوسائٹی میں بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ صدر پریڈی اسٹریٹ، ریگل اور اکبرروڈ پر کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

  • ذرا سی بارش: کراچی میں بجلی غائب، سڑکوں‌ پر پانی، ٹریفک جام

    ذرا سی بارش: کراچی میں بجلی غائب، سڑکوں‌ پر پانی، ٹریفک جام

    کراچی میں بارش سے کے الیکٹرک کے 260 فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے سبب شہر کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ ذرا سی بارش نے نکاسی آب کا بھی پول کھول دیا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے جگہ جگہ ٹریفک جام ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارش اور سردی کی پیش گوئی کردی۔ 

    اطلاعات کے مطابق شہر میں ہلکی بارش ہوتے ہی 260 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے اورکہیں کہیں بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹ گئے جس کے باعث گلشن اقبال،ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلستان جوہر، گارڈن ، بلدیہ، شاہ لطیف ٹائون، کورنگی، سائٹ ایریا، اورنگی، لانڈھی، نارتھ ناظم آباد میں بھی بجلی بند ہوگئی۔

    ٹریفک جام سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

    دوسری جانب کراچی کے مختلف شہروں میں ٹریفک جام کے سبب شہری رل گئے، شارع فیصل پر ٹریفک جام کے سبب ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں۔

    وقفے وقفے سے جاری ہلکی بارش نے نکاسی آب کا پول کھول کر رکھ دیا، شہر کی مختلف سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

    نمائندہ اےآر وائی نیوز سلمان لودھی کے مطابق صدر، ایم اے جناح روڈ، کھارادر میٹھادر اور دیگر اولڈ سٹی ایریا کی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کا گزرنا مشکل ہوگیا جس کی وجہ سے جگہ جگہ ٹریفک جام ہے۔

    محکمہ موسمیات کی مزید بارش اور سردی کی پیش گوئی

    اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ نے کہا ہے کہ کراچی میں سب سے زیادہ بارش مسرور ایئربیس پر 6ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اسی طرح نارتھ کراچی میں چار، ناظم آباد میں تین، کراچی ایئرپورٹ پر ایک، یونیورسٹی روڈ پر 2.2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔

    سردی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے، کوئٹہ میں منفی چار، اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی ایک، لاہور میں دو سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔


    دریں اثنا پہلی بارش ہوتے ہی شہریوں نے پکوڑے اور دیگر اشیا کھانے کو ترجیح‌ دی، بازار میں‌ پکوڑے، نمکو، سموسے اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی دکانوں پر لوگوں‌ کا رش لگ گیا۔


    بارش ہوتے ہی کچھ لوگوں‌ نے فورا ہی ساحل کا رخ کیا اور وہاں‌ سردی کے باوجود موسم سے لطف اندوز ہوئے۔