Tag: Electricity

  • رواں برس بجلی کی پیداوار میں نمایاں کمی

    رواں برس بجلی کی پیداوار میں نمایاں کمی

    اسلام آباد: رواں سال بجلی کی پیداوار میں کمی دیکھی گئی، نومبر 2022 میں بجلی کی پیداواری لاگت میں بھی 33.6 فیصد کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق نومبر 2021 کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں بجلی کی پیداوار میں 1.4 فیصد کمی ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر 2022 میں بجلی کی پیداوار کم ہو کر 11 ہزار 611 میگا واٹ رہ گئی، نومبر 2021 میں بجلی کی پیداوار 11 ہزار 780 میگا واٹ تھی۔

    ذرائع کے مطابق رواں سال اکتوبر کے مقابلے میں بھی نومبر میں بجلی کی پیداوار میں 21.8 فیصد کمی ہوئی۔

    مجموعی طور پر رواں مالی سال کے 5 ماہ میں بجلی کی پیداوار میں 8.3 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال کے 5 ماہ میں 16 ہزار 382 میگا واٹ جبکہ پچھلے مالی سال کے 5 ماہ میں 17 ہزار 856 میگا واٹ تھی بجلی پیدا کی گئی تھی۔

    نومبر 2021 کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں بجلی کی پیداواری لاگت میں بھی 33.6 فیصد کمی ہوئی، لاگت میں کمی کی وجہ کوئلے، نیو کلیئر اور سولر پلانٹس سے بجلی کی پیداوارمیں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔

  • روس اور چین کے درمیان تجارت نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے

    روس اور چین کے درمیان تجارت نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے

    ماسکو : روس اور چین کے درمیان باہمی تجارت نے ریکارڈ توڑ دیا، روس چین کو 4.4-4.5 بلین کلو واٹ بجلی فراہم کرے گا۔

    اس حوالے سے غیرملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس چین کے درمیان تجارتی ٹرن اوور میں گزشتہ سال کے مقابلے32فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    دونوں ممالک کے درمیان رواں سال تجارت کا حجم ریکارڈ172.4بلین ڈالر تک پہنچ گیا گزشتہ ماہ نومبر میں تجارتی ٹرن اوور18.2بلین ڈالر تک پہنچا۔

    رپورٹ کے مطابق چین نے رواں سال روس کو67.3 بلین ڈالر مالیت کی اشیا برآمد کیں، روس سے چین کی ترسیل47.5فیصد اضافے سے105.072 بلین ڈالرتک پہنچ گئی۔

    مغربی پابندیوں کے جواب میں روس کی رعایتی پیشکش سے چین نے بھرپور فائدہ اٹھایا، جنوری تا اکتوبر چین کوئلے کی درآمدات بڑھ کر53ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

    روس کی بجلی پیدا کرنے والی کمپنی انٹر نے میڈیا کو بتایا کہ ماسکو اور بیجنگ نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں 2022 میں روس کی بجلی کی برآمدات میں ریکارڈ 4.4 بلین کلو واٹ فی گھنٹہ اضافہ طے کیا گیا ہے۔

  • ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے بھی بڑھ گیا

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے بھی بڑھ گیا

    اسلام آباد: ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 251 میگا واٹ ہوگیا، ملک کے مختلف علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 251 میگا واٹ ہوگیا، ملک میں بجلی کی کل طلب 28 ہزار میگا واٹ اور مجموعی پیداوار 21 ہزار 749 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 7 ہزار 950 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، آئی پی پیز سے بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 700 میگا واٹ ہے، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 345 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری تھرمل پلانٹس 800 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، ونڈ پاور پلانٹس 730 میگا واٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 142 ہے، بگاس پاور پلانٹس سے 82 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

  • بارشیں اور سیلاب: بلوچستان میں بجلی بحال ہونے میں ایک ہفتہ لگے گا

    بارشیں اور سیلاب: بلوچستان میں بجلی بحال ہونے میں ایک ہفتہ لگے گا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بی بی نانی پل کے قریب این ٹی ڈی سی کے 10 اور پیر غائب کے علاقے میں کیسکو کے 132 کے وی کے 3 ٹاور گرے ہیں۔

    کیسکو کا کہنا ہے کہ 220 کے وی سبی، کوئٹہ، 132 کے وی سبی، کوئٹہ اور 220 کے وی دادو، خضدار ٹرانس میشن لائنوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    کیسکو کے مطابق مستونگ، نوشکی، چاغی، خاران اور دالبندین کے علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے، مجموعی طور پر صوبے کے 27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی تا حال معطل ہے۔

    کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو معمول پر آنے میں کم از کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

  • ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا

    ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا، بجلی کی طلب 26 ہزار اور پیداوار صرف 20 ہزار میگا واٹ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 192 میگا واٹ ہوگیا، ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار اور پیداوار 20 ہزار 808 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آبی وسائل سے 7 ہزار 900 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ جوہری ایندھن سے 2 ہزار 332 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری بجلی گھر 800 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، ونڈ پاور پلانٹس 875 ہزار اور سولر پلانٹس سے پیداوار 131 میگا واٹ ہے جبکہ بگاس پاور پلانٹس سے 70 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 5 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

  • بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

    بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

    اسلام آباد: بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے نیپرا میں‌ درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے کہ جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی مزید مہنگی کی جائے۔

    نیپرا اتھارٹی 31 اگست کو اس درخواست پر سماعت کرے گی، اضافے سے صارفین پر 65 ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ جولائی میں پانی سے 35.17 فی صد، کوئلے سے 12.74 فی صد، ڈیزل سے 1.46 فی صد، فرنس آئل سے 6.42 فی صد بجلی پیدا کی گئی۔

    سی پی پی اے کے مطابق ڈیزل سے پیدا بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی، فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 10.36 اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فی صد بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے پیدا بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔

    جوہری ایندھن سے 14.20 فی صد بجلی پیدا کی گئی، جس کی لاگت 1 روپے فی یونٹ رہی۔

    سی پی پی اے نے بتایا کہ جولائی کے لیے ریفرنس لاگت 6 روپے 28 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے 98 پیسے فی یونٹ رہی، اس طرح جولائی میں کل 13 ارب 76 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔

  • ملک میں بجلی کا بحران جاری

    ملک میں بجلی کا بحران جاری

    اسلام آباد: ملک میں بجلی کی طلب و رسد میں عدم توازن کے باعث بجلی کا بحران جاری ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 439 میگا واٹ ہوگیا، ملک میں بجلی کی مجموعی طلب 24 ہزار 900 میگا واٹ ہے جبکہ مجموعی پیداوار 18 ہزار 461 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آبی وسائل سے بجلی کی پیداوار 6 ہزار 700 میگا واٹ ہے، آئی پی پیز کی بجلی کی پیداوار 7 ہزار 500 میگا واٹ اور نیو کلیئر پاور پلانٹس سے 2 ہزار 425 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری تھرمل پلانٹس 830 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، ونڈ پاور پلانٹس 786 میگا واٹ اور سولر پلانٹس 145 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

    بجلی کی طلب و رسد میں عدم توازن کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

  • ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے ساتھ شارٹ فال میں بھی اضافہ

    ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے ساتھ شارٹ فال میں بھی اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ ہوگیا، ملک بھر میں کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا، بجلی کی طلب 29 ہزار میگا واٹ ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال بڑھ کر 7 ہزار میگا واٹ ہوچکا ہے۔

    ملک بھر میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، لیسکو کا شارٹ فال 400 میگا واٹ ہوگیا ہے۔

  • آئی ایم ایف کی شرط: بجلی مزید مہنگی کرنے کی تجویز

    آئی ایم ایف کی شرط: بجلی مزید مہنگی کرنے کی تجویز

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر عمل درآمد کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 91 پیسے بڑھانے کی درخواست نیپرا میں بھجوا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر عمل درآمد مکمل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 91 پیسے بڑھانے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی۔

    وفاقی حکومت نے یکساں ٹیرف کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کروائی ہے، نیپرا کی جانب سے وفاقی حکومت کی درخواست پر کل سماعت ہوگی، سماعت کے بعد فیصلہ نوٹی فکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا۔

    درخواست میں کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھانے کا ارادہ ہے، جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز ہے، اگست میں بجلی مزید 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے گی۔

    بعد ازاں اکتوبر سے بجلی کا بنیادی ٹیرف 91 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی تجویز ہے۔

  • بجلی کاٹنے کی دھمکی دے کر لوگوں سے رقم وصول کی جانے لگی

    بجلی کاٹنے کی دھمکی دے کر لوگوں سے رقم وصول کی جانے لگی

    بھارت میں جعلسازوں کے ایک گروہ نے لوگوں کو ان کے گھر کی بجلی منقطع کرنے کا فریب دے کر ان سے رقم اینٹھنی شروع کردی، بڑی تعداد میں لوگوں نے اس دھوکے کے خلاف شکایات درج کروائیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گروہ ریاست مہاراشٹر میں اچانک سرگرم ہوا ہے، سب سے پہلے راہول نام کے ایک شخص کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں اسے بتایا گیا کہ اس نے پچھلے مہینے کا بجلی کا بل ادا نہیں کیا۔

    راہول کو کہا گیا کہ وہ فوری طور پر بجلی کا بل ادا کرے ورنہ شام تک اس کے گھر کی بجلی منقطع کردی جائے گی، مزید معلومات کے لیے اسے ایک نمبر پر کال کرنے کا بھی کہا گیا۔

    راہول کو یاد نہیں تھا کہ اس نے بجلی کا بل ادا کیا ہے یا نہیں، چنانچہ اس نے مذکورہ نمبر پر کال کی اور تھوڑی ہی دیر میں اسے اندازہ ہوگیا کہ یہ کوئی جعلساز اسکیم ہے۔

    ایسی ہی شکایات ریاست کے دیگر شہروں سے بھی سامنے آنی شروع ہوگئیں۔

    شکایات کنندگان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے انہیں فون کر کے خود کو بجلی کمپنی کا نمائندہ ظاہر کیا اور ایک اکاؤنٹ نمبر دے کر کہا کہ وہ اپنا بجلی کا بل اس اکاؤنٹ میں جمع کروائیں۔

    بعض افراد کو ایک اسمارٹ فون ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کرنے کا کہا گیا، ٹیم ویور نامی یہ ایپ صارف کے موبائل کا کنٹرول حاصل کرلیتی ہے۔

    مذکورہ شکایات سامنے آتے ہی ریاستی بجلی کمپنی، ٹیلی کام کمپنیز اور پولیس متحرک ہوگئی، تینوں نے اپنے طور پر آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں کو کسی بھی قسم کی رقم ٹرانزکشن سے گریز کی ہدایت کردی۔

    شہریوں کے لیے مندرجہ ذیل ہدایات جاری کی گئیں۔

    اس قسم کے کسی بھی میسج کی پہلے تصدیق کریں۔

    غیر مصدقہ ذرائع کو رقم نہ بھیجیں۔

    فون پر بتائی گئی کوئی ایپ انسٹال نہ کریں۔

    کسی کے پرائیوٹ فون نمبر یا اکاؤنٹ میں کوئی رقم نہ بھیجیں۔

    اپنی ذاتی معلومات کسی کو فراہم نہ کریں۔