Tag: Electricity

  • کراچی: مینٹیننس کے نام پر 15 گھنٹے سے زائد بجلی بند

    کراچی: مینٹیننس کے نام پر 15 گھنٹے سے زائد بجلی بند

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اتوار کے روز کے الیکٹرک نے بجلی کی مینٹیننس کے نام پر 15 گھنٹے سے زائد بجلی بند کیے رکھی، وزیر اعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کو لاک ڈاؤن میں بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت کی تھی جس کی حسب معمول دھجیاں اڑا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے باوجود کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، اتوار کے روز مینٹیننس کے نام پر شہر کے مختلف علاقوں میں 15 گھنٹے سے زائد بجلی بند رکھی گئی۔

    کے الیکٹرک سے جاری شدہ مسیج کے مطابق صبح 8 سے رات 9 بجے تک بجلی بند رہے گی تاہم شہریوں کے مطابق صبح 8 بجے سے بند بجلی رات 11 بجے تک بھی بحال نہ ہوسکی۔

    کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، اورنگی، سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد، اسکیم 33، گلشن معمار، کیماڑی، نارتھ ناظم آباد، قائد آباد اور ملیر میں بھی تاحال بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کو لاک ڈاؤن میں بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی بہتر فراہمی کے لیے مینٹیننس شٹ ڈاؤن ضروری ہے، بجلی چوری اور نقصانات والے علاقوں میں قواعد و ضوابط کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔

    ترجمان کے مطابق کورنگی، اورنگی، سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد اور لیاری میں بجلی کی فراہمی جاری ہے، شہری علاقائی فالٹس کی درستگی کے لیے 118 یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔

  • مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبرٕ

    مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبرٕ

    ماسلام آباد : چیئر مین نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی 62 سے 68 پیسے فی یونٹ تک سستی ہوسکتی ہے تاہم فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا میں مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کےتحت فی یونٹ بجلی61پیسےسستی کرنےکی درخواست پرسماعت ہوئی ، سماعت چیئرمین نیپراتوصیف ایچ فاروقی نے کی۔

    اتھارٹی کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ مارچ میں8ارب61کروڑیونٹ بجلی تقسیم کارکمپنیوں کوفراہم کی گئی، مارچ میں فی یونٹ بجلی پرفیول لاگت کا تخمینہ 6روپے22پیسےتھا تاہم مارچ میں فی یونٹ بجلی پیداوارپرلاگت5روپے61پیسےرہی۔

    چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا فرنس آئل کااستعمال کیوں کیاگیا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا بجلی پیداوارمیں گیس کااستعمال کیوں کم رہا، جس پر نیشنل پاورکنٹرول سینٹر نے بتایا تکنیکی مسائل درپیش تھےپلانٹ کوایل این جی کمی آگئی تھی۔

    نیپرانےمارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی سماعت مکمل کرلی، چیئر مین نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی62سے68پیسےفی یونٹ تک سستی ہوسکتی ہے تاہم نیپرافیصلہ بعدمیں جاری کرے گی۔

  • بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایات

    بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کرنے اور بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی عمر ایوب، چیئرمین نیپرا، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، ندیم بابر، وفاقی سیکریٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں ہر سطح پر اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توانائی شعبے میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی کی حکومتوں کے معاہدوں کے باعث چیلنجز کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں بر وقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالا گیا، ترسیل و تقسیم میں نقصانات کو بھی نظر انداز کیا گیا۔ حکومت کو توانائی کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، سابقہ دور کی بدانتظامیوں کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 300 یونٹس تک استعمال پر صارفین کو ہر ممکن ریلیف دے رہے ہیں، عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔ کوشش ہے بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جس حد تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

  • بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار گلہری نکلی

    بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار گلہری نکلی

    پنسلوینیا : امریکہ کی ریاست پنسلوینیا میں ایک گلہری نے یوٹیلیٹی کھمبے پر چڑھ کر علاقے کی بجلی بند کردی، گلہری کی وجہ سے 765گھروں میں روز مرہ کے کام متاثر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میں لوگ اس وقت پریشان ہوگئے جب وہ صبح کے وقت اپنے گھروں میں معمولات میں مشغول تھے کہ اچانک لائٹ چلی گئی اور مکینوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے علاقائی عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ صبح 9:43 پر شروع ہونے والی بجلی کی بندش نے765 گھروں کو متاثر کیا کیونکہ ایک گلہری نے بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر علاقے میں بجلی کی فراہمی میں خلل ڈالا.

    علاقائی عہدیدار کے مطابق یہ گلہری کھمبے پر موجود بجلی کے بکس میں گھس گئی اور سارا نظام تہس نہس کرڈالا ، تاہم ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد علاقے کی بجلی بحال کردی گئی، اور کھمبے کے اطراف ایسے کور لگا دیئے گئے ہیں کہ جس سے کوئی بھی جانور کھمبوں میں لگے باکس تک نہ پہنچ سکے۔

  • بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری

    بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے عوام کے لیے اچھی خبر آگئی، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مؤخر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین کی زیر صدارت ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیئرمین نے کہا کہ سی پی پی اے حکام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بتائیں، تاہم سی پی پی اے کوئی واضھ جواز نہ دے سکی۔

    نیپرا نے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کردیا۔

    اس سے قبل دسمبر میں نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 40 پیسے مہنگی کی تھی۔

    نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کی 36 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جاری کیا گا تھا، کے الیکٹرک صارفین سے 9 ماہ میں وصولی کرے گا۔

    نیپرا کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے صارفین پر 18 ارب روپے کا بوجھ منتقل ہوا، ماہانہ 50 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی مہنگی نہیں کی گئی تھی۔

  • اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    نئی دہلی:نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ نے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت کرنے کا اعلان کر دیا، کیجریوال کا کہنا ہے کہ وی آئی پی شخصیات کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘201 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو نصف قیمت ادا کرنی ہوگی کیونکہ دہلی حکومت انہیں 50 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔

    انہوں نے اس فیصلے کو عام آدمی کے لیے تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں سب سے سستی بجلی دہلی میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر وی آئی پی شخصیات اور بڑے سیاستدانوں کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟ کیا میں نے یہ قدم اٹھا کر غلط کی؟

    اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے دارالحکومت کے 33 فیصد صارفین کو فائدہ ہوگا جو گرمی میں 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ سردیوں میں تقریباً 70 فیصد افراد کا بجلی کا استعمال 200 یونٹ سے کم ہوجاتا ہے۔

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کے نائب مَنیش سِسوڈیا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی طرح گھروں میں لائٹ اور پنکھے چلانے جتنی بجلی بھی عوام کے لیے ضروری ہے۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس اعلان کو الیکشن اسٹریٹیجی قرار دیا۔

    سربراہ بی جے پی دہلی مَنوج تیواری نے کہا کہ یہ اروند کیجریوال کی پارٹی کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ بی جے پی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اسے دو زاویوں سے دیکھ سکتے ہیں، یہ انتخابات سے قبل عوام کو متوجہ کرنے کی اسٹریٹیجی ہے، انہوں نے دہلی کے عوام سے 7 ہزار کروڑ لوٹے، عوام کو وہ یہ پیسے کب واپس کر رہے ہیں؟

  • کمرشل بجلی استعمال کرنے والے نان فائلرز کا ڈیٹا ایف بی آر کے حوالے

    کمرشل بجلی استعمال کرنے والے نان فائلرز کا ڈیٹا ایف بی آر کے حوالے

    لاہور: سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریکارڈ میں بجلی کے 32 لاکھ 60 ہزار صارفین کے نام موجود ہی نہیں، کمرشل سطح پر توانائی حاصل کرنے والے 25 لاکھ 20 ہزار صارفین غیر رجسٹرڈ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جون تک انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں اندراج نہ رکھنے والے صارفین کی ایک فہرست تیار کی ہے جو ایف بی آر کو فراہم بھی کی جاچکی ہے تاہم اس فہرست میں کراچی الیکٹرک کے صارفین کی معلومات شامل نہیں ہیں۔

    اس حوالے سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 2 لاکھ 67 ہزار 426 غیر رجسٹرڈ صنعتی صارفین ہیں جو نہ تو ٹیکس رول میں موجود ہیں نہ ہی انہوں نے نیشنل ٹیکس نمبر حاصل کیا اور نہ ہی سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر حاصل کیا ہے۔

    اس وقت ملک میں محض 26 ہزار 512 صنعتی صارفین نے ایس ٹی آر این حاصل کیا ہوا ہے جبکہ انکم ٹیکس میں صنعتوں کا اندراج انتہائی حوصلہ شکن ہے اور صرف 25 ہزار 871 صنعتی صارفین نے این ٹی این حاصل کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملک میں کمرشل سطح پر توانائی حاصل کرنے والے 25 لاکھ 20 ہزار صارفین غیر رجسٹرڈ ہیں۔ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 14 کے تحت پاکستان میں قابل ٹیکس فراہمی سے منسلک ہر شخص رجسٹرڈ ہونے اور ایس ٹی آر این حاصل کرنے کا مجاز ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مجموعی کمرشل صارفین کے محض 1.45 فیصد یعنی 36 ہزار 732 صارفین نے اب تک ایس ٹی آر این حاصل کیا ہے۔ اس ضمن میں عہدیدار نے بتایا کہ ہم چھوٹے کاروباروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے 2 نئی اسکیمز متعارف کروا رہے ہیں جس کے لیے ایک سے 2 روز میں فکسڈ ٹیکس کا اعلان کیا جائے گا۔

    دوسری جانب انکم ٹیکس کے حوالے سے بھی کمرشل صارفین کی تعداد بہت کم ہے اور ملک میں موجود کمرشل صارفین کی مجموعی تعداد میں سے صرف 1.47 فیصد یعنی 37 ہزار 146 صارفین نے این ٹی این حاصل کررکھا ہے۔

  • امریکا کی عراق کو ایران سے بجلی کی خریداری کی مہلت میں توسیع

    امریکا کی عراق کو ایران سے بجلی کی خریداری کی مہلت میں توسیع

    واشنگٹن : امریکا نے عراق کو ایران سے بجلی درآمد کرنے کی مہلت میں توسیع کرتے ہوئے مزید 120 دن تک ایران سے بجلی کی خریداری کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا نے عراق کو ایران سے بجلی درآمد کرنے کی مہلت میں توسیع کرتے ہوئے مزید 120 دن تک ایران سے بجلی کی خریداری کی اجازت دی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں عراق نے جنرل الیکٹرک اور سیمنس کمپنیوں کے ساتھ پانچ سالہ روڈ میپ معاہدے کی منظوری دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت بغداد بجلی سپلائی لائنوں کی مرمت، قدرتی گیس کے وسائل کو جمع کرنے کے لیے آلات اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 14 ارب ڈالر کابجٹ صرف کرےگا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ رواں سال اپریل میں سیمنس کمپنی نے عراق کو ایران سے تیل کی خریداری کی محدود اجازت دی تھی۔ اس وقت عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے کہا تھا کہ جرمن کمپنی مستقبل میں بڑے سمجھوتوں کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

    خبر رساں ایجنسی ‘رائیٹرز’ نےتینوں فریقوں سے رابطے کے ذریعے بتایا کہ امریکی دباؤ کے بعد عراق نے جنرل الیکٹرک اور سیمنس کو کنٹریکٹ کے لیے ٹینڈر داخل کرنے پر زور دیا۔ توقع ہے کہ بغداد حکومت دونوں کمپنیوں کو کنٹریکٹ دے دے گا۔

  • بجلی کے حصول کی خاطرچترال کی خواتین پہلی بارسڑکوں پر نکل آئیں

    بجلی کے حصول کی خاطرچترال کی خواتین پہلی بارسڑکوں پر نکل آئیں

    چترال: تاریخ میں پہلی بار علاقہ ورڈب کی خواتین نے بجلی کے حصول کے لیے تحصیل دروش کے مضافات میں گاؤں ورڈب کے لوگوں کے ہمراہ احتجاجی دھرنا دیا۔

     مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس جدید دور میں بھی ان کے لوگ بجلی اور پینے کی صاف پینے جیسے نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں گولین کے مقام پر 106میگا واٹ کا پن بجلی گھر مکمل ہوچکا ہے جس سے وافر مقدار میں بجلی چترال سے باہر اضلاع میں بھی فراہم کی جاتی ہے مگر چراغ تلے اندھیرا کے مصداق پر گاؤں ورڈب کے سینکڑوں مکین اس بجلی سے ابھی تک محروم ہیں۔

    اس کے علاوہ اس گاؤں میں پینے کی صاف پانی ابھی تک کوئی منصوبہ نہیں ہے اور لوگ دریا کا گندا پانی پینے پرمجبور ہیں جس سے وہ گردوں اور دیگر موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ دروش کے سماجی کارکن حاجی انذر گل نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ گاؤں ورڈب میں گوجر، پٹھان، چترالی اور مختلف قوموں کے لوگ رہتے ہیں مگر ان کو ابھی تک بجلی سے محروم رکھا گیا ہے۔

    ایک خاتون نے کہا کہ یہاں پینے کا صاف پانی بھی نہیں ہے اور دریائے چترال سے گندا پانی مٹکوں میں سروں پر  رکھ پہاڑی علاقے میں آباد اپنے گھروں  میں  لاتے ہیں جس سے ان کے گردے خراب ہورہے ہیں اور بچے متعدد بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔

    اس سلسلے میں ہمارے نمائندے نے پشاور الیکٹریسٹی سپلائی کمپنی (پیسکو) کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد امجد خان سے فون پر رابطہ کرکے ان سے پوچھا کہ ابھی تک یہ علاقہ بجلی سے محروم کیوں رہا ان کا کہنا تھا کہ اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر چترال ہمیں تحریری طور پر لکھے گا تو ہمارا ٹیم جاکر اس کا تحمینہ لگائے  گی ۔اس کے بعد ڈی سی چترال صوبائی یا مرکزی حکومت کی فنڈ سے پیسکو کو مطلوبہ رقم ادا کرے گا تو ہماری  ٹیم اس علاقے میں بجلی کی لائن بچھائے  گی۔

    مظاہرین کے کیمپ کا دروش کے اسسٹنٹ کمشنر عبدالولی خان نے بھی دورہ کرکے ان کے ساتھ مذاکرات کی اور ان سے دس دن کی مہلت مانگی۔ مظاہرین نے اس شرط پر اپنا احتجاج حتم کرنے کا عندیہ دیا کہ اگر ان کو دس دن میں بھی بجلی نہیں ملی تو پھر وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔

  • کے الیکٹرک کی مہم جاری، نادہندگان کے خلاف جلد کارروائی کا آغاز ہوگا

    کے الیکٹرک کی مہم جاری، نادہندگان کے خلاف جلد کارروائی کا آغاز ہوگا

    کراچی: شہرقائد میں بجلی کے واجبات کی وصولی کے لیے کے الیکٹرک کی مہم جاری ہے، نادہندگان کے خلاف جلد کارروائی کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بیس جنوری کے بعد نادہندگان کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق 20جنوری کے بعد واجبات پر قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے صارفین کے الیکٹرک کسٹمر کیئر سینٹرز اور سہولت کیمپس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    شہر کے مختلف علاقوں میں قائم سہولت کیمپس پر صارفین اپنے واجبات کی آسان ادائیگی کے علاوہ نئے کنکشنز کی رجسٹریشن بھی کرواسکتے ہیں۔

    کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کیمپس کے دورے کیے اور اس موقع پر صارفین کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔

    دوسری جانب شہریوں کو بل کی ادائیگی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    ایم ڈی کے الیکٹرک کی وزیرِ توانائی امتیاز شیخ کو بجلی شارٹ فال پر بریفنگ

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ایم ڈی کے الیکٹرک نے کہا تھا کہ ادارے کو 600 میگا واٹ کمی کا سامنا ہے، حب اور گھارو سے عنقریب 300 میگا واٹ بجلی ملنا شروع ہو جائے گی۔