Tag: elephants

  • فٹبال کا بخار عروج پر، ہاتھیوں کا ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ، ویڈیو وائرل

    فٹبال کا بخار عروج پر، ہاتھیوں کا ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ، ویڈیو وائرل

    ایوتھایا: قطر میں فیفا ورلڈ کپ کھیلے جانے کے دوران دنیا بھر میں فٹ بال کا بخار عروج پر ہے، تھائی لینڈ میں ہاتھیوں نے بھی اپنے ’ورلڈ کپ‘ میں بچوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔

    اس سلسلے میں روئٹرز نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں ہاتھیوں کو مہارت کے ساتھ نہ صرف گول کرتے ہوئے بلکہ گول کیپر کے طور پر گول بچاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر لگتا ہے کہ ہاتھی بھی فٹ بال کے سحر میں مبتلا ہیں، دنیا کے اس مقبول کھیل کا یہ سنسنی خیز مقابلہ تھائی لینڈ کے شہر ایوتھایا میں ہوا، جہاں ہاتھیوں نے اسکول کے بچوں کے ساتھ فٹ بال میچ کھیلا۔

    مختلف ممالک کے جھنڈوں سے پینٹ کیے گئے بلند قامت، بھاری بھر کم ہاتھیوں کو فٹبال کے پیچھے بھاگتے اور لاتیں مارتے دیکھا گیا، ہاتھیوں نے جس مہارت کا مظاہرہ کیا، دیکھنے والے یہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    اس میچ میں 13 ہاتھیوں نے اپنی فٹ بال کی مہارت کو مقامی اسکول کے بچوں کے خلاف آزمایا، منتظمین کا کہنا تھا کہ اس میچ کا مقصد مقامی سیاحت کو فروغ دینا اور کھیلوں کے لیے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

    ایک طالب علم نے کہا کہ اس میچ نے مجھے ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے مزید پرجوش کر دیا ہے، کیوں کہ میں نے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا تھا، میں کبھی نہیں جانتا تھا کہ ہاتھی فٹ بال کھیل سکتے ہیں۔

  • ہاتھیوں‌ نے گنے کے ٹرک کو ‘وصولی’ کے بغیر جانے نہیں دیا، ویڈیو وائرل

    ہاتھیوں‌ نے گنے کے ٹرک کو ‘وصولی’ کے بغیر جانے نہیں دیا، ویڈیو وائرل

    شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کے بارے میں تو آپ جانتے ہوں گے لیکن ایک ایسی دل چسپ ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انسان نہیں بلکہ ہاتھیوں کو ایک ٹرک کو ‘وصولی’ کے لیے روکے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ ویڈیو انڈین فاریسٹ سروس کے افسر پروین کاسوان نے ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہے، ویڈیو کے مطابق ہاتھیوں‌ نے گنے کے ٹرک کو ‘وصولی’ کے بغیر جانے نہیں دیا۔

    سڑک پر گنے کا ٹرک جا رہا تھا کہ دو ہاتھیوں نے اس کا راستہ روک لیا، اور اسے تب تک روکے رکھا جب تک ٹرک پر سوار شخص نے انھیں گنے پیش نہیں کیے۔

    یہ ویڈیو ایک بالغ اور ایک ہاتھی بچے کی ہے، جب ٹرک کے اوپر سے ہیلپر نے گنے کے گٹھے نیچے پھینکے تو دونوں ہاتھی اسے کھانے کے لیے نیچے کچے میں چلے گئے اور یوں سڑک کا راستہ صاف ہو گیا۔

    پروین کاسوان نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ آپ اس ٹیکس کو کیا کہیں گے؟

    اس ویڈیو کو 20 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گیا اور 65 سے زیادہ لائیکس حاصل ہو چکی ہیں، صارفین نے اس ویڈیو پر دل چسپ رد عمل کا اظہار کیا۔

    کسی نے لکھا یہ ہاتھی گیری ہے، کسی نے اسے ہفتہ وصولی کہا، کسی نے لکھا میٹھا ٹیکس۔

  • کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجود افریقی ہاتھی سخت تکلیف کا شکار

    کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجود افریقی ہاتھی سخت تکلیف کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے 4 افریقی ہاتھیوں کی طبی رپورٹ عدالت کو پیش کردی گئی، رپورٹ کے مطابق ہاتھی تکلیف میں ہیں اور انہیں فوری علاج کی ضرورت ہے، علاج میں تاخیر سے ہاتھیوں کی زندگی کو خطرات ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے 4 افریقی ہاتھیوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جرمن ڈاکٹر فرینک گورٹز کی جانب سے تیار کی گئی تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے گئے ہاتھیوں کا معائنہ کیا گیا، سفاری پارک میں رکھے ہاتھیوں کو خوراک کے مسائل درپیش ہیں، چڑیا گھر میں 2 ہاتھیوں کو دانتوں اور مسوڑھوں کے مسائل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ چاروں ہاتھیوں کو فوری طبی امداد کی اشد ضرورت ہے، ہاتھیوں کو فوری طبی تربیت اور اچھی صحت بخش خوراک کی ضرورت ہے۔ ہاتھیوں کے ٹوٹے دانت نکالنے، سرجری کرنے، انہیں ٹیٹنس اور بیکٹریا پوش ادویات دینے کی ضرورت ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اگر علاج میں تاخیر کی گئی تو ہاتھیوں کی زندگی کو خطرات ہوسکتے ہیں، تمام ہاتھیوں کو مستقل طور پر اچھا ماحول دیا جائے۔ روٹین کی بنیاد پر علاج اور بنیادی میڈیکل چیک اپ کروایا جائے۔

    جرمن ڈاکٹر کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ہاتھیوں کا معائنہ کرنے والی ٹیم 4 بین الاقوامی ڈاکٹرز اور ماہرین پر مشتمل تھی۔ ہاتھیوں کا جسمانی معائنہ، رویے، غذا اور پاؤں کا معائنہ کیا گیا۔

    جرمن ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ہاتھیوں کی ہلاکت کی ایک بڑی وجہ پاؤں کی تکلیف ہے، چاروں ہاتھیوں کے الٹرا ساؤنڈ بھی کیے گئے ہیں، ہاتھی موٹاپے کا شکار ہیں اور ان کا وزن بڑھا ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں رکھے گئے 2 ہاتھیوں کا ہیمو گلوبن کم ہے، ہاتھیوں کے ناخن کاٹے گئے اور دانتوں کی بھی سرجری کی گئی ہے تاہم ہاتھی ابھی بھی تکلیف میں ہیں۔

    سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ظفر راجپوت کا کہنا تھا کہ تشخیص ہوگئی ہے، اب بتایا جائے کہ علاج کیسے ہوگا۔ کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ جتنا ممکن ہے ہاتھیوں کا خیال رکھا جا رہا ہے۔

    این جی او کے وکیل نے کہا کہ علاج کی مناسب سہولیات دستیاب نہیں ہیں، اگر کے ایم سی ہم سے رجوع کرے تو علاج کروا سکتے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ کاون کی طرح ان ہاتھیوں کو بھی کمبوڈیا بھیج دیا جائے، کے ایم سی علاج کی درخواست دے تو عدالت اس پر حکم جاری کردے گی۔

    کے ایم سی کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں تفصیلی رپورٹ کی نقل فراہم کی جائے جس کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔

    عدالت نے رپورٹ کی نقل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 18 ہاتھی ہلاک

    بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 18 ہاتھی ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 18 ہاتھیوں کی موت واقع ہوگئی، ریاستی حکومت نے 18 ہاتھیوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آسام میں آسمانی بجلی گرنے سے 18 جنگلی ہاتھی ہلاک ہوگئے، محمکہ جنگلات کے افسر ایم کے یادو کا کہنا ہے کہ جمعرات کو گاؤں کے کچھ افراد نے ایک جگہ پر 14 ہاتھیوں کو مردہ پایا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسی طرح دیگر 4 ہاتھیوں کو بھی دوسری جگہ پر مردہ پایا گیا ہے۔ ریاستی وزیر جنگلات پاریمل سکلابیدیا کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت نے 18 ہاتھیوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیر کے مطابق ابتدائی رپورٹ دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ ہاتھیوں کی ہلاکت آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی ہے لیکن حتمی طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہاتھیوں کی ہلاکت کی اصل وجہ فرانزک ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ رپورٹ سے علم ہوگا کہ کہیں ہاتھیوں کی موت زہریلی چیز کھانے سے تو نہیں ہوئی۔

    مقامی فاریسٹ رینجر کا کہنا ہے کہ اس نے جلے ہوئے درخت دیکھے ہیں جب کہ گاؤں کے افراد کا بھی کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ہاتھیوں کی ہلاکت بدھ کو آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی ہو۔

  • بھارتیوں کا ہاتھیوں کو ریلوے ٹریک سے دور رکھنے کا انوکھا طریقہ

    بھارتیوں کا ہاتھیوں کو ریلوے ٹریک سے دور رکھنے کا انوکھا طریقہ

    نئی دہلی : بھارت میں ریلوے اتھارٹی نے ہاتھیوں کو ریل کے ٹریکس سے دور رکھنے کے لیے ایک نیا طریقہ اپنایا ہے،اس مقصد کے واسطے اسپیکرز کے ذریعے شہد کی مکھیوں کی آوازیں پھیلائی جاتی ہیں تا کہ اس بھاری بھرکم جانور کو خوف میں مبتلا کیا جا سکے۔

    تفصیلات کےمطابق سال 2013 سے لے کر رواں سال جون تک ٹرینوں سے متعلق حادثات میں تقریبا 70 ہاتھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں زیادہ تر واقعات دو ریاستوں آسام اور بنگال میں پیش آئے۔

    اس سلسلے میں پلان بی (شہد کی مکھی)کے حصے کے طور پر ریاست آسام کے وسیع و عریض جنگلات میں ہاتھیوں کی درجنوں گزر گاہوں پر 50 لاؤڈ اسپیکرز نصب کیے گئے ہیں، مذکورہ جنگلات میں ہاتھیوں کی تعداد 6 ہزار ہے جو بھارت میں موجود ہاتھیوں کی مجموعی تعداد کا 20% ہے۔

    بھارتی ریلوے اتھارٹی کے ترجمان پراناؤ جیوتی شرما نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم ہاتھیوں کو ریلوے ٹریکس کی جانب آنے کے ذرائع تلاش کر رہے تھے کہ ہمارے افسران اس آلے کا آئیڈیا لے کر ہمارے پاس آ گئے۔

    ترجمان کے مطابق یہ آلات ریل کے قریب آنے پر (شہد کی مکھیوں کی) مطلوبہ آوازیں بجنا شروع ہو جاتی ہیں جو 600 میٹر کے فاصلے تک سنی جا سکتی ہیں۔

    ان آلات کے فعّال اور مؤثر ہونے کی جانچ 2017 میں پہلے مقامی اور پھر جنگلی ہاتھیوں پر کی گئی تھی۔ اس کے بعد آلات کی تنصیب کا کام 2018 میں شروع کیا گیا۔

    یہ بات معروف ہے کہ ہاتھی شہد کی مکھیوں اور ان کے کاٹنے سے ڈرتے ہیں،جنوبی ہندوستان کی ریاست کیرالا میں دیہاتی لوگ دھاوا بولنے والے ہاتھیوں کو خود سے دور رکھنے کے واسطے شہد کی مکھیوں کے خانے آڑ کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں۔

  • چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سالہ قدیم باقیات دریافت

    چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سالہ قدیم باقیات دریافت

    فیصل آباد : ماہرین آثار قدیمہ کو چکوال کے علاقے میں کھدائی کے دوران ہاتھی کی ایک معدوم نسل کا دانت ملا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھی کی یہ نسل ایک کروڑ سال قبل افریقہ،ایشیا اور یورپ میں پائی جاتی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی جی سی یونیورسٹی نے چکوال سے ہاتھی کی معدوم نسل کی ایک کروڑ سال قدیم باقیات دریافت کرلی۔

    شعبہ زولوجی کو ڈھوک بن امیرخاتون کے مقام پر کھدائی کے دوران گومفوتھیرم کے دانت ملے، ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ہاتھی کی یہ نسل ایک کروڑ سال قبل افریقہ،ایشیا اور یورپ میں پائی جاتی تھی۔

    واضح رہے کہ ہاتھی جنگلی حیات میں جسیم اور طاقتور ترین ممالیہ جانور ہے، دنیا بھر میں ہاتھیوں کی عام طور پر تین اقسام پائی جاتی ہیں افریقی بش ہاتھی، افریقی جنگلی ہاتھی اور ایشیائی ہاتھی، جسے انڈین ہاتھی بھی کہا جاتا ہے جبکہ  ہاتھی کی بقیہ اقسام برفیلے زمانے میں تقریباً دس ہزار سال پہلے معدوم ہو چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: جہلم ، 33لاکھ سال پرانا ہاتھی کے دانت کا ٹکڑا دریافت

    ماہرین کے مطابق ایک ہاتھی کے عمومی حمل کی میعاد 22 مہینے ہوتی ہے جو کسی بھی زمینی جانور کے مقابلے میں طویل ترین میعادِ حمل ہے۔ پیدائش کے وقت ایک ہاتھی کے بچے کا عمومی وزن120کلوگرام تک ہوتا ہے۔ ایک ہاتھی کی طبعی زندگی عموماً70سال تک ہوتی ہے جبکہ کچھ ہاتھی اس سے زیادہ عرصے تک بھی زندہ رہتے ہیں۔

  • پولو کا انوکھا ٹورنامنٹ، ویڈیو دیکھیں

    پولو کا انوکھا ٹورنامنٹ، ویڈیو دیکھیں

    بنکاک: پولو کھیل کا نام سن کر آپ کے دماغ میں یقیناً تصویر بنے گی کہ سر سبز میدان میں کھلاڑی سبق رفتار گھوڑوں پر بیٹھے اپنی مہارت سے گیند کو گول میں پھینکنے کی کوشش کررہے ہوں گے۔

    مگر اس بار کھیل کو بہت الگ طریقے سے پیش کیا گیا، تھائی لینڈ میں انوکھا چار روزہ پولو ٹورنامنٹ منعقد ہوا جس میں کھلاڑی میدان میں گھوڑوں پر نہیں بلکہ ہاتھیوں پر بیٹھ کر آئے تھے۔

    پولو کو عام طور پر بادشاہوں کا کھیل تصور کیا جاتا ہے کیونکہ پرانے دور میں شہنشاہ اور وزیر سبق رفتار گھوڑے لے کر میدان میں آتے تھے اور ہاتھوں میں ایک ہاکی نما لکڑی لیے گیند کا تعاقب بھی کرتے تھے۔

    اس کھیل کے لیے منتخب ہونے والے گھوڑے اعلیٰ نسل کے ہوتے ہیں جو دوڑنے کے حوالے سے خاصی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، جس ٹیم کے پاس جتنا باصلاحیت کھلاڑی اور گھوڑا موجود ہوتا ہے وہی اس میں کامیابی حاصل کرتی ہے۔

    تھائی لینڈ میں صدیوں بعد پولو کے کھیل کو جدید اور انوکھے انداز میں پیش کیا گیا جہاں میدان میں گھوڑوں کے بجائے ہاتھی تھے اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ان پر بیٹھے گیند کا تعاقب کررہے تھے۔ ہاتھی گھوڑے کے مقابلے میں سست جانور ہے اس لیے منتظمین نے انوکھے ٹورنامنٹ کے لیے بنایا جانے والے کا فاصلہ بھی خاصہ کم کردیا تھا۔

    ویڈیو دیکھیں

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چار روزہ ٹورنامنٹ کو کنگز کپ کا نام دیا گیا تھا، اس ایونٹ میں 30 سے زائد ہاتھی میدان میں اترے اور انہوں نے کھیل میں حصہ لیا، ٹورنامنٹ سے حاصل ہونے والی رقم ہاتھیوں کے تحفظظ پر خرچ کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔