Tag: Eleventh hour

  • دھمکی آمیز خط جعلی ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دونگا، عمران خان کے ساتھی کا اعلان

    دھمکی آمیز خط جعلی ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دونگا، عمران خان کے ساتھی کا اعلان

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز خط جعلی ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دونگا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں شریک وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز خط حقیقت ہے اگر یہ جعلی ثابت ہوا تو میں ہمیشہ کیلیے سیاست چھوڑ دوں گا۔

    عثمان ڈار نے دوران پروگرام ہی شریک دوسرے مہمان بی اے پی رہنما خالد مگسی کو پیشکش کی کہ اگر دھمکی آمیز یہ دستاویز آپ کو دکھادیں تو کیا آپ اپنا حکومت سے علیحدگی اور اپوزیشن سے اتحاد کرنے کا فیصلہ بدل لیں گے۔ مجھے امید ہے کہ خالد مگسی کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ملک اور قوم کے مفاد میں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں تو کہہ رہا ہوں کہ اگر دھمکی آمیز دستاویز غلط ثابت ہوئی تو میں ہمیشہ کیلیے سیاست چھوڑ دونگا لیکن اگر یہ خط درست ثابت ہوا تو کیا مفتاح اسماعیل سیاست چھوڑ دینگے۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ دھمکی آمیز خط ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، یہ قطری خط نہیں بلکہ تصدیق کیلئے ہم نے چیف جسٹس کو دکھانے کی آفر کی ہے۔ یہ دھمکی آمیز مراسلہ دوسرے ملک کی جانب سے آیا ہے اور یہ دستاویز تحریک عدم اعتماد سے ایک دن پہلے بھیجا گیا ہے۔ دستاویز میں واضح کہا گیا ہے کہ عمران خان کو نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس دستاویز میں بھی اپوزیشن کو نالائق ہی لکھا گیا ہے یعنی دھمکی دینے والوں کو بھی اپنے سہولت کاروں پر اعتماد نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آزاد خارجہ پالیسی کی بات کرتے ہیں اسی لیے بہت مخالفت ہے اور اپنے نظریے پر کھڑا رہنے کی ہی وہ قیمت ادا کررہے ہیں۔ کیا امریکی صدر بائیڈن رجیم چینج کی باتیں نہیں کر رہا۔ عمران خان واضح کہہ چکے ہیں کہ کبھی جھکوں گا اور نہ اپنی قوم کو جھکنے دوں گا۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نے مزید کہا کہ پاور پلے میں اپوزیشن اچھا کھیلی اب ہماری باری ہے۔ چوکے چھکےمار رہے ہیں، ایم کیو ایم سے متعلق بھی کل تک خوشخبری مل جائیگی۔

    عثمان ڈار نے دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد پانچ یا چھ ووٹوں سے ناکام ہوجائے گی، ایم کیو پاکستان اور باقی دیگر اتحادی بھی ہمارا ساتھ دینگے۔

  • پنجاب اسمبلی میں داخلے سے کس کی ایما پر روکا گیا؟ فردوس عاشق اعوان نے بڑا دعویٰ کردیا

    پنجاب اسمبلی میں داخلے سے کس کی ایما پر روکا گیا؟ فردوس عاشق اعوان نے بڑا دعویٰ کردیا

    کراچی: سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے کس کی ایما پر روکا گیا؟ فردوس عاشق اعوان نے لب کشائی کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسمبلی میں جانے کی اجازت تو اسپیکرکی جانب سے دی جاتی ہے، پہلے پہل مہمانوں کی فہرست میں میرا نام شامل تھا، بعد ازاں نام کو کاٹ دیا گیا۔

    سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ق لیگ کے رہنما کو پی ٹی آئی میں شامل کرایا یہ میرا قصورتھا، واقعے کے بعد راجہ بشارت کو فہرست سےمیرانام نکالنے کی تحقیقات کا کہا گیا ہے، جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔

    فردوس عاشق اعوان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہرحال میں ن لیگ کو ٹف ٹائم دیناہے، پروگرام میں شریک پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے کہا کہ فردوس عاشق کیساتھ جو ہوا سیاسی تقاضوں کےبرخلاف ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: باجی فردوس سے گھر اور باہر والوں نے آنکھیں پھیر لیں

    واضح رہے کہ آج سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا، فردوس عاشق اعوان کا نام مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں تھا ، وہ نومنتخب ایم پی اےاحسن بریار کی حلف برداری پراسمبلی آئی تھیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب نہ میں معاون خصوصی ہوں اور نا ہی ممبراسمبلی ، داخلے کی اجازت دینا اسپیکر پنجاب اسمبلی کا استحقاق ہے، بعد میں دیکھوں گی کس نے روکا ہے مجھے، ، فردوس عاشق اعوان نے مزیدکہا کہ نئی ذمہ داری دینے کا وزیراعظم ،وزیراعلی نے فیصلہ کرنا ہے، میں بطور پارٹی ورکر کام کروں گی۔

  • فاروق ستار نے متحدہ لندن اور پی ایس پی کو چیلنج کردیا

    فاروق ستار نے متحدہ لندن اور پی ایس پی کو چیلنج کردیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے  سلمان مجاہد بلوچ کا یہ الزام غلط ہے کہ میں بالواسطہ طور پر الطاف حسین سے رابطے میں ہوں، اگر انہیں پتا تھا تو اسی دن ہم سے الگ کیوں نہیں ہوگئے؟ پی ایس پی اور لندن کو چیلنج دیتا ہوں کہ ہمارے استعفوں سے خالی ہونے والے نشستوں پر انتخابات میں  ہمارا مقابلہ کرلیں آئے دال کا بھاؤ پتا چل جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بہت محتاط ہوں اور میں نے ایک لائن ڈرا کر رکھی ہے احتیاط کی، جو پی ایس پی جارہا ہے میں اسے بھی فون نہیں کرتا کہیں وہ اسے دھمکی کے زمرے میں نہ لے۔

    الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں، الزام غلط ہے

    سترہ ستمبر کو الطاف حسین کی سالگرہ منائی کہ نہیں؟ اس سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ ہم اپنے کام پر تھے، ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں، کوئی خفیہ یا کسی کے ذریعے مبارک باد کا پیغام نہیں دیا، سلمان مجاہد بلوچ کا یہ الزام غلط ہے کہ میں بالواسطہ طور پر الطاف حسین سے رابطے میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ الزام ایسے لوگ لگارہے ہیں جن کی سیاست ہی الزامات پر ہے ، اس ایم این اے کو چاہیے تھا کہ اسی وقت پارٹی چھوڑ دیتا جب اس کے علم میں یہ بات آئی۔

    ملک سے متعلق مہاجروں کا ریفرنڈم کرایا جائے

    انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں اور ریفرنڈم میں بڑا فرق ہے، کچھ سیٹوں کے بجائے سب کی بات کرتے ہیں ریفرنڈم کرایا جائے تو سامنے آجائے گا کتنے مہاجر ملک کے خلاف ہیں؟ کتنے ملک دشمنی پر مبنی نعروں کے حامی ہیں اور کتنے نظریہ اور آئین پاکستان کے ساتھ ہیں۔

    فاروق ستار کا پی ایس پی اور متحدہ لندن کو چیلنج

    فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے خود کو آزمائشوں میں ڈالا پی ایس پی نے نہیں، انہوں نے صرف دعوے کیے ہیں، میں پی ایس پی اور ایم کیو ایم لندن دونوں کو چیلنج دیتا ہوں کہ ہمارے استعفوں سے خالی ہونے والے نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پی ایس پی، لندن اور پاکستان آجائیں پھر ہم دیکھتے ہیں کسے ووٹ ملتے ہیں، آٹے دال کا بھاؤپتا چل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ میں چیلنج دیتا ہوں آئیں اور الیکشن لڑیں، اخلاقیات کا درس دینا اور بات ہے اور پائنچے چڑھا کر پانی میں اترنا اور بات ہے، یہ ہم نے کہا ہے کہ ہمارے استعفی قبول کیے جائیں اور انتخابات کرائے جائیں۔

    مسنگ پرسن کےگھرانے روز گھر پر آتے ہیں

    ایک سوال پر سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ مجھ پر مسنگ پرسنز کے گھرانوں کے دباؤ ہیں، روزانہ پانچ سے چھ گھرانے آتے ہیں جو مجھ سے دفتر یا گھر پر آکر ملاقات کرتے ہیں، میں اپنے بات پر قائم ہوں کہ اگر میرے سوالات کے جوابات نہ ملے یا میرا کوئی اور ایم پی اے پارٹی چھوڑتا ہے تو میں استعفی دے دوں گا، میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔

    نیب کو آج نہیں تو کل یہ گرفتاریاں کرنی تھیں

    ڈاکٹر فاروق ستار نے شرجیل میمن کے معاملے پر کہا کہ نیب کو آج نہیں تو کل یہ کرنا تھا، نیب یا تو سب کو بلا کر سوالات کرے اگر ضرورت محسوس ہو تو گرفتاری کرلے، دوسرا طریقہ یہی ہے کہ براہ راست گرفتار کرلے، شرجیل میمن پتا نہیں کیا سوچ کر باہر گئے اور کیا سوچ کر واپس آئے۔


    انہوں نے کہا کہ میں نے پی پی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا تھا وہ فہرست سپریم کورٹ نے بنائی تھی جس میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں، میں کسی کو بغیر ثبوت کے کرپٹ نہیں کہہ سکتا۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن میں‌ فائرنگ شہباز شریف کے حکم پر ہوئی، لطیف کھوسہ

    سانحہ ماڈل ٹاؤن میں‌ فائرنگ شہباز شریف کے حکم پر ہوئی، لطیف کھوسہ

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کےحکم پر ماڈل ٹاؤن میں لوگوں پر فائرنگ کی گئی، 14 لوگوں کو قتل کرنے کے بعد کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پولیس اہلکار وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے تیار ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں بات چیت کرتے ہوئے کہ۔

    سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ نواز شریف نے قومی دولت کو لوٹا، جمہوریت کو نقصان پہنچایا، پیپلز پارٹی آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، سیاست میں کوئی حتمی چیز نہیں ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پورا خاندان 6 ماہ میں جیل میں ہوگا، نواز شریف اور ان کے خاندان سے کوئی بات نہیں کریں گے، کوئی نئی قیادت آئے گی تو دیکھیں گے۔

    کروڑوں روپے کی پیشکش ہوئی لیکن لواحقین نہیں جھکے، عوامی تحریک

    عوامی تحریک کے رہنما قاضی فیض الاسلام نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد جاری رہے گی،شہدا کو انصاف دلائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، انصاف تک عوامی و قانونی جدوجہد جاری رہے گی۔


    فیض الاسلام نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی ایما پر 14 لوگوں کو قتل کیا گیا، شہدا کے لواحقین کو کروڑوں روپے کی پیشکش کی گئی، آئین اور قانون کے مطابق قصاص لیں گے۔

    جسٹس باقر نے حکمرانوں کو ذمہ دار ٹھہرایا، پی ٹی آئی

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے کہا کہ باقر نجفی کی رپورٹ میں انہیں ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے، حکمران باقر نجفی کی رپورٹ کو کیوں شائع نہیں کررہے؟ رانا ثنا اللہ کا اسمبلی میں دیا گیا بیان ریکارڈ پر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے اصولوں پر ہی الیکشن لڑے گی، میاں نواز شریف کی کشتی ڈوب چکی ہے۔

  • پاکستان کو اسلامی اتحاد کا‌ حصہ نہیں بننا چاہیے، پرویز مشرف، خصوصی انٹرویو

    پاکستان کو اسلامی اتحاد کا‌ حصہ نہیں بننا چاہیے، پرویز مشرف، خصوصی انٹرویو

    اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اسلامی اتحادی افواج کا معاملہ نازک ہے، پاکستان کو اس اتحاد کا حصہ نہیں بننا چاہیے، یہ واضح نہیں کہ اتحاد کارروائی کس کے خلاف کرے گا، نواز شریف کے ہر آرمی چیف سے تعلقات کشیدہ رہے، بہت مذاق اڑ چکا، نواز شریف کی جگہ ہوتا تو استعفیٰ دے دیتا۔

    نواز شریف کے دور حکومت میں سول ملٹری تعلقات میں ہمیشہ کشیدگی رہی، آصف نواز،وحید کاکڑ،جہانگیر کرامت کےساتھ کشیدگی رہی، نواز شریف اور راحیل شریف کے درمیان معاملات بس ٹھیک تھے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروبرام الیونتھ آور میں شرکت کے دوران میزبان وسیم بادامی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کچھ نہ کچھ ایسا کرتے ہیں جس سے سول ملٹری تعلقات میں کشیدگی آجاتی ہے اس لیے ان کی ہر دور میں اپنے آرمی چیف سے تعلقات میں کشیدگی رہی،آصف نواز،وحید کاکڑ،جہانگیر کرامت کے ساتھ کشیدگی رہی، راحیل شریف سے معاملات بھی بس ٹھیک ہی تھے۔

    واضح نہیں اسلامی اتحاد کس کے خلاف کارروائی کرے گا؟

    اسلا می اتحاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ایسا فوجی اتحاد نہیں بننا چاہیے جو فرقہ وارانہ ہو، اسلامی ملکوں کی اتحادی افواج کا معاملہ نازک ہے، پاکستان کو اسلامی ملکوں کی اتحادی فوج کا حصہ نہیں بننا چاہیے، اسلامی اتحادی فوج کی کامیابی کے امکانات ہوں تو حصہ بنے، یہ بات مبہم ہے کہ اسلامی اتحادی فوج کس کے خلاف کارروائی کرے گی، سعودی عرب،ایران اور ترکی کے درمیان پاکستان رابطہ کار ہے۔

    نواز شریف کی جگہ ہوتا تو اب تک استعفیٰ دے چکا ہوتا

    پاناما لیکس کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کی فیملی کا بہت مذاق اڑ چکا، اگر ان کی جگہ میں ہوتا تو اب تک استعفیٰ دے چکا ہوتا، شیخ رشید نے صحیح کہا ہے کہ پپو دو پرچوں میں فیل اور تین میں کمپارٹ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کا فیصلہ کنفیوز ہے، ہر شخص وکٹری کا نشان بنا رہا ہے۔

    شفاف انتخابات ہوئے تو ن لیگ ہار جائے گی، پی ٹی آئی مضبوط ہے

    مشرف نے انتخابات پر کہا کہ ن لیگ حکومتی مشینری کو غلط استعمال کرتی ہے،الیکشن میں حکومتی مشینری سے ہی ن لیگ جیت جاتی ہے اگر شفاف انتخابات ہوئے تو ن لیگ نہیں جیت سکتی، شفاف انتخابات ہوئے تو پی ٹی آئی کی پارٹی مضبوط ہے تاہم سندھ میں عمران خان کی انتخابات سے متعلق کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔

    تیسری سیاسی قوت بننے کے لیے پاکستان آنا چاہتا ہوں

    انہوں نے کہا کہ ملک میں تیسری سیاسی قوت کی کمی ہے، اگر پاکستان میں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت اور سیکیورٹی ملی تو تیسری سیاسی قوت بننے کے لیے پاکستان آنا چاہوں گا لیکن حالات موافق نہ ہوئےتو پاکستان نہیں آؤں گا۔

    انتخابات میں قائد متحدہ کے نمائندے فاروق ستار اور مصطفی کمال کو ہرادیں گے

    الطاف حسین سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں بانی ایم کیو ایم کا اب بھی گہرا اثر ہے، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار عوام کو اپنا اسیر نہیں بناسکے، ان دونوں کو عوام میں پذیرائی حاصل نہیں ہے انتخابات میں فاروق ستار کے سامنے بانی ایم کیو ایم کےنمائندےجیت جائیں گے۔

    احسان اللہ اور کلبھوشن میں فرق ہے، کلبھوشن کو ہرصورت پھانسی دی جائے

    کلبھوشن یادیو پر انہوں نے کہا کہ احسان اللہ اور کلبھوشن میں فرق ہے، کلبھوشن یادیو دہشت گرد ہے اسے ہر صورت پھانسی دی جائے، افغان سرحد پر پاکستان کے خلاف بھارت متحرک ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کو ہوا دیتا ہے۔

    ایران کے مقابلے میں عربوں نے ہماری زیادہ مدد کی

    انہوں نے کہا کہ ایران کےساتھ سرحد کے معاملے پر مذاکرات ہوسکتے ہیں،ایران کے مقابلے میں عرب خطے نے ہماری زیادہ مدد کی ہے، عرب خطے کے لیے ہمیں کردار ادا کرناچاہیے۔

  • پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت پرغورکررہے ہیں، عمران خان

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت پرغورکررہے ہیں، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت پر غور کررہی ہے۔ نواز شریف نے پاکستان میں کرپشن ایجاد کی، وہ کرپشن کا بادشاہ ہے۔ نواز شریف نے کہا تھا ہم احتساب کے لئے تیار ہیں اور اب وہ وقت مانگ رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے بتایا کہ ترک سفیر کی درخواست پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہ جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کیلئے اہم اجلاس بلالیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج شام تک شریف خاندان نے ثبوت عدالت میں پیش کرنے تھے ،جو نہیں کئے گئے۔شریف خاندان اگر ثبوت پیش کردے تو عدالت جلد ہی سماعت کرے گی ۔وزیرا عظم اپنی کرپشن بچانے کے لئے ادارے تباہ کرتا ہے،ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک بھی خوشحال ہو جائے گا۔

     

    ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے،مودی کی کوشش ہے کہ پاکستان کو دباو میں رکھا جائے جبکہ پلانٹڈ خبر کے زریعے مودی کا ہی موقف پیش کیا گیا تھا۔پاکستان کے عوام کو پاک فوج کی جتنی ضرورت آج ہے شاید ہی اس سے پہلے کبھی ہوئی ہو،فوج کو کبھی بھی اپنے لوگوں کے خلاف استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

     

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم پاناما کیس جیت گئے تو پاکستان بالکل بدل جائے گا،طاقت ور پہلی بار کٹہرے میں کھڑا ہے جو آج سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ سپریم کورٹ میں نواز شریف کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں آیا،ہمارے وکلاء کی کوشش ہے کہ پاناما کیس جلد از جلد اپنے اختتام تک پہنچے۔ اگر سپریم کورٹ پاناما کیس خود سنتی ہے تو فیصلہ دو ہفتوں میں آجائے گا، اگرسپریم کورٹ نے کمیشن بنادیا تو کیس میں تھوڑا وقت لگ جائے گا۔

    پاناما لیکس کے بعد شریف خاندان کہانیاں ہی بناتا آیا ہے، سپریم کورٹ میں مجرم کو پیش کرنے کے لئے ہم نے جو کرنا تھا کیا۔ کیس سپریم کورٹ میں ہے، جو فیصلہ ہوگا ہم قبول کریں گے۔

  • بھوک ہڑتال سے پاکستان کے ایوان لرز جائیں گے، فاروق ستار، وسیم بادامی سے گفتگو

    بھوک ہڑتال سے پاکستان کے ایوان لرز جائیں گے، فاروق ستار، وسیم بادامی سے گفتگو

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنونیئر فاروق ستار نے کہا ہے کہ تادم مرگ بھوک ہڑتال سے تاج برطانیہ ہل گیا تھا، ہم اسی بھوک ہڑتال سے پاکستان کے ایوان ہلا دیں گے،یہ ایوان انسانی حقوق کے معاملے میں جس قدر بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں آج تک ایسا مظاہرہ تاریخ نے کبھی نہیں دیکھا، یہ پاکستان کی سالمیت کو خطرے سے دوچار کررہے ہیں۔

    Farooq Sattar laments lack of forum to address… by arynews

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور کے میزبان وسیم بادامی نے متحدہ قومی موومنٹ کے کراچی پریس کلب کے باہر لگے بھوک ہڑتالی کیمپ میں پہنچ کر فاروق ستار اور دیگر رہنمائوں سے ان کا موقف دریافت کیا۔

    فاروق ستارکا وسیم بادامی سے کہنا تھا کہ ان کا کہنا تھا کہ پانچ ہزار چھاپوں، چار ہزار گرفتاریوں کے باوجود ہم نے کوئی مزاحمت نہیں کی، ہمارا مطالبہ ہے کہ آپریشن کی سمت درست کی جائے، گرفتار افراد میں سے پانچ فیصد کو بھی عدالتوں میں پیش نہیں کیا گیا،ہمارے جو کارکنان رہا ہور کر آئے ہیں ان کی کہانیاں ہم ابھی نہیں بتارہے، آرمی چیف راحیل شریف ملیں تو ضرور بتائیں گے۔

    ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیئر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اندر کرمنل ہیں تو ضرور پکڑیں ایم کیو ایم اس معاملے میں حکومت کے ساتھ ہے، یہ امن مصنوعی ہے، ریاستی جبر کےذریعے امن قائم کیا گیا ہے، ریاست اگر جبر کرے اور خوش فہمی میں ہو کہ امن قائم ہوگیا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔

    انہوں‌ نے کہا کہ ہماری جائز شکایات کو بھی نہیں سنا گیا، وقاص قتل کیس میں ہمارے ہی کارکن کو ملوث کرکے سزائے موت دے دی گئی، دہرا ظلم کیا گیا، ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وقاص قتل کیس میں اگر کسی سویلین نے پسٹل سے وقاص کو مارا تو رینجرز نے اسے اسی وقت گرفتار کیوں نہ کیا؟دو ورز بعد کیوں پکڑا؟ حکیم سعید قتل کیس میں سترہ سال تک ہمارے کارکنان جیل میں رہے بعد میں رہا بھی ہوئے تو ان کے سترہ سال کون واپس کرے گا اسی طرح کیا آصف بھی سترہ سال جیل میں رہے گا؟

    انہوں نے کہا کہ نوے فیصد فیصلے ملزمان کے خلاف اور استغاثہ کے حق میں ہورہے ہیں، رینجرز کہتی ہے کہ وقاص کو ہم نے نہیں مارا تو پھر وہ بتائے کہ اسے کس نے مارا؟ وہ ایسے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، یہاں ماورائے عدالت قتل ہورہے ہیں انہیں بند کیا جائے۔

    رہنما متحدہ قومی موومنٹ فاروق ستار نے کہا کہ مہاجروں میں بڑھتے ہوئے احساس محرومی کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے، ٹارگٹ کلنگ میں ہمارے شہید کارکنوں کے قاتل آج تک نہیں پکڑے گئے۔

    قومی اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر خورشید شاہ کے بھوک ہڑتال کے دورے پر انہوں نے کہا کہ پارلیمانی لیڈر سے ہمارا یہ مطالبہ تھا کہ ہماری شکایات کو سنا جائے جس پر انہوں نے تسلیم کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی شکایات کو سنا جائے۔

    فاروق ستار کاکہنا تھاکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ جب مرتب کی جائے گی مورخ لکھے گا کہ آخری جماعت جس نے نظریاتی سیاست کی وہ ایم کیو ایم تھی،ہماری شکایات سننے کے لیے ایک فورم تشکیل دیا گیا تاہم فورم نے ابھی تک ہمارے شکایات کا ازالہ ہی نہیں کیا، تادم بھوک ہڑتال سے تو تاج برطانیہ بھی ہل گیا تھا اسی تادم بھوک ہڑتال سے پاکستان کے بھی ایوان ہلیں گے،اگر مانیٹرنگ کمیٹی متحرک ہوجاتی تو یہ دن دیکھنا نہ پڑے۔

    MQM to decide whether to stay in assemblies… by arynews

    سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ میں ایم پی اے ہو کر بے اختیار ہوچکا ہوں، پانی و بجلی گیس دینا دور کی بات ہم تو گرتی ہوئی لاشیں نہیں روک پا رہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن قائم کرنے کے حامی ہیں، کراچی میں امن قائم ہوگا تو سب سے بڑا فائدہ ہمیں ہوگا، ،ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ نہیں چاہئے، یہ ہمارا شہر ہے، ہم یہیں بیٹھے ہیں،کراچی میں امن کا مطلب ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن نہیں ہے۔

  • بگٹی کو جان بوجھ کر نہیں‌ مارا، جنرل راحیل کو فیلڈ مارشل بنایا جاسکتا ہے، پرویز مشرف،خصوصی انٹرویو

    بگٹی کو جان بوجھ کر نہیں‌ مارا، جنرل راحیل کو فیلڈ مارشل بنایا جاسکتا ہے، پرویز مشرف،خصوصی انٹرویو

    اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواب اکبر بگٹی کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا گیا، کوئی حادثہ ہوسکتا ہے، نوے فیصد یقین ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنا ہوش کھو بیٹھے ہیں،بلوچستان میں بھارت مداخلت کررہا ہے۔

    بھارت بلوچستان میں مداخلت کررہا ہے

    پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے بات کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میری نظر میں بھارتی وزیراعظم پاگل ہوگئے ہیں، بلوچستان میں بھارت مداخلت کررہا ہے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں لگا ہے جس کے لیے وہ لوگوں کو استعمال کرتا ہے،  بھارت کی افغانستان میں رسائی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

    سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے

    پرویز مشرف نے کہا کہ میرے پاس ثبوت نہیں ہے نہ میں انٹیلی جنس کی بریفنگ لے رہا ہوں لیکن نوے فیصد یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے کیوں کہ ان کا ایجنڈا ہی یہی ہے، بھارت کی بلوچستان میں مداخلت ہے جس کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے وضاحت دی کہ بھارتی فوجی خود کارروائی کرنے پاکستان نہیں آتے، بھارت کے ملوث ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ پاکستان میں موجود لوگوں کو استعمال کرتا ہے جیسے تحریک طالبان پاکستان کو جو یہاں دھماکے کررہی ہے اور شیعہ افراد کے خلاف بھی واقعات  شامل ہیں تاکہ مذہبی فرقہ واریت بڑھے اس مقصد کے لیے وہ رقم خرچ کرتا ہے۔

    حقانی کے والد نے امریکی صدر سے ملاقات کی،اسامہ دہشت گرد تھا

     حقانی نیٹ ورک کے سوال پر انہوں نے کہاکہ جلال الدین حقانی کے والد کو امریکا بلایا گیا، امریکی صدر سے ملاقات کی، اس وقت ہیرو تھے آج ولن بن گئے ہیں، صورتحال تبدیل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میر ی نظر میں اسامہ بن لادن دہشت گرد تھا، نائن الیون کی کارروائی ان کی منصوبہ بندی میں شامل  تھی، القاعدہ کے گرفتار ارکان خالد شیخ وغیرہ کے دیگر منصوبے بھی ان سے آشکار ہوئے۔

    اکبر بگٹی کو مارا نہیں گیا، خود کشی کی

    انہوں نے کہا کہ سو فیصد یقین ہے کہ اکبر بگٹی کو مارا نہیں گیا، انہوں نے خود کشی کی یا انہوں نے خود منصوبے کے مطابق راکٹ فائر کرایا یا دھماکا کیا، ہمارے ان پانچ آفیسرز  کو مارنے کے لیےجو ان کے پاس گئے تھے ، جس کی وجہ سے سب ہی کچھ تباہ ہوگیا، یاپھر انہوں نے پہلے ہی باروی مواد رکھا ہوا تھا اسے اڑادیا ہم نے حملہ نہیں کیا انہوں نے منصوبے کے تحت دھماکا کرایا جس میں وہ خود مارے گئے۔

    براہمداغ بگٹی ملک کا غدار ہے

    براہمداغ بگٹی ملک کا غدار ہے جو مودی کا شکریہ ادا کررہا ہے اور پاکستان کو گالیاں دے رہا ہے، بلوچوں کا ترجمان بننے والے ڈیرہ بگٹی تو آ نہیں سکتے،ایک غدار شخص بلوچ قوم کا نمائندہ کیسے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بگٹیوں کا کلپر قبائل بلوچوں کے سب قبائل کا لیڈر ہے اور وہ آج بھی میری تعریف ہی کرے گا اگر ان سے پوچھا جائے،خان محمد کلپر کی پچاس ہزار افراد کی برادری کو بگٹی سے نکال دیا گیا تھا میں انہیں واپس لایا، ان کی امداد کی ،پیسے اور مویشی دیے وہ آج بھی ہمارے شکر گزار ہیں۔

    بھارت افغان ایجنسی خاد کو بھرپور استعمال کرتا ہے

    انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں ’’خاد ‘‘کو بھرپور طریقے سے استعمال کرتا ہے،دشمن افغانستان میں شمالی اتحاد کو ہمارے خلاف استعمال کرسکتا ہے،ایسی صورتحال میں ہم ان کے خلاف بھی کچھ گروپس استعمال کرسکتے ہیں۔

    چوہدری نثار نے بھارت کو بہترین جواب دیا

    چوہدری نثار کے سارک کانفرنس میں بھارت کے خلاف دیے گئے جواب کو انہوں نے زبردست جواب تسلیم کیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف چوہدری نثار کے بیانات کی تعریف اور تائید کرتا ہوں کہ انہیں ایسا ہی جواب دینا چاہیے تھا۔

    علاج کے لیے امریکا جارہا ہوں اکتوبر میں وطن واپس پہنچوں گا

    Property is for personal use, not business… by arynews

    انہوں نے آگاہ کیا کہ رواں ماہ لندن جارہا ہوں، اگلے ماہ علاج کے لیے امریکا روانہ ہوں گا اور وہاں آٹھ تا دس دن رہ کر اکتوبر کے درمیان وطن واپس آجائوں گا۔

    اپنی رقم استعمال اور پراپرٹی فروخت نہیں کرسکتا

    پرویز مشرف نے کہا کہ مجھ پر پابندیاں ہیں، میری پراپرٹی میرے زیر استعمال ہے تاہم اسے فروخت نہیں کرسکتا، بینک اکائونٹ منجمد ہے  اور رقم استعمال نہیں کرسکتا، میرے بینک اکائونٹ میں رقم ہے تاہم دوسروں کی طرح امیر نہیں۔

    حامد کرزئی سے ٹاک شو ہونےوالا ہے

    انہوں نے میزبان وسیم بادامی کو آگاہی فراہم کی کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ جلد ٹاک شو ہے، میں نے تو تاریخ دے دی تاہم وہاں سے تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، ممکن ہے تاریخ میں تبدیلی ہوجائے۔

    زرداری واپس نہیں آئیں گے

    زرداری کی واپسی کے سوال پر وہ ہنس دیے اور کہا کہ زرداری آرام سے بیٹھے ہیں، مجھے بہت لوگ آکر بتاتے ہیں وہ آرام سے بیٹھے ہیں انہیں کوئی تکلیف نہیں، یہاں ان کے لیے رینجرز ہے، خطرات ہیں، ان کی آپس کی دشمنیاں بھی ہیں، فی الحال وہ واپس نہیں آتے۔

    سندھ میں پی پی اور وفاق میں ن لیگ ہی رہے گی

    فوج کی آمد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ رواں سال مجھے انتخابی لحاظ سے کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی،سندھ میں پی پی اور وفاق میں ن لیگ کے سوا کوئی اور آپشن نہیں، وفاق میں ن لیگ اور سندھ میں پی پی کی حکومت ہی ہوگی اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی کامیابی تھوڑی مشکل سمجھتا ہوں،رواں سال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تو الیکشن 2018ء میں ہی ہوں گے۔

    نواز شریف پر کرپشن کے الزامات درست ہیں

    وزیراعظم نواز شریف کی کرپشن سے متعلق سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر لگنے والے کرپشن کے الزامات بالکل درست ہیں تاہم سترہ سال گزر گئے اور نواز شریف کی کرپشن کی باتیں نکل رہی ہیں، کرپشن اس زمانے میں کم آج زیادہ ہے، نیب کا ادارہ ہم نے بنایا تھا۔

    فیلڈ مارشل آرمی چیف سے بڑا عہدہ ہے

    انہوں نے کہا کہ  فیلڈ مارشل ایک اپائمنٹ ہے لیکن اس کی اتنی کمانڈ نہیں ہے کہ پوری فوج اس کے ماتحت ہوجائے، آرمی چیف ہی کمانڈر رہتا ہے،  ایک علامتی عہدہ ہوتا ہے لائف ٹائم، انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ فائیو اسٹار جرنیل ہوتا ہے اور اس کا اختیار آرمی چیف سے زیادہ ہوتا ہے۔

    حکومت جنرل راحیل کو فیلڈ مارشل بنا سکتی ہے

    جنرل راحیل کے فیلڈ مارشل بننے کے سوال پر انہوں نے کہا حکومت انہیں فیلڈ مارشل بناسکتی ہے لیکن اگر آرمی چیف کوئی اور ہوا اور جنرل راحیل فیلڈ مارشل ہوئے تو فوج آرمی چیف ہی چلائے گا لیکن اگر جنرل راحیل آرمی چیف ہوتے ہوئے فیلڈ مارشل بنے تو اور بات ہے۔