واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کی تیسری سیاسی پارٹی بنانے کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ایلون مسک کے اعلان پر رد عمل میں کہا تیسری سیاسی پارٹی شروع کرنا مضحکہ خیز لگتا ہے۔
انھوں نے کہا ہمیں ریپبلکن پارٹی کے ساتھ زبردست کامیابی ملی ہے اور ڈیموکریٹس اپنا راستہ کھو چکے ہیں، لیکن امریکا میں ہمیشہ سے دو جماعتی نظام رہا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ کوئی تیسری پارٹی شروع کرنے سے الجھن میں اضافہ ہو جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا ایسا لگتا ہے کہ امریکی نظام واقعی دو جماعتوں کے لیے تیار کیا گیا ہے، اور تیسری پارٹی نے کبھی کام نہیں کیا، لہٰذا ایلون پارٹی بنا کر لطف اٹھا سکتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ مضحکہ خیز ہے۔
ٹرمپ نے ٹیکساس ریاست کو آفت زدہ قرار دے دیا، ہلاکتیں بڑھ گئیں
مسک کے بارے میں بات کرنے کے فوراً بعد ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مجھے ایلون مسک کو پٹری سے مکمل طور پر اترتے ہوئے دیکھ کر رنج ہوا ہے، وہ پچھلے پانچ ہفتوں میں مزید تباہی کی طرف چلے گئے ہیں۔‘‘
یاد رہے کہ ایلون مسک نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ ٹرمپ کے ٹیکس کٹ اور اخراجات کے بل کے جواب میں ’’امریکا پارٹی‘‘ بنا ہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا اقدام ملک کو دیوالیہ کردے گا۔