Tag: Elon Musk

  • مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان کو بھی پریشان کردیا

    مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان کو بھی پریشان کردیا

    ویسے تو پاکستانیوں کو ہر روز ہی یہ سننا پڑتا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے اسی وجہ سے ان کے لیے بھی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا جارہا ہے، تاہم حقیقت یہی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک کو بھی پریشان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو بھی مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔

    ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتےہوئے افراط زر کی وجہ سے اسٹار لنک کی خدمات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق دنیا بھرمیں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظرمیں اسپیس ایکس نے مئی 2022 سے اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 99 ڈالرسے بڑھا کر110 ڈالرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے سبسکرپشن اور ڈش ہارڈ ویئر کی قیمتوں میں اضافے کی بابت صارفین کو بہ ذریعہ ای میل آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

    اسپیس ایکس نے ماہانہ سبسکرپشن فیس کے علاوہ اسٹار لنک سیٹلائٹس سے جوڑنے والے ڈش اور دیگر ہارڈ ویئرکی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے جس کے بعد نئے صارفین کو انٹرنیٹ سروسز حاصل کرنے کے لیے 100 ڈالر کی اضافی ادائیگی کرنی پڑے گی۔

    اس سے قبل نئے کنکشن کے لیے استعمال کنندگان کو 499 ڈالرز دے کر اسٹار لنک ڈش کو خریدنا پڑتا تھا تاہم اب اس کے لیے 599 ڈالرز ادا کرنے پڑیں گے، تاہم ایسے صارفین جو پہلے ہی آرڈر کر چکے ہیں جو اب 499 کی جگہ 549 ڈالرز ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ ایلون مسک نے اس ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے لاجسٹک اور خام مال کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوچکا ہے، اور اسپیس ایکس کی کوریج اور استعداد کارمیں اضافے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرنا ضروری ہوگیا ہے۔

  • "انسان بہت جلد زمین چھوڑ کر مریخ میں منتقل ہوجائیں گے”

    "انسان بہت جلد زمین چھوڑ کر مریخ میں منتقل ہوجائیں گے”

    یسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک طویل عرصے سے انسانوں کو مریخ پر پہنچانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں، اب انہوں نے بتایا ہے کہ انسان کب تک زمین کے پڑوسی سرخ سیارے پر قدم رکھ سکتے ہیں۔

    ویسے تو وہ پہلے2024 تک انسانوں کو مریخ تک پہنچانا چاہتے تھے مگر اب انہوں نے اس کو مزید بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا اس دہائی کے آخر تک ہوسکے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سال 2016میں اسپیس ایکس کے بانی نے مریخ میں ایک شہر بسانے کے منصوبے کے بارے میں بتایا تھا اور اس توقع ظاہر کی تھی کہ انسان بردار مشن2024 تک سرخ سیارے پر پہنچ جائے گا۔

    اس کے بعد سے کمپنی نے مریخ راکٹ کی تیاری میں کافی پیشرفت کی ہے مگر وہ اتنی نہیں جو 2024 کے ہدف کو حاصل کرسکے۔

    ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ ان کے خیال میں2029 وہ قریب ترین سال ہے جب ممکنہ طور پر انسان مریخ پر پہلا قدم رکھ سکیں گے یعنی اس سال جب انسانوں کو چاند پر پہلی بار قدم رکھے60 برس مکمل ہوجائیں گے۔

    اس سے قبل دسمبر2020 میں ایلون مسک نے2026 تک مریخ میں انسانوں کو بھیجنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

    اسپیس ایکس کی جانب سے ناسا کے خلاء بازوں کو چاند اور پھر مریخ پر لے جانے کے لیے اسٹار شپ کو ڈیزائن کیا گیا ہے جس نے ابھی کچھ آزمائشی پروازیں مکمل کی ہیں مگر ابھی تک خلاء میں نہیں بھیجا گیا۔

    — فوٹو بشکریہ ناسا

    ایلون مسک کی جانب سے یہ بھی شکایت کی جاتی رہی ہے کہ فیڈرل لانچ ریگولیشنز نے مریخ تک پہنچنے کے عمل کو سست رفتار کردیا ہے۔

    ویسے یہ جان لیں کہ مریخ پر جانے کے لیے کافی منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ زمین کے ساتھ ساتھ ہمارا پڑوسی سیارہ سورج کے گرد چکر لگاتا ہے، جس کے دوران وہ کبھی ایک دوسرے کے قریب ترین آجاتے ہیں تو کبھی دور۔

    اسی کو مدنظر رکھ کر مخصوص ایام میں مشن بھیجنے کی منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے، اسی لیے پہلےایلون مسک نے2024، پھر 2026 اور اس کے بعد اب2029 کی تاریخ دی ہے۔

    2018میں ایلون مسک نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اگر آپ مریخ پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ سوچ کر جائیں کہ وہاں مرنے کا امکان زمین کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    ایلون مسک نے کہا کہ جب آپ خلا میں سفر کریں گے تو موت کا امکان بھی بڑھتا چلا جائے گا یہاں تک کہ اگر مریخ تک محفوظ سفر کرکے پہنچنے پر بھی وہاں لوگوں کو رہائشی بیس کی تعمیر کے لیے نان اسٹاپ کام کرنا ہوگا اور مریخ کے سخت موسمی حالات بھی جلد موت کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔

    تاہم ایلون مسک کا کہنا تھا کہ یہاں ایسے متعدد لوگ ہیں جو چوٹیاں سر کرتے ہیں، لوگ ہر وقت ماﺅنٹ ایورسٹ پر مرتے ہیں مگر انہیں چیلنج پسند ہوتے ہیں۔

    اپنے بارے میں اسپیس ایکس کے بانی کا ماننا تھا کہ ایسے 70 فیصد امکانات ہیں کہ وہ خود بھی زمین چھوڑ کر مریخ منتقل ہوجائیں گے۔

  • ایلون مسک کا پیوٹن کو چیلنج، جو جیت گیا یوکرین اس کا

    ایلون مسک کا پیوٹن کو چیلنج، جو جیت گیا یوکرین اس کا

    دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور ٹیسلا موٹرز کے مالک ایلون مسک نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو فائٹ کے لیے چیلنج کر کے داؤ پر یوکرین کا ملک لگا دیا ہے۔

    جو جیتا یوکرین اس کا، روسی صدر کو دیے گئے ایلون مسک کے اس چیلنج نے دنیا بھر میں لوگوں کو حیران کر دیا ہے، یوکرین جنگ کے خاتمے کا دنیا کے امیر ترین شخص کی جانب سے یہ ایک انوکھا لیکن انتہائی غیر سنجیدہ حل ہے۔

    اسپیس ایکس کے بانی نے فائٹ کا یہ چیلنج اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دیا ہے، ایلون مسک نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یوکرین میں امن سے زیادہ کچھ قیمتی نہیں، جو جیتا یوکرین اس کا۔

    ایلون مسک نے اس پیغام کو روسی زبان میں بھی ٹوئٹ کیا اور کریملن کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ٹیگ کیا ہے۔

    یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آئے، ایک صارف نے روسی صدر اور ایلون مسک کا موازنہ کرتے ہوئے ایک خاکہ پیش کیا، اور لکھا کہ یہ چیلنج صرف 10 سیکنڈ کا ہوگا۔

    یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع، ایلون مسک کا بڑا قدم

    صارف نے پیوٹن اور ایلون مسک کی عمر اور قد کی پیمائش بھی کی، لکھا کہ ایلون مسک قد میں بھی روسی صدر سے بڑے ہیں اور 19 سال چھوٹے ہونے کی وجہ سے جسمانی طاقت میں بھی زیادہ ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ اس پر ایلون مسک نے بھی کمنٹ کیا اور صارف سے اتفاق کیا۔

    واضح رہے کہ روسی حملے کے بعد یوکرین میں جب انٹرنیٹ کا نظام منقطع ہوا، تو یوکرینی وزیر کی درخواست پر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے یوکرین کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی، اس سلسلے میں کمپنی نے اسٹار لنک سروس ایکٹیو کیا۔

  • یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع، ایلون مسک کا بڑا قدم

    یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع، ایلون مسک کا بڑا قدم

    دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور ٹیسلا موٹرز کے مالک ایلون مسک نے یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع ہونے پر اسٹار لنک ایکٹیو کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے یوکرین میں انٹرنیٹ متاثر ہونے کے بعد اسٹار لنک ایکٹیو کر دیا ہے، دراصل یوکرین کے وزیر نے ٹوئٹر پر ان سے درخواست کی تھی۔

    روسی حملے کے بعد یوکرین میں انٹرنیٹ کا نظام منقطع ہو چکا ہے، یوکرینی وزیر کی درخواست پر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی۔

    ایلون مسک نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اسٹار لنک سروس اب یوکرین میں ایکٹیو ہے، مزید ٹرمینلز بھی کھولے جا رہے ہیں۔

    اس ٹویٹ سے قبل یوکرین کے وزیر برائے ٹرانسفارمیشن نے ایلون مسک سے انٹرنیٹ کی فراہمی کی درخواست کی تھی، انھوں نے ٹویٹ میں ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس دوران آپ مریخ کو فتح کرنے کی کوششوں میں ہیں، وہاں روس یوکرین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ ایسے میں جب آپ کے راکٹ خلا پر لینڈ کر رہے ہیں، روسی راکٹ یوکرینی عوام پر حملہ آور ہیں، ہم آپ سے یوکرین کو اسٹار لنک اسٹیشن فراہم کرنے کی گزارش کر رہے ہیں۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ ایلون مسک سمجھدار روسیوں سے کہیں کہ اپنی حکومت کے حملوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

  • دنیا کے امیر ترین آدمی بے گھر ہو گئے

    دنیا کے امیر ترین آدمی بے گھر ہو گئے

    دنیا کے امیر ترین آدمی بے گھر ہو گئے ہیں، گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک سرکاری طور پر اب کسی گھر کے مالک نہیں رہے۔

    عالمی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے اپنا آخری گھر بھی بیچ دیا ہے، سیلیکون ویلی میں واقع 16 ہزار اسکوائر فٹ پر واقع گھر 5 ارب روپے سے زائد میں فروخت ہوا، کہا جا رہا ہے کہ یہ اصل قیمت سے کم پر فروخت ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے سی ای او نے جمعرات کو اپنی شاہانہ سلیکن ویلی اسٹیٹ کو 30 ملین ڈالر میں بیچا، جو اس کی مانگی گئی قیمت سے 7.5 ملین ڈالرز کم ہے، کیوں کہ وہ پچھلے سال اپنا کوئی گھر نہ رکھنے کا وعدہ پورا کرنا چاہتے تھے، اور اس کے لیے انھیں کرائے کا حجم گھٹا کر 50 ہزار ڈالر کرنا پڑا۔

    یہ گھر 7 بیڈ رومز، میوزک روم اور ایک گرینڈ بال روم پر مشتمل تھا، ایلون مسک نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی تمام جائیدادیں فروخت کر دیں گے، جب کہ 50 سالہ ایلون مسک پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ دیگر جائیدادیں فروخت کرنے کے بعد کیلیفورنیا میں 47 ایکڑ کی جائیداد ان کا ‘آخری گھر’ ہے۔

    ایک ماہ قبل بھی ایلون مسک نے صارفین کی بات مان کر ٹیسلا کمپنی کے 5 بلین ڈالر سے زائد کے شیئرز فروخت کر دیے تھے، انھوں نے ٹوئٹر پر کرائے گئے ایک سروے کے نتیجے میں یہ شیئرز فروخت کیے۔ انھوں نے اپنے فالوورز سے سوال پوچھا تھا کہ کیا ان کو ٹیکس کی ادائیگی کے لیے ٹیسلا کے 10 فیصد شیئرز فروخت کرنے چاہیئں یا نہیں۔

  • ایلون مسک نے ملازمین کو کام کے دوران کیا کرنے کا مشورہ دیا؟

    ایلون مسک نے ملازمین کو کام کے دوران کیا کرنے کا مشورہ دیا؟

    کیلفورنیا: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے کاریں بنانے والی اپنی کمپنی ٹیسلا کے ملازمین کو ایک ای میل کر کے میوزک سننے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کمپنیوں کے سربراہ ایلون مسک نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ وہ کام کے دوران میوسیقی سنیں، جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آ سکتی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک اپنی رائے دینے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے، خواہ کرپٹو کرنسی سے متعلق ان کی سوچ ہو، یا حریفوں سے متعلق کوئی بیان، اس بار انھوں ایک ’ کول باس‘ ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹیسلا ملازمین کو میوزک سننے کا مشورہ دیا، انھوں نے کہا یہ ماحول کو لطف اندوز بنانے میں مدد دے گا۔

    ایلون مسک نے لکھا کہ ایک ساتھی نے مجھ سے پوچھا ہے کہ کیا ہم ایک کان میں ایئر بڈ سے میوزک سن سکتے ہیں؟ مجھے یہ بات اچھی لگی، میں خود بھی اس کے حق میں ہوں، کیوں کہ میوزک کو پسند کرتا ہوں۔

    ایلون مسک نے یہ بھی لکھا کہ اگر کچھ اور چیزیں بھی آپ کے دن کو بہتر بنا سکتی ہیں، تو مجھے ضرور بتائیں، آپ روز کام کرنے آتے ہیں اس لیے مجھے آپ کا بہت خیال ہے۔

    ایلون مسک نے اپنی ای میل کو ‘میوزک ان دا فیکٹری’ عنوان دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ٹیسلا کے ملازمین کو مسک کی طرف سے 2 ای میل بھیجی گئیں، پہلے میں کہا گیا کہ ایک ایئربڈ کے ساتھ کام کے دوران موسیقی سننے میں مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔ دوسری ای میل تھوڑی سخت تھی، جس میں ملازمین کو یاد دلایا گیا کہ جب میری جانب سے کوئی ہدایات منیجرز کے پاس پہنچتی ہیں تو پھر صرف تین آپشنز ہوتے ہیں: وضاحت کریں کہ میں کیوں غلط ہوں (کبھی کبھی میں غلط بھی ہو سکتا ہوں)، مزید وضاحت کی درخواست کریں (اگر آپ ہدایت کو نہیں سمجھے ہوں)، یا پھر ہدایت پر عمل کریں۔

  • دنیا سے بھوک کا خاتمہ : ایلون مسک کی عالمی ادارے کو بڑی پیشکش

    دنیا سے بھوک کا خاتمہ : ایلون مسک کی عالمی ادارے کو بڑی پیشکش

    اس وقت دنیا بھر میں82کروڑ سے زائد افراد بھوک اور کم خوراکی کا شکار ہیں، گزشتہ دو برسوں میں یہ تعداد بین الاقوامی سطح پر مسلح تنازعات اور جنگوں کی وجہ سے مزید بڑھی ہے۔

    اہم بات یہ ہے کہ بھوک اور فاقہ کشی کی صورت حال کے اسباب میں صرف جنگیں، مسلح تنازعات ہی شامل نہیں بلکہ اس عمل میں مہاجرت، ترک وطن اور زندہ رہنے کے لیے نقل مکانی بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیرترین شخص ایلون مسک نے عالمی ادارہ خوراک کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ رقم وہ ادا کریں گے لیکن عالمی ادارہ خوراک مجھے دنیا سے بھوک ختم کرنے کا طریقہ کار بتائے۔

    ایلون مسک نے عالمی ادارہ خوراک کو یہ چیلنج سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عالمی ادارہ خوراک نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دنیا بھر میں بھوک کا مسئلہ ختم کرنے کے لیے 6 ارب ڈالرز کی خطیر رقم درکار ہے۔

    پیسے دیتا ہوں، بھوک ختم کریں: ایلون مسک کا عالمی ادارہ خوراک کو چیلنج

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے یہ بیان پڑھنے کے بعد کہا کہ وہ عالمی ادارہ خوراک کو 6 ارب ڈالرزدینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اس رقم کے لیے ٹیسلا کمپنی میں اپنے 6 ارب ڈالرز کے شیئرز فوری طور پر فروخت کردیں گے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ عالمی ادارہ خوراک یہ بتا دے کہ وہ بھوک کا مسئلہ کیسے حل کرے گا؟

    ایلون مسک نے واضح کیا ہے کہ جو رقم وہ دیں گے اس کے حساب کی جانچ پڑتال آزادانہ طور پر کی جائے گی تاکہ عوام الناس کو مکمل طور پر آگاہی رہے کہ دیے جانے والے 6 ارب ڈالرز کہاں اور کیسے خرچ کیے گئے ہیں؟

  • ایلون مسک کی کتنی دولت سے دنیا سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے؟

    ایلون مسک کی کتنی دولت سے دنیا سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے؟

    نیویارک: اقوام متحدہ کے ایک ماہر نے کہا ہے کہ دنیا کے دولت مند ترین آدمی ایلون مسک کی صرف 2 فی صد دولت سے دنیا میں غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کے بانی اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ تنہا ہی دنیا سے مفلسی اور بھوک کا خاتمہ کر سکتے ہیں، ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی دولت کا 2 فی صد حصہ اس دنیا کو کئی مشکلات سے نجات دینے کے لیے کافی ہوگا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس ہفتے ایلون مسک کے دنیا کے سب سے امیر آدمی بنتے ہی، کچھ لوگ ان سے اپنی دولت لے کر عالمی غربت سے لڑنے میں مدد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیوں کہ دنیا کے بہت سارے معاشرے اس وقت اندرونی تنازعات، موسمیاتی تبدیلی اور کرونا کے عالمی وبائی مرض کے ساتھ جوجھ رہے ہیں۔

    ڈیوڈ بیزلے نے دنیا بھر میں امیر ترین افراد سے اپیل کی ہے کہ صرف ایک مرتبہ ایک ساتھ ہو کر دنیا کو بچا لیں، انھوں نے خاص طور پر ایلون مسک اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس کا نام لیا، جو اس وقت دنیا کی امیر ترین شخصیات ہیں۔

    ڈیوڈ بیزلے نے ٹوئٹر پر ایلون مسک سے اپیل کی کہ وہ صرف ایک بار 6 ارب ڈالر عطیہ کریں تو اس سے سوا 4 کروڑ لوگوں کی مدد ہو جائے گی، یہ وہ لوگ ہیں جو غذا کی درجہ بندی میں اسٹیج فور یعنی ایمرجنسی کی حالت میں ہیں، ورنہ انھیں بچایا نہیں جا سکے گا۔

    بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ایلون مسک کی دولت 289 بلین ڈالرز سے تجاوز کر رہی ہے، اور ان کا 2 فی صد چندہ بھی دنیا بھر کے لیے کافی ہوگا۔ تاہم ایلون مسک کا اس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا بلکہ وہ اب یونیورسٹی بنانے کا سوچنے لگے ہیں۔

  • ایلون مسک نے ایمیزون کے مالک کو ایک بار پھر شکست دے دی

    ایلون مسک نے ایمیزون کے مالک کو ایک بار پھر شکست دے دی

    اسپیکس ایکس اور ٹیسلا موٹرز جیسی کمپنیوں‌ کے مالک ایلون مسک نے ایک بار پھر ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کو شکست دے کر امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز چھین لیا۔

    ایلون مسک کی دولت کی مجموعی مالیت 230 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد وہ ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کو ایک بار پھر ہرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، مسک کی دولت اب بل گیٹس اور وارن بفٹ دونوں کی دولت سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

    ایلون مسک گزشتہ سال کے وسط میں فوربز کی ٹاپ ٹین بلینئرز کی فہرست میں شامل ہوئے تھے، لیکن اب وہ اس پر راج کر رہے ہیں، اور بیزوس دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

    ایلون مسک نے اس فتح کی خوشی ایک شریر ایموجی ٹوئٹ کرتے ہوئے منائی، انھوں نے جیف بیزوس کی ایک ٹوئٹ پر دوسرے نمبر کا میڈل ٹوئٹ کیا، یہ بتانے کے لیے ان کا حریف اس بار دوسرے نمبر پر آیا ہے۔

    ڈیلی میل کے مطابق اسپیس ایکس نے 8 اکتوبر کو 100 بلین ڈالر کے شئیرز فروخت کیے تھے، جس سے کمپنی کی دولت میں ایک دم اضافہ ہوا، شیئرز کی قیمت میں 33 فی صد اضافے نے کمپنی کے حصص کو 100 اعشاریہ 3 بلین تک پہنچا دیا جو فروری میں 74 بلین ڈالرز پر تھی۔

    واضح رہے کہ ایمیزون اور بلیو اوریجن کے بانی جیف بیزوس اس وقت 197 بلین ڈالرز کی مالیت کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

  • خلائی جہاز عام شہریوں کو لے کر خلا میں روانہ

    خلائی جہاز عام شہریوں کو لے کر خلا میں روانہ

    فلوریڈا: ایرواسپیس کمپنی اسپیس ایکس کا خلائی جہاز عام شہریوں کو لے کر خلا میں روانہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کی پہلی نجی پرواز مقابلہ جیتنے والے دو عام افراد کے ساتھ مدار میں لانچ کر دی گئی ہے، جن میں سے ایک ہیلتھ کیئر ورکر اور ایک ان کا امیر اسپانسر ہے۔

    خلا کی سیاحت میں یہ اب تک کا سب سے زیادہ پُرعزم اور بڑا قدم ہے، اسپیس ایکس کے خلائی شٹل نے مدار میں جا کر تاریخ رقم کر دی ہے، خلائی شٹل انسپریشن فور مشن کے تحت چار افراد کو لے کر گئی ہے۔

    انسپریشن فور چاروں افراد کو لے کر زمین کے گرد چکر لگائے گی، خلائی شٹل فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے روانہ ہوئی، خلائی گاڑی مشن کے تحت 3 دن تک وہاں قیام کرے گی۔

    تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ بدھ کی رات کو لانچ ہونے والی اس خلائی گاڑی میں عملہ شوقیہ افراد پر مشتمل تھا اور پہلی بار ہے جب زمین کے گرد چکر لگانے والے افراد ماہر خلاباز نہیں ہیں۔

    اگلے تین دنوں میں اسپیس ایکس کے راکٹ میں موجود انسپریشن 4 کا عملہ ہر 24 گھنٹے میں 15 مرتبہ زمین کا چکر لگائے گا، خلائی گاڑی زمین کے مدار میں پہنچنے کے بعد27 ہزار 360 کلومیٹر فی گھنٹا رفتار سے ہر 90 منٹ میں ایک چکر مکمل کرے گی۔

    خلائی گاڑی اس دوران زمین کے گرد آواز کی رفتار سے 22 گنا زیادہ تیزی کے ساتھ سفر کرے گی۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے ناسا کے لیے انسانوں جیسے مدافعتی نظام رکھنے والے 73 ہزار خرد بینی جانور اور دیگر تحقیقاتی مواد کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن روانہ کیا تھا۔