Tag: Elon Musk

  • ایلون مسک کی کمپنی نے پہلے انسان میں برین چپ لگا دی

    ایلون مسک کی کمپنی نے پہلے انسان میں برین چپ لگا دی

    ایلون مسک کی کمپنی ’نیورالنک‘ نے دنیا میں پہلے انسان میں پہلی برین چپ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ارب پتی شخصیت اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے اتوار کو ایکس پر ایک ٹویٹ میں بتایا کہ نیورالنک نے انسان میں پہلی برین چپ لگائی ہے۔

    ایلون مسک کا کہنا تھا کہ اسٹارٹ اپ نیورالنک نے پہلی بار ایک انسانی مریض میں برین چپ لگائی ہے، مریض فالج کا شکار تھا جو اپنے خیالات کے ذریعے اب برین چپ کی مدد سے آلات کو قابو کر سکے گا، ان کا کہنا تھا کہ مریض امپلانٹ کے بعد اب رو بہ صحت ہے، اور امپلانٹ کے ابتدائی نتائج مثبت ہیں، چپ کے ذریعے دماغ کے اندر نیورونز کی سرگرمی (نیورون اسپائک) نظر آنے لگی ہے۔

    امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے گزشتہ سال اس کمپنی کو انسانوں پر برین چپ امپلانٹ کی جانچ کرنے کے لیے پہلے ٹرائل کی اجازت دی تھی۔ اب چِپ ٹرائل میں نیورون اسپائک کی حوصلہ افزا نشان دہی ہو رہی ہے، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق اسپائکس دراصل نیورونز کی سرگرمی ہے، یعنی ایسے خلیات جو دماغ کے اردگرد اور جسم کو معلومات بھیجنے کے لیے برقی اور کیمیائی سگنل استعمال کرتے ہیں۔

    ایلون مسک کی یہ کمپنی دراصل دماغ اور کمپیوٹر کے درمیان بغیر تار والے انٹرفیس (نقطہ اتصال) کی آزمائش کر رہی ہے، تاکہ یہ دیکھا جا سکا کہ پیوندکاری اور سرجیکل روبوٹ کا استعمال محفوظ ہے۔ اس تجربے میں انٹرفیس کی کارکردگی جانچی جا رہی ہے جو بازوؤں اور ٹانگوں کے فالج (quadriplegia) والے مریضوں کو خیالات کے ذریعے ڈیوائسز کو کنٹرول کرنے کے قابل بنائے گا۔

    نیورالنک نے ستمبر میں امپلانٹ ٹرائل کا اعلان کیا تھا، کمپنی نے کہا تھا کہ کمپنی کا تیار کردہ ایک روبوٹ آپریشن کے ذریعے ’نہایت باریک‘ دھاگوں کی پیوندکاری کرے گا جو مریض کے دماغ میں سگنل منتقل کرنے میں مدد کریں گے۔

  • موبائل فون کو اب سیلولر ٹاورز کی ضرورت کیوں نہیں رہے گی؟

    موبائل فون کو اب سیلولر ٹاورز کی ضرورت کیوں نہیں رہے گی؟

    موبائل فون ٹیکنالوجی میں ایک اور جدت آگئی جس کے بعد موبائل فونز سیلولر ٹاورز کے بغیر بھی کام کریں گے کیونکہ موبائل سگنلز اب خلاء سے ملا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (ٹوئٹر) جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت اسمارٹ فونز کو سگنلز کیلئے سیلولر ٹاورز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    دور دراز علاقوں میں سیلولر اور انٹرنیٹ رابطے کو بڑھانے کے لیے ایلون مسک کی اسپیس ایکس نے اسمارٹ فونز کو براہ راست زمین کے نچلے مدار میں گردش کرنے والے سیٹلائٹس سے جوڑنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔

    کمپنی نے 2 جنوری کو فالکن 9 خلائی جہاز پر اسٹار لنک سیٹلائٹس کا ابتدائی سیٹ لانچ کیا تھا۔ سیٹلائٹس کو خاص طور پر غیر ترمیم شدہ اسمارٹ فونز سے براہ راست منسلک کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ موبائل سگنلز بہتر انداز سے مل سکیں۔

    سیٹلائٹ

    اکیس میں سے مجموعی طور پر 6 اسٹار لنک سیٹلائٹس کو فالکن 9 راکٹ کے ذریعے کیلیفورنیا کے وینڈنبرگ اسپیس فورس بیس سے لانچ کیا گیا تھا۔

    اپنے ابتدائی مرحلے میں کمپنی نے صلاحیت کی جانچ شروع کرنے کے لئے ایک عارضی تجرباتی لائسنس حاصل کیا۔

    یہ سیٹلائٹ ڈائریکٹ ٹو سیل صلاحیتیں پیش کرنے کے لیے تیار ہیں، جس سے اسمارٹ فونز پر سیٹلائٹ براڈ بینڈ تک براہ راست رسائی کے امکانات پیدا ہوں گے۔

    ایلون مسک کی اسپیس ایکس اس سال سیلولر آپریٹرز کے ساتھ شراکت داری میں خلا سے ٹیکسٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور 2025 میں صوتی اور ڈیٹا کنکٹیویٹی کو قابل بنانے کے منصوبے کو مزید وسعت دے گی۔

    امریکا میں اسپیس ایکس کے موبائل پارٹنر ٹی موبائل کے اسپیکٹرم کو ابتدائی ڈائریکٹ ٹو اسمارٹ فون ٹیسٹ کے لیے استعمال کیا جائے گا جبکہ کمپنی نے آسٹریلیا، کینیڈا، چلی، جاپان، نیوزی لینڈ اور سوئٹزرلینڈ کے موبائل آپریٹرز کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے۔

  • ’یہود دشمنی‘ پر برطانوی وزیر اعظم نے ایلون مسک کی سرزنش کر دی

    ’یہود دشمنی‘ پر برطانوی وزیر اعظم نے ایلون مسک کی سرزنش کر دی

    لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ایلون مسک کو ’یہود دشمنی‘ پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    برطانوی میڈیا اسکائی نیوز کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ارب پتی ایلون مسک کی سرزنش کی ہے، اور کہا ہے کہ وہ ’یہود‘ دشمنی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔

    ایلون مسک نے رواں ماہ ایک سوشل میڈیا صارف کی پوسٹ کے جواب میں لکھا تھا ’’آپ نے اصل سچ کہا ہے۔‘‘ صارف نے لکھا تھا کہ یہودی سفید فام لوگوں سے نفرت کرتے ہیں۔

    ایلون مسک نے پچھلے برس ٹوئٹر خریدا تھا، اس کے بعد سے انھیں اس پلیٹ فارم پر یہود دشمنی پر مبنی ٹوئٹس کو برداشت کرنے کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

    بلومبرگ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رشی سونک نے اتنا تو کہا کہ وہ ہر قسم کی یہود دشمنی کی مذمت کرتے ہیں لیکن انھوں نے ایلون مسک پر براہ راست تنقید نہیں کی، اسکائی نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے انھیں ایلون مسک کی سخت مذمت سے روکا گیا۔

    برطانوی وزیر اعظم نے کہا میں یہود دشمنی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہوں، اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ ایلون مسک ہیں یا کوئی ایسا راہگیر جو اپنے پاس سے گزرتے ہوئے کسی دوسرے شخص کے بارے میں بدگوئی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہود دشمنی اپنی تمام شکلوں میں مکمل طور پر اور سراسر غلط ہے۔

  • ایلون مسک کا غزہ کے لیے بڑا اعلان

    ایلون مسک کا غزہ کے لیے بڑا اعلان

    ایلون مسک نے ’ایکس‘ کی کمائی غزہ اور اسرائیل کے اسپتالوں کو دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے مالک اور ارب پتی ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ایکس جنگ زدہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے اسپتالوں میں اشتہارات اور سبسکرپشن سے حاصل ہونے والی آمدنی عطیہ کرے گا۔

    مسک نے ایکس پوسٹ میں لکھا ’’ایکس کارپوریشن غزہ میں جنگ سے متعلق اشتہارات اور سبسکرپشن سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی اسرائیل کے اسپتالوں اور غزہ میں ریڈ کراس کو عطیہ کرے گی۔‘‘

    ایک صارف نے مسک کے عطیات دینے کے فیصلے کی تعریف کی لیکن ان سے یہ بھی پوچھا کہ وہ اس بات کو کیسے یقینی بنائیں گے کہ یہ رقم حماس تک نہ پہنچے۔

    کوئی بھی اسرائیلی شہری حماس اسرائیل معاہدے کے خلاف اپیل کر سکتا ہے

    مسک نے جواب دیتے ہوئے کہا ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے، یہ فنڈز ریڈ کراس کے ذریعے جائیں گے اور ہم اس کو ٹریک کریں گے، ہمیں نسل، مذہب یا کسی اور چیز سے قطع نظر بے گناہوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

  • ایلون مسک نے جسٹن ٹروڈو پر بڑا الزام لگا دیا

    ایلون مسک نے جسٹن ٹروڈو پر بڑا الزام لگا دیا

    اسپیس ایکس کے بانی اور سی ای او ایلون مسک نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو پر ’اظہار آزادی کو کچلنے‘ کا الزام لگا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے گزشتہ دنوں ’ریگولیٹری کنٹرولز‘ کے لیے آن لائن اسٹریمنگ سروسز کا حکومت کے ساتھ باضابطہ طور پر رجسٹر ہونا لازمی قرار دیا ہے، جس پر ایلون مسک کا رد عمل سامنے آیا ہے۔

    ایلون مسک نے صحافی اور مصنف گلین گرین والڈ کی ایک پوسٹ کے جواب میں کینیڈا کے اس فیصلے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے لکھا ’’ٹروڈو کینیڈا میں آزادئ اظہار کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

    گلین والڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’کینیڈا کی حکومت کی آن لائن اسکیم دنیا کی سب سے جابرانہ اسکیم ہیں، اس نے اعلان کیا ہے کہ پوڈ کاسٹ چلانے والی تمام آن لائن اسٹریمنگ سروسز کو باضابطہ طور پر حکومت کے ساتھ رجسٹر ہونا چاہیے تاکہ ان پر ریگولیٹری کنٹرول نافذ کیا جا سکے۔‘‘

    ایلون مسک نے گلین والڈ کا ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’ٹروڈو کینیڈا میں آزادئ اظہار کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شرمناک۔‘‘

    واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹروڈو حکومت پر آزادئ اظہار کے خلاف کام کرنے کا الزام لگایا گیا ہو، ٹروڈو پر ماضی میں بھی آزادئ اظہار کے خلاف الزامات لگے ہیں۔

    فروری 2022 میں کرونا ویکس کو لازمی بنانے کے فیصلے کی مخالفت کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کو کچلنے کے لیے جسٹن ٹروڈو نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنے لیے ہنگامی اختیارات کا مطالبہ کیا تھا۔

  • ویڈیو: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے

    ویڈیو: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے

    نیویارک: ایلون مسک اپنے بیٹے ایکس کے ساتھ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے، اردوان نے مسک کے صاحب زادے کے ساتھ کھیلنے کی بھی کوشش کی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب رجب طیب اردوان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک کے دورے پر گئے تو ایلون مسک اور ان کے بیٹے ایکس نے ان کے ساتھ ملاقات کی، اور اس دوران ان میں دل چسپ گفتگو ہوئی۔

    جب دونوں شخصیات ترکی میں ٹیسلا کے مستقبل کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے تھے تو چھوٹا X اردوان کے تحفے سے متاثر ہوتا نظر نہیں آیا۔

    ترک صدر اردوان نے نیویارک سٹی میں ایلون مسک سے ملاقات میں ان کے بیٹے سے کھیلنے کی کوشش کی، اور فٹ بال تحفے میں دی اور کہا پلیز لے لو، لیکن مسک کا بیٹا باپ کی گود میں چڑھا رہا اور فٹبال پکڑنے کی بالکل کوشش نہیں کی۔

    ترک صدر نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کو ترکیےآنے کی دعوت بھی دی، اور کہا ترکیے میں ٹیسلا فیکٹری لگائیں، صدر اردوان نے ایلون مسک کو ترکیے کی تکنیکی پیش رفتوں کے ساتھ ساتھ ’’ڈیجیٹل ترکیے‘‘ کے وژن اور قومی مصنوعی ذہانت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    واضح رہے کہ X (سابقہ ٹویٹر) کی سخت دفتری میٹنگیں ہوں، یا خصوصی اعلیٰ سطح کی تقریبات، ایلون مسک اپنے ننھے بیٹے کو لانے سے نہیں شرماتے، اس چھوٹے بچے کا نام والدین نے ’X AE A-12‘ رکھا تھا۔

    ترک صدر کے ساتھ ملاقات کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ان وائرل ویڈیوز میں ایک میں اردوان نے ایلون مسک کی بیوی گِرم کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے جواب میں کہا وہ سان فرانسسکو میں ہے، اب ہم الگ ہو چکے ہیں، اسی لیے میں اپنے بیٹے کا خیال رکھتا ہوں۔

  • ایلون مسک کو اربوں ڈالر کا خسارہ کیوں ہوا ؟

    ایلون مسک کو اربوں ڈالر کا خسارہ کیوں ہوا ؟

    ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک گزشتہ چند دنوں میں اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرچکے ہیں، رواں ہفتے دنیا کی دیگر ارب پتی شخصیات کو بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے نمبر ون ارب پتی اور معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کو ایک ہفتے میں تقریباً آٹھ ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

    ’بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس‘کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت گزشتہ ہفتے کے آخر میں تقریباً 8 بلین ڈالر کے خسارے کے بعد 224 ارب ڈالر پر آگئی۔

    ’ٹیسلا‘ کے سی ای او ایلون مسک دنیا کے امیروں میں واحد دولت مند نہیں جو خسارے کا سامنا کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے دنیا کے 5 امیر ترین ارب پتیوں کے نقصانات 2 ارب ڈالر سے 8 ارب ڈالر کے درمیان نقصان اٹھانا پڑا۔

    گراوٹ بنیادی طور پر امریکی فیڈرل ریزرو کی طرف سے گزشتہ ہفتے کے آخر میں مانیٹری سخت کرنے کی پالیسی کو جاری رکھنے کی وجہ سے ہوئی۔

    ارب پتیوں کے حالیہ نقصانات کے باوجود اس سال ان کی خوش قسمتی میں آسمان چھونے والا اضافہ دیکھنے میں آیا کیونکہ 10 امیر ترین ارب پتیوں نے 397 بلین ڈالر سے زیادہ کا منافع حاصل کیا۔

  • ایلون مسک اور مارک زکربرگ کے درمیان ’کیج فائٹ‘ میں ٹوئسٹ آ گیا

    ایلون مسک اور مارک زکربرگ کے درمیان ’کیج فائٹ‘ میں ٹوئسٹ آ گیا

    ایلون مسک اور مارک زکربرگ کے درمیان ’کیج فائٹ‘ میں ٹوئسٹ آ گیا ہے، مارک زکربرگ تو فائٹ کے لیے تیار ہیں لیکن ایلون مسک نے فائٹ سے پہلے گردن اور کمر کا معائنہ کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک اور میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے درمیان ہونے والی کیج فائٹ میں ٹوئسٹ آ گیا، ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ فائٹ کے لیے تیار ہیں مگر اُس سے پہلے اپنی گردن اور کمر کا معائنہ کرانا چاہتے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ ’فائٹ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، کل میں اپنی گردن اور بالائی کمر کا ایم آر آئی کروا رہا ہوں اور شاید فائٹ سے قبل سرجری کی بھی ضرورت ہو۔‘

    ایلون مسک اور مارک زکربرگ میں ’کیج فائٹ‘ ٹوئٹر پر براہ راست نشر ہوگی!

    واضح رہے کہ مارک زکربرگ کیج فائٹ کے لیے 26 اگست کی تاریخ تجویز کر چکے ہیں لیکن ایلون مسک نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔

  • ایلون مسک اور مارک زکربرگ میں ’کیج فائٹ‘ ٹوئٹر پر براہ راست نشر ہوگی!

    ایلون مسک اور مارک زکربرگ میں ’کیج فائٹ‘ ٹوئٹر پر براہ راست نشر ہوگی!

    نیویارک: ایلون مسک اور مارک زکربرگ کے درمیان ’کیج فائٹ‘ ہونے جا رہی ہے، جسے ایکس (ٹوئٹر) پر نشر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے کہا ہے کہ مارک زکربرگ کے ساتھ ان کی ممکنہ کیج فائٹ ان کی سوشل میڈیا سائٹ X یعنی ٹوئٹر پر نشر کی جائے گی۔

    ٹیکنالوجی کے ان دو ارب پتیوں نے بظاہر جون کے آخر میں ’کیج میچ‘ فائٹ پر اتفاق کر لیا ہے، خیال رہے کہ فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ مکسڈ مارشل آرٹس میں تربیت یافتہ ہیں، انھوں نے اس سال کی ابتدا میں اپنے پہلے جوجتسو ٹورنامنٹ میں بھی حصہ لیا تھا۔

    ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اتوار کو ایک پوسٹ میں لکھا ’’زک بمقابلہ مسک فائٹ ایکس پر براہ راست نشر کی جائے گی، اور تمام آمدنی سابق فوجیوں کے لیے خیراتی ادارے میں جائے گی۔‘‘

    مسک نے ایک ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ وہ وزن اٹھا کر فائٹ کے لیے ٹریننگ کر رہے ہیں، انھوں نے اس کی وجہ بتائی کہ ان کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے اس لیے وہ ایسا کر رہے ہیں۔

    مسک اور زکربرگ واقعی لاس ویگاس میں رِنگ کے اندر اترتے ہیں یا نہیں یہ دیکھا جانا ابھی باقی ہے، کیوں کہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ دونوں کے درمیان یہ رضامندی محض مذاق ہو۔