Tag: Elon Musk

  • ایلون مسک کا ٹوئٹر کی ’’چڑیا‘‘ کو فارغ کرنے کا اعلان

    ایلون مسک کا ٹوئٹر کی ’’چڑیا‘‘ کو فارغ کرنے کا اعلان

    ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں نیلے پرندے (چڑیا) کا معروف لوگو اب ماضی کا قصہ بننے جا رہا ہے، ایلون مسک چڑیا اور دوسرے پرندوں کو جلد خداحافظ کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر کے کا جانا مانا چڑیا والا لوگو تبدیل ہونے جارہا ہے، ایلون مسک نے تصدیق کی کہ جلد ٹوئٹر کا لوگو "ایکس” ہوجائے گا۔ یہ اکتوبر 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر کی سب سے بڑی تبدیلی ہوگی۔

    انہوں نے اپنے تازہ ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ جلد ٹوئٹر کے برانڈ اور تمام پرندوں کو بائے بائے کردیں گے، اگر ایکس لوگو اچھا ہوا تو وہ آج شب (23 جولائی کی شب) پوسٹ کیا جائے گا اور اسے 24 جولائی کو لائیو کر دیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ انہوں نے پرانے ملازمین کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی۔ پرندوں سے مراد ٹوئٹر کے پرانے ملازم لیے جارہے ہیں، جنہوں نے ٹوئٹر کی چڑیا والے لوگو کے ساتھ اس ادارے کی بنیاد رکھی تھی۔


    یاد رہے کہ اپریل 2023 میں ٹوئٹر کی نئی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ اس پلیٹ فارم کو ’’ایکس‘‘ میں تبدیل کرنے کے لیے کام کریں گی، جو ایک سپر ایپ ہوگی۔

    اس سے قبل رواں سال اپریل میں عارضی طور پر ٹوئٹر کے روایتی لوگو کو ڈوگی کوائن کے کتے والے لوگو سے تبدیل کیا گیا تھا۔

  • ایلون مسک چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں نئی ٹیکنالوجی لائیں گے

    ایلون مسک چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں نئی ٹیکنالوجی لائیں گے

    مصنوعی ذہانت کے ذریعے کام کرنے والی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی اپنی ریلیز کے ساتھ ہی بے حد مقبول ہوچکی ہے، اب ایلون مسک نے اس کا بھی مقابلہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    ٹیسلا اور ٹویٹر کے مالک ایلون مسک نے ’سچائی کا کھوج لگانے والی‘ مصنوعی ذہانت کو متعارف کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    ٹویٹر کے ارب پتی مالک ایلون مسک نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ مائیکرو سافٹ اور گوگل کو ٹکر دینے کے لیے ایک ایسی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو متعارف کروائیں گے جو پولیٹیکلی درست ہوگی۔

    انہوں نے ایک بار پھر مصنوعی ذہانت کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں تہذیب کی تباہی کا امکان ہے۔

    ایلون مسک نے بتایا کہ میں ٹروتھ جی پی ٹی کے نام سے کچھ شروع کرنے جا رہا ہوں جو سچائی کا پتہ لگائے گا اور کائنات کی نوعیت کو سمجھنے کی کوشش کرے گا۔

    ان کے بقول مصنوعی ذہانت لوگوں کو کائنات کے ایک دلچسپ حصے کے طور پر دیکھے گی اور ان کا کردار ختم نہیں کرے گی۔

    کاروباری دستاویزات کے مطابق ایلون مسک نے امریکی ریاست نیواڈا میں ایکس اے آئی کے نام سے ایک مصنوعی ذہانت کارپوریشن کی بنیاد رکھی ہے۔

    ایلون مسک نے بتایا کہ وہ کبھی گوگل کے شریک بانی لیری پیج کے قریبی دوست تھے اور دونوں نے ہی مصنوعی ذہانت کو محفوظ بنانے کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

    مسک نے پیج کے بارے میں کہا کہ وہ واقعی ڈیجیٹل سپر انٹیلی جنس جلد از جلد چاہتے تھے۔

    ٹیسلا اور سپیس ایکس کے مالک ایلون مسک آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کو لاحق سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔

    امریکی کمپنی اوپن اے آئی کے وائرل چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت کے بعد ایلون مسک نے اس کا متبادل تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے محققین سے رابطہ کیا تھا تاکہ چیٹ جی پی ٹی کا متبادل تیار کرنے والی ایک ریسرچ لیبارٹری قائم کی جاسکے۔

    چیٹ جی پی ٹی کو دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور اسے متعدد ایپس کا حصہ بنایا جا رہا ہے جبکہ مائیکرو سافٹ نے اپنے بنگ سرچ انجن اور دیگر پراڈکٹس کو بھی اس ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے۔

    ایلون مسک چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی کے شریک بانی تھے تاہم انہوں نے 2018 میں اس کمپنی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

  • ٹوئٹر کا اپنا وجود ختم، کسی اور کمپنی میں ضم

    ٹوئٹر کا اپنا وجود ختم، کسی اور کمپنی میں ضم

    نیویارک : معروف سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اپنی ایک اور کمپنی میں ضم کرلیا جس کے بعد ٹوئٹر کا اپنا وجود ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق "ٹوئٹر” جو ایک بہت بڑی سوشل میڈیا کمپنی تھی مگر اب یہ سرے سے کمپنی ہی نہیں رہی کیونکہ اس کے نئے مالک ایلون مسک نے اسے اپنی ایک اور کمپنی "ایکس ہولڈنگز کارپوریشن” میں ضم کردیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر اب ایلون مسک کی ایکس ہولڈنگز کارپوریشن کا حصہ بن گئی ہے، ایکس کارپوریشن ایک نجی ادارہ ہے اور ایکس ہولڈنگز کارپوریشن اس کی سرپرست کمپنی ہے، جس میں نیورلنک، اسپیس ایکس، ٹیسلا اور دی بورنگ کمپنی شامل ہیں۔

    یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب لورا لومر نامی خاتون نے ٹوئٹر کے خلاف کیلیفورنیا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ خاتون کا اکاؤنٹ 2019 میں بند کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے ٹوئٹر کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔

    ٹوئٹر کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم برقرار رہے گا تاہم ایکس کارپوریشن میں اس کی شمولیت سپر ایپ کی تشکیل کی جانب پہلا قدم ہے، گزشتہ سال ایلون مسک نے ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ ٹوئٹر کو سپر ایپ (ایوری تھنگ ایپ) کے ساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں۔

    دستاویزات کے مطابق اب ٹوئٹر کمپنی کا وجود ختم ہوگیا ہے اب اسے ایکس کارپوریشن کا حصہ بنادیا گیا ہے، ٹوئٹر کے ایکس نامی کمپنی میں انضمام کی تصدیق 4اپریل کو کیلیفورنیا فیڈرل کوٹ میں میں جمع کرائی گئی دستاویزات سے ہوئی ہے اور ایلون مسک کی طرف سے بھی ایک ٹویٹ میں انگریزی حرف ’ایکس‘ ٹویٹ کیا گیا ہے، جس سے یہی مطلب لیا جا رہا ہے کہ ٹوئٹر اب ایلان مسک کی کمپنی ایکس میں ضم ہوچکا ہے۔

  • ٹویٹر کا سی ای او اب کون؟ ایلون مسک کا انکشاف

    ٹویٹر کا سی ای او اب کون؟ ایلون مسک کا انکشاف

    ایلون مسک نے ایک انٹرویو میں یہ دل چسپ انکشاف کیا ہے کہ ٹوئٹر کا سی ای او اب ان کا پالتو کتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر کے باس ایلون مسک نے بی بی سی کو ایک طویل انٹرویو دیا ہے، یہ انٹرویو ٹویٹر ہیڈکوارٹر میں کیا گیا، جس میں انھوں نے ٹویٹر بیچنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔

    مسک نے انٹرویو کے دوران یہ کہتے ہوئے مذاق کیا کہ ’’وہ اب ٹویٹر کے سی ای او نہیں رہے، ان کی جگہ ان کے پالتو کتے شیبا اِنو نے لے لی ہے، جس کا نام فلوکی ہے۔‘‘

    ایلن مسک نے کہا کہ اگر انھیں مناسب شخص مل گیا تو وہ کمپنی کو فروخت کر دیں گے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ نئے سی ای او کے لیے ان کے ذہن میں کسی کا نام نہیں ہے۔

    ان سے جب سوال کیا گیا کہ ٹوئٹر میں ان کا وقت کیسا گزر رہا ہے، تو انھوں نے جواب دیا ’’یہ بالکل مزے کا نہیں ہے، بلکہ بعض اوقات تکلیف دہ ہو جاتا ہے۔‘‘ مسک نے اس کام کو ایک رولرکوسٹر سے تشبیہہ دی۔

    ایلون مسک نے دفتر میں سونے کا بھی انکشاف کیا، اور کہا کہ کام کے بوجھ کی وجہ سے وہ کبھی کبھی دفتر میں سو جاتے ہیں، انھوں نے کہا ’’لائبریری میں ایک جگہ پر ایک صوفہ جس پر کوئی نہیں جاتا، میں وہاں سوتا ہوں۔‘‘

  • ایلون مسک نے بلیو ٹک ہٹانے کی تاریخ ٹویٹ کر دی

    ایلون مسک نے بلیو ٹک ہٹانے کی تاریخ ٹویٹ کر دی

    ایلون مسک نے آخر کار ٹویٹر پر بلیو ٹک ہٹانے کی تاریخ ظاہر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹویٹر اور ٹیسلا موٹرز کے مالک ایلون مسک نے گزشتہ روز اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے بلیو ٹک ہٹانے کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

    ایلون مسک کے مطابق ٹویٹر کے بلیو ٹک کو رواں ماہ 20 تاریخ تک ہٹا دیا جائے گا۔ ایلون مسک کے اس ٹوئٹ کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ 20 اپریل سے صرف ٹویٹر بلیو سروس لینے والوں کے پاس ہی بلیو ٹک ہوگا، بقیہ اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹا دیا جائے گا۔

    بلیو ٹک کے خواہش مندوں کو اب بلیو سروس کی سبسکرپشن لینی ہوگی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ٹویٹر مشہور شخصیات جیسے سیاست دانوں، اداکاروں، صحافیوں کے اکاؤنٹس پر بلیو ٹِکس دیتا تھا، اور اس کے لیے کوئی فیس نہیں دینی پڑتی تھی۔

    ٹوئٹر نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ جن کے پاس پہلے سے بلیو ٹک ہے، اگر وہ ٹوئٹر بلیو کو سبسکرائب نہیں کرتے ہیں تو ان کا بلیو ٹک ہٹا دیا جائے گا۔

    بھارت میں ٹویٹر بلیو کی سبسکرپشن 650 روپے سے شروع ہوتی ہے، موبائل صارفین کے لیے یہ ماہانہ 900 روپے ہے۔ کمپنی اب حکومت سے متعلقہ اکاؤنٹس کو گرے ٹِکس، کمپنیوں کو گولڈن ٹِکس اور دوسرے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو بلیو ٹِکس دے رہا ہے۔

    ٹویٹر بلیو کی سہولیات کیا ہوں گی؟

    صارفین کو ٹویٹس میں ترمیم کرنے کا اختیار ملے گا، اس کے لیے 30 منٹ کا وقت ہوگا۔ صارفین کو بک مارک فولڈرز کا آپشن ملے گا، یعنی مضحکہ خیز ٹویٹس کو الگ اور سیاسی ٹویٹس کو الگ فولڈر میں محفوظ کیا جا سکے گا۔

    ٹویٹ اَنڈو کرنے کا آپشن بھی حاصل ہوگا۔ صارفین 4000 الفاظ کی حد تک ٹویٹ کر سکیں گے۔ 1080p یا فل ایچ ڈی کوالٹی میں ویڈیوز اپ لوڈ کی جا سکیں گی۔ پروفائل فوٹو کے ساتھ NFT بھی سیٹ کیا جا سکے گا۔

  • ٹوئٹر کا پرانا لوگو "بلیو برڈ” بحال کردیا گیا

    ٹوئٹر کا پرانا لوگو "بلیو برڈ” بحال کردیا گیا

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پانچ روز قبل کی جانے والی تبدیلی کو اصل شکل میں بحال کردیا گیا، ٹوئٹر کا آئیکونک بلیو برڈ لوگو واپس لگا دیا گیا۔

    آج سے پانچ روز قبل3 اپریل کو ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کے لوگو بلیو برڈ کو کرپٹو کرنسی ڈوج کوائن کے لوگو سے تبدیل کردیا تھا۔

    ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک طویل عرصے سے اس کرپٹو کرنسی ڈوگی کوائن کے حامی ہیں جو 2013 میں ایک مذاق کے طور پر تیار کی گئی تھی۔

    ٹوئٹر کے لوگو پر اس کرنسی کے لوگو کے استعمال سے کرپٹو کرنسی کی قدر میں اضافہ ہوا تھا۔ اب ٹوئٹر کی جانب سے بلیو برڈ لوگو کو واپس لانے سے ڈوگی کوائن کی قدر میں 9 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    بلیو برڈ لوگو تبدیل کرکے دوبارہ بحال کرنے سے متعلق ایلون مسک اور ٹوئٹر کی جانب سے اب تک وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک کے خلاف ڈوگی کوائن کی حمایت پر جون 2022 میں 258 ارب ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا گیا تھا۔ ایلون مسک نے امریکی عدالت میں درخواست دی تھی کہ ڈوج کوائن کے سرمایہ کاروں کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کو خارج کیا جائے۔

  • ٹوئٹر پر کتے کا لوگو کہاں سے اور کیوں آیا؟

    ٹوئٹر پر کتے کا لوگو کہاں سے اور کیوں آیا؟

    نیویارک : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کا مشہور زمانہ لوگو تبدیل کرکے صارفین کو حیرت زدہ کردیا۔ اب آپ ٹوئٹر کھولیں گے تو آپ کو نیلی چڑیا کی جگہ ایک کتے کی شکل نظر آئے گی۔

    ٹوئٹر پر اس حوالے سے خود ایلون مسک نے ایک تصویر کے ساتھ ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ جیسا کہ وعدہ کیا تھا، میں نے اپنا وعدہ پورا کیا۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ادارے کے سربراہ نے یہ اقدام کیوں اٹھایا؟ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر برڈ کو کرپٹو کرنسی ڈاج کوائن والے کتے شیبا اینو کے ساتھ تبدیل کیا جس کی وجہ سے اس ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت 30 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

    ارب پتی شخص ایلون مسک کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ان کے وکلاء نے جمعہ کو ایک وفاقی جج سے 258 ارب ڈالر کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کی۔ مذکورہ مقدمے میں اس کاروباری شخصیت پر ڈاج کوئن کی قیمت میں ہیرا پھیری کرنے اور اسے 36 ہزار فیصد تک اوپر لے جانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    لوگو میں تبدیلی کے بعد ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس کے متعلق ایک میم شیئر کی۔ اس اکاؤنٹ کے 13 کروڑ30 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

    ایلون مسک نے اس کرپٹو کرنسی کے بارے میں کئی ٹویٹ کیے ہیں۔ اس کوئن کو پہلی بار 2013 میں مذاق کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ اس کرنسی کے بارے میں ایلون مسک کے زیادہ تر کمنٹس کے نتیجے میں قیمت تبدیل ہوئی۔

    کوائن مارکیٹ کیپ ڈاٹ کام کے مطابق ڈاج کوائن آٹھویں سب سے قیمتی کرپٹو کرنسی ہے جس کی مارکیٹ کی حد تقریباً 13 ارب ڈالر ہے۔

    ایلون مسک کے خلاف 2022 میں دائر ہونے والے کیس میں ان کے وکلاء نے کہا تھا کہ ڈاج کوئن کے بارے میں ان کے ریمارکس بے ضرر اور اکثر احمقانہ تھے۔ مقدمے میں ٹوئٹر، ٹیسلا اور بورنگ کمپنی کے نام شامل ہیں۔

    سال2021 میں جب ایلون مسک نے سیچرڈے نائٹ لائیو میں میزبانی کے دوران اس کرنسی کا ذکر کیا تو ڈاج کوئن کی قیمت گرگئی تھی۔

  • ٹوئٹر نے "نیو یارک ٹائمز” کا بلیو ٹِک ہٹا دیا

    ٹوئٹر نے "نیو یارک ٹائمز” کا بلیو ٹِک ہٹا دیا

    لندن : ٹوئٹر نے ویری فکیشن فیس نہ دینے پر معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کا بلیو ٹِک ختم کر دیا ہے، ٹوئٹر نے یکم اپریل سے اعلان کردہ پالیسی پر عمل درآمد شروع کردیا۔

    ایلون مسک نے طنزیہ ٹویٹ کیا کہ نیو یارک ٹائمز کا اصل غم یہ ہے کہ اب اُن کا پراپیگنڈہ مزیدار نہیں رہا، بالکل بھی پڑھا نہیں جاتا، ان کے پاس اصلی فالورز زیادہ ہوتے اگر وہ اپنے بہترین آرٹیکل لکھتے، یہ بات سب پبلیکیشنز کے لیے ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی انتطامیہ کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعارف کرا دیا گیا تھا جہاں صارفین ماہانہ فیس کے عوض ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک حاصل کر سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ نیو یارک ٹائمز، دی واشنگٹن پوسٹ، اور دی لاس اینجلس ٹائمز جیسے اہم ذرائع ابلاغ اور یہاں کام کرنے والے ملازمین نے بھی بلیو ٹک کی سبسکرپشن حاصل نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    اس کے علاوہ کینیڈین اداکار ولیم شیٹنر، نامور امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جیمز سمیت متعدد شخصیات نے ٹوئٹر پر اپنے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کے لیے ماہانہ 8 ڈالر ادا کرنے سے انکار کردیا ہے۔

  • ٹوئٹر کی "بلیو ٹک سروس” نے ایلون مسک کو مایوس کردیا

    ٹوئٹر کی "بلیو ٹک سروس” نے ایلون مسک کو مایوس کردیا

    ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو ٹوئٹر کی پیڈ بلیو سروس سے خاطر خوا منافع نہ مل سکا، ایک رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے عرصے میں محض 11 ملین ڈالر کی کمائی کی گئی، کیا ایلن مسک کا خواب چکنا چور ہو جائے گا؟

    اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پیڈ بلو سروس نے 3 ماہ میں محض 11 ملین ڈالر کی کمائی کی ہے، "ٹیک کرنچ” نےاپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ "بلو سروس” کا ٹیک اَپ بہت کم رہا ہے۔

    ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر پیڈ بلو سروس بہت امیدوں اور خواہشات کے ساتھ شروع کی تھی۔ وہ چاہتے ہیں کہ تمام ٹوئٹر صارفین "بلو بیج” کے لیے پیمنٹ کریں تاکہ کمپنی کو اس کا فائدہ مل سکے، حالانکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تین ماہ قبل شروع ہونے والی ٹوئٹر بلو پیڈ سروس نے اب تک محض 11 ملین ڈالر کی رکنیت حاصل کی ہے۔

    دراصل ٹیک کرنچ نے ایپ انٹلیجنس فرم سنسر ٹاور کے ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 11 ملین ڈالر ایک چھوٹا سا اماؤنٹ ہے، ہمیں تنبیہ دینی چاہیے کہ یہ ویب بیسڈ رکنیت کو کور نہیں کرتا۔ مذکورہ اعداد و شمار ان 20 بازاروں کا احاطہ کرتے ہیں جہاں بلو سروس کو اس ہفتہ سے پہلے لانچ کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ٹوئٹر کے بانی ایلون مسک نے 2022 میں ٹوئٹ کے ذریعے سبسکرپشن پلان سمیت کئی نئی پالیسیوں کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ٹوئٹر پر جعلی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے آنے والے مہینوں میں انہیں معطل کردیا جائے گا۔

  • کیا میں ٹوئٹر سربراہ کی حثیت سے عہدہ چھوڑ دوں؟ ایلون مسک کی رائے پر صارفین نے کیا جواب دیا؟

    کیا میں ٹوئٹر سربراہ کی حثیت سے عہدہ چھوڑ دوں؟ ایلون مسک کی رائے پر صارفین نے کیا جواب دیا؟

    ایلون مسک نے ٹوئٹر صارفین سے رائے مانگ لی ہے کہ کیا میں ٹوئٹر سربراہ کی حثیت سے عہدہ چھوڑ دوں؟

    تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پول کا آغاز کیا، جس میں پوچھا گیا کہ کیا انھیں کمپنی کے سربراہ کے عہدے سے سبک دوش ہونا چاہیے؟

    انھوں نے کہا کہ وہ پول کے نتائج کی پابندی کریں گے، اور صارفین جو بھی فیصلہ کریں گے انھیں قبول ہوگا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پولنگ کا عمل جاری ہے، 56 فی صد سے زائد صارفین نے ایلون مسک کو عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    یہ پول پیر کو دوپہر کے قریب بند ہونے والا ہے، تاہم ارب پتی سی ای او مسک نے اس بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں کہ وہ کب اپنے عہدے استعفیٰ دیں گے اگر پول کے نتائج ان کے خلاف آئے۔

    سی ای او کی ممکنہ تبدیلی پر ایک ٹوئٹر صارف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ان کا کوئی جانشین نہیں ہے۔ واضح رہے کہ مسک نے گزشتہ ماہ ڈیلاویئر کی ایک عدالت کو بتایا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر اپنا وقت کم کر دیں گے اور کمپنی کو چلانے کے لیے ایک نیا لیڈر تلاش کر لیں گے۔