Tag: Elon Musk

  • ایپل کو ٹکر، اسمارٹ فونز کے حوالے سے ایلون مسک کا اعلان

    ایپل کو ٹکر، اسمارٹ فونز کے حوالے سے ایلون مسک کا اعلان

    سان فرانسسکو: ایپل کو ٹکر دینے کے لیے اسمارٹ فونز کے حوالے سے ایلون مسک کا اعلان سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راکٹ بنانے والے ایلون مسک اب اسمارٹ فون بھی لانچ کرسکتے ہیں، ہفتے کے روز انھوں نے کہا اگر ٹوئٹر کو ایپلی کیشن اسٹور سے ہٹایا جاتا ہے تو پھر وہ بھی اسمارٹ فونز تیار کر سکتے ہیں۔

    ٹویٹر کے سی ای او ایلون مسک نے کہا اگر ان کے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کو ایپلی کیشن اسٹور سے ہٹا دیا جاتا ہے تو وہ ایپل اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا مقابلہ کرنے کے لیے متبادل اسمارٹ فون تیار کریں گے۔

    مسک نے یہ بات اس وقت کہی جب ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ اگر ایپل اور گوگل اپنے ایپ اسٹورز سے ٹوئٹر کو ہٹا دیں تو مسک کو اپنا اسمارٹ فون بنانا چاہیے۔

    صارف نے لکھا کہ لوگ خوشی سے آئی فون اور اینڈرائیڈ کو ترک کر دیں گے، ایک آدمی جو راکٹ بنا سکتا ہے، اس کے لیے ایک چھوٹا سا اسمارٹ فون بنانا مشکل نہیں ہونا چاہیے۔

    مسک نے جواب دیا کہ مجھے امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا، لیکن اگر کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے تو میں ایک متبادل فون بناؤں گا۔

    مسک کی پوسٹ پر کئی صارفین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اگر مسک نے ایسا کیا تو مجھے یقین ہے کہ ان کا اسمارٹ فون انقلاب برپا کر دے گا، دوسرے نے کہا، مجھے لگتا ہے کہ منصوبہ بندی ہو چکی ہے۔

    ٹویٹر کے سی ای او نے جمعہ کو کہا کہ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم اگلے ہفتے جمعہ کو عارضی طور پر ’تصدیق شدہ‘ بلیو ٹک سروس کو دوبارہ شروع کرے گا۔

  • ٹوئٹر نے ویری فائیڈ اکاؤنٹس رکھنے والوں کو بڑی خبر سنا دی

    ٹوئٹر نے ویری فائیڈ اکاؤنٹس رکھنے والوں کو بڑی خبر سنا دی

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے سربراہ نے ویری فائیڈ اکاؤنٹس کیلئے اب بلیو کی جگہ مختلف رنگوں کے ’ٹک‘ استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اپنے تازہ پیغام میں ایلن مسک نے بتایا ہے کہ دو نئے رنگوں کے ساتھ ٹویٹر کی تصدیق شدہ سروس اگلے ہفتے سے شروع کی جائے گی۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں ایلون مسک نے اکاؤنٹس ویری فکیشن سسٹم کے نئے پروگرام کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹر کے اکاؤنٹ ویری فکیشن سسٹم کے لیے 3 مختلف رنگوں پر مشتمل چیک مارکس متعارف کرائے جائیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ بلیو ٹک کے بعد تصدیق شدہ گولڈ اور گرے چیک مارکس کو متعارف کرے گی۔

    ٹوئٹر کے نئے سربراہ نے اعلان کیا کہ ویری فائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹس کے لیے تین مختلف رنگوں کے چیک مارکس استعمال کیے جائیں گے۔

    جس کیلئے کمپنیوں کے اکاؤنٹس پر گولڈ ٹک، حکومتی اداروں کے اکاؤنٹس پر گرے جبکہ انفرادی اکاؤنٹس کے لیے بلیو ٹک ہی استعمال کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ان تمام اکاؤنٹس پر ویری فائی چیک مارک کو ایکٹیویٹ کرنے سے قبل ان افراد کی فراہم کردہ تفصیلات کے مستند ہونے کی تصدیق کی جائے گی۔

    ایلن مسک کا مزید کہنا تھا کہ انفرادی ویری فائیڈ اکاؤنٹس پر بلیو ٹک ہوگا مگر کسی ادارے سے منسلک افراد کے بلیو ٹک کے ساتھ ایک سیکنڈری چھوٹا لوگو بھی ہوگا جس سے عندیہ ملے گا کہ یہ اکاؤنٹ اس ادارے کی وجہ سے ویری فائی ہوا۔

  • علی ظفر کی تجاویز ایلون مسک کے دل کو بھا گئیں

    علی ظفر کی تجاویز ایلون مسک کے دل کو بھا گئیں

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں جو ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک کو بے حد پسند آئیں۔

    ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک اور پاکستانی گلوکار علی ظفر کے درمیان ٹویٹر پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی، دراصل ایلون مسک نے ٹویٹر کو بہتر بنانے کے لیے مشورے مانگے جس پر علی ظفر سمیت دنیا بھر کے صارفین نے مختلف مشورے دیے۔

    علی ظفر نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ تخلیق کاروں کو لائیکس اور فالوورز کی جنگ سے نکل کر زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔ انہیں اپنی الگ آن لائن ڈیجیٹل دنیا قائم کرنے کی آزادی دی جائے، جہاں وہ جو مرضی تخلیق کریں، مختلف چیزوں کو سیکھیں اور نت نئی تخلیق کریں، اپنے ہم خیال لوگوں سے مل کر سیکھیں اور اس سے کمائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹویٹر کے الگورتھمز کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ مختلف ممالک کے ہم خیال لوگ ایک جگہ جمع ہوسکیں اور ایک دوسرے سے اپنا مواد شیئر کرسکیں اور اسی مناسبت سے سرمایہ کار ان پر سرمایہ کاری کرسکیں۔

    جیسے کہ امریکا میں بیٹھا ہوا شخص صرف امریکا سے ٹویٹ کیا جانے والا مواد ہی نہ دیکھے، بلکہ جاپان میں تخلیق کیا جانے والا مواد بھی اس تک پہنچے۔

    ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک علی ظفر کے خیالات اور تجاویز سے متاثر اور متفق دکھائی دیے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ الگورتھمز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جاپان میں نصف سے زائد نوجوان صارفین کے پاس حیرت انگیز اور منفرد مواد ہے لیکن وہ جاپان سے باہر کبھی نہیں دیکھا گیا۔

  • ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک والے صارفین اب فیس ادا کریں گے

    ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک والے صارفین اب فیس ادا کریں گے

    سان فرانسسكو: ایلون مسک نے ویریفکیشن ٹوئٹر صارفین سے ہر ماہ 20 ڈالر فیس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک  ایلون مسک نے ٹوئٹر کے بلیو ٹک والے صارفین پر فیس عائد کرنے کے لیے نیا سسٹم متعارف کروایا ہے۔

    ایلون مسک نے فیس عائد کرنے کے لیے انجینئرز کو 7 نومبر کی ڈیڈ لائن دی ہے، ڈیڈ لائن تک پروجیکٹ پورا نہ کرنے کی صورت میں مسک نے انجینئرز کو برطرف کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کی چڑیا آزاد کردی

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے تصدیقی طریقہ کار کو نئے سرے سے بنایا جارہا ہے۔

    دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا تھا۔ بلیو ٹک کے علاوہ  ٹوئٹر کےدیگر فیچرز پر بھی فیس عائد کی جائے گی۔

  • ٹویٹر کا مالک بنتے ہی ایلون مسک نے بھارتی چیف ایگزیکٹو کو نکال باہر کیا

    ٹویٹر کا مالک بنتے ہی ایلون مسک نے بھارتی چیف ایگزیکٹو کو نکال باہر کیا

    واشنگٹن: ٹیسلا کے مالک ایلون مسک سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے بھی مکمل طور پر مالک بن گئے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے پہلا کام یہ کیا کہ ٹویٹر کے بھارتی نژاد سی ای او پراگ اگروال کو نکال باہر کیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے مالک بننے کے فوری بعد ٹویٹر کے سی ای او پراگ اگروال اور سی ایف او نیڈ سیگل کو کمپنی سے برطرف کر دیا گیا ہے، یہی نہیں بلکہ انہیں کمپنی کے صدر دفتر (ہیڈ کوارٹر) سے بھی باہر نکال دیا گیا ہے۔

    ایلون مسک نے رواں سال 13 اپریل کو ٹویٹر کی خریداری کا اعلان کیا تھا، انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 54.2 ڈالر فی شیئر کے حساب سے 44 بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی تھی لیکن پھر اسپیم اور جعلی اکاؤنٹس کی وجہ سے انہوں نے اس معاہدے کو مؤخر کر دیا۔

    بعد ازاں 8 جولائی کو مسک نے معاہدہ توڑنے کا فیصلہ کیا، اس کے خلاف ٹویٹر نے عدالت سے رجوع کیا تھا لیکن پھر اکتوبر کے اوائل میں مسک نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے دوبارہ معاہدہ مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اس دوران ڈیلاویئر کی عدالت نے 28 اکتوبر تک ڈیل مکمل کرنے کا حکم دیا، ایلون مسک نے ایک روز قبل یعنی 27 اکتوبر کو ٹویٹر کے دفتر پہنچ کر سب کو حیران کر دیا تھا۔

    مسک نے ٹویٹر کے سی ای او پراگ اگروال، چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) نیڈ سیگل اور قانونی امور کی پالیسی کے سربراہ وجے گاڈے کو باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔

    مسک نے ان پر الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں اور ٹویٹر کے سرمایہ کاروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد کے حوالہ سے گمراہ کر رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق جب ایلون مسک کا ٹویٹر کے ساتھ سودا مکمل ہوا تو اگروال اور سیگل دفتر میں موجود تھے، اس کے بعد انہیں دفتر سے باہر نکال دیا گیا تاہم اس حوالے سے ٹویٹر، ایلون مسک یا کسی عہدیدار کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی ٹویٹر میں آمد کے ساتھ ہی کمپنی کے ملازمین کی نوکریاں ختم ہو سکتی ہیں، واشنگٹن پوسٹ نے انٹرویوز اور دستاویزات کے حوالے سے بتایا تھا کہ ٹویٹر خریدنے کے بعد مسک کمپنی کے 75 فیصد ملازمین کو برطرف کر سکتے ہیں۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ہزاروں ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ہزاروں ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

    ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی خریداری کے بعد اس کے ملازمین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹوئٹر کے 75فیصد ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کردیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق ادارے میں 7ہزار 500 ملازمین کام کرتے ہیں جن میں سے تقریباً 5625 ملازمین اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے جنہیں کچھ ماہ میں مرحلہ وار گھر بھیج دیا جائے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر کی موجودہ انتظامیہ آئندہ سال کے آخر تک کمپنی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سے تقریباً 800ملین ڈالر کم کرنے کے منصوبے پر بھی غور کررہی ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کمپنی نے اپنے ملازمین کو فی الحال یہی بتایا ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر ملازمین کو نوکری سے برخاست نہیں کررہی تاہم دستاویزی شواہد اس کے برعکس ہیں۔

    یاد رہے کہ ایلون مسک کی ٹوئٹر کو خریدنے کی خواہش سے قبل ہی مذکورہ کمپنی کی جانب سے عملے کو نکالنے اور ادارے کے اخراجات میں کمی کے منصوبے پر کام جاری تھا۔

  • ویڈیوز: ایلون مسک نے روس یوکرین جنگ کو ’پہلی ڈرون جنگ‘ قرار دے دیا

    ویڈیوز: ایلون مسک نے روس یوکرین جنگ کو ’پہلی ڈرون جنگ‘ قرار دے دیا

    ایلون مسک نے یوکرین میں جاری روس یوکرین جنگ کو ’ڈرون وار 1‘ قرار دے دیا۔

    دنیا کے سب سے دولت مند شخص، اسپیس ایکس (SpaceX) اور ٹیسلا موٹرز کے سی ای او ایلون مسک نے یوکرین جنگ کو (پہلی عالمی جنگ کی طرح) ’ڈرونز کی پہلی جنگ‘ قرار دے دیا۔

    برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ نے سرخی جمائی کہ ’قاتل ڈرون یوکرین پر بالادستی کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘ اخبار کے لنک کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے ایلون مسک نے لکھا: ’Drone War I‘۔

    اخبار نے لکھا کہ یہ سائز میں چھوٹے اور کسی بھی فضائی دفاع کو توڑ کر اندر داخل ہو سکتے ہیں اور بڑی تباہی مچا سکتے ہیں، اور اس کے ساتھ ساتھ یہ سستے بھی ہیں۔

    یوکرین پر روسی ڈرونز کی بارش، امریکا کا اہم قدم

    اخبار کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے میں، ان قاتل ڈرونز نے اپنی ساکھ کو ایک طاقت ور اور کم خرچ ہتھیار کے طور پر مستحکم کر لیا ہے، جو اہداف کو تلاش اور تباہ کر سکتے ہیں۔

    قاتل ڈرون اس قسم کی دہشت پھیلاتا ہے جو فوجیوں اور شہریوں کے عزم کو یکساں طور پر ناکام بنا سکتا ہے۔

    یوکرین کی جانب سے مسلسل یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ روس شاہد اور مہاجر 6 نامی ایرانی ڈرونز استعمال کر رہا ہے، سی این این کی جرنلسٹ کلریسا ورڈ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ چند ہفتے قبل انھیں جنوبی یوکرین میں گرایا گیا ایک ایرانی ساختہ مہاجر ڈرون دکھایا گیا تھا، تاہم کریملن نے کہا ہے کہ اس آپریشن میں روس صرف روسی ہتھیار ہی استعمال کر رہا ہے۔

    کیف پر روسی ڈرون حملوں کے بعد یوکرینی وزیر خارجہ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں لگائے۔

  • ایلون مسک نے یوکرین کو انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے 80 ملین ڈالر خرچ کر ڈالے

    ایلون مسک نے یوکرین کو انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے 80 ملین ڈالر خرچ کر ڈالے

    واشنگٹن: اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے یوکرین کو غیر معینہ مدت تک اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس کی فراہمی سے معذرت کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے اسپیس ایکس نے یوکرین میں اسٹار لنک کو فعال کرنے اور اس کی مدد کرنے کے لیے تقریباً 80 ملین ڈالر خرچ کر دیے ہیں۔

    ایلون مسک نے کہا ان کی راکٹ فرم اسپیس ایکس غیر معینہ مدت کے لیے یوکرین کی اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس کو فنڈ نہیں دے سکتی، کیوں کہ اسٹار لنک پر ہرماہ تقریباً 20 ملین ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جو کہ بہت مہنگا ہے۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے ایک میں تجویز پیش کی تھی کہ یوکرین روس کے کریمیا کے الحاق کو قبول کرے اور روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقوں میں ریفرنڈم کی اجازت دے۔

    کریملن نے اس تجویز کا مثبت جواب دیا تھا لیکن جرمنی میں یوکرین کے سفیر آندریج میلنک نے ٹوئٹ میں اس کے خلاف رد عمل ظاہر کیا، اور انھیں اس معاملے سے دور رہنے کے لیے کہا۔

    جمعے کو سفیر کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ہم ان کے مشورے پر عمل کر رہے ہیں۔

    ایلون مسک نے اسٹار لنک سسٹم بنانے والی اپنی خلائی کمپنی کا ذکرکرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ اسپیس ایکس ماضی کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے نہیں کہہ رہا ہے، لیکن وہ موجودہ سسٹمز کو غیر معینہ مدت تک فنڈ نہیں دے سکتا۔

  • ٹوئٹر کی خریداری : شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کو گرین سگنل دے دیا

    ٹوئٹر کی خریداری : شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کو گرین سگنل دے دیا

    واشنگٹن : ٹویٹر کے شیئر ہولڈرز نے ٹیسلا کے شریک بانی ایلون مسک کے 44 بلین ڈالر کے’بائی آؤٹ‘ معاہدے کو منظوری دے دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے شیئر ہولڈروں نے جنوبی افریقی کینیڈین امریکی تجربہ کار تاجر، سرمایہ کار اور انجینئر ایلون مسک کے 44 بلین ڈالر کے ’بائی آؤٹ‘ معاہدے کی منظوری دی ہے۔

    مائیکرو بلاگنگ کمپنی ٹویٹر اور مسک کے درمیان معاہدے پر قانونی تنازعہ کے معاملے پر ٹیسلا کے سی ای او نے الزام لگایا تھا کہ ٹویٹر نے انہیں اپنے کاروبار کے بارے میں گمراہ کن معلومات فراہم کیں جب انہوں نے 44بلین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

    ٹیسلا کے باس نے یہ دعویٰ دیر رات گئے ٹویٹر کی جانب سے ڈیل کو منسوخ کرنے کے بجائے مکمل کرنے پر دائر کیے گئے مقدمے کے جواب میں دائر کیا تھا۔

    ٹوئٹر نے منگل کو کہا کہ ابتدائی گنتی سے ظاہر ہوتا ہے کہ شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 44 بلین ڈالر میں خریدنے کی بولی کی حمایت کی، یہاں تک کہ وہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کر رہے ہوں۔

    یہ تعداد شیئر ہولڈر کی میٹنگ کے دوران سامنے آئی جو صرف چند منٹ تک جاری رہی، جس میں زیادہ تر ووٹ آن لائن ڈالے گئے، ٹوئٹر نے معاہدے کی تکمیل کرنے کے لئے مسک پر مقدمہ دائر کیا ہے اور اس کی سماعت اکتوبر کے لیے مقرر ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ٹوئٹر پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا تھا۔