Tag: Elon Musk

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر انتظامیہ کو دھوکہ باز قرار دے دیا

    ایلون مسک نے ٹوئٹر انتظامیہ کو دھوکہ باز قرار دے دیا

    نیویارک : دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر انتظامیہ پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت میں جواب جمع کرادیا۔

    گزشتہ دنوں ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف عدالت میں دائر کی گئی درخواست کے جواب میں ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے بھی دھوکہ بازی کا الزام عائد کردیا۔

    اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے الزامات عائد کئے ہیں کہ ٹویٹر نے اپنے کاروبار کے بارے میں انہیں اس وقت گمراہ کن معلومات دی جب انہوں نے 44 بلین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے

    ٹیسلا کے سی ای او نے یہ دعویٰ ٹویٹر کی جانب سے ڈیل کو منسوخ کرنے کے بجائے مکمل کرنے پر دائر کیے گئے مقدمے کے جواب میں دائر کیا۔

    عدالت میں داخل کیے گئے اپنے جواب میں ایلون مسک نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹوئٹر پر اصل صارفین کے حوالے سے انہیں جو اعداد شمار دیے گئے، اصل صارفین کی تعداد اس سے کافی کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب اپنی دھوکہ دہی کا پردہ فاش ہونے کے خوف سے ٹوئٹر انتظامیہ ان پر درست معلومات تک رسائی کے راستے بند کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ ایلون مسک سے قبل ٹوئٹر نے عدالت میں پیش کیا گیا اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھ دیا تھا جس کے جواب میں ایلون مسک کی جانب سے بھی عدالت میں داخل کیا گیا اپنا جواب عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

    ٹوئٹر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایلون مسک 44 ارب ڈالر کے معاہدے سے بچنے کے لیے فرضی جواز بنا رہے ہیں، ایلون مسک کی کہانی تصوراتی اور معاہدے سے بچنے کی کوشش ہے کیونکہ حصص میں کمی کے باعث وہ اس معاہدے کو پرکشش تصور نہیں کرتے جبکہ خود ان کی اپنی ذاتی دولت میں کمی آئی ہے۔

  • پرسکون نیند کے لیے ایلون مسک کا مشورہ کتنا کارآمد ہے؟

    پرسکون نیند کے لیے ایلون مسک کا مشورہ کتنا کارآمد ہے؟

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے بہترین نیند کے لیے ایک کارآمد مشورہ دیا جس پر سوشل میڈیا پر حسب معمول مزاحیہ اور طنزیہ تبصروں کا طوفان آگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے سوشل میڈیا صارفین کو بہترین نیند کے لیے ایک آزمودہ مشورہ دیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایلون مسک نے پرسکون اور بہترین نیند کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نیند بہتر بنانے کے لیے اپنے بیڈ کے سر والے حصے کو 3 یا 5 سینٹی میٹر اونچا کریں اور سونے سے 3 گھنٹے قبل کچھ نہ کھائیں۔

    اس ٹویٹ کے جواب میں مسٹر بِیسٹ نامی ایک یوٹیوبر نے ایلون مسک سے پوچھا کہ کیا کوئی مجھے بتانا چاہے گا کہ یہ دو چیزیں مجھے کیسے مدد دیں گی؟

    جس کے جواب میں ایلون مسک نے کہا کہ یہ اس لیے اچھا ہے کہ آپ رات کو ہلکی تیزابیت محسوس کر رہے ہوتے ہیں، جو نیند کے معیار پر اثر انداز ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2021 کی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک رات کو 6 گھنٹے کی پرسکون نیند لیتے ہیں، ایلون مسک کے مطابق انہوں نے کم سونے کی کوشش کی تھی لیکن اس وجہ سے ان کی کام کرنے کی صلاحیت پر اثر پڑتا ہے۔

    ایلون مسک کے اس ٹویٹ کے بعد ٹویٹر پر دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ بہتر نیند کے لیے ضروری ہے کہ آپ ارب پتی ہوں، تاکہ آپ کو اپنے بِل ادا کرنے کے لیے محنت نہ کرنی پڑے۔

    کرپٹو ڈاٹ کام نامی ایک ہینڈل نے کہا کہ اس کے علاوہ سونے سے پہلے اپنے کرپٹو کے پورٹ فولیو کو بھی نہ چیک کریں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ بہتر نیند کے لیے ٹویٹر کو 44 بلین ڈالر میں نہ خریدیں اور پھر معاہدہ ختم کر دیں۔

  • جونی ڈیپ کو جرمانے کی ادائیگی، ایمبر ہیئرڈ قیمتی ترین تحفہ فروخت کریں گی

    جونی ڈیپ کو جرمانے کی ادائیگی، ایمبر ہیئرڈ قیمتی ترین تحفہ فروخت کریں گی

    ہالی ووڈ کے معروف اداکاروں جونی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ ایمبر ہیئرڈ کے درمیان ہتک عزت کا مقدمہ کچھ عرصے سے شہ سرخیوں میں تھا، مقدمے میں جونی ڈیپ کو فتح ہوئی اور عدالت نے ان کی سابق اہلیہ کو حکم دیا کہ وہ ڈیپ کو 10.35 ملین ڈالر کی خطیر رقم ادا کریں۔

    ہالی ووڈ رپورٹس کے مطابق ایمبرکے لیے بھاری جرمانے کے عدالتی حکم کی تکمیل کسی صورت ممکن نہیں کیوں کہ اگر وہ اپنی تمام فلموں سے ملنے والے معاوضے کو جمع کرلیں تب بھی وہ اتنا بھاری جرمانہ ادا نہیں کرسکتیں۔

    اس تمام صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئے ایمبر ہیئرڈ نے اپنی زندگی کے سب سے قیمتی تحفے کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ایمبر کو یہ بیش قیمت تحفہ ان کے سابق محبوب اور دنیا کے ارب پتی افراد میں سے ایک ایلون مسک نے دیا تھا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ نے ہرجانے کی رقم بھرنے کے لیے اپنے سابق محبوب کی نشانی ٹیسلا ایکس برقی کار کو بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی مالیت تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر ہے۔

    ٹیسلا کی یہ کار ایک بار چارج ہونے پر 628 کلو میٹر کا فاصلہ 1200 ہارس پاور کے ساتھ طے کر سکتی ہے۔

    دریں اثنا عدالت نے جونی ڈیپ کو بھی حکم جاری کیا ہے کہ وہ اپنی سابق اہلیہ کو 20 لاکھ ڈالر ادا کریں کیوں کہ ایمبر نے ڈیپ اور ان کے ایک وکیل ایڈم ویلڈمین پر ان کے الزامات کو ریکارڈ کر کے تمسخر اڑانے پر مقدمہ بنایا تھا۔

  • امریکا میں بڑا معاشی بحران جلد آنے والا ہے، ایلون مسک کا اہم انکشاف

    امریکا میں بڑا معاشی بحران جلد آنے والا ہے، ایلون مسک کا اہم انکشاف

    امریکہ میں ان دنوں ملکی معیشت شدید مشکلات کا شکار ہے، کورونا وائرس کی وبا کے بعد یوکرین جنگ نے سپرپاور کو معاشی طور پر مزید پریشان کر رکھا ہے۔

    ایک ایسے وقت میں جب خاص طور پر پیٹرول کے داموں کے سبب یہاں مہنگائی بڑھتی چلی جا رہی ہے اور ساتھ ہی عوام کی بے چینی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

    اس حوالے سے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے خبردار کیا ہے کہ امریکی معیشت کے لیے شدید معاشی بحران کا امکان بڑھتا جارہا ہے۔

    دنیا کی سب سے بڑی معیشت میں کساد بازاری کے خدشات اس وقت بڑھ گئے تھے جب امریکا میں مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے شرح سود میں اضافہ کیا گیا۔

    دنیا کے امیر ترین شخص نے اس حوالے سے کہا کہ امریکا میں مستقبل قریب میں شدید معاشی بحران کا امکان نظر آتا ہے۔

    قطر اکنامک فورم کے موقع پر ایک انٹرویو میں ایلون مسک نے کہا کہ آنے والے وقت میں کساد بازاری ناگزیر نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ایسا ہو مگر موجودہ حالات میں اس کا امکان زیادہ ہے۔

    کچھ عرصے قبل ایلون مسک نے ٹیسلا عہدیداران کو ایک ای میل میں کہا تھا کہ معاشی صورتحال کے بارے میں انہیں کچھ زیادہ اچھا نہیں لگ رہا۔

    بعد ازاں ٹوئٹر میں اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر معاشی بحران 12 سے 18 ماہ تک برقرار رہ سکتا ہے۔

    انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ درحقیقت کساد بازاری اچھی چیز ہے، کچھ بیوقوف افراد پر عرصے سے دولت کی بارش ہورہی تھی تو اب کچھ کو دیوالیہ ہونا چاہیے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ کے باعث گھروں میں رہ کر کام کرنے والے افراد لوگوں میں یہ احساس پیدا کررہے ہیں کہ انہیں محنت کرنے کی ضرورت نہیں، تو ان کو جگانے کے لیے سخت حالات ضروری ہیں۔

  • ٹویٹر کی خریداری پر ایلون مسک کے خلاف عدالت میں درخواست

    ٹویٹر کی خریداری پر ایلون مسک کے خلاف عدالت میں درخواست

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایلون مسک کو ٹویٹر کا مکمل انتظام و انصرام دینے کے لیے تین سال کی تاخیر کی جائے۔

    ٹیسلا، اسپیس ایکس اور اب ٹویٹرکے مالک ایلون مسک کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کے تحفظات کے بعد امریکی ریاست ڈیلویئرمیں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹیسلا کے بانی کو 2025 تک ٹویٹر کا مکمل کنٹرول نہ دیا جائے۔

    مذکورہ امریکی ریاست کا قانون کسی بھی فرد کوخریدی گئی کمپنی کا فوری انتظام سنبھالنے سے روکتا ہے۔

    ریاست فلوریڈا کے پنشن فنڈ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے فرائض کو درست طریقے سے سر انجام نہیں دیا اور قانونی اخراجات کی تلافی کی۔

    درخواست کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ایلون مسک کو ٹویٹر کا مکمل انتظام و انصرام دینے کے لیے تین سال کی تاخیر کی جائے جب تک دو تہائی شیئرز ان کی ملکیت کے طور پر منظور نہیں ہوجاتے۔

    عدالت میں دائر کی گئی اس درخواست کے بارے میں تاحال ٹویٹر اورایلون مسک کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے دنیا کے اولین مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کو 54 ڈالر 20 سینٹ فی شیئرز کے حساب سے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، مجموعی طور یہ رقم 44 ارب ڈالر بنتی ہے جو کہ دنیا کے کئی ممالک کے سالانہ بجٹ سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر کتنے میں خریدا؟

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کتنے میں خریدا؟

    سان فرانسسکو: ٹوئٹر نے دنیا کے امیر ترین شخص امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی پیش کش کو قبول کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے 2 ہفتے قبل  ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لئے 44 ارب ڈالرز ادا کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم ٹوئٹر بورڈ نے ایلون مسک کی اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو فروخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    لیکن گزشتہ روز اچانک خبر آئی کہ ٹوئٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایلون مسک کی پیش کش قبول کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ٹویٹر نے ارب پتی کاروباری شخص کو 44 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے میں کمپنی کی فروخت کی تصدیق کردی ہے۔

    معاہدے کے مطابق ایلون مسک ٹوئٹر کی خریداری کے لیے 54.20 ڈالر فی شیئر رقم ادا کریں گے۔ معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد  شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں اب تک کی کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے۔

    ٹوئٹر بورڈ کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارے نے’’ایلون کی تجویز کا جائزہ لینے کے بعد سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹویٹر کے حصص یافتگان (شیئر ہولڈرز) کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔

    ایلون مسک نے کمپنی کی ملکیت لینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وہ نئے فیچرز کے ساتھ ٹوئٹر کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ’’آزادیِ اظہار ایک فعال جمہوریت کی بنیاد ہے، ٹویٹر’ڈیجیٹل اسکوائر‘ ہے جہاں انسانیت کے مستقبل کے لیے اہم معاملات پر بحث ہوتی ہے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ٹیسلا انکارپوریٹڈ اور اسپیس ایکس کی کامیابی میں کارفرما کھرب پتی نے ٹویٹر کمپنی کے کاروباری ماڈل میں تبدیلیوں کے لیے بہت سی تجاویز بھی پیش کی ہیں، ان میں کمپنی کے سان فرانسیسکو میں واقع ہیڈکوارٹر کو بے گھر افراد کی پناہ گاہ میں تبدیل کرنا، ٹویٹس کے لیے ایڈٹ کا بٹن شامل کرنا، پریمیم صارفین کو خودکار تصدیقی نمبر دینا شامل ہے۔

    خیال رہے کہ مسک اس سے قبل بھی ٹویٹر کے 9 فی صد سے زیادہ حصص کے مالک تھے اور وہ اس کے سب سے بڑے انفرادی شیئر ہولڈر تھے، انھوں نے اس ماہ کے اوائل میں اس فرم کا ایک بڑا حصہ خریدا تھا، واضح رہے کہ ٹویٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی ایلون مسک کے دوست ہیں۔

  • ایلون مسک اب تک اپنا گھر کیوں نہیں خرید سکے؟

    ایلون مسک اب تک اپنا گھر کیوں نہیں خرید سکے؟

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے پاس اپنا کوئی ذاتی گھر نہیں ہے، دوست کے گھر میں رہتا ہوں۔

    ایک امریکی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ایلون مسک نے کہا ہے کہ میں کسی عالیشان گھر کا مالک نہیں ہوں جس کہ آپ توقع کررہے ہیں۔

    انہوں نے میزبان سے گفتگو میں بتایا کہ میرے پاس اپنا کوئی ذاتی مکان نہیں بلکہ میں دوستوں کے گھروں میں رہتا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر میں سالانہ اربوں ڈالرز اپنے ذاتی استعمال پر خرچ کروں تو یہ بہت مشکل ہوگا۔

    اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ میں عالیشان گھر کا مالک نہیں جس کی آپ توقع کرتے ہیں۔ فوربز کے مطابق سات بچوں کے والد ایلون مسک 270 ارب دس کروڑ ڈالر اثاثوں کے مالک ہیں۔ وہ امریکہ اور دنیا کے امیر ترین آدمی ہیں۔

    ایلون مسک کا مزید کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل ہوگا کہ اگر میں سالانہ اربوں ڈالرز اپنے ذاتی استعمال پر خرچ کروں لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کا ایک نجی طیارہ ہے جس کو وہ کام کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس کوئی ذاتی کشتی نہیں اور نہ ہی وہ کام سے رخصت لیتے ہیں۔ ایلون مسک کے دو بچوں کی ماں گرمز نے ایک انٹرویو کے دوران تسلیم کیا تھا کہ وہ 40 ہزار ڈالرز کے ایک گھر میں مقیم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایلون مسک ارب پتیوں کی طرح نہیں رہتے۔

    گرمز نے کہا تھا کہ ایک دفعہ ایسا ہوا تھا کہ ایلون مسک کے پاس ایک گدا تھا جس میں سوراخ تھا اور وہ نیا خریدنا نہیں چاہتے تھے۔

    ایلون مسک نے 2020 میں کہا تھا کہ وہ اپنی تمام چیزیں فروخت کریں گے اور ان کے پاس ذاتی مکان نہیں ہوگا۔ گزشتہ ہفتے ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 100 فیصد شیئرز خریدنے کی پیش کش کی تھی۔

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک، ایمازون کے بانی جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے سب سے امیر شخص بن گئے ہیں۔

    الیکٹرک کار کمپنی کے حصص کی قیمت میں اضافے کے بعد ’ٹیسلا‘ اور ’سپیس ایکس‘ کے مالک کی دولت کی مجموعی مالی 185ارب ڈالر کو عبور کر چکی ہے۔

  • ‘اتنے پیسوں میں تو سری لنکا خرید لو’

    ‘اتنے پیسوں میں تو سری لنکا خرید لو’

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ایک بار پھر موضوع بحث ہیں، جس کی وجہ ان کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر خریدنے کی پیشکش کرنا ہے، اب مسک کچھ کہیں یا کریں ، اور اس کے بارے میں میمز یا لطیفے نہ بنیں، ایسا نہیں ہو سکتا۔

    ایلون مسک نے ٹویٹر کو 43 بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی ہے انھیں بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونا تھا، تاہم اب انھوں نے بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

    اب مسک کچھ کہیں یا کریں ، اور اس کے بارے میں میمز یا لطیفے نہ بنیں، ایسا نہیں ہو سکتا، ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونے پر کچھ انٹرنیٹ صارفین نے دنیا کے امیر ترین شخص کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس وقت مشکلات میں گھرے ملک کا تمام غیر ملکی قرض اتنی رقم سے ادا کر سکتے ہیں۔

    اب جب مسک نے ٹویٹر کو 43 بلین ڈالر میں خریدنے کی بات کی ہے تو بہت سے صارفین نے انہیں مشورہ دیا کہ مسک اس رقم سے سری لنکا کا غیر ملکی قرض ادا کر کے اس کو ہی خرید لیں۔

    واضح رہے کہ ایلن مسک کا 43 بلین ڈالر میں ٹویٹر خریدنے کا آفر سری لنکا کے غیر ملکی قرض کے برابر ہے۔

    ادھر سری لنکا میں شدید معاشی بحران کے بعد کولمبو اسٹاک مارکیٹ 5 روز کے لیے بند کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، ملک میں پٹرول پمپس پر ایندھن میں کٹوتی کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

  • ٹوئٹر کی خریداری : سعودی شہزادے نے ایلن مسک کو صاف جواب دے دیا

    ٹوئٹر کی خریداری : سعودی شہزادے نے ایلن مسک کو صاف جواب دے دیا

    ریاض : سعودی ارب پتی شہزادہ الولید بن طلال نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹ خریدنے کی پیش کش مسترد کردی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق شہزادہ الولید بن طلال نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے لیے دی گئی پیش کش اس کی گروتھ کے بعد کی قدر کے مطابق نہیں ہے۔

    ٹوئٹر کے ایک بڑے شراکت دار کی حیثیت سے کنگڈم ہولڈنگ اور میں اس پیش کش کو مسترد کرتے ہیں، ارب پتی ایلون مسک نے ٹوئٹر کو41 ارب 39 کروڑ ڈالر میں خریدنے کی پیش کش کی ہے۔

    ایلون مسک کی پیش کش 54.20 ڈالر فی حصص بنتی ہے جو کہ یکم اپریل کو ٹوئٹر کے سٹاک کی اختتامی قیمت کے 38 فیصد پریمیئم کی نمائندگی کرتی ہے۔

    یاد رہے کہ الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بانی سربراہ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو اکتالیس بلین ڈالر نقد کے عوض خریدنے کی پیشکش کی تھی۔ اس پیشکش کے فوری بعد ٹوئٹر کے شیئرز کی قیمتوں میں واضح اضافہ ہوگیا تھا۔

    ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اپنی اس پیشکش کے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر ایک عظیم الجثہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے تاہم اس کے مزید ترقی کرنے اور آزادی اظہار رائے کا مزید مؤثر ذریعہ بننے کے لیے ضروری ہے کہ اسے پرائیویٹ بنا دیا جائے۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ٹیسلا کمپنی کے سی ای او ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئرز خرید چکے ہیں، انھیں بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونا تھا، تاہم اب انھوں نے بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

    ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایلون مسک سب سے زیادہ شیئر خریدنے کے بعد مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔

    تاہم اب انھوں نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ اسپیس ایکس کے بانی نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے، پراگ اگروال نے ٹوئٹ میں ٹوئٹر ٹیم کو کی گئی ای میل کا اسکرین شاٹ پوسٹ کیا، جس میں لکھا گیا تھا کہ 9 اپریل کو آفیشلی ایلون مسک ان کے بورڈ کا حصہ بنے، لیکن اسی دن ہی ایلون نے ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

    ایلون مسک نے ٹویٹر کے کتنے ارب ڈالرز کے شیئرز خرید لیے؟

    ای میل میں ٹیم میں ایلون مسک کی عدم شمولیت کی وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم لکھا گیا کہ مسک ان کے سب سے بڑے شئیر ہولڈر ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے ان پٹ کی قدر کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جو فیصلہ ہم کرتے ہیں اس پر عمل درآمد کرنا بھی صرف ہمارے ہاتھ میں ہے، کسی اور کے نہیں۔