Tag: emargency

  • نیوزی لینڈ میں طوفان کی تباہیاں جاری، متعدد ہلاک

    نیوزی لینڈ میں طوفان کی تباہیاں جاری، متعدد ہلاک

    ویلنگٹن : نیوزی لینڈ میں آنے والے تباہ کن سمندری طوفان گبرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

    عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی تاریخ کے تباہ کن طوفان پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، امدادی کاموں کے دوران فوج نے بھی حصہ لیا۔

    سمندری طوفان گبرائیل کی شدت قدرے کم ہوگئی لیکن امدادی کاموں کے دوران لاشیں اور زخمیوں کے ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

    فوجی ہیلی کاپٹرز نے گھروں کی چھتوں پر پھنسے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، گزشتہ روز امدادی کاموں کے دوران چھتوں سے 4 لاشیں برآمد ہوئی تھیں جب کہ مزید دو لاشیں ملیں جن میں ایک شیر خوار بچے کی ہے۔

    سمندری طوفان نے 51 لاکھ آبادی کے ملک میں بڑی تباہی مچائی۔ ساڑھے دس ہزار افراد بے گھر ہوگئے جب کہ املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

    نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے سمندری طوفان میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے نسلوں بعد ایسا تباہ کن طوفان دیکھا ہے۔

  • شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    واشنگٹن : امریکی شہر  شکاگو میں پائلٹ نے انجن میں خرابی کے باعث چھوٹے طیارے کو شہر کے مصروف ترین ہائی وے پر اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز  دورانِ پرواز  چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو ہائی وے پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ اور خاتون مسافر  بلکل محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طیارے کی ہائی وے پر لینڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، تاہم موقع کے امدادی خدمات انجام دینے والے رضا کاروں نے طیارے کو دھکیل کر سائڈ پر کرکے ٹریفک کی روانی بحال کی۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کر کیسے لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ طیارہ ہائی وے پر اتار لیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طیارے نے مصروف ترین ہائی وے پر شام 3:15 منٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی، پولیس کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے بتایا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی ہوگئی تھی اور ایئرپورٹ بھی دور تھا اس لئے سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    ایف ایف اے انویسٹی گیشن کی جانب سے پائلٹ اور خاتون مسافر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے تاہم قرب و جوار میں رہائش پذیر لوگوں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    عینی شاہد کے مطابق پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں