Tag: emergency landing

  • ایمرجنسی لینڈنگ، بھارت جانے والی عمانی ایئر لائن کی پرواز کراچی میں اتر گئی

    ایمرجنسی لینڈنگ، بھارت جانے والی عمانی ایئر لائن کی پرواز کراچی میں اتر گئی

    کراچی: بھارت جانے والی ایک پرواز کو کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عمانی ایئر لائن کی بھارت جانے والی پرواز نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے، پرواز او ایم 773 مسقط سے کیرالا کے شہر کوزی کوڈ جا رہی تھی۔

    معلوم ہوا کہ دوران پرواز عمان کے ایک 60 سالہ مسافر ناصر بن عبداللہ بن سیف کو دل میں اچانک تکلیف ہوئی تھی، جس پر طیارے کے عملے نے کراچی میں اترنے کی اجازت مانگی، اور ان کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

    گزشتہ روز پیش آنے والے اس واقعے میں بیمار مسافر کو ان کی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ آف لوڈ کر کے فوری طبی امداد کے لیے کراچی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق یہ پرواز مسقط سے بھارتی ریاست کیرالا جا رہی تھی، اور طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔

  • غیرملکی مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    غیرملکی مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    کراچی : دبئی سے کولمبو جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو اچانک کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران غیرملکی ایئرلائن میں ایک خاتون مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر کپتان نے کراچی اے ٹی سی سے فوری کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

    تاہم دوران پرواز ہی مذکورہ خاتون مسافر خاتون انتقال کر گئیں مرحومہ کا تعلق سری لنکا سے بتایا جارہا ہے، ہنگامی لینڈنگ کے فوری بعد سی اے اے ڈاکٹروں نے خاتون مسافر کو چیک کرکے ان کے مرنے کی تصدیق کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع سی اے اے کا کہنا ہے کہ 57 سالہ سری لنکن خاتون مسافر پالونی انتقال کرگئیں، خاتون مسافر کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی ہیلتھ افسر نے خاتون مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا، بعد ازاں خاتون مسافر کی میت کو لے کر مذکورہ پرواز کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔

  • فضائی میزبان کو سانس لینے میں دشواری، غیر ملکی پرواز کی کراچی میں‌ ہنگامی لینڈنگ

    فضائی میزبان کو سانس لینے میں دشواری، غیر ملکی پرواز کی کراچی میں‌ ہنگامی لینڈنگ

    کراچی: کٹھمنڈو سے شارجہ جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ جانے والی ایئر عربیہ کی پرواز کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر طیارے کے کپتان نے اے ٹی سی سے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

    ذرائع کے مطابق مراکش کے فضائی میزبان انس کو دوران پرواز سانس لینے میں دشواری ہوئی تھی، پرواز اس وقت پاکستانی حدود میں داخل ہو گئی تھی، جس پر اسے فوری طور پر رحیم یار خان سے کراچی موڑا گیا۔

    کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد فضائی میزبان انس کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈاکٹرز نے چیک کیا، تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر غیر ملکی فضاٸی میزبان کو آغا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • طیارے میں دوران پرواز خرابی، مسافر موت کے منہ سے کیسے واپس آئے؟

    طیارے میں دوران پرواز خرابی، مسافر موت کے منہ سے کیسے واپس آئے؟

    دوران پرواز طیارے میں خرابی کے باعث مسافروں کو موت سامنے نظر آنے لگی، پائلٹ نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی، واقعے کی ویڈیو نے سب کو خوفزدہ کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین میں کیڈیز کی فٹ بال ٹیم کو لے جانے والے طیارے کے انجن میں دوران پرواز خرابی پیدا ہوگئی اس دوران طیارے میں خوفناک مناظر پیش آئے جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    ویڈیو دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس طرح طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی اور فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی بظاہر ایک یقینی موت کے منہ سے واپس آگئے۔

    football

    رپورٹ کے مطابق ہسپانوی کیڈیز ٹیم گزشتہ روز سابق کھلاڑی جارج گونزالیز کے اعزاز میں ایک میچ کھیلنے کے لیے ایل سلواڈور جا رہی تھی۔ ٹیک آف کے 10 منٹ بعد ہی طیارے کے ایک انجن میں خرابی پیدا ہوگئی،طیارے کے کپتان نے اعلان کیا کہ سیویل ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی جائے گی۔

    اعلان سننے کے بعد فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی گھبرا گئے اور جہاز نے باقاعدہ جھٹکے لینا شروع کردیے، مقامی ذرائع ابلاغ نے طیارے کے اندر کی ویڈیو کے مناظر شیئر کیے جس میں مسافر دہشت زدہ دکھائی دے رہے ہیں، تاہم بعد ازاں طیارہ بحفاظت رن وے پر اتار لیا گیا۔

  • خواتین مسافروں میں دوران پرواز لڑائی، جہاز کی ہنگامی لینڈنگ

    خواتین مسافروں میں دوران پرواز لڑائی، جہاز کی ہنگامی لینڈنگ

    کویت ائیر ویز کی پرواز میں خواتین مسافروں کے جھگڑے کے باعث کپتان نے طیارے کو فوری طور پر واپس بنکاک ائیرپورٹ پر لینڈ کرادیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسافر طیارہ تھائی لینڈ سے کویت کی جانب رواں دواں تھا کہ سفر کے دوران کچھ خواتین مسافر آپس میں لڑ پڑیں جس سے دیگر مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    چنانچہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے جہاز کے عملے کو پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔

    فضائی کمپنی نے سابقہ ٹوئٹر ‘ایکس’ پر پوسٹ کئے گئے ایک بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کے روزپرواز KU-414 میں پیش آیا۔

    کمپنی نے مزید کہا کہ صورتحال بے قابو ہونے پر پائلٹ نے سیکیورٹی کے طریقہ کار کی تعمیل کرتے ہوئے ہوائی اڈے پر واپس آنے کا فیصلہ کیا۔

    ایئر لائن کمپنی نے تمام مسافروں پر سفری ضوابط کی پابندی پر زور دیا، کویت ایئرویز نے بیان میں کہا کہ ‘خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے تمام قانونی اقدامات کرے گی’،

    کویتی پبلک پراسکیوشن کے مطابق تھائی لینڈ سے آنے والی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    دورانِ پرواز طیارے میں فون پھٹنے سے کھلبلی مچ گئی

    حکام کے مطابق دوران پرواز تشدد کے ارتکاب کے الزام میں دونوں خواتین کوگرفتار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

  • بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے انکار کر دیا تھا، انکشاف

    بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے انکار کر دیا تھا، انکشاف

    کراچی: بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے سعودی طیارے کو ایک مسافر کی طبیعت کی خرابی پر ایمرجنسی لینڈنگ دینے سے اس لیے انکار کر دیا تھا کیوں کہ وہ مسلمان تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ایئر لائن کی پرواز میں مسافر کی طبیعت کی خرابی اور کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کے حوالے سے ایک انکشاف ہوا ہے، معلوم ہوا ہے کہ اس خالص انسانی معاملے میں بھی بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے شدید مذہبی تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے انسانیت کو شرمایا۔

    بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگالی مسافر کی وجہ سے طیارہ ممبئی میں اترنے نہیں دیا، ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 805 ڈھاکا سے ریاض جا رہی تھی، کہ بھارتی فضائی حدود میں بنگلادیشی شہری کی طبیعت خراب ہو گئی، جس پر پائلٹ نے قریبی ممبئی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے لیے طیارے کا رخ موڑ دیا اور لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

    پائلٹ نے اے ٹی سی ممبئی سے انسانی ہمدردی کی بنا پر لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی، ایئر ٹریفک کنٹرولر کی اجازت ملنے تک طیارہ بمبئی کی لینڈنگ اپروچ بھی لے چکا تھا، تاہم ایسے میں اے ٹی سی ممبئی نے متاثرہ مسافر کی قومیت اور دیگر تفصیلات مانگیں، اور پھر ممبئی حکام نے بنگلادیشی مسلمان مسافر کو آف لوڈ کرنے اور ایئر ٹریفک کنٹرول ممبئی نے سعودی طیارے کو لینڈنگ دینے سے صاف منع کر دیا۔

    بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

    بعد ازاں، پائلٹ نے لینڈنگ منسوخ کر کے اے ٹی سی کراچی سے لینڈنگ کی اجازت طلب کی، جس پر اے ٹی سی کراچی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دے دی، اور ہنگامی صورت حال میں طیارہ دگنا سفر کر کے صبح 7:28 پر کراچی لینڈ کر گیا، جہاں سول ایوی ایشن میڈیکل ٹیم نے مسافر کو طیارے میں طبی فوری امداد دی۔

    ایئر لائن ذرائع کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے 44 سالہ مسافر ابو طاہر کی حالت انتہائی خراب تھی، بنگلادیشی مسافر کو بلند فشار خون کی وجہ سے مسلسل قے آ رہی تھی، طبی امداد کے بعد سعودی طیارہ کراچی سے ریاض روانہ ہو گیا۔

  • بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

    بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

    کراچی: ڈھاکا سے ریاض کے لیے سعودی ایئر کی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش سے سعودی عرب جانے والی پرواز نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے، سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 805 نے صبح 7:30 بجے کراچی لینڈ کیا۔

    ڈھاکا سے روانگی کے بعد بھارتی فضائی حدود میں مسافر کی طبیعت خراب ہوئی، جس پر کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا، کنٹرولر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو کراچی میں لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے ہنگامی اقدامات کیے، سعودی طیارے کے لینڈ کرتے ہی ڈاکٹرز فوری طور پر پہنچ گئے، معلوم ہوا کہ طیارے کے 44 سالہ بنگلادیشی مسافر ابو طاہر کا بلڈ پریشر دوران پرواز اچانک ہائی ہو گیا تھا، میڈیکل ٹیم نے طیارے میں سوار مسافر کا معائنہ کیا اور طبی امداد فراہم کی۔

    مسافر کی طبیعت بہتر ہونے پر پرواز کراچی سے ریاض روانہ ہو گئی۔

  • ویڈیو: نوجوان پائلٹ احمد اویس نے ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر کے مسافروں کو بچا لیا

    ویڈیو: نوجوان پائلٹ احمد اویس نے ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر کے مسافروں کو بچا لیا

    ورجینیا: امریکا میں ایک چھوٹے طیارے نے خراب موسم کے باعث ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر ڈالی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق جمعہ کی سہ پہر کو واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والے ایک چھوٹے مسافر طیارے نے خراب موسم کے باعث چند ہی منٹ بعد ہنگامی طور پر ورجینیا کے ہائی پر لینڈنگ کی۔

    طیارے نے ڈیلس ایئرپورٹ سے لنکاسٹر، پینسلوینیا جانے کے لیے اڑان بھری تھی، طیارے میں 7 افراد سوار تھے، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عملہ اور مسافروں میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کو فلوریڈا کا 27 سالہ پائلٹ احمد اویس اڑا رہا تھا، مسافروں میں ایک 15 سالہ لڑکا بھی شامل تھا۔

    ورجینیا اسٹیٹ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ حکام کو ایک نجی طیارے کے لاؤڈون کاؤنٹی میں دوپہر ایک بجے سے کچھ قبل ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع ملی، پائلٹ مہارت کے ساتھ سنگل انجن والے سیسنا 208 کو بغیر کسی گاڑی سے ٹکرائے کاؤنٹی پارک وے کی مغربی طرف والی لین میں بحفاظت اتارنے میں کامیاب رہا۔

    سدرن ایئر ویز ایکسپریس کے سی ای او اسٹین لٹل نے ایک بیان میں کہا کہ ایئر لائن کو یہ جان کر راحت ملی کہ کوئی زخمی نہیں ہوا، انھوں نے کہا ’’ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ تمام مسافر محفوظ رہے، ہم اپنے پائلٹس کے شکر گزار ہیں، جنھوں نے بالکل وہی کیا جس کی انھیں تربیت دی گئی تھی۔‘‘

  • غیر ملکی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ، طیارے میں بچے کی پیدائش

    غیر ملکی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ، طیارے میں بچے کی پیدائش

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک غیر ملکی پرواز نے ایمرجنسی لینڈنگ کی، طیارے میں ایک غیر ملکی خاتون نے بچے کو جنم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر ایئرویز کی فلائٹ کیو آر 934 نے رات گئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی، فلائٹ دوحہ سے منیلا جا رہی تھی۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فلائٹ پر ایک حاملہ خاتون کو اچانک تکلیف شروع ہونے پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی، طیارے کے اترتے ہی فلپائن سے تعلق رکھنے والی خاتون جورابل ہرموسیلا کو جہاز ہی پر ضروری طبی امداد دی گئی۔

    ترجمان کے مطابق طیارے کے اترنے کے بعد ڈاکٹر اور ایمبولینس بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے، تاہم بچے کی پیدائش ہو چکی تھی۔

    کوالالمپور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا مسافر طیارہ روک لیا گیا

    فلپائنی خاتون جورابل ہرموسیلا اور ان کے نوزائیدہ بچے کو مزید نگہداشت کے لیے میمن اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • اسپین میں زچگی کا دھوکا دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی گئی

    اسپین میں زچگی کا دھوکا دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی گئی

    بارسلونا: اسپین میں تارکین وطن کے ایک گروپ نے خاتون کی زچگی کا دھوکا دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی، اور طیارے سے اتر کر فرار ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں بارسلونا ایئر پورٹ پر طیارے سے خاتون کو طبی امداد کے لیے اتارے جانے کے دوران ستائیس افراد اتر کر ایئرپورٹ سے فرار ہو گئے۔

    روئٹرز کے مطابق ہسپانوی حکومت نے بتایا کہ مراکش سے ترکی جانے والے ایک کمرشل طیارے نے بدھ کے روز علی الصبح بارسلونا کے ایل پراٹ ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے سے طبی ایمرجنسی کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم جہاز اترنے کے بعد 28 مسافر نکل کر بھاگ گئے۔

    حکومت نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی طور پر 14 افراد کو حراست میں لیا، جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھی، جس کے بارے میں حکام نے کہا اس نے زچگی کے درد اٹھنے کی اداکاری کی تھی، تاہم جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو اسے دردِ زہ نہیں پایا گیا۔

    حکام کے مطابق بعد میں دو مزید افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کو ایئرپورٹ کے اندر سے پکڑا گیا اور دوسرا باہر سے ملا، تاہم مزید 12 افراد کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے۔

    حراست میں لیے گئے افراد میں سے 5 کو فوری طور پر ترکی کی پیگاسس ایئر لائن کے ذریعے چلائے جانے والے طیارے میں واپس لے جایا گیا، جب کہ کم از کم 8 دیگر کو مراکش بھیجا جائے گا۔ مذکورہ طیارہ کل 228 مسافروں کو لے کر کاسا بلانکا سے استنبول جا رہا تھا۔

    یاد رہے کہ پچھلے سال اکتوبر میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا، جب مسافروں کے ایک گروپ نے اسی طرح کا جھوٹا بہانہ کر کے اسپین کے میلورکا جزیرے پر ہنگامی لینڈنگ کروائی، اور پھر وہ اتر کر بھاگ گئے، ان میں سے 12 کو گرفتار کیا گیا تھا، جب کہ 12 فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے تھے۔