Tag: Emirates

  • جہاز میں پاور بینک لے جانے والوں کو خبردار کردیا گیا

    جہاز میں پاور بینک لے جانے والوں کو خبردار کردیا گیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور دنیا کی بہترین ائیر لائن ایمریٹس نے اپنی پروازوں میں کسی بھی قسم کے پاور بینک کا استعمال ممنوع قرار دے دیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ پابندی کا اطلاق رواں برس یکم اکتوبر 2025 سے ہوجائے گا، تاہم ایمریٹس میں سفر کرنیوالے مسافروں کو یکم اکتوبر تک چند مخصوص شرائط پر جہاز میں پاور بینک لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    رپورٹس کے مطابق ان مخصوص شرائط میں دوران سفر پاور بینک سے ڈیوائسز چارج نہ کرنے، 100 واٹ آورز سے بھی کم کا پاور بینک لے جانے، حتیٰ کہ ہوائی جہاز کے پاور سورس کا استعمال کرتے ہوئے پاور بینک چارج نہ کرنے جیسی شرائط شامل کی گئی ہیں۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران جہاز میں پاور بینک استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایوی ایشن انڈسٹر ی کی پروازوں میں لیتھیم بیٹری کو لے کر واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ پاور بنک کو خاص طور پر لیتھیم آئن یا لیتھیم پولیمر بیٹریوں کا استعمال کرتے ہوئے ڈیوائس کو دوبارہ چارج کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، بیٹریاں الیکٹرولائٹ محلول میں suspend lithium ion پر مشتمل ہوتی ہیں، ان بیٹریوں کے زیادہ چارج یا خراب ہو جانے کے نتیجے میں ‘تھرمل رن وے’ ہو سکتا ہے۔

    ایمریٹس میں ملازمتیں، اہلیت اور معیار

    رپورٹس کے مطابق تھرمل رن وے کی صورت میں بیٹری سیل کے اندر حرارت کی پیداوار، گرمی کو ختم کرنے کی صلاحیت سے زیادہ ہو جاتی ہے جس سے درجہ حرارت میں تیزی سے اور بے قابو حد تک اضافہ ہوتا ہے، نتیجتاً آگ، دھماکے اور زہریلی گیسوں کا اخراج جیسے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

  • دبئی ایئرپورٹ سے مسافروں کے لیے خوشخبری

    دبئی ایئرپورٹ سے مسافروں کے لیے خوشخبری

    دبئی میں اب ایئر لائنز ٹکٹ کی خریداری میں کرپٹو کرنسی کا استعمال ہوسکے گا، اس حوالے سے معاہدے طے پا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کے حکام کا اس حوالے سے عالمی کرپٹو حکام کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے، جس کے تحت اماراتی ایئر لائنز کے ٹکٹس کی خریداری کیلئے کرپٹو کرنسی قابل قبول ہوگی۔

    رپورٹس کے مطابق حکومت دبئی کے مطابق دبئی ڈیوٹی فری میں بھی کرپٹو کرنسی سے شاپنگ ممکن ہوگی، دبئی کے حکام پُرعزم ہیں کہ دبئی کا ڈیجیٹل وژن کرپٹو کرنسی سے مربوط ہوگا۔

    مسافر کے جوتے اور لیپ ٹاپ سے ہیروئن برآمد :

    متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتے اور لیپ ٹاپ سے ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بلڈنگ 2 کے کسٹم انسپکٹرز نے 880 گرام ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    ہیروئن لیپ ٹاپ کے خفیہ خانوں اور جوتے کی ایڑی میں انتہائی مہارت سے چھپا کر اسمگل کی جارہی تھی۔

    پیسنجر آپریشن سیکشن کے انچارج ابراہیم الکمالی کا کہنا تھا کہ دبئی کسٹم اہلکار ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے سلسلے میں پرعزم ہیں، کسٹم اہلکار اعلیٰ تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت رکھتے ہیں۔

    دبئی ایئرپورٹ کا بڑا اعزاز، سب کو پیچھے چھوڑ دیا

    انہوں نے کہا کہ کسٹم انسپکٹرز 100 فیصد مقامی شہری ہیں، انہیں معائنے کے لیے جدید ترقی یافتہ آلات فراہم کیے گئے ہیں۔

    ابراہیم الکمالی کا مزید کہنا تھا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے والے ایک مشتبہ مسافر کی تلاشی لی گئی تو اس کے لیپ ٹاپ کے خفیہ حصوں اور جوتے کی ایڑی سے ہیروئن برآمد ہوئی۔

  • ایمریٹس سے سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    ایمریٹس سے سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    اسرائیل،حزب اللہ تنازع کے باعث چار ماہ کی معطلی کے بعد امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے یکم فروری سے بیروت کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی کی سب سے بڑی ایئرلائن پہلے یومیہ ایک دوطرفہ پرواز اور یکم اپریل سے دو یومیہ پروازیں چلائے گی۔ ایئر لائن یکم فروری سے بغداد کے لیے بھی یومیہ پرواز دوبارہ شروع کرنے جارہی ہے۔

    امارات کی فضائی کمپنی نے اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر ستمبر کے آخر میں کئی علاقائی ایئرلائنز کی طرح لبنان کے لیے پروازیں معطل کر دی تھیں۔

    واضح رہے کہ امارات کی فضائی کمپنی نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑا کارگو بزنس حب بنانے کا اعلان کردیا ہے اور کراچی ایئرپورٹ پر کارگو ٹرمینل پر 90 ہزار فٹ کی جگہ مانگ لی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کارگو بزنس کی بڑھتی طلب کے پیش نظرایمریٹس اپنا کارگو حب بنانے کا فیصلہ کیا، اس وقت کراچی سے سب سے زیادہ کارگو بزنس ایمریٹس ایئر کا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی سے 2024 میں سب سے زیادہ 27 ہزار ٹن سے زائد کارگو ایمریٹس ایئرلائن نے اٹھایا تاہم پی آئی اے عدم توجہ،درست منصوبہ بندی نہ ہونے پر صرف 2 ہزار ٹن کارگوبزنس لے سکی۔

  • ایمریٹس اور فلائی دبئی کا لبنان کیلیے پروازوں سے متعلق اہم اعلان

    ایمریٹس اور فلائی دبئی کا لبنان کیلیے پروازوں سے متعلق اہم اعلان

    متحدہ عرب امارات کی دو بڑی فضائی کمپنیوں ایمریٹس اور فلائی دبئی نے لبنان میں جنگی صورتحال کے باعث فلائٹ آپریشن کی معطلی میں توسیع کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلائی دبئی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ سے بیروت کے لیے پروازیں 7 اکتوبر تک منسوخ کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ ایمریٹس اور فلائی دبئی نے لبنان کیلیے منگل 24 ستمبر کو فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    فلائی دبئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لبنان کی صورتحال کو دیکھ رہے ہیں،صورتحال کے مطابق اپنی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق مسافروں اور کیبن کریو کی سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ مسافر، ری بکنگ یا ٹکٹ کی قیمت کی واپسی کے لیے فلائی دبئی کے کال سینٹر یا ٹریول ایجنٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیل نے لبنان میں ’محدود زمینی کارروائی‘ کے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں دراندازی کی جس کے جواب میں لبنانی فوج نے بھی جوابی حملے شروع کردیئے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ اسرائیل نے لبنان پر جارحیت کیلئے زمینی حملے کی تیاری شروع کرنے سے قبل باقاعدہ امریکہ کو مطلع کیا تھا۔

    اسرائیل کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے جنوبی لبنان پر آرٹلری اور ٹینکوں سے حملے کیے، جنوبی لبنان میں دراندازی پر لبنانی فوج نے بھی اسرائیل پر جوابی حملے شروع کردیئے۔

    معروف ایئرلائن کا کرایوں میں کمی کا اعلان

    اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے شمالی سرحدی علاقوں کو فوجی زون قرار دے دیا، جس کے جواب میں حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ ہم اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

  • ایمریٹس نے دبئی کا سفر کرنے والے مسافروں کو خوشخبری سنادی

    ایمریٹس نے دبئی کا سفر کرنے والے مسافروں کو خوشخبری سنادی

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی قومی فضائی کمپنی ’ایمریٹس‘ نے دبئی کا سفرکرنے والوں کو خوشی کی خبر سنادی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس کا سفر کرنے والے ان مسافروں کو فائیو سٹار ہوٹل میں مفت رہائش کی سہولت دینے کی پیشکش کی گئی ہے جن کا قیام 24 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہوگا۔

    ایمریٹس ایئرلائنز کے نائب صدر اور چیف کمرشل آپریشنز آفیسر عدنان کاظم کے مطابق موسم گرما کے دوران دبئی آنے والوں کو سالانہ تفریحی اور شاپنگ فیسٹیولز (دبئی سمر سرپرائزز) میں شرکت اور خریداری کے بے شمار مواقع ملیں گے۔

    عرب میڈیا کے مطابق یکم جولائی سے 21 جولائی 2024 تک فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس کا ریٹرن ٹکٹ خریدنے والے مسافر دبئی کے فائیو سٹار ہوٹل جے ڈبلیو میریٹ مارکوئس میں دو رات کے مفت قیام کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

    ایمریٹس نے پریمیم یا اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے بھی ایک رات کے مفت قیام کی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔

    ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے یہ خصوصی پیشکش 4 جولائی سے 15 ستمبر 2024 کے درمیان سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے تمام ریٹرن ٹکٹوں پر قابل عمل ہوگی۔

    یہ سہولت حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دبئی آنے والے مسافر اپنی آمد سے کم از کم 96 گھنٹے پہلے ایئرلائنز کو ای میل پر اپنی تمام تفصیلا ت دیں گے، ایئرلائن ای میل کے ذریعے جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل میں رہائش کی کنفرمیشن فراہم کرے گی۔

    یو اے ای اور عمان میں یکم محرم کو تعطیل کا اعلان

    خصوصی پیشکش ایمریٹس ایئرلائنز کی ویب سائٹ، موبائل ایپ یا ایمریٹس ایئر کے آفس یا ٹریول ایجنٹس کے ذریعے ٹکٹ خریدنے پر بھی دی جائے گی۔

  • دبئی کی ایمریٹس ایئر لائن ایک اور اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب

    دبئی کی ایمریٹس ایئر لائن ایک اور اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب

    دبئی کی فلیگ شپ ایئر لائن، ایمریٹس نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، ایمریٹس کوایئر لائن ریٹنگز 2024 ایئر لائن ایکسیلنس ایوارڈز میں بہترین انفلائٹ انٹرٹینمنٹ ایوارڈکا عالمی فاتح قرار دیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس کو عالمی ایئر لائنز کی ایک وسیع فائنل فہرست میں سے ان فلائٹ تفریح کے لیے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئر لائن کا انفلائٹ انٹرٹینمنٹ میں سفر تقریباً 30 سال قبل شروع ہوا جب یہ اکانومی کلاس مسافروں کے لیے سیٹ بیک ویڈیوز متعارف کرانے والی پہلی ایئر لائنز میں سے ایک تھی۔

    اس کے علاوہ اس وقت ایمریٹس ایئر لائن کے پاس 6,500 چینلز کی عالمی معیار کی تفریحی لائبریری موجود ہے جس میں 2024 اکیڈمی ایوارڈ یافتہ فلموں سمیت 2,000 سے زیادہ ہالی ووڈ اور بین الاقوامی سطح پر کامیاب ہونے والی فلمیں شامل ہیں۔

    مسجد الحرام میں روزانہ زائرین و معتمرین کیلئے 2400 افطار دسترخوانوں کا اہتمام

    ایئرلائن کے مطابق وہ اپنے پرواز کے مواد کو ماہانہ اپ ڈیٹ کرتی ہے، جس وقت وہ سوار ہوتے ہیں اس کی لائبریری میں فلمیں، ٹی وی شوز، پوڈ کاسٹ اور میوزک چینلز شامل کئے جاتے ہیں، بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کے تجربے کو زیادہ سے زیادہ با سہولت اور پر وقار بناتے ہیں۔

  • ایمریٹس ایئر لائن ہوٹل میں مفت قیام دے گی

    ایمریٹس ایئر لائن ہوٹل میں مفت قیام دے گی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئر لائن نے مسافروں کو محدود مدت کے لیے ہوٹل میں مفت قیام کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کے لیے 2 راتیں ہوٹل میں قیام کی پیشکش کی گئی ہے، مسافروں کو ہوٹل امارات ایئر کی جانب سے مفت فراہم کیا جائے گا۔

    دنیا کے کسی بھی ملک سے امارات ایئر کے ذریعے سفر کرنے والے خواہ وہ امارات آئے یا وہاں سے سفر کریں، انہیں مفت ہوٹل قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    ایئر لائن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ فرسٹ کلاس سے سفر کرنے والوں کے لیے 2 راتیں جبکہ اکانومی کلاس کے مسافروں کو ایک رات کے لیے ایئر لائن کی جانب سے مفت ہوٹل میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    مذکورہ پیشکش 26 مئی سے 31 اگست 2023 تک کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔

    ہوٹل میں قیام کی مفت پیشکش سے مستفید ہونے کے لیے فلائٹ بکنگ کروانے کے بعد ای میل پر بکنگ نمبر، فلائٹ کی تفصیلات، امارات پہنچنے کی تاریخ، مسافر کا نام اور ٹیلی فون نمبر ارسال کیا جائے جس کے بعد ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے مفت ہوٹل بکنگ کی کنفرمیشن ارسال کر دی جائے گی۔

  • ایمریٹس کی مسافروں کے لیے ایک اور سہولت

    ایمریٹس کی مسافروں کے لیے ایک اور سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس نے مسافروں کے لیے ایک اور سہولت دیتے ہوئے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس کا اجرا کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے 15 مئی سے ڈیجیٹل بورڈ نگ پاس کا اجرا شروع کیا جا رہا ہے، مسافروں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس جاری کیا جا رہا ہے۔

    ایئر لائن کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 3 سے سفر کرنے والے ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے بورڈنگ پاس حاصل کرسکتے ہیں۔

    وہ مسافر جو آن لائن بورڈنگ کی کارروائی مکمل کرتے ہیں وہ ایپل والٹ یا گوگل والٹ کے ذریعے اپنا بورڈنگ پاس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، علاوہ ازیں امارات ایئر کی ایپ کے ذریعے بھی ڈیجیٹل بورڈنگ پاس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    سامان کے حوالے سے ایئر لائن کی جانب سے کہا گیا کہ بیگج ٹیگ مسافروں کو ای میل یا امارات ایئر کی ایپ پرارسال کر دیے جائیں گے جن کا اندراج بکنگ کے وقت کیا گیا ہو۔

    ایئر لائن کی جانب سے ڈیجیٹل سسٹم کو استعمال اور اسے عام کرنے کا مقصد مسافروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنا ہے، ڈیجیٹل بورڈنگ پاس سے مسافروں کو یہ محفوظ رکھنا مشکل نہ ہوگا، اس کے برعکس روایتی بورڈنگ پاس کی حفاظت کرنا ہوتی تھی یا بعض اوقات مسافر راویتی بورڈنگ کارڈ گم کردیتے تھے۔

    ڈیجیٹل بورڈنگ کارڈ سے دبئی ڈیوٹی فری شاپ سے خریداری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ بورڈنگ کے لیے موجود اہلکار کیو آر کوڈ اسکین کر کے مسافر کے بارے میں جملہ معلومات حاصل کر سکے گا۔

    امارات ایئر لائن کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کارڈ کے ساتھ راویتی بورڈنگ کارڈ کا اجرا بھی جاری رہے گا جو ان مسافروں کے لیے ہوگا جو فیملی اور چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کر رہے ہوں، علاہ ازیں مخصوص افراد یا دیگر فضائی کمپنیوں سے ان کے سفر جاری ہوں۔

    ایسے مسافر جن کے پاس اسمارٹ فون نہ ہو یا، ان کا انٹرنیٹ کام نہیں کر رہا ہو، یا دیگر وجوہات کا سامنا ہو اس صورت میں وہ مسافر روایتی بورڈنگ کارڈ جاری کروا سکتے ہیں۔

  • ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز میں معاہدہ، سیاحوں کے لیے مزید سہولت

    ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز میں معاہدہ، سیاحوں کے لیے مزید سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز نے ایک نیا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافروں کو کسی بھی ایئر پورٹ سے آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافر سنگل ٹکٹ کے ذریعے ایک سے زیادہ مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

    اس معاہدے کے تحت مسافر دبئی یا ابو ظہبی کے لیے سنگل ٹکٹ بک کر سکیں گے اور کسی دوسرے ایئر پورٹ سے واپس آسکیں گے، مسافروں کو آزادی حاصل ہوگی کہ وہ اپنی سہولت کے تحت اپنے سفر کا پلان بنا سکیں۔

    ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک نے کہا کہ ہمیں اتحاد ایئر ویز کے ساتھ دوبارہ کام کر کے خوشی ہو رہی ہے۔ دونوں ایئر لائنز عرب امارات آمد اور روانگی کے لیے بہترین آپشنز دے رہی ہیں جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

    اس معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر یورپ اور چین سے آنے والے مسافروں کو سہولت دی جائے گی۔

    اتحاد ایئر ویز کے سی ای او انتونو آلدو نیوز کا کہنا تھا کہ ہمارے معاہدے سے مسافروں کو سہولت ہوگی کہ وہ ایک ٹکٹ پر دبئی اور ابو ظہبی کے سفر سے لطف اندوز ہو سکیں، مسافروں کے لیے یہ ہر لحاظ سے بہترین آپشن ہے۔

    جمعرات کو ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم اور اتحاد کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد البلوکی نے دبئی میں اس معاہدے پر دستخط کیے۔

    دونوں ایئر لائنز کی شراکت امارات میں سیاحت کو فروغ دینے اور اسے سیاحت کے لیے چوٹی کے ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

  • ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن 2 اپریل سے ٹوکیو کے ہنیڈا ایئر پورٹ کے لیے اپنی سروسز دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    ایمریٹس کے جدید بوئنگ 777 میں سے ایک کے ذریعے آپریٹ کیے جانے والے گیم چینجر طیارے کی پرواز ای کے 312 دبئی سے 7 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی اور 10 بج کر 35 منٹ پر ہنیڈا پہنچے گی۔

    واپسی کی پرواز ای کے 313 ہنیڈا ایئر پورٹ سے 12 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوگی اور 6 بج کر 20 منٹ پر دبئی پہنچے گی۔

    وام کے مطابق ایمریٹس کی پرواز کی بحالی جاپان میں وبا کے بعد سفر اور سیاحت کی بحالی کے لیے ایئر لائن کے مسلسل تعاون کو ظاہر کرتی ہے۔

    ایمریٹس کی ہنیڈا میں بحالی سے مارکیٹ میں ایئر لائن کے آپریشنز کو مزید فروغ ملے گا۔