Tag: employee

  • فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کا خاتون پر حملہ، ویڈیو وائرل

    فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کا خاتون پر حملہ، ویڈیو وائرل

    ملائیشیا میں ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر طیش میں آ کر ریستوران کی خاتون ملازم پر حملہ کر بیٹھا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ملائیشیا کے ایک ریستوران میں پیش آنے والا یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنا ایک شخص جو فوڈ ڈیلیوری رائیڈر ہے کاؤنٹر پر کھڑی ملازم سے بحث کر رہا ہے، اس کے بعد وہ طیش میں آ کر کاؤنٹر سے ایک ڈرنک اٹھا کر ملازم کی طرف پھینکتا ہے۔

    ملازمہ پلٹ کر موبائل میں اسے کچھ دکھاتی ہے اور دونوں کی بحث و تکرار خاصی دیر تک جاری رہتی ہے۔

    دراصل ہوا کچھ یوں تھا کہ ایک صارف نے ڈیلیوری کمپنی کے ذریعے ریستوران سے کھانا آرڈر کیا، لیکن کافی دیر تک کھانا صارف تک نہیں پہنچا۔

    کسٹمر نے ریستوران کو فون کر کے شکایت کی جس پر ریستوران نے دوسرے رائیڈر کو کھانا پہنچانے کے لیے دے دیا۔

    45 منٹ بعد پہلا والا رائیڈر ڈیلیوری پہنچانے کے لیے پہنچا جس پر اسے بتایا گیا کہ اس کی رائیڈ دیر ہونے کی وجہ سے کینسل کردی گئی ہے جس پر وہ سیخ پا ہو کر ریستوران میں شور شرابہ کرنے لگا۔

  • باس سے تنگ خاتون ملازم نے تیل کے گودام کو آگ لگا دی

    باس سے تنگ خاتون ملازم نے تیل کے گودام کو آگ لگا دی

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک خاتون نے اپنے باس کے ڈانٹنے پر دلبرداشتہ ہو کر اس تیل کے گودام کو آگ لگادی جہاں وہ کام کرتی تھیں، خاتون کے غصے کے سبب 9 لاکھ یورو کا نقصان ہوگیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق این سریا نامی خاتون نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس نے یہ حرکت اپنے باس پر غصے کی وجہ سے کی، کیونکہ ان کے باس نے انہیں ڈانٹا اور ان کے کام کے طریقہ کار پر تنقید کی تھی۔

    گودام کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کاغذ کے ٹکڑے لیے گودام میں داخل ہوتی ہیں اور لائٹر سے کاغذ کو شعلہ دکھا کر تیل کے کنٹینرز پر پھینک دیتی ہیں۔

    ان کے نکلنے کے بعد وہاں سیاہ دھواں دکھائی دیتا ہے، آگ جلد ہی عمارت میں پھیل گئی جس میں ہزاروں لیٹر تیل ذخیرہ کیا جاتا تھا۔

    پولیس نے خاتون کے ان کے گھر سے گرفتار کرلیا جس کے بعد انہوں نے گودام کو آگ لگانے کا اعتراف بھی کرلیا۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اس گودام میں گزشتہ 9 سال سے کام کر رہی ہیں، ان کے مینیجر ہر روز ان کی شکایت کرتے تھے جس کی وجہ سے وہ ذہنی تناؤ کا شکار تھیں، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی لگائی معمولی سی آگ سے اتنا نقصان ہوگا۔

    گودام کی آگ پر 4 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، پولیس کے مطابق خاتون کی حرکت سے 9 لاکھ یورو (18 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کا نقصان ہوا ہے۔

  • پی آئی اے کے ملازم کی حادثاتی موت، ادارے سے ملی رقم والد نے لے لی، بیوہ محروم

    پی آئی اے کے ملازم کی حادثاتی موت، ادارے سے ملی رقم والد نے لے لی، بیوہ محروم

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازم کی حادثاتی موت کے بعد ملازم کی بیوہ اپنا حق لینے کے لیے عدالت پہنچ گئیں، ادارے سے ملی 23 لاکھ روپے کی رقم ملازم کے والد وصول کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازم فراز احمد کی حادثاتی موت کے بعد ادارے سے ملی 23 لاکھ کی رقم والد نے وصول کرلی جس کے بعد بیوہ اور بیٹی اپنا حق حاصل کرنے سپریم کورٹ پہنچ گئیں۔

    عدالت میں دائر کردہ درخواست میں ملازم کی بیوہ نے استدعا کی ہے کہ شوہر کی جگہ نوکری اور بچی کے تعلیمی اخراجات بھی ادا کیے جائیں۔

    درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ وراثت میں والد کا شرعی حق بیوہ کو دیا جائے۔

    پی آئی اے کے وکیل کا کہنا ہے کہ دعویٰ پرانے قانون کے تحت دائر کیا گیا لہٰذا اس کی داد رسی نہیں ہوسکتی، سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ درخواست پہلے دی گئی تھی تو فیصلہ پرانے قانون کے تحت ہوگا یا نئے قانون کے تحت جس پر بیوہ کے وکیل نے کہا کہ عدالتی نظیر موجود ہے کہ فیصلہ پرانے قانون کے تحت ہوگا۔

    جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ پرانا قانون موجود ہی نہیں تو اسے کیسے نافذ کرنے کا حکم دیں، حل یہ ہے کہ پی آئی اے کو درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت دیں۔ فیصلہ خلاف آنے پر عدالت سے رجوع کا حق حاصل ہو جائے گا۔

    بیوہ کے وکیل نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ فیصلہ حق میں کردے تو مسئلہ ویسے ہی حل ہو جائے گا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ پی آئی اے بیوہ کی درخواست کا فیصلہ 2 ماہ میں کرے، تحقیق کی جائے کہ صرف ایک وارث کو 23 لاکھ کیسے ادا ہوئے؟ متوفی کے والد سے شرعی حق سے زائد رقم واپس لے کر بیوہ کو دی جائے۔

    سپریم کورٹ نے بیوہ کی درخواست کا فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

  • بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹ لیا اور لٹنے کی رپورٹ بھی پولیس کو درج کروا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹنے کی سازش کر کے لاکھوں روپے وصول کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پولیس کی تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ جس شخص نے یہ مقدمہ درج کروایا تھا وہ خود اس میں ملوث تھا۔

    مذکورہ ملازم نے پولیس کو جا کر رپورٹ درج کروائی اور من گھڑت کہانی سنائی کہ وہ ملازمین کی تنخواہ لے کر آرہا تھا جب راستے میں پانچ افراد نے اس پر حملہ کر کے تشدد کیا اور 7 لاکھ روپے کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے تفتیش کر کے جلد ہی سچائی کا پتہ لگا لیا جس کے بعد مذکورہ ملازم کو حوالات میں بند کر کے اس سے تفتیش شروع کردی گئی۔

    ملزم نے بتایا کہ وہ ایک نجی کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کے پاس مزدوروں کی تنخواہ کے پیسے تھے۔ وہ قرض دار تھا اور اسے سے نجات پانے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر سارا ڈرامہ رچایا۔

    پولیس نے ملزم کے بقیہ ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔

  • خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    کراچی: شہر قائد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والے ملازم معراج الدین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، معراج پہلے ہی ہراسگی کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع نادرا میگا سینٹر کے ملازم معراج الدین کی جانب سے خواتین کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نادرا نے مذکورہ ملازم کو برطرف کردیا ہے۔

    ڈی جی نادرا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم کے ملازمتی لیٹر کے مطابق معراج الدین ڈیلی ویجز پر ملازمت پر رکھا گیا تھا، ملازم خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے میں ملوث پایا گیا اور اس کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔

    ڈی جی کے مطابق معراج الدین کو نادرا کے کلاز نمبر 4 کے تحت برطرف کیا گیا ہے اور اسے ایچ آر برانچ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    معراج کو گزشتہ روز پولیس نے چھاپہ مار کر ہراسگی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیٹا انٹری ملازم خواتین کے نمبرز نکلوا کر ان سے رابطے کرتا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بھیجتا تھا، نادرا ملازم کے خلاف ایک شہری نے تھانے میں شکایت درج کروائی تھی۔

    پولیس کے مطابق اس کے پاس کئی نمبرز تھے جن سے وہ خواتین کو ناشائستہ میسج بھیج کر ہراساں کیا کرتا، ملزم کے خلاف تفتیش کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم معراج کی گرفتاری ڈرامائی انداز میں عمل میں آئی، ملزم کو متاثرہ خاتون کے شوہر نے ملنے کے لیے بلا کر اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، متاثرہ خاندان نے واٹس ایپ پر بھیجا گیا غیراخلاقی مواد بھی فراہم کردیا گیا ہے۔

  • کامیاب سال گزارنے پر کمپنی کا اپنے ملازمین کو شاندار تحفہ

    کامیاب سال گزارنے پر کمپنی کا اپنے ملازمین کو شاندار تحفہ

    چین کی ایک کمپنی نے اپنے ہر ملازم کو سال بھر نہایت محنت سے کام کرنے پر پلے اسٹیشن 5 بطور تحفہ دیا جس پر ملازمین خوشی سے نہال ہوگئے۔

    یہ شاندار تحفہ چین کی ایک گیمنگ کمپنی نے اپنے ملازمین کو دیا ہے، تحفے میں پلے اسٹیشن 5، گرافک کارڈز اور ننٹینڈو سوئچ کنسول شامل ہیں۔

    اس حوالے سے کمپنی کے ایک ملازم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی میں سالانہ میٹنگ کے موقع پر ایک کامیاب سال کے لیے ملازمین کو یہ شاندار تحفہ دیا گیا۔

    مذکورہ گیمنگ کمپنی ان کمپنیوں میں شامل ہے جو کرونا وائرس وبا کے دوران نقصان میں جانے کے بجائے فائدے میں رہی اور اس نے گیمنگ گیجٹس کی فروخت میں اضافے کے باعث سال 2020 کے دوران بے تحاشہ منافع کمایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا جانے والا پلے اسٹیشن 5 نہایت مقبول ہوچکا ہے اور اس کی فروخت لاٹری سسٹم کے ذریعے کی جارہی ہے۔

    پلے اسٹیشن 5 میں 8 کور سی پی یو، کاسٹیوم جی پی یو، تھری ڈی آڈیو، 8 کے گیمنگ سپورٹ، بجلی کے کم استعمال کا آپشن، پی ایس فور بیک ورڈز کمپیٹبلٹی اور الٹرا فاسٹ ایس ایس ڈی جیسے فیچرز شامل ہیں۔

  • ڈاکو پیٹرول پمپ کے بوڑھے ملازم سے 5 لاکھ لوٹ کر فرار

    ڈاکو پیٹرول پمپ کے بوڑھے ملازم سے 5 لاکھ لوٹ کر فرار

    نئی دہلی: بھارتی شہر مظفر پور میں 6 ڈاکو پیٹرول پمپ کے 65 سالہ ملازم سے 5 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

    مذکورہ واقعہ مظفرپور میں پیش آیا جہاں ایک پیٹرول پمپ کا 65 سال ملازم 5 لاکھ کی رقم بیگ میں ڈال قریبی بیگ میں ڈی پازٹ کروانے جارہا تھا۔

    پولیس کے مطابق بینک کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح افراد نے ملازم کو روکا اور گن پوائنٹ پر اس سے بیگ چھین لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ بھی کی۔

    ملازم کا کہنا ہے کہ تمام ڈاکوؤں نے اپنے چہروں پر ڈھاٹا باندھا ہوا تھا جبکہ ہیلمٹ بھی پہنا ہوا تھا لہٰذا وہ کسی کو دیکھ نہ سکا۔ واقعے کے بعد وہ ہانپتا کانپتا واپس پیٹرول پمپ پر پہنچا اور دیگر ملازمین کو واقعے کے بارے میں بتایا۔

    عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو پستولیں لہراتے ہوئے واپس روانہ ہوئے لہٰذا کوئی ان کے پیچھے جانے کی ہمت نہ کرسکا۔

    انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا گیا جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • کار چوری کی سفاکانہ واردات، عورت نے ملازم کو کچل ڈالا

    کار چوری کی سفاکانہ واردات، عورت نے ملازم کو کچل ڈالا

    پورٹ لینڈ: امریکا میں ایک ٹو یارڈ سے ایک خاتون نے پک اپ گاڑی چرائی اور  فرار ہوتے ہوئے گیٹ پر کھڑے ملازم کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی شہر پورٹ لینڈ میں پیش آیا جہاں 2 افراد نے ایک ٹو یارڈ (گاڑیاں ٹو کر کے لائی جانے والی جگہ) میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں افراد جن میں سے ایک 60 سے 70 سالہ مرد اور ایک 20 سے 30 سال کی خاتون ہیں، دروازے کا قفل توڑ کر اندر گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    جب انہیں اس میں ناکامی ہوئی تو خاتون دروازے کے نیچے سے رینگ کر یارڈ کے اندر چلی جاتی ہیں۔

    اس کے بعد وہ ایک پک اپ میں بیٹھ کر اسے اسٹارٹ کرتی ہے، اسی دوران یارڈ کا ایک ملازم وہاں پہنچتا ہے تو خاتون دروازے کو زوردار ٹکر مارتی ہے جس کی زد میں آکر ملازم بھی دور جا گرتا ہے۔

    گرنے کے باجود ملازم اٹھتا ہے اور کھڑکی پر مکے برساتا ہے تاہم اس دوران خاتون اپنی ڈرائیونگ جاری رکھتی ہیں اور دروازہ توڑ کر باہر نکل جاتی ہیں۔

    بعد ازاں زخمی ملازم کو اسپتال لے جایا گیا، دیگر چوٹوں کے علاوہ اسے گردن میں فریکچر بھی تشخیص ہوا۔

    پولیس سے بات کرتے ہوئے اس نے ہنستے ہوئے کہا کہ اسے خوشی اس بات کی ہے کہ وہ اس حادثے میں زندہ بچ گیا، خاتون کے ارادے خطرناک تھے اور وہ جاتے ہوئے اسے جان سے مار کر بھی جاسکتی تھی۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ ان دونوں افراد کو جانتے ہیں تو پولیس سے رابطہ کریں۔

  • چین میں برطانوی قونصل خانے کا اہلکار گرفتار، چینی حکومت کی تصدیق

    چین میں برطانوی قونصل خانے کا اہلکار گرفتار، چینی حکومت کی تصدیق

    بیجنگ: چین نے برطانیہ کے ایک قونصل خانے کے ایک اہلکار کی ہانگ کانگ میں گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے، چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سرحدی شہر شین زن میں ایک قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ اس برطانوی سفارتی اہلکار کو سرحدی شہر شین زن میں ایک قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ برٹش قونصلیٹ کا یہ اہلکار شین زن میں ایک کاروباری ملاقات کے لیے گیا ہوا تھا۔

    برطانیہ نے اس گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق یہ اہلکار گزشتہ دو ہفتوں سے لاپتہ تھا اور اس نے اپنی دوست کو آخری پیغام یہ بھیجا تھا کہ وہ سرحد عبور کرتے ہوئے ہانگ کانگ جا رہا تھا۔

    برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے ملازم کی گرفتاری پر شدید تشویش ہے جسے شینزن سےہانگ کانگ لوٹتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم سائمن چینگ کے اہلخانہ کی مکمل معاونت کریں گے اور چینی حکام نے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے

  • یہاں ہم نوکریاں یا الاﺅنس دینے کے لیے نہیں بیٹھے، چیف جسٹس

    یہاں ہم نوکریاں یا الاﺅنس دینے کے لیے نہیں بیٹھے، چیف جسٹس

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے ملازم وزارت خارجہ ممتاز احمد کی فارن الاﺅنس کی درخواست خارج کردی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ،یہاں نوکریاں یا الاﺅنس دینے کے لیے نہیں بیٹھے، ہمیں اپنا کام قانون کے تحت کرنا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں بینچ نے ملازم وزارت خارجہ ممتاز احمد کی فارن الاﺅنس کی درخواست پر سماعت کی۔

    دور ان سماعت وکیل ممتاز احمد نے کہاکہ عدالت نے معاملہ کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیا، عدالتی حکم کے باوجود معاملہ کا وزارت نے جائزہ نہیں لیا ۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا محکمہ اپنے رولز میں ترمیم کرنے کا اختیار کھتا ہے، جس پر وکیل نے کہاکہ عدالت ہوا کے لیے تھوڑا دروازہ کھول دے۔

    چیف جسٹس نے کہاکہ ہمدری کے لیے یہاں نہیں بیٹھے ، راستہ قانون سے نکلے گا، قانون راستہ نہ دیں تو ہمدردی بھی نہیں کر سکتے ،یہاں نوکریاں یا الاﺅنس دینے کے لیے نہیں بیٹھے ، ہمیں اپنا کام قانون کے تحت کرنا ہے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے ملازم وزارت خارجہ ممتاز احمد کی فارن الاﺅنس کی درخواست خارج کردی۔