Tag: empty stomach

  • کون سا پھل کس وقت کھانا چاہیے؟

    کون سا پھل کس وقت کھانا چاہیے؟

    عام طور پر لوگوں کا یہ خیال ہوتا ہے کوئی بھی پھل کسی وقت بھی کھالیا جائے تو فائدہ مند ہوتا ہے، لیکن ایسا ہرگز نہیں، اکثر لوگ بھوک لگنے پر گھر میں رکھا ہوا فروٹ کھالیتے ہیں جو نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

    اسی غلط فہمی کی بنا پر لوگ نہار منہ پھل کھا کر یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے انہیں بھرپور توانائی حاصل ہو سکتی ہے۔

    یہ بات یاد اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ بعض پھلوں میں شکر کی کافی مقدار ہوتی ہے جس کی وجہ سے خالی پیٹ کھانے پر خون میں شوگر کا لیول بڑھ سکتا ہے۔

    اسی طرح بعض ایسے پھل بھی ہیں جن میں وٹامنز کی بھرمار ہوتی ہے جنہیں جسم کا حصہ بننے کے لیے چکنائی کی ضرورت ہوتی ہے جیسے کہ وٹامن ڈی وغیرہ، آئیے جانتے ہیں کہ ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی کیا نہار منہ فروٹ کھانا مفید ہو سکتا ہے؟

     eat fruit

    اس حوالے سے ’نیوٹریشنز‘ میگزین میں شائع ہونے والے مضمون میں کھانے کی اقسام کی ترتیب جیسے پروٹین، چکنائی، فائبر اور کاربوہائیڈریٹس کے استعمال کے بعد بلڈ شوگر وغیرہ کا جائزہ لیا گیا جس میں ابتدائی نتائج کے تحت یہ بات سامنے آئی کہ ذیابیطس کے مریضوں میں کاربوہائیڈریٹس والے پھل اور کھانے سے قبل لینے پر ان کے شوگر کے لیول میں اضافہ ہوا۔

    اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس والے پھلوں کا استعمال پروٹین و چکنائی والی سبزیوں کے بعد کیا جائے تاکہ خون میں شوگر کا لیول برقرار رہے۔

    عام طور پر ماہرین کے نزدیک نہار منہ فروٹ لینے کی ترغیب نہیں دی جاتی خاص طورپر آم، خربوزہ اور آلو بخارہ، ان میں چکنائی کو گھلانے والے وٹامنز ہوتے ہیں اس لیے انہیں چکنائی والے کھانے کے بعد لینا مفید ہوتا ہے۔

     خالی پیٹ پھل کھانے کے نقصانات

    1۔ شوگر کے لیول میں اضافہ

    یہ بات درست ہے کہ پھل کھانے سے ذیابیطس اور اس کے حوالے سے ہونے والی پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے خاص طور پر ایسے پھل جو فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو سوزش کو کم کرنے اور ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی معاون ہوتے ہیں۔

    دوسری جانب قدرتی شکر سے بھرپور پھل جن میں فرکٹوز اور گلوکوز کی مقدار کافی ہوتی ہے یہ خون میں شوگر کی سطح کو بڑھانے میں مدد دیتے ہیں جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

    2: معدے کی جلن

    ایسے فروٹ جن میں کھٹاس ہوتی ہے، مثال کے طور پر مسمی اور لیموں جو وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں ان میں معدے کے کینسر کے خطرے سے بچاؤ کی صلاحیت بھی ہوتی ہے اس کے باوجود یہ معدے کی تیزابیت میں اضافہ کرتے ہیں جس سے معدے اور سینے میں جلن کا احساس ہوتا ہے۔

     Eating

    کھانے کے بعد یا پہلے کھانے والے پھل؟

    1۔ کھانے سے قبل کے پھل

    وہ پھل جن میں فائبر وافر مقدار میں ہوتا ہے انہیں کھانے سے پیٹ بھر جانے کا احساس ہوتا ہے اور بہت سے لوگ جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں وہ کھانے سے پہلے پھل کھا لیتے ہیں جس سے ان کی بھوک کم ہو جاتی ہے اور وہ کھانے سے گریز کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو لوگ کھانے سے پہلے پھل کھاتے ہیں وہ کھانے کے بعد پھل کھانے والوں کے مقابلے میں کھانا زیادہ نہیں کھا سکتے۔

    2 ۔ وہ پھل جنہیں کھانے کے بعد کھانا بہتر ہے

    بعض فروٹ جن میں شوگر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے مثال کے طور پر آم اور کیلا تو بہتر ہے کہ انہیں کھانے کے بعد لیا جائے تاکہ خون میں شوگر کے لیول میں اضافہ نہ ہو۔

    کیا کھانے سے قبل یا بعد میں پھل کھانے سے ان کی غذائیت متاثر ہوتی ہے؟

    جب کوئی شخص کھانا کھاتا ہے تو معدہ خوراک کو ذخیرہ کرتا ہے اور ہروقت اس کی تھوڑی سے مقدار خارج کرتا ہے تاکہ آنتیں زیادہ سے زیادہ غذائی اجزا کو جذب کر سکیں۔ چھوٹی آنت میں غذائی اجزا کو زیادہ مقدار میں جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔

    دن کے کس وقت پھل کھانا بہتر ہے؟

    پھل دن کے کسی بھی وقت میں کھائے جا سکتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ پھل غذائیت سے بھرپور اور توانائی کے حامل ہوتے ہیں تاہم کچھ لوگوں کے لیے بہتر ہوتا ہے کہ وہ حسب ضرورت پھلوں کا استعمال کریں۔

    1: اضافی وزن کو کم کرنے کے لیے پھلوں کا کھانا مفید ہوتا ہے جیسا کہ اس سے قبل بیان کیا جا
    چکا ہے کہ پھل کھانے سے وزن کو کس طرح کم کیا جا سکتا ہے۔

    2 ۔ ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا افراد کے لیے بہتر ہے کہ وہ ایسے پھل جن میں شکر کی مقدار زیادہ
    ہوتی ہے وہ اس حوالے سے احتیاط برتیں۔

    Sleep

    کیا سونے سے قبل پھل نہ کھائے جائیں؟

    بہتر ہے کہ سونے کے وقت پھل کھانے سے اجتناب برتا جائے کیونکہ اس سے خون میں شکر کی مقدار بلند ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے جس سے نیند بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

    سونے سے قبل کیلا کھانا مفید ہوتا ہے کیونکہ اسے کھانے سے پوٹاشیم جسم کو ملتا ہے اس کے علاوہ کھجور اور خوبانی میں میگنیشیم ہوتا ہے وہ بھی سونے سے قبل فائدہ مند ہے۔

  • کون سی غذائیں نہار منہ کھانا نقصان دہ ہیں؟ جانیے

    کون سی غذائیں نہار منہ کھانا نقصان دہ ہیں؟ جانیے

    غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشتہ ہماری جسمانی صحت کے لیے بے حد ضروری ہے اور وہ افراد جو ناشتہ نہیں کرتے، وہ بڑھتی عمر کے ساتھ کئی اقسام کے مرض میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

    دوسری جانب یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ کون سی غذائیں خالی پیٹ فائدہ مند اور کون سی غذائیں ہماری صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔

    وہ غذائیں جو صبح سویرے یا نہار منہ نہیں کھانی چاہئیں اس کے بارے میں مندرجہ ذیل سطور میں بیان کیا جارہا ہے۔ قارئین ان ہدایت کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے ناشتے کو صحت افزا بنا سکتے ہیں۔

    نہار منہ یہ پانچ چیزیں نہ کھائیں

    دہی : دہی ایک خالص غذا ہے جس کے کئی فائدے ہیں، بچپن سے ہمیں یہی بتایا جاتا ہے کہ خالی پیٹ دہی کا استعمال بہت فائدے مند ہیں لیکن یورپین ماہرین کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نہار منہ دہی کھانے سے پیٹ میں ہائیڈروکلورک ایسڈ پیدا ہو سکتا ہے جو آپ کے پیٹ میں موجود لیکٹک ایسڈ بیکٹیریا کو ختم کر دیتا ہے۔ اس لئے ناشتے سے پہلے دہی کھانے سے گریز کریں۔

    مٹھائی : صبح سویرے اٹھ کر نہار منہ مٹھائی کھانا یا میٹھا کھانا پتے کے لیے بے حد نقصان دہ ہے اس کے علاوہ شوگر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے میٹھا انسولین کی سطح بڑھا دیتا ہے جس کے نتیجے میں لبلبے پر بوجھ میں اضافہ ہو جاتا ہے جو بعد میں شوگر کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔

    مزید یہ کہ نہار منہ پیسٹری اور کیک جیسی میٹھی غذاؤں سے اِجتناب کرنا چاہئے جو کہ خمیر وغیرہ سے تیار کی جاتی ہیں کیونکہ ان غذاؤں سے معدے اور آنتوں میں تکلیف اور گیس کے مسائل پیش آسکتے ہیں۔

    کولڈ ڈرنکس : خالی معدہ کولڈ ڈرنکس پینا معدے تک پہنچنے والے خون کی رفتار کو کم کر دیتا ہے جس کی وجہ سے کھانے کو ہضم ہونے میں وقت لگتا ہے اور دیگر مسائل کے خطرات میں اِضافہ ہو سکتا ہے۔

    کھیرا یا دیگر ہری سبزیاں : کچی سبزیوں میں امائنو ایسڈ زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے جو خالی معدے کے لئے کافی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، اگر اِن سبزیوں کو خالی پیٹ کھالیا جائے تو سینے کی جلن سمیت پیٹ درد کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    ترش پھل : ترش پھلوں میں پایا جانے والا ایسڈ خالی پیٹ کھانے سے سینے کی جلن کا باعث بنتا ہے اور ان سے گیسٹرک السر کا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

  • خالی پیٹ یہ کام کرنے سے گریز کریں

    خالی پیٹ یہ کام کرنے سے گریز کریں

    بھوک لگنے کی کیفیت میں آپ کی سب سے پہلی ترجیح یہ ہونی چاہیئے کہ اگر کھانے کا وقت ہے تو کھانا کھایا جائے اور بے وقت کی بھوک ہے تو صحت مند غذائی شے کھالی جائے۔

    ماہرین خالی پیٹ خصوصاً صبح اٹھنے کے بعد کچھ غذائیں کھانے سے منع کرتے ہیں جن کی فہرست آپ یہاں جان سکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ بھی کئی ایسے کام ہیں جو ماہرین کے مطابق خالی پیٹ آپ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ آئیں جانیں وہ کون سے کام ہیں۔


    ورزش کرنا

    صبح اٹھ کر بغیر کچھ کھائے پیئے ورزش کرنا آپ کا وزن تو کم کرے گا لیکن یہ آپ پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ وہ اس لیے کیونکہ خالی پیٹ کی جانے والی ورزش مسلز کو گھٹاتی ہے جبکہ جسم کی چربی جوں کی توں برقرار رہتی ہے۔

    اس کے علاوہ جسمانی مشقت معدے میں گیسٹرک جوس بھی پیدا کرتی ہے جو خالی معدے کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔


    چیونگم کھانا

    خالی پیٹ اٹھ کر بغیر کچھ کھائے پیئے چیونگم کھانا جسم میں کھانا ہضم کرنے والے ایسڈ کو پیدا کرتا ہے۔

    یہ ایسڈ کھانا ہضم کرنے کے لیے تو فائدہ مند ہے تاہم خالی معدے میں یہ معدے کی دیواروں کو نقصان پہنچا سکتا ہے جبکہ اس سے آپ کو گیس کی شکایت بھی پیدا ہوسکتی ہے۔


    سونا

    رات کو بھوکے سوجانا آپ کی نیند کو متاثر کرسکتا ہے جس سے آپ ٹھیک طرح سو نہیں پائیں گے اور اگلی صبح تھکن اور غنودگی کا شکار ہوں گے۔

    علاوہ ازیں اگلی صبح آپ کا دماغ آپ کو زیادہ کھانے کی طرف مائل کرے گا جس کا نتیجہ موٹاپے کی صورت میں برآمد ہوسکتا ہے۔

    سونے سے قبل نیم گرم دودھ کا ایک گلاس اچھی نیند لانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔


    بحث و تکرار

    خالی پیٹ کسی سے بھی بحث کرنے سے گریز کریں۔ ایک اچھی بحث کرنے کے لیے آپ کو توانائی کی ضرورت ہوتی ہے جو اسی وقت میسر آتی ہے جب آپ نے ایک صحت مند کھانا کھایا ہو۔

    خالی پیٹ بحث مباحثہ کرنا معمولی سی بات کو بہت بڑھا سکتا ہے کیونکہ اس وقت آپ کا خود پر کنٹرول کم اور چڑچڑاہٹ زیادہ ہوتی ہے۔

    مزید پڑھیں: بعض لوگ بھوکے ہو کر غصہ میں کیوں آجاتے ہیں؟


    شاپنگ کرنا

    کبھی بھی کھانا کھائے بغیر شاپنگ کرنے کے لیے مت جائیں۔ یہ آپ کو زیادہ اور بے مصرف اشیا خریدنے پر اکسا سکتا ہے۔

    شاپنگ کے بعد جب آپ کچھ کھانے کے لیے بیٹھیں گے تو وہاں بھی آپ مہنگی اور زیادہ اشیا کا آرڈر دیں گے جو آپ کی جیب پر بھاری پڑ سکتا ہے۔


    دوائیں کھانا

    بعض دوائیں خالی پیٹ کھانے کی ہوتی ہیں تاہم اس کے لیے ڈاکٹر کی ہدایت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ خالی پیٹ دوائیں لینے سے گریز کریں۔

    خالی معدے میں دوا کا اثر کم ہوجاتا ہے علاوہ ازیں آپ کو گیس کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔ دوا کھانے سے پہلے ایک گلاس دودھ کا لے لیں یا پانی پی کر ایک چکر واش روم کا لگائیں۔

  • خالی پیٹ یہ غذائیں کھانا نقصان کا سبب

    خالی پیٹ یہ غذائیں کھانا نقصان کا سبب

    صحت مند غذائی اشیا اور پھل و سبزیاں ویسے تو صحت کے لیے فائدہ مند ہیں، لیکن بعض اوقات یہ جسم کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہیں۔

    ایسا اس وقت ہوتا ہے جب ہمارا معدہ خالی ہوتا ہے۔ ہماری کھائی جانے والی غذائیں خالی معدے میں عام حالات کے مقابلے میں مختلف طرح سے اثر انداز ہوتی ہیں۔

    کچھ غذائیں خالی پیٹ کھانے سے اسہال، تیزابیت اور طبیعت خرابی کا سبب بن سکتی ہیں۔ اسی طرح کچھ غذائیں نہار منہ کھانا جسم کے لیے فائدہ مند ہے۔

    لہٰذا آج ہم نے نہار منہ فائدہ مند اور نقصان دہ ایسی ہی کچھ غذاؤں کی فہرست مرتب کی ہے۔


    خالی پیٹ نقصان پہنچانے والی غذائیں

    ٹماٹر

    بعض افراد نہار منہ ٹماٹر کھانے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن خالی معدے میں ٹماٹر بے حد تیزابیت کا سبب بن سکتے ہیں۔


    کافی

    صبح اٹھتے ہی سب سے پہلے کافی پینا بھی اکثر افراد کی ایک عام عادت ہے لیکن صبح صبح خالی پیٹ کافی پینا آپ کو متلی اور معدے کی گڑ بڑ میں مبتلا کرسکتی ہے۔


    ترش پھل

    صبح صبح ترش پھل جیسے نارنگی یا لیموں کھانا غذائی نالی میں جلن کا سبب بن سکتے ہیں۔


    مشروبات

    کسی بھی قسم کے مشروبات بشمول تازہ پھلوں کے جوسز سے دن کا آغاز کرنا برا آئیڈیا ہے۔ جوس کے غذائی اجزا جلدی ہضم ہو کر جسم کا حصہ بن جاتے ہیں جس کے بعد آپ تھوڑی دیر بعد پھر سے بھوک محسوس کرنے لگتے ہیں۔


    سافٹ ڈرنکس

    ویسے تو سافٹ ڈرنکس کا استعمال کم سے کم کرنا چاہیئے لیکن خالی پیٹ ان کا استعمال معدے اور غذائی نالیوں کی دیواروں کو نقصان پہنچا کر جلن کا سبب بن سکتا ہے۔


    مصالحہ دار غذائیں

    ناشتے میں مصالحہ دار اور مرغن غذائیں کھانا آپ کو معدے کی جلن اور گیسٹرک میں مبتلا کرسکتا ہے۔


    دہی

    ویسے تو دہی کا استعمال صحت کے لیے فائدہ مند ہے لیکن ناشتے کا آغاز دہی سے نہیں کرنا چاہیئے۔

    خالی معدے کی تیزابیت دہی کے تمام فائدہ مند اجزا کو ضائع کردیتی ہے۔ البتہ ناشتے میں کچھ اور ہلکا پھلکا کھا کر آخر میں، یا ناشتے کے ایک سے دو گھنٹے کے اندر دہی کھایا جاسکتا ہے۔


    خالی پیٹ فائدہ پہنچانے والی غذائیں

    انڈے

    ناشتے کے لیے انڈے بہترین غذا ہیں۔ یہ جسم کو درکار غذائی اجزا کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں اور سیر ہونے کا احساس دلاتے ہیں۔ اس ضمن میں ابلے یا تلے ہوئے انڈے دونوں ہی مفید ہیں۔


    دلیہ

    ناشتے کے لیے دلیہ بھی ایک بہترین غذا ہے۔ یہ معدے کو ایک حفاظتی تہہ فراہم کرتا ہے جبکہ معدے کی دیواروں کو بھی تیزابی اجزا سے محفوظ رکھتا ہے۔


    تربوز

    تربوز نہ صرف جسم کی غذائی ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ جسم کو درکار پانی کی طلب کو بھی پورا کرتا ہے۔ اس میں موجود لائیکو پین دل، جلد اور شوگر کے لیے فائدہ مند ہے۔


    بلو بیریز

    تمام اقسام کی بیریز جسم کو فائدہ پہنچاتی ہیں تاہم ناشتے میں بلو بیریز کا استعمال بے حد فائدہ مند ہے۔ یہ خون کے بہاؤ کو معمول پر رکھتی ہیں اور یادداشت میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔


    خشک میوہ جات

    خشک میوہ جات السر کا خطرہ کم کرتی ہیں کیونکہ یہ معدے کی اپنی تیزابیت کو معمول کی سطح پر رکھتی ہیں۔ ناشتے میں خشک میوہ جات کا استعمال آپ کو سیر ہونے کا احساس دلاتا ہے۔


    شہد

    ناشتے میں شہد کھانا نظام ہاضمہ اور قوت مدافعت کو بہتر بناتا ہے اور جسم کو مختلف وائرس اور اور بیکٹریا سے بچاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔