Tag: Encroachment mafia

  • کراچی : قبرستانوں میں قبضہ مافیا کیسے پنجے گاڑتی ہے؟ جانیے

    کراچی : قبرستانوں میں قبضہ مافیا کیسے پنجے گاڑتی ہے؟ جانیے

    کراچی : شہر قائد میں سرگرم قبضہ مافیا کے بے لگام کارندوں نے قبرستانوں کو بھی نہیں چھوڑا، بااثر مافیا مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ یہ گھناؤنا کام انجام دے رہی ہے۔

    مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہر خموشاں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بااثر افراد نے قبروں کی جگہ پر گھروں کی تعمیرات بھی شروع کر دی ہیں، کئی قبرستان ایسے ہیں جہاں پر قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ کر مسلح افراد بٹھا دیے ہیں۔

    قبرستان کے گورکن ملازم کے بجائے مالک کا کردار ادا کرتے ہوئے قبر کی سرکاری قیمت کے بجائے ہزاروں روپے اضافی رقم وصول کرتے ہیں اور کسی پرانی قبر کو ختم کرکے وہاں نئی قبر بنا دی جاتی ہے۔

    اب حالت یہ ہے کہ قبرستانوں کی کمی سنگین شکل اختیار کرچکی ہے،اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں یومیہ ڈیڑھ ہزار کے قریب اموات رپورٹ ہوتی ہیں جن کی تدفین کیلئے لواحقین کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا بھی ماننا ہے کہ کے ایم سی کے قبرستانوں کی صورتحال افسوسناک حد تک خراب ہے اور ان پر قبرستان مافیا کا قبضہ ہے۔

    انہوں نے گزشتہ روز ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام قبرستانوں میں تدفین اور ضروری کاغذات کی تیاری کا پورا عمل ون ونڈو کے ذریعے ہونا چاہئے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، فلاحی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل یہ کمیٹیاں کے ایم سی کے ساتھ مل کر ان قبرستانوں کا انتظام و انصرام سنبھالیں گی۔

    علاوہ ازیں کراچی شہر میں مختلف مقامات پر ہونے والے قبضوں پر عدالت بھی نوٹس لے کر احکامات جاری کرچکی ہے، حال ہی میں سپریم کورٹ نے نالوں پر قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • کراچی، صدر مملکت کا چار سو گز کا پلاٹ قبضہ و جعلساز مافیا نے ملکر بیچ دیا

    کراچی، صدر مملکت کا چار سو گز کا پلاٹ قبضہ و جعلساز مافیا نے ملکر بیچ دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں قبضہ مافیا نے صدر پاکستان عارف علوی کو بھی نہیں چھوڑا، قبضہ مافیا نے کٹنگ کے بعد صدر مملکت کا پلاٹ بیچ ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قبضہ مافیا نے نئے پاکستان کے حکمرانوں کو پرانا چیلنج کردیا، قبضہ مافیا نے صدر عارف علوی کا 400 گز کا پلاٹ بیچ دیا، عارف علوی نے 400 گز کا پلاٹ 1978 میں خریدا تھا، پلاٹ کی مالیت 40 سال پہلے 50 ہزار روپے تھی۔

    صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن، تحریک انصاف کو اثاثوں میں پلاٹ ظاہر کیا، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پلاٹ کے ڈی اے افسران کی ملی بھگت سے فروخت کیا گیا ہے۔

    عارف علوی کی جانب سے کے ڈی اے میں درخواست بھی جمع کرائی گئی مگر معاملہ حل نہ ہوا، صدر نے درخواست 28 فروری 2017 کو جمع کرائی تھی، اے آر وائی نیوز نے صدر کی درخواست، لے آؤٹ پلان، گلی کی فوٹیج حاصل کرلی۔


    نمائندہ اے آر وائی نیوز فیض اللہ خان کے مطابق کے اڈی افسران کی ملی بھگت سے پہلے پلاٹ کے نمبر تبدیل کیے پھر اس کی کٹنگ کی گئی  اس کے بعد اسے بیچ دیا گیا، گلستان جوہر بلاک 10 میں صدر عارف علوی کے ساتھ یہ واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ درجنوں شہری ایسے ہیں جو اپنے پلاٹ سے محروم ہوگئے۔

    دوسری جانب متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ سمیع صدیقی معاملے میں دلچسپی نہیں لیتے، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی کے پاس درخواستوں کا انبار لگا ہوا ہے لیکن شہریوں کے مسائل حل نہیں کیے جاتے ہیں۔