Tag: encroachments

  • کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ

    کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ

    کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن بلاتفریق جلد شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سہراب گوٹھ ٹاؤن میں درپیش مسائل سے متعلق اجلاس ہوا جس میں تجاوزات، برساتی نالے سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    اس اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ، ٹاؤن چیئرمین لالہ رحیم، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

    اس موقعے پر سعید غنی نے کہا کہ علاقے کے عوام کو ریلیف فراہم کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے، ڈی سی ایسٹ ٹاؤن انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے لائحہ عمل مرتب کریں، برساتی نالے اور سیوریج کے حوالے سے ٹاؤن انتظامیہ اقدامات کو یقینی بنائے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ کسی جگہ سندھ حکومت کی مدد درکار ہوئی تو فراہم کریں گے، تمام ٹاؤنز میں تجاوزات خاتمے، نکاسی نظام کی درستگی کی کوشش کررہے ہیں، تجاوزات خاتمےکیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے گا جلد کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع ہوگا۔

  • زمان پارک کے اطراف تجاوزات ختم کر دی گئیں

    زمان پارک کے اطراف تجاوزات ختم کر دی گئیں

    لاہور: ضلعی انتظامیہ نے زمان پارک کے اطراف تجاوزات ختم کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب زمان پارک کے اطراف قائم تجاوزات ختم کر دی گئیں، متعلقہ ادارے اب زمان پارک کو اصل شکل میں بحال کرنے میں مصروف ہیں۔

    زمان پارک میں ضلعی انتظامیہ نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے حکم پر گزشتہ رات تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا، اس دوران زمان پارک اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب لگے کیمپ ختم کیے گئے، اور کنٹینر بھی ہٹائے گئے۔

    تاہم مال روڈ سے بذریعہ کینال روڈ زمان پارک آنے والے راستے بدستور بند ہیں۔

  • جتنی مشینیں چاہیں لے جائیں اور سب گرائیں، چیف جسٹس کا کشمیر روڈ سے تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم

    جتنی مشینیں چاہیں لے جائیں اور سب گرائیں، چیف جسٹس کا کشمیر روڈ سے تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم

    کراچی : چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کشمیر روڈ سے تمام تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا جتنی مشینیں چاہیں لے جائیں اور سب گرائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں کشمیر روڈ پر کے ڈی اے افسر و دیگر تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    سپریم کورٹ نے کشمیر روڈ سے تمام تجاوزات کا فوری ختم کرنے کا حکم دیا ، چیف جسٹس نے کے ڈی اے کو حکم دیا کہ جتنی مشینیں چاہیں لے جائیں اور سب گرائیں۔

    چیف جسٹس نے کے ڈی اے کلب، اسکواش کورٹ، سوئمنگ پول و دیگر تعمیرات بھی گرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کسی زمانے میں کشمیر روڈپر بچے کھیلتے تھے، میں خود وہاں کھیلتا رہا، آج کشمیر روڈپر سب قبضے ہو گئے۔

    سپریم کورٹ نے کشمیر روڈ دوبارہ بچوں کے لیے کھولنے اور رائیل پارک پر بھی پارک بنانے کا حکم دیا ، فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا پورا کے ڈی اے افسر کلب گرا دیا گیا، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ میری اطلاع کے مطابق کلب اب بھی چل رہا ہے اور الہ دین پر بھی کوئی کلب بنا دیا گیا ہے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ کے ڈی اے کلب کیا ہوتے ہیں ؟ ہم نے بچپن میں ان سب میدانوں میں کھیلاہے، کیا کشمیر روڈپر سب ختم کردیا ؟ ملبہ کیوں چھوڑ دیا؟ تجاوزات اب بھی ہیں تو بچے کیسے کھیلیں گے۔

    چیف جسٹس گلزار احمد نے سوال کیا کیا سپریم کورٹ خود جا کر تجاوزات کا خاتمہ کرے، کیا صرف اشرافیہ کے لیے سب سہولتیں ہیں، عدالت نے دیتے ہوئے کہا کوئی رکاوٹ ڈالے تو عدالتی حکم کی خلاف ورزی تصور ہوگا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت بدھ تک کے لیے ملتوی کردی۔

  • کراچی کے مسائل کا حل نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ ہے، سعید غنی

    کراچی کے مسائل کا حل نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ ہے، سعید غنی

    کراچی : سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں نالوں کی صفائی مسئلے کا حل نہیں، مستقل حل تجاوزات کا خاتمہ ہے تاکہ نالوں میں پانی کی گنجائش بڑھ سکے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کی وجہ سے کچھ مقامات پر مسائل پیدا ہوئے ہیں، گجر نالے سمیت 3بڑے نالوں کی صفائی کا کام آج سے شروع کردیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں صرف نالوں کی صفائی ہی مسئلے کاحل نہیں بلکہ ان نالوں پر سے تمام تجاوزات ہٹانا ہی مسئلے کا مستقل حل ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ فی الحال نالوں کی صفائی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات ہٹائی جا رہی ہیں۔ گندگی سے نجات کا مستقل حل نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ ہے۔

    سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں آلائشیں اٹھانے کیلئے ہرسال تیاری ہوتی ہے، ہرسال کی طرح اس سال بھی آلائشیں اٹھانے کی بھرپور کوشش کی گئی، کل کراچی کے کچھ مقامات کےحوالے سےشکایات آئی تھیں، شہر بھرسے آلائشیں اٹھاکر78 کلیکشن پوائنٹس پر جمع کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کی ہدایت، کراچی میں بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کا آغاز

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا گجرنالے کے مختلف مقامات پر ایف ڈبلیو او کی مشینری کی مدد سے صفائی کا عمل جاری ہے۔

    نارتھ ناظم آباد میں این ڈی ایم اے کی زیر نگرانی گجر نالے کی صفائی کا عمل ایف ڈبلیو او کی مشینری کی مدد سے شروع کیا گیا ہے۔اس موقع پر پولیس اور پاکستان رینجرز کے اہلکار بھی موجود ہیں۔

  • کراچی، تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 63 بازاروں میں 9 ہزاردکانیں گرانے کی تیاری مکمل

    کراچی، تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 63 بازاروں میں 9 ہزاردکانیں گرانے کی تیاری مکمل

    کراچی: شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق ایمپریس مارکیٹ کے اطراف کی تجاوزات کے خاتمے کے بعد انتظامیہ نے دیگر علاقوں‌ میں‌ کارروائی شروع کر دی، گلشن اقبال اور بزنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹس میں غیرقانونی تعمیرات اور فٹ پاتھ پر قائم ریسٹورنٹس کو نشانہ بنایا گیا.

    صدر، اولڈ سٹی ایریا میں بھی بھاری مشینری سے سائن بورڈز، سن شیڈز گرا دیے گئے۔ کارروائی سے بچنے کے لیے دکان داروں نے بورڈ خود ہٹانا شروع کردیے.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مزید 63 بازاروں میں 9 ہزاردکانیں گرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی، جس پر پیر سے شروع ہوجائے گا.

     اگلے مرحلے میں شاہراہوں کے اطراف میں‌ موجود غیر قانونی تعمیرات مسمار کی جائیں‌ گی، ایم اے جناح روڈ، سولجر بازار، لیمارکیٹ سے تجاوزات کا خاتمہ ہوگا. کھوڑی گارڈن سمیت دیگر شاہراوں سے بھی تجاوزارت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.


    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا کراچی سرکلرریلوے کے راستے سے تجاوزات ہٹانے کا حکم


    کے ایم سی کی جانب سے عدالت میں جمع رپورٹ کے مطابق انتظامیہ اب تک 1204 غیرقانونی دکانیں مسمارکرچکی ہے،  آرام باغ میں 300، لائٹ ہاؤس میں 450، جامع کلاتھ دوپٹہ گلی میں 250 دکانیں مسمار کی گئیں، ریمبو سینٹر سے اسٹوڈنٹ بریانی تک 122غیرقانونی دکانیں گرائی گئیں.

    رپورٹ کے مطابق 1204غیر قانونی دکانیں 16نومبرسے 21 نومبر کے درمیان مسمار کی گئیں، تجاوزات کے خاتمے کے لئے انتظامیہ کو پولیس اور رینجرزکی مکمل معاونت حاصل رہی.

  • عدالت کا والڈ سٹی سے تجاوزات کے خاتمے اورگندگی پھیلانے پرجرمانے کا حکم

    عدالت کا والڈ سٹی سے تجاوزات کے خاتمے اورگندگی پھیلانے پرجرمانے کا حکم

    لاہور: ہائی کورٹ میں شہر کے تاریخی مقامات سے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی سے متعلق سماعت میں عدالت نےوالڈ سٹی سے تجاوزات کے فوری خاتمے کا حکم صادر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج تاریخی مقامات سےتجاوزات کاخاتمہ اور صفائی سےمتعلق سماعت میں عدالت نےتاریخی اورتفریحی مقامات صاف رکھنے کے لیے آگاہی مہم چلانے کا حکم بھی دیا ہے۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام شاہی قلعےمیں گندگی اورکوڑا پھینکنے والوں کو جرمانے کرنے کی ہدایت کریں ، شاہی قلعے میں گندگی پھینکنے والےکو100 روپےجرمانہ کیاجائے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ تاریخی اورتفریحی مقامات پوری قوم کا مشترکہ ورثہ ہیں ، انہیں صاف رکھنے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے۔

    اس موقع پر لاہور والڈ سٹی حکام کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیےجارہے ہیں جبکہ ان تاریخی مقامات کی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ روزانہ کی بنیادوں پر صفائی کا جائزہ لے گی۔ حکام نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ تاریخی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں پر کل سے جرمانے شروع کردیئے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ ماضی میں بھی لاہور کے والڈ سٹی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عدالت کمرشل پلازوں کی تعمیر اور اورنج ٹرین کے روٹ کی تعمیر میں بھی والڈ سٹی کے تاریخی مقامات کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے احکامات جاری کرچکی ہے۔