Tag: energy

  • ’کے الیکٹرک پورے ملک کے لیے درد سر بنا ہوا ہے‘

    ’کے الیکٹرک پورے ملک کے لیے درد سر بنا ہوا ہے‘

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں کراچی کو بجلی کی تقسیم و ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک نے کمیٹی کو بریفنگ دی، چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک پورے پاکستان کے لیے درد سر بنا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا۔

    کراچی کو بجلی کی تقسیم و ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک کے صارفین کی تعداد 30 لاکھ 40 ہزار ہے۔

    چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک پورے پاکستان کے لیے درد سر بنا ہوا ہے، کے الیکٹرک کہتا ہے کہ میں حکومت سے زیادہ طاقتور ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے سی ای او سلطان راہی سے بھی زیادہ جارحانہ ہیں۔

    کمیٹی نے کے الیکٹرک کی نجکاری سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بتایا جائے کس میرٹ کے تحت کتنی کمپنیوں نے بڈنگ میں حصہ لیا۔

  • ایوان صدر نے 10 کروڑ روپے کی بجلی بچائی

    ایوان صدر نے 10 کروڑ روپے کی بجلی بچائی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ ایوان صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ 2 سال میں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بچت کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گرین پریذیڈنسی منصوبے کے تحت بجلی، پانی اور گیس کی بچت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ایوان صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ 2 سال میں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کی بچت کی۔

    انہوں نے کہا کہ ایوان صدر کا ماحول دوست منصوبہ پورے ملک کے لیےایک بہترین مثال ہے، ایوان صدر مکمل طور پر 1 میگا واٹ کے شمسی توانائی منصوبے پر چل رہا ہے۔

    صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایوان صدر نے 1 لاکھ 12 ہزار یونٹس قومی گرڈ میں دیے۔

  • بجلی کی طلب اور رسد میں فرق مزید بڑھ گیا

    بجلی کی طلب اور رسد میں فرق مزید بڑھ گیا

    لاہور: ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، بجلی کے تقسیم کار اداروں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے طے کردہ شیڈول کے علاوہ بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 500 میگا واٹ ہوگیا، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب 29 ہزار اور پیداوار 21 ہزار 500 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کو تقریباً 800 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، لیسکو کی طرف سے ساڑھے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    تاہم سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور ٹرپنگ بھی جاری ہے، لوڈ میں کمی بیشی کی وجہ سے ٹرانسفارمرز اور میٹر جلنے کی سینکڑوں شکایات موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قصبوں، دیہات اور ہائی لاسز فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے۔

  • بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا

    بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا

    لاہور: ملک میں بجلی کا بحران برقرار ہے اور شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے، ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں آج بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 500 میگا واٹ تک پہنچ گیا، ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگا واٹ اور مجموعی پیداوار 19 ہزار 500 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پن بجلی سے 4 ہزار 635 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 60 میگا واٹ بجلی بنا رہے ہیں۔

    آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔

  • بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایات

    بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیر اعظم کی اہم ہدایات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کرنے اور بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر توانائی عمر ایوب، چیئرمین نیپرا، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، ندیم بابر، وفاقی سیکریٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں ہر سطح پر اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توانائی شعبے میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ماضی کی حکومتوں کے معاہدوں کے باعث چیلنجز کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں بر وقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالا گیا، ترسیل و تقسیم میں نقصانات کو بھی نظر انداز کیا گیا۔ حکومت کو توانائی کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، سابقہ دور کی بدانتظامیوں کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 300 یونٹس تک استعمال پر صارفین کو ہر ممکن ریلیف دے رہے ہیں، عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔ کوشش ہے بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جس حد تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

  • سعودی عرب نے عالمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی رکنیت حاصل کرلی

    سعودی عرب نے عالمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کی رکنیت حاصل کرلی

    ویانا: سعودی عرب نے عالمی سطح پر ایک اور سنگ میل طے کرتے ہوئے عالمی توانائی جوہری ایجنسی (آئی اے ای اے) کے گورننگ باڈی کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریا کے شہر ویانا میں منعقدہ جوہری توانائی ایجنسی کے اجلاس کے موقع پرتنظیم کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں سعودی عرب نے بھی شرکت کی۔

    عرب میڈیا کے مطابق آئی اے ای اے کے 63 ویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کو 2019ءتا 2021ءتک رکنیت دی گئی۔ شاہ عبداللہ سٹی برائے جوہری اور قابل تجدید توانائی کے صدر ڈاکٹر خالد بن صالح السلطان کی قیادت میں سعودی عرب کا وفد 17 سے 21 محرم تک جاری رہنے والے اجلاس میں شرکت کررہا ہے۔

    ڈاکٹر السلطان نے وضاحت کی کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز میں مملکت کی شمولیت فتح ہے۔ سعودی عرب کو ایجنسی میں یہ مقام ملنا مملکت پراعتماد اور عالمی فورمز پر اس کے کردار کا اعتراف ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں امریکی اتحاد کے قیام پر ایران کی تنقید

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ بورڈ آف گورنرز میں سعودی عرب کی نمائندگی ایک اہم اقدام ہے جو مملکت میں بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے اور مملکت کے قومی جوہری توانائی پروجیکٹ کو اہمیت دینے کے مترادف ہے۔

    انہوں نے سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کی طرف سے مملکت کو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی رکنیت دلوانے میں بھرپور کوششیں کرنے پران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

  • جولائی میں لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی فروخت میں اضافہ

    جولائی میں لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی فروخت میں اضافہ

    اسلام آباد: وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے ماہ میں لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی فروخت میں اضافہ ہوا، 19 ارب 95 کروڑ روپے کی اضافی ریکوری بھی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی نے جولائی کے مہینے کے اعداد و شمار جاری کردیے، رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے ماہ میں 19 ارب 95 کروڑ روپے کی اضافی ریکوری ہوئی۔

    جولائی میں لائن لاسز میں 1.46 فیصد کمی اور بجلی کی فروخت میں 3 فیصد اضافہ ہوا، اس ماہ پاور ڈویژن نے ریکارڈ وصولیاں اور لائن لاسز کم کیں۔

    وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ جولائی میں بلز کی بابت وصولیوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جولائی 2019 کی مجموعی بجلی بلنگ 156 ارب روپے ہوئی۔ جولائی میں 136 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق بجلی کی ترسیل، پیداوار اور تقسیم میں بھی اضافہ ہوا ہے، تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کو 39 کروڑ 40 لاکھ سے زائد یونٹس دیے۔ جولائی 2019 میں بجلی چوری کے خلاف مہم میں بھی تیزی آئی۔

    ایک ماہ میں بجلی چوری کے 5 ہزار 146 کیسز پولیس کو بھجوائے گئے، بجلی چوری کی 1847 ایف آئی آر درج ہوئیں۔

  • امریکی پابندیاں مسترد، ایرانی تیل کی خریداری جاری رکھیں گے، چین

    امریکی پابندیاں مسترد، ایرانی تیل کی خریداری جاری رکھیں گے، چین

    بیجنگ : چینی وزارت خارجہ نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کا پاس رکھتے ہوئے ایران کو اپنا تیل برآمد کرنے کا موقع دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف لگائی گئی امریکی پابندیوں کے باوجود ایران سے تیل خریدنے کا سلسلہ جاری رکھے گا، ہم امریکا کی طرز پر ایرانی تیل کی درآمدات کم سے کم کرنے کی پالیسی پر نہیں چلیں گے۔

    چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم یک طرفہ سزاوں کے خلاف ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ جوہری معاہدے کا پاس رکھتے ہوئے ایران کو اپنا تیل برآمد کرنے کا موقع دیا جائے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ میں اسلحہ کنڑول کے ڈائریکٹر جنرل فو کانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ چین ایران کے خلاف لگائی گئی امریکی پابندیوں کے باوجود ایران سے تیل خریدنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    یاد رہے گذشتہ چند مہینے قبل امریکا نے جوہری معاہدے سے نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران پر پابندیاں عاید کر دی تھیں۔

    چینی وزارت خارجہ میں اسلحہ کنڑول کے ڈائریکٹر جنرل فو کانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم امریکا کی طرز پر ایرانی تیل کی درآمدات کم سے کم کرنے کی پالیسی پر نہیں چلیں گے۔

    یاد رہے کہ مئی 2018ءمیں معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کے بعد ایران کی تیل برآمدات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت توانائی امور سے متعلق اجلاس

    وزیر اعظم کی زیر صدارت توانائی امور سے متعلق اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت توانائی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی چوری کی روک تھام اور گردشی قرضوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت توانائی امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر اور دیگر رہنما بشمول فردوس عاشق اعوان، ندیم افضل چن اور یوسف بیگ مرزا شریک ہوئے۔

    اجلاس میں توانائی کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی چوری کی روک تھام، بجلی کی ترسیل میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور گردشی قرضوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ کے مطابق سال 18-2017 میں گردشی قرضوں میں 450 ارب کا اضافہ ہوا، بجلی چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصولیوں کی مہم کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ دسمبر 2018 سے مارچ 2019 تک 48 ارب کی اضافی رقم وصول ہوئی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ وصولیوں کی رقم رواں سال کےاختتام تک 80 ارب تک پہنچ جائے گی، بجلی چوری کی روک تھام کے لیے 27 ہزار سے زائد مقدمات درج ہیں۔ 4 ہزار 225 گرفتاریاں عمل میں آئیں جن میں 433 اہلکار بھی ملوث تھے۔

    بریفنگ کے مطابق 14 سو 67 مزید اہلکاروں کو چارج شیٹ کیا گیا ہے۔ ترسیلی نظام کی 15 بڑی خامیوں کو دور کیا جا چکا ہے۔ ترسیل کے نظام کی صلاحیت میں 3000 میگا واٹ کا اضافہ ہوا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان میں 80 فیصد فیڈرز پر کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ 20 فیصد فیڈرز پر نقصانات کے تناسب سے لوڈ مینجمنٹ ہوگی۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں سحر و افطار میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔

    قرضوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ گردشی قرضوں کو سال 19-2018 میں 293 ارب تک لایا جائے گا۔ 20-2019 تک گردشی قرضوں کو 96 ارب تک لایا جائے گا۔ گردشی قرضوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف دسمبر 2020 ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کو بجلی کے نرخوں میں اضافے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق گزشتہ دور میں نیٹ ہائیڈل پرافٹس کو بجلی کے نرخوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ صارفین کو اب اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ سابق حکمرانوں نے سبسڈی کا اعلان کیا مگر بجٹ میں رقوم مختص نہیں کیں، ناقص منصوبہ بندی کے باعث شعبہ مالی مشکلات کا شکار ہوتا رہا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار کی نئی پالیسی تشکیل دی جاچکی۔ پالیسی کا مقصد سنہ 2025 تک 20 فیصد قابل تجدید ذرائع سے بجلی حاصل کرنا ہے۔

    وزیر اعظم کو پیٹرولیم کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن پالیسی میں ترمیم کی جارہی ہے، ملکی تاریخ کی پہلی شیل پالیسی پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔

    بریفنگ کے مطابق پالیسی اور ریگولیشن کے محکمہ جات کو الگ کیا جا رہا ہے۔ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کے ضمن میں 40 بلاکس کی نشاندہی کی جا چکی۔ غیر ملکی کمپنیوں کو راغب کرنے کے لیے عالمی سطح پر روڈ شوز کا انعقاد ہوگا۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ تیل و گیس کے نئے ذخائر سے استفادہ حاصل کیا جا سکے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان نے نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں

    وزیراعظم عمران خان نے نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں، توانائی کمیٹی کے چیئرمین وزیرپٹرولیم غلام سرور خان، نجکاری کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر اور سی پیک کمیٹی کے چیئرمین خسرو بختیار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک، توانائی کمیٹیاں تشکیل دیں، توانائی کے لیے کابینہ کی 6 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے، جس کے چیئرمین وزیر  پیٹرولیم غلام سرور خان ہوں گے۔

    توانائی کمیٹی

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ارکان میں وزرائے، خزانہ ، منصوبہ ، ریلوے ، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل اور صنعت و  پیداوار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی توانائی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

    کمیٹی برائے نجکاری

    فوادچوہدری نے کہا وزیراعظم نے 7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری بھی تشکیل دی، نجکاری کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر ہوں گے، کمیٹی میں
    مشیر تجارت و ٹیکسٹائل، صنعت وپیداوار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ وزرائے قانون، منصوبہ بندی نجکاری کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

    وزیراعظم کے مشیر ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری کمیٹی بھی شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سی پیک کے حوالے سے بھی کمیٹی تشکیل دی ہے ، سی پیک کمیٹی کے ارکان کی تعداد 9 ہے اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار چیئرمین ہوں گے۔

    سی پیک کمیٹی

    وزیراطلاعات نے کہا سی پیک کمیٹی میں وزرائےخارجہ،قانون،خزانہ،پیٹرولیم،ریلوے ، وزیر مملکت داخلہ، مشیر تجارت، صنعت وسرمایہ کاری شامل ہوں گے جبکہ سیکرٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی سی پیک کے ممبر مقرر کردیئے گئے ہیں، کابینہ نے تینوں کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں امیدواروں کے درمیان اچھا مقابلہ چل رہاہے، ہم نے فاٹا کے انضمام کی طرف قدم اٹھایا، عارف علوی کی پارٹی نظریےسےکمٹمنٹ شک وشبہات سے بالاترہے۔

    فوادچوہدری نے کہا شدت پسندوں کے سامنے نہیں جھکیں گ اور اقلیتوں کےحقوق کی حفاظت کریں گے، ہرمسلمان کافرض ہےکہ وہ اقلیتوں کےحقوق کی حفاظت کرے۔