Tag: Enter

  • بلوچستان میں بارش، برفباری برسانے والا طاقتور سسٹم داخل

    بلوچستان میں بارش، برفباری برسانے والا طاقتور سسٹم داخل

    بلوچستان میں بارش اور برفباری برسانے والا طاقتور سسٹم داخل ہوگیا ہے جو صوبے کے مختلف علاقوں میں آئندہ 2روز تک بارش اور برفباری کا باعث بنے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان میں نیا طاقتور سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں آئندہ 2روز تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 2 روز تک کوئٹہ، زیارت، بارکھان، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، کوہلو، قلات، قلعہ سیف اللہ میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ ہرنائی میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ مزید بارش اوربرف باری ہوسکتی ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے جب کہ کان میترزئی، کوژک ٹاپ، زیارت میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں سردی کی نئی لہر آنے کی بھی پیشگوئی کی ہے۔

  • یونانی جزیرے تک پہنچنے کی کوشش، 300 سے زائد مہاجرین گرفتار

    یونانی جزیرے تک پہنچنے کی کوشش، 300 سے زائد مہاجرین گرفتار

    انقرہ : مغربی ترک صوبے چناق قلعے کے ساحلی علاقے میں سات مختلف چھاپوں کے دوران مہاجرین کو تحویل میں لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترک حکام نے ایسے تین سو تیس غیرملکی تارکین وطن کو حراست میں لے لیا ہے، جو یونانی جزیرے لیسبوس پہنچنے کی کوشش میں تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ مغربی ترک صوبے چناق قلعے کے ایک ساحلی علاقے میں مارے گئے سات مختلف چھاپوں کے دوران ان مہاجرین کو تحویل میں لیا گیا۔

    حراست میں لیے گئے مہاجرین کا تعلق افغانستان، شام، ایران اور عراق سے بتایا گیا ہے۔ رواں برس دس اگست کو لیسبوس پہنچنے کی کوشش میں تقریباً سات سو مہاجرین کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    لیبیا: تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، درجنوں مہاجرین ہلاک

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں یورپ جانے کی خواہش لیے مہاجرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، بحیرہ روم میں کشتی ڈوبنے سے 16 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔

    قبل ازیں 2015 میں غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے کی کوشش میں سترہ سو سے زائد تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اسی سال ہی اٹلی کے کوسٹ گارڈز نے ایک بڑا ریسکیو آپریشن کر کے ہزاروں مہاجرین کو ڈوبنے سے بچایا تھا۔

  • یہودی آباد کاروں کی اسرائیلی فورسز کے حصار میں مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی

    یہودی آباد کاروں کی اسرائیلی فورسز کے حصار میں مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی

    یروشلم : یہودی شرپسندوں کی طرف سے مسلمانوں کے قبلہ اول پر دھاووں اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز دسیوں یہودی شرپسندوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مسلمانوں کے تاریخی مقدس مقام کی بے حرمتی کی ، 60 یہودی آباد کاراور 40 یہودی طلبا مراکشی دروازے کے راستے داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں قبلہ اول کی بے حرمتی کرتے رہے۔

    اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی دروازے بند کر دیے گئے اور فلسطینیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔اس موقع پر یہودی آبادکاروں کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ناجائز صیہونی ریاست کے درجنوں یہودی آبادکاروں نے قبلہ اول میں گھس کر مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی، ان میں اسرائیلی فوجی اور پولیس اہلکار شامل تھے۔

    خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ کا باب المغاربہ 1967ءکے بعد قابض صہیونیوں کے نرغے میں ہے اور یہودی اسی دروازے کو قبلہ اول میں دھاووں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل سوموار کو قبلہ اول پر دھاوے بولنے والے آباد کاروں میں مذہبی پیشوا بھی شامل تھے۔

  • داعش کے جنگجوؤں کو ترک بحری جہاز سفر کی سہولت فراہم کرتے ہیں، لیبی فوج

    داعش کے جنگجوؤں کو ترک بحری جہاز سفر کی سہولت فراہم کرتے ہیں، لیبی فوج

    طرابلس : لیبی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ترکی کی طرف سے لیبیا کی قومی وفاق حکومت کو جنگی ہتھیاروں، بکتر بند گاڑیوں اور بھاری اسلحہ کی بھاری مقدار پہنچائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا کی قومی فوج نے چند روز قبل لیبیا کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والے ترکی کے ایک بحری جہاز ایمازون کے ذریعے شدت پسندوں حتیٰ کہ داعش کے جنگجوﺅں کی بیرون ملک سے لیبیا منتقلی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ لیبیا کی قومی فوج کے ایک افسر کرنل ابوبکر البدری نے انکشاف کیا کہ طرابلس کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے والے ترکی کے ایک بحری جہاز سے داعش کے جنگجوﺅں کو شام اور عراق سے ترکی کے راستے لیبیا لائے جانے کا شبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ترکی کی طرف سے لیبیا کی قومی وفاق حکومت کو جنگی ہتھیاروں، بکتر بند گاڑیوں اور بھاری اسلحہ کی بھاری مقدار پہنچائی گئی تھی تاہم اس کے ساتھ ساتھ شبہ ہے کہ اس جہاز کے ذریعے ترکی نے داعش کے دہشت گردوں کو شام اور عراق سے لیبیا منتقل کیا ہے۔

    خیال رہے کہ لیبیا کی قومی فوج چار اپریل سے طرابلس میں قومی وفاقی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے حملہ آور ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق طرابلس پر فوج کشی کے بعد 75 ہزار شہری نقل مکانی پرمجبور ہوئے ہیں جب کہ 126 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

  • پچاس سال پر انے طالب علم دوبارہ اسکول میں کیوں داخل ہوگئے؟

    پچاس سال پر انے طالب علم دوبارہ اسکول میں کیوں داخل ہوگئے؟

    ریاض : سعودی عرب کے ایک اسکول میں 50 برس قبل زیور تعلیم سے آراستہ ہونے والے طلباء ایک مرتبہ پھر اپنی پرانی یادیں تازہ کرنے کے اسکول میں جمع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنی نوعیت کی اس منفرد اور خوبصورت سرگرمی کا مقصد اسکول دور کی یادیں تازہ کرنا ہے۔ سعودی عرب کی الزلفی گورنری کے اسکول کے پہلے پرنسپل جنہوں نے 1391ھ میں اسکول کھولا اور اس میں داخل ہونے والی پہلی کلاس کے طلباء کو دوبارہ اسکول آنے کی دعوت دی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس موقع پر الشیخ عبدالعزیز المندیل نے اپنے طلباء کو 50 سال پرانی یادیں تازہ کرنے کے لیے درس بھی دیا۔

    اس موقع پر اسکول کی انتظامیہ نے اسکول کی پہلی جماعت کے طلباء کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا، اسکول کی پہلی جماعت کے سوائے ایک طالب علم کے تمام موجود تھے۔ غیر حاضر رہنے والے ان کے ساتھی وفات پا چکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسکول کی موجودہ انتظامیہ نے اس کے پہلے پرنسپل اور طلباء کی خوب خاطر مدارت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برسوں بعد اسکول میں آنے والے 50 سال پرانے طلباء کا کہنا تھا کہ وہ اسکول کا دورانیہ کبھی نہیں بھول سکتے کیونکہ آج وہ اسی اسکول کی بدولت زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

  • سعودی حکام کا غیرملکی سیاحوں کی ویزہ فری انٹری پرغور

    سعودی حکام کا غیرملکی سیاحوں کی ویزہ فری انٹری پرغور

    ریاض : سعودی حکام نے ویژن 2030 کے تحت غیر ملکی شہریوں کو بغیر ویزہ ریاست میں داخلے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اپنی معیشت کا انحصار تیل سے کم کرنے اور معیشت کو مستقل بنیادوں پر مستحکم کرنے کےلیے مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں جس کے تحت غیر مذہبی سیاحت کو بھی فروغ دیا جارہا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ منصوبہ تاحال ابتدائی مراحل میں ہے، اس کو رواں برس ہی حتمی شکل دے دی جائے گی اور سال کے آخرتک نیا ویزہ سسٹم متعارف کرا دیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کے لیے عاید پابندیوں میں نرمی کی جائے گی اوریورپ، جاپان، امریکا اورچین کے شہریوں کو بغیر ویزہ ریاست میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام مذکورہ منصوبے کے تحت مسلمانوں کے علاوہ غیر ملکی سیاحوں کو بھی تاریخی مقامات تک رسائی کے لیے ویزے جاری کرنے پر بھی سوچا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ جمعرات کو سعودی حکام نے سمندر پار زائرین کو برقی ویزہ دینے کے منصوبے کی منظوری دی تھی جس تحت ویزے کی درخواست آن لائن دی جائے گی اور سعودی سفارت خانے یا قونصل خانے جانے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔

    مزید پڑھیں : سیاحت کا فروغ، سعودی حکومت نے نئی ویزہ پالیسی کا اعلان کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس سعودی حکومت نے سیاحت کو فروغ دینے کےلیے نئی اور آسان ویزہ پالیسی اعلان کیا تھا جس کا ایک مقصد دسمبر میں ہونے والی فارمولا ون کو ریس کو فروغ دینا تھا۔

    حکومت کی جانب اس سہولت کا اعلان گزشتہ برس نومبر میں کیا گیا تھا جس کے بعد 1000 سے زائد غیر ملکی سیاح ریاض پہنچے تھے اور انہوں نے دارالحکومت سمیت مختلف شہروں کا دورہ کیا تھا۔

    ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب کو ایساملک بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کا شہری آئے اور سیر و تفریح کرے، اس اقدام کا مقصد روشن خیالی اور معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے بعد وسیع پیمانے پر اصلاحاتی عمل شروع ہوچکا ہے جس سے مملکت کی مختلف صنعتوں پر اثر پڑنا شروع ہوگیا ہے، اسی سلسلے میں ایک عرصے سے بند سعودی سینما کی بھی واپسی ہوچکی ہے۔

  • دبئی: محبوبہ سے ملاقات کے لیے غیرقانونی طور پر آنے والا شخص گرفتار

    دبئی: محبوبہ سے ملاقات کے لیے غیرقانونی طور پر آنے والا شخص گرفتار

    ابوظہبی : دئبی پولیس نے گرل فرینڈ سے ملاقات کے لیے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے ایشیائی شخص کو گرفتار کرلیا، مذکورہ ملزم کے متعلق لڑکی کے والدین نے پولیس کو مطلع کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی پولیس نے ایک شخص کو غیر قانونی طور پر ریاست میں داخل ہونے پر گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ہونے والے شخص کو اماراتی حکام کی جانب سے ماضی میں ملک بدر کیا گیا تھا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص اپنی گرل فرینڈ سے ملاقات کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر متحدہ عرب امارات میں داخل ہوا تھا جو دبئی میں مقیم تھی لیکن لڑکی کے اہل خانہ نے دونوں کو ملاقات سے روکنے کے لیےلڑکے کے متعلق پولیس کو اطلاع دی۔

    دبئی پولیس کے ترجمان کرنل علی سلیم الشمسی کا کہنا تھا کہ ایشیائی شخص کے غیر قانونی طور پر امارات میں داخل ہونے کی کئی وجوہات ہیں لیکن گرل فرینڈ سے ملاقات سب سے اہم سبب تھا جس کی خاطر مذکورہ شخص نے پیسے ادا کیے اور اپنی جان بھی خطرے میں ڈالی۔

    کرنل الشمسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص امارات میں ایک نجی کمپنی کا مالک تھا لیکن اسے منشیات کیسز میں ملوث ہونے پر ماضی میں ملک بدر کیا گیا تھا تاہم اس نے متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کے لیے انسانی اسمگلر کو 500 ڈالر کی رقم دی اور ریاست میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اور خاتون زمانہ طالب علمی سے ساتھ ہیں لیکن ملزم کے منشیات کیسز میں ملوث ہونے باعث والدین نے دونوں کو آپس میں ملنے نہیں دیا۔

  • بھارت میں تباہی مچانے والا مون سون طوفانی سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے. شدید بارشوں کی پیشگوئی

    بھارت میں تباہی مچانے والا مون سون طوفانی سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے. شدید بارشوں کی پیشگوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بھارت میں بارشوں سے تباہی پھیلانے والا مون سون طوفانی سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے باعث شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نیا بارشوں کا سلسلہ دس جولائی سے تیرہ جولائی تک پھر تئیس سے چھبیس جولائی سے شروع ہوگا، جس سے صوبہ سندھ بلخصوص کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، بدین میں بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نظام بھارت میں تباہی مچانے کے بعد چند روز میں پاکستان میں جنوبی سندھ میں داخل ہوجائے گا، بارشوں کا یہ نظام تھر، مٹھی، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اورساحلی علاقوں سے ہوتا ہوادس جولائی کو کراچی میں داخل ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والا مون سون بارشوں کا نظام کراچی میں آندھی اورطوفانی بارشں کاباعث بن سکتا ہے۔

    دوسری جانب بھارت کے علاقے گجرات اور راجھستان سے ہیوی اسٹرونگ سسٹم پاکستان میں داخل ہوجائے گا اور جنوب اور سینٹرل بلوچستان سے ہوتا ہوا لاڑکانہ ڈویژن اور دادو کے طرف رخ بڑھے گا۔

    ہیوی اسٹرونگ سسٹم تئیس جولائی سے چھبیس جولائی تک سندھ بھر میں لگاتار تین روز تک شدید بارش کرے گا، پچیس جولائی تک سندھ کے ساحلی علاقے اس کی شدید لپیٹ میں ہوں گے، یہ مون سون کا پانچواں اسٹرونگ سسٹم ہوگا۔

    یاد رہے راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پھر بارشیں شروع ہوگئی ہیں، بارش کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جا پہنچی ہے جبکہ لاہور میں تاحال کہیں سڑکوں پر پانی جمع ہے تو کہیں گڑھے بن گئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کراچی میں مطلع جزور طور پر ابرآلود رہنے ،جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، ملک دیگرعلاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ڈی جی رینجرز کی نائن زیرو آمد، رینجرز کی بھاری نفری پی آئی بی مرکز میں داخل

    ڈی جی رینجرز کی نائن زیرو آمد، رینجرز کی بھاری نفری پی آئی بی مرکز میں داخل

    کراچی: ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ جبکہ متحدہ کے پی آئی بی میں واقع عارضی مرکز میں بھی رینجرز کی بھاری نفری داخل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مرکز پر طویل آپریشن اور سیل ہونے کے بعد رینجرز کی بھاری نفری ایک بار پھر ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئی ہے جبکہ پی آئی پی میں واقع ایم کیو ایم کے پی آئی بی گھانچی ہال میں واقع عارضی مرکز کا بھی رینجرز نے گھیراؤ کرلیا ہے۔

    پڑھیں:  اے آر وائی کراچی کے دفتر پر حملہ کرنے والے 3 ماسٹر مائنڈ گرفتار

    ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے نائن زیرو اور اطراف کی گلیوں کا دورہ کیا اور گزشتہ روز سیل ہونے والے دفاتر کا جائزہ لیتے ہوئے سیکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس دوران رینجرز کی بھاری نفری نے نائن زیرو اور اطراف کی گلیوں کو مکمل بند کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں:   ترجمان رینجرز کی 2013 سے جاری آپریشن کی رپورٹ جاری

    میجر جنرل بلال اکبر نے سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد جناح گراؤنڈ اور اُس سے متصل شہداء یادگار کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود اہلکاروں کو سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

    دوسری جانب پی آئی بی میں واقع گھانچی ہال میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں رینجرز کی بھاری نفری داخل ہوگئی اس دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ مرکز کے اندر متحدہ رہنماء فاروق ستار اور عامر خان موجود تھے۔رینجرز کی بھاری نفری نے عارضی مرکز میں مخصوص مقامات کی تلاشی بھی لی۔ متحدہ کے عارضی مرکز میں آئندہ روز میئر اور ڈپٹی میئر کے حوالے سے اہم اجلاس جاری تھا۔

    بعد ازاں رینجرز کے ونگ کمانڈر کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار سے مذاکرات کامیاب ہونے پر نفری عارضی مرکز سے واپس روانہ ہوگئی۔