Tag: Entry Permit

  • کویت میں غیرملکیوں کے داخلے کیلیے کیا شرائط ہیں؟

    کویت میں غیرملکیوں کے داخلے کیلیے کیا شرائط ہیں؟

    کویت سٹی : کویتی حکومت نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی تارکینِ وطن فضائی، بحری یا سمندری حدود پار کرکے وزٹ ویزا پر ملک میں داخل نہيں ہوسکتا کیونکہ غیر ملکیوں کو داخلے کی اجازت کے فیصلے میں وزٹ ویزے کا اجراء شامل نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ یکم اگست سے تارکینِ وطن کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے میں صرف ایسے افراد شامل ہیں جن کے رہائشی اقامے جائز ہیں اور اقاموں کی معیاد ابھی باقی ہے جبکہ غیر ملکیوں کے لئے وزٹ ویزا جاری کرنے کا کوئی فیصلہ اب تک نہیں لیا گیا ہے لہٰذا کوئی تارکینِ وطن فضائی، بحری یا سمندری حدود پار کرکے وزٹ ویزا پر ملک میں داخل نہيں ہوسکتا۔

    ذرائع نے اشارہ کیا کہ کورونا ایمرجنسی کمیٹی نے بندرگاہوں اور رہائشی امور کے شعبے کو یکم اگست سے رہائشیوں کو ملک میں داخلے ہونے کی اجازت دینے کا فیصلہ جاری ہونے کے بعد کویت آنے والے خواہش مند غیر ملکیوں کے لئے وزٹ ویزوں کے اجراء سے متعلق بندرگاہوں اور رہائشی امور کے شعبے کو آگاہ نہیں کیا ہے۔

    وزیر برائے کونسل کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں صرف ایسے رہائشیوں کے داخلے شامل ہیں جن کے پاس جائز اقامیں ہیں اور انہوں نے کویت میں منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دو خوراکیں وصول کرلی ہوں۔

    ذرائع نے تصدیق کی کہ یورپی پاسپورٹ رکھنے والوں اور کچھ دوسرے ممالک پر ملک میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ قائم ہے اور انہیں جائز ویزا رکھنے کے باوجود ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی چاہے وہ سیاح کی حیثيت سے داخل ہونا چاہیں یا فیملی ویزا کے حامل افراد ہوں۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ بیرون ملک پھنسے رہائشیوں کی تعداد 400،000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعدادوشمار کے مطابق ان میں سے بیشتر اگست میں واپس نہیں آسکیں گے کیونکہ ان میں سے صرف چند افراد کو ویکسین کی دو خوراکیں موصول ہوئی ہیں اور کچھ ممالک میں کویت میں منظور شدہ چار ویکسینوں فائزر، آکسفورڈ، جانسن اور موڈرنا کی خوراکیں حاصل کرنا فی الوقت بہت مشکل ہے۔

  • عمان کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    عمان کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    مسقط: عمان کی حکومت نے عمان کا ویزہ رکھنے والے غیر ملکی افراد کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کو واپسی کے لیے انٹری پرمٹ جاری کیا جائے گا۔

    عمان کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو عمانی ویزہ ہولڈر ہیں لیکن کرونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، ایسے افراد واپس عمان آسکتے ہیں۔

    ان افراد کو انٹری پرمٹ کے لیے اپلائی کرنا ہوگا جس کے اجرا کے بعد وہ عمان واپس لوٹ سکیں گے۔

    عمان کے سرکاری ذرائع کے مطابق جو لوگ عمان واپسی چاہتے ہیں وہ منسٹری آف فارن افیئرز کے قونصلر ڈپارٹمنٹ کو ای میل بھیجیں گے، اس ای میل میں درخواست گزار کی جانب سے اپنا رہائش اسٹیٹس اور عمان فوری واپسی کی ٹھوس وجوہات درج کرنی ہوں گی، علاوہ ازیں موجودہ صورتحال کی وجہ سے پیش آنے والی ذاتی، سماجی اور مالی مشکلات کے بارے میں بھی بتانا ہوگا۔

    درخواست کی منظوری کی صورت میں مذکورہ شخص کو عمان واپسی کی اجازت دے دی جائے گی، عمانی ویزہ ہولڈرز کی واپسی کے لیے ان کے ممالک میں خصوصی پروازیں روانہ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب عمان میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمان میں واپسی کے لیے انٹری پرمٹ دینے کا اختیار صرف عمانی حکومت کو ہے۔ عمان واپس جانے کے خواہش مند کمپنی مالکان اور کاروباری حضرات عمانی حکومت کی دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔

    سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی ایمبسی کسی عمانی ویزہ ہولڈر کو انٹری پرمٹ جانے کرنے کی مجاز نہیں ہے۔ پاکستان میں موجود عمانی سفارت خانہ بھی واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کی ای میل اور ٹیلی فون سروس کے ذریعے رہنمائی کر رہا ہے۔

    ادھر عمان واپسی کے حوالے سے سلام ایئر کا کہنا ہے کہ بھارت، پاکستان اور مصر سے جو افراد عمان واپس آنا چاہ رہے ہیں اور انہیں عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے واپسی کی اجازت مل گئی ہے، ایئر لائن ان کے لیے سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔

    ایئر لائن کا کہنا ہے کہ خواہش مند حضرات ایئر لائن کے کال سینٹر پر رابطہ کر کے ٹکٹ کی بکنگ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔