Tag: Envoy

  • جنوبی یمن میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی انتھک کاوشوں کی تحسین

    جنوبی یمن میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی انتھک کاوشوں کی تحسین

    نیویارک:اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس نے جنوبی یمن میں امن وامان کی بحالی اور استحکام کے لیے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے انتھک کردار کو سراہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انھوں نے ایک ٹویٹ میں شہزادہ خالد بن سلمان سے گذشتہ روز اپنی ملاقات کو مفید اور مثبت قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب نے جنوبی یمن میں امن وامان کی بحالی اور استحکام کے لیے شہزادہ خالد بن سلمان آل سعود کی قیادت میں انتھک کردار ادا کیا ہے۔

    ہم نے مکالمہ جاری رکھنے کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے۔سعودی عرب اور اس کے قریبی اتحادی متحدہ عرب امارات نے جنوبی یمن میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی قانونی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل (ایس ٹی سی )کے درمیان بحران کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے،سعودی عرب نے ان کے درمیان تنازع کے حل کے لیے ایک کانفرنس بھی طلب کی ۔

    ان دونوں ملکوں کی مصالحتی کاوشوں کے بعد ہی یمن کی جنوبی عبوری کونسل نے گذشتہ ہفتے کے روز عدن میں قبضے میں لی گئی سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کو خالی کر دیا تھا اورعدن اسپتال ، مرکزی بنک اور دوسری متعدد سرکاری عمارتوں کا کنٹرول یمن کے صدارتی بریگیڈز کے حوالے کردیا تھا۔

    سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمنی حکومت اور ایس ٹی سی کی فورسز سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ان دونوں فریقوں کو آپس میں محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہیے اور اتحاد کی ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف جنگی کامیابیوں کو برقرار رکھنے میں معاونت کرنی چاہیے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق یمن کے دوسرے بڑے شہر اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کی قیادت میں حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن میں حکومت نواز فورسز اور جنوبی یمن کے علاحدگی پسندوں کے درمیان گذشتہ ہفتے جھڑپوں میں کم سے کم چالیس افراد ہلاک اور دو سو ساٹھ زخمی ہوگئے تھے۔

    یمنی حکومت نے ایس ٹی سی کےساتھ اس کے سرکاری عمارتوں سے انخلا تک بات چیت سے انکار کردیا تھا۔

  • جوہری معاہدے کی پاسداری کیلئے فرانسیسی مندوب کی ایرانی حکام سے ملاقات

    جوہری معاہدے کی پاسداری کیلئے فرانسیسی مندوب کی ایرانی حکام سے ملاقات

    پیرس : فرانس کی جانب سے ایک مندوب تہران روانہ کیا گیا ہے جس کا کام ایرانی حکومت کو جوہری معاہدے کی پاس داری پر راضی کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر امانویل ماکروں ایران اور امریکا کے درمیان تنازعے کے حل کے لیے یورپ کے قائدانہ کردار کے خواہاں ہیں، فرانس کی جانب سے ایک مندوب تہران روانہ کیا گیا، جس کا مقصد ایرانی حکومت کو جوہری معاہدے کی پاس داری پر راضی کرنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس ڈیل کے تحت ایران کی جوہری سرگرمیوں کو محدود بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مئی 2018 میں امریکا کی جانب سے اس معاہدے سے نکل جانے اور ایران کے خلاف ایک مرتبہ پھر سخت ترین پابندیوں کے نفاذ کے بعد ایران نے اپنے ہاں یورینیم کی افزودگی میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

    یورپ کی کوشش ہے کہ ایران کو جوہری معاہدے پر عمل درآمد پر راضی کرے جب کہ امریکا پر دباؤ ڈالے کے وہ ایران کے خلاف پابندیوں کو کچھ نرمی کرے۔

  • ایتھوپیا کی کوشش سے حزب اختلاف اور سوڈانی فوج کے درمیان مذاکرات کا اعلان

    ایتھوپیا کی کوشش سے حزب اختلاف اور سوڈانی فوج کے درمیان مذاکرات کا اعلان

    خرطوم : ایتھوپیا کی کوششوں سے احتجاجی تحریک کے لیڈروں کا ہڑتال ختم کر کے جرنیلوں سے مذاکرات بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں احتجاجی تحریک کے لیڈروں نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنے اور حکمراں عبوری فوجی کونسل کے ساتھ مذاکرات کی بحالی سے اتفاق کیا ہے۔انھوں نے یہ فیصلہ ایتھوپیا کی ثالثی کی کوششوں کے بعد کیا ہے۔

    ایتھوپین ثالث کار محمود ضریر نے خرطوم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد برائے آزادی اور تبدیلی نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنے سے اتفاق کیا ہے اور دونوں فریقوں نے اقتدار ایک سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کے لیے جلد مذاکرات کی بحالی سے بھی اتفاق کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ محمد ضریر گذشتہ ہفتے ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کے دورے کے بعد سے خرطوم ہی میں مقیم تھے اور وہ سوڈان میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے حزب اختلاف کے لیڈروں اور فوجی جرنیلوں سے ملاقاتیں کررہے تھے۔

    وزیر اعظم ابی احمد نے سوموار کو سوڈان کی حکمراں عبوری فوجی کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان سے فون پر بات چیت کی تھی اور ان سے مصالحتی کوششوں میں پیش رفت کے ضمن میں تبادلہ خیال کیا تھا۔

    احتجاجی تحریک نے الگ سے ایک بیان میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سول نافرمانی کی تحریک ختم کردیں اور بدھ سے اپنے کام پر آجائیں اور کاروبار شروع کردیں۔

    واضح رہے کہ سوڈان میں حکمراں فوجی کونسل کے خلاف احتجاجی تحریک کے لیڈروں کی اپیل پر منگل کو بھی عام ہڑتال تھی جبکہ خرطوم اور دوسرے شہروں میں دکانیں اور کاروباری مراکز جزوی یا مکمل طور پر بندرہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اتوار کو سول نافرمانی کے پہلے روز تشدد کے مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھےِ۔

    سوڈانی پیشہ وران تنظیم ( ایس پی اے) نے ہفتے کے روز 3 جون کو وزارتِ دفاع کے باہر احتجاجی تحریک کے زیر اہتمام دھرنے کے شرکاء کے خلاف خونیں کریک ڈاؤن کے ردعمل میں ملک گیر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا اور عوام سے اس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی۔