Tag: envoy-to-us

  • ٹرمپ،کم جونگ ان مذاکرات کی ناکامی :شمالی کوریا کے 5عہدیداروں کو موت کی سزا

    ٹرمپ،کم جونگ ان مذاکرات کی ناکامی :شمالی کوریا کے 5عہدیداروں کو موت کی سزا

    پیانگ یانگ: مریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اورشمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعدپانچ عہدیداروں کوموت کی سزا دے دی، سزائے موت پانے والوں میں امریکا کیلئے شمالی کوریا کے نمائندہ خصوصی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اورشمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کا نتیجہ شمالی کوریا کے پانچ اعلی حکام کوبھگتنا پڑا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے دونوں رہنماؤں کے مذاکرات ناکام ہونے کے بعدپانچ عہدیداروں کوموت کی سزا دے دی، اہلکاروں کو سزائے موت جاسوسی کے الزام میں دی گئی۔

    سزائے موت پانے والوں میں امریکا کیلئے شمالی کوریا کے نمائندہ خصوصی بھی شامل ہیں، کم چول شمالی کوریا کے خاص جوہری سفیر تھے جو کہ امریکا میں تعینات تھے، پانچوں عہدیداروں کومارچ میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

    خیال رہے شمالی کوریا نے کم فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائلوں کا تجربہ کیا، جس پر امریکی صدر نے کہا تھا کہ تجربے سے کوئی بھی خوش نہیں اور امریکا نے شمالی کوریا کا جہاز قبضے میں لے لیا جبکہ شمالی کوریا کے صدر کم جانگ ان نے اپنی فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا۔

    مزید پڑھیں : کم جونگ نے صدر ٹرمپ سے مذاکرات میں ناکامی کی وجہ بتادی

    یاد رہے ٹرمپ اورکم جونگ ان کی ملاقات فروری میں ویتنام میں ہوئی تھی جوبے نتیجہ رہی تھی، کم جونگ ان نے مذاکرات کی ناکامی کہ وجہ ’’امریکا کی بدنیتی’’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا صدر ٹرمپ نے ملاقات کے دوران بدنیتی کا مظاہرہ کیا۔

    واضح رہے کہ کم جونگ کے حکم پر اس سے قبل بھی کئی اہم حکومتی عہدیداروں کو مختلف الزامات کے تحت سزائے موت دی جا چکی ہے

  • علی جہانگیرصدیقی کی امریکا میں سفیر تعیناتی ،وفاقی حکومت سے جواب طلب

    علی جہانگیرصدیقی کی امریکا میں سفیر تعیناتی ،وفاقی حکومت سے جواب طلب

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کے خلاف درخواست پروفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں بطور پاکستانی سفیر تعینات کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی طریقہ کار اور میرٹ کے برعکس کی گئی، علی جہانگیر صدیقی کی تعلیمی قابلیت بی اے ہے اور سفارتکاری کا تجربہ نہ ہونے کے سبب ملکی مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ امریکہ جیسے ملک میں سینئر اور تجربہ کار سفارتکار کی تعیناتی سے قبل پارلیمنٹ اور کابینہ کی منظوری میں ہی ملکی مفاد وابستہ ہے، میرٹ کے برعکس علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔

    عدالت نے وفاقی حکومت، وفاقی سیکرٹری کابینہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سے جواب طلب کر لیا۔

    یاد رہے کہ 22 مارچ کو امریکا میں نامزد پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو  پیش  ہوئے اور سوالات کے جوابات دیئے۔

    نیب کی تفتیشی ٹیم نے علی جہانگیر صدیقی کو ایک سوال نامہ دیا، جس میں ان کی کمپنیوں اور شئیرز کی خریدوفروخت کے حوالے سے 45 سوالات درج ہیں اور کہا گیا کہ  دو ہفتے کے اندر  ان کے جوابات فراہم کریں۔

    نیب ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت میں بے ضابطگی کی، ایزگارڈ نائن میں منی لانڈرنگ اور انسائڈر ٹریڈنگ کا الزام ہے جبکہ ایگری ٹیک شیئرز میں بھی انسائڈرٹریڈنگ کی انکوائری ہو رہی ہے۔

    واضح رہے چندروز قبل حکومت پاکستان نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد علی جہانگیرصدیقی کوسفیر نامزد کیا تھا۔

    سابق سفیروں نے علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیرِ امریکہ نامزدگی کی مخالفت کی تھی  جبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے بھی کڑی تنقید کی گئی۔

    خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔