Tag: epidemic

  • خسرہ کی وباء اتنی تیزی سے کیوں پھیل رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    خسرہ کی وباء اتنی تیزی سے کیوں پھیل رہی ہے؟ وجہ سامنے آگئی

    دنیا میں خسرہ کا شمار جان لیوا بیماریوں میں ہوتا ہے اور کراچی سمیت ملک بھر خسرہ ایک وبا کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔

    صرف شہر قائد میں خسرہ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ سامنے آیا ہے اور خسرہ کی شرح معمول سے 50 فیصد زائد ہوگئی ہے جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام شام رمضان میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر سید ظفر مہدی نے کہا کہ خسرے کا پھیلاؤ ایک وائرس سے ہوتا ہے اور خسرہ ایک بچے سے دوسرے بچے میں فوری منتقل ہوتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خسرہ انتہائی متعدی اور ممکنہ طور پر شدید بیماری ہے جو بخار، سرخ دانوں، کھانسی اور آنکھوں کی سرخی اور آنکھوں سے پانی بہنے کا باعث بنتی ہے۔

    یہ بنیادی طور پر خسرے سے متاثرہ شخص کے کھانسنے یا چھینکنے کے بعد خارج ہونے والے جراثیم کے ذریعے پھیلتی ہے۔ یہ وائرس اُن بچوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے جنہیں پیدائشی ٹیکوں کے دوران خسرے کا ٹیکا نہیں لگا ہوتا۔

    خسرے کی علامات میں چہرے، گردن بازوؤں اور جسم کی بیرونی جِلد کا سرخ ہونا اور چھوٹے چھوٹے بے تحاشا دانوں کا بننا شامل ہے، اس وائرس کا شکار ہونے کے بعد قبض کی شکایت، بھوک کا ختم ہو جانا، بے چینی محسوس ہونا، غنودگی اور بے ہوشی کی سی کیفیت کا ہونا بھی عام بات ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کیسز میں اضافے کی بنیادی وجہ بچوں کی ویکسی نیشن کی شرح میں نمایاں کمی ہے۔ ویکسی نیشن نہ کروانے کی صورت میں پیچیدگیاں بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے، ویکسی نیشن کے استعمال سے خسرے سے 100 فیصد بچا جاسکتا ہے۔

  • کراچی میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی، اسپتال میں حبس سے مریض بے ہوش

    کراچی میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی، اسپتال میں حبس سے مریض بے ہوش

    کراچی: شہر قائد میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں شدید گرمی اور حبس سے ڈینگی مریض بے ہوش ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز سامنے آ رہے ہیں تاہم کراچی میں صورت حال تشویش ناک ہو گئی ہے، مریضوں کی بھرمار کی وجہ سے اسپتالوں میں بستر کم پڑ گئے ہیں۔

    سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریض رل گئے، شدید گرمی اور حبس میں ڈینگی کے مریض بے ہوش ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

    معلوم ہوا ہے کہ سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں جنریٹر ہونے کے باوجود انتظامیہ نہیں چلا رہی، جس پر ڈینگی کے شکار مریض اور تیمار داروں نے شدیدغم و غصے کا اظہار کیا۔

    مریضوں نے اسپتال انتظامیہ پر جنریٹر نہ چلانے اور فیول فنڈز میں خود برد کا الزام لگایا، دوسری طرف اسپتال انتظامیہ نے مؤقف دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں ڈینگی کے مزید 192 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع شرقی سے 45، وسطی سے 26، کورنگی سے 63 کیسز سامنے آئے۔

    رواں ماہ اب تک کراچی میں 1620 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ سندھ بھر میں رواں سال اب تک ڈینگی کیسز کی تعداد 4230 ہو گئی ہے۔

    ادھر اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے مزید 72 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں کیسزکی مجموعی تعداد 943 ہو گئی، پنجاب میں ڈینگی کے 164نئے کیس سامنے آئے۔