Tag: ETHIOPIA

  • دوران پرواز مسافروں کو اچانک سانس لینے میں دقت ہونے لگی، پائلٹ نے کیا کیا؟

    دوران پرواز مسافروں کو اچانک سانس لینے میں دقت ہونے لگی، پائلٹ نے کیا کیا؟

    ادیس ابابا: ایتھوپیا کی ایئر لائنز کے بوئنگ ڈریم لائنر طیارے میں دوران پرواز اچانک آنے والی خرابی کی وجہ سے مسافروں کو سانس لینے میں دقت ہونے لگی۔

    ادیس ابابا سے ممبئی جانے والی ایتھوپین ایئر لائنز کی فلائٹ ای ٹی 640 جمعہ کی رات پرواز کے دوران اچانک سنگین خرابی کا شکار ہو گئی، بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے میں ’مڈ ایئر ڈپریشرائزیشن‘ (دورانِ پرواز دباؤ) کی حالت پیدا ہو گئی، جس کی وجہ سے 7 مسافروں کی طبیعت خراب ہو گئی۔

    پائلٹ نے طیارہ چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہنگامی طور پر لینڈ کرایا، اس دوران ایک مریض کی حالت انتہائی خراب ہو گئی، جسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

    ’مڈ ایئر ڈپریشرائزیشن‘ وہ حالت ہوتی ہے جب طیارے کے کیبن میں ہوا کا دباؤ اچانک کم ہو جاتا ہے، یہ عام طور پر تکنیکی خرابی، جیسے کیبن پریشر سسٹم کی خرابی یا ہوائی جہاز کے ڈھانچے میں رساؤ کی وجہ سے ہوتا ہے، ایسی صورت میں مسافروں کو سانس لینے میں تکلیف، چکر آنا یا صحت سے متعلق دیگر مسائل پیش آ سکتے ہیں۔


    ایئرانڈیا کی ایک اور فلائٹ حادثے سے بچ گئی، ممبئی میں ہنگامی لینڈنگ


    رپورٹ کے مطابق فلائٹ میں 300 مسافر اور عملے کے 11 ارکان سوار تھے، طیارے نے ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے ممبئی کے لیے پرواز بھری تھی، جب طیارہ بحیرۂ عرب کے اوپر 33،000 فٹ کی اونچائی پر پرواز کر رہا تھا، اس دوران طیارے کے کیبن پریشر میں اچانک کمی آ گئی، جس کی وجہ سے مسافروں اور عملے کے اراکین کو پریشانی اور صحت سے متعلق مسائل پیدا ہوئے۔

    طیارے میں سوار 7 مسافروں نے سانس لینے میں تکلیف اور چکر آنے کی شکایت کی، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی کا اعلان کیا اور طیارے کو بحفاظت ممبئی میں اتار لیا۔

    واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں کی سیکیورٹی پر پہلے ہی سے سوال اٹھ رہے ہیں، 12 جون کو احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر بھی پرواز بھرنے کے 36 سیکنڈ بعد ہی حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔

  • ایتھوپین ایئر لائن نے پاکستان کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن شروع کر دیا

    ایتھوپین ایئر لائن نے پاکستان کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن شروع کر دیا

    کراچی: ایتھوپین ایئر لائن نے پاکستان کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن شروع کر دیا، ادیس ابابا سے کراچی آنے والی پرواز کو واٹر سلوٹ پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے ایتھوپین ایئر لائن کے فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، ایتھوپیا کا اعلیٰ سطح کا وفد پہلی فلائٹ سے کراچی پہنچا، جہاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفد کا استقبال کیا۔

    ایتھوپین وفد میں وزیر مملکت امور خارجہ مسگانواریگا و دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے، ایتھوپیا کے وزیر مملکت امور خارجہ مسگانواریگا وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔

    پہلی پرواز میں ایتھوپیا کے 3 وزیر مملکت، اور ان کی وزارتوں کے اعلیٰ افسران سوار تھے، پرواز میں سوار مسافروں کی مجموعی تعداد 110 تھی، وزیر اعلیٰ سندھ نے ایتھوپین وزرا، سفارت کاروں اور صنعت کاروں کو خوش آمدید کہا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے اولڈ ٹرمینل وی آئی پی لاؤنج میں پرواز کی آمد کا کیک کاٹ کر افتتاح کیا، اور ایتھوپین وفد کا صوبائی وزرا سے تعارف کروایا۔ انھوں نے کہا ’’ایتھوپین ایئر لائن کا کراچی سے ایتھوپیا اور ایتھوپیا کو کراچی سے جوڑنے کا وسیلہ ہے۔‘‘

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ پروازایں شروع ہونے سے سندھ اور ایتھوپیا میں تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا، وزیر اعلیٰ سندھ نے مہمانوں کو اجرک اور سندھی ٹوپیاں بھی پہنائیں۔

  • پاکستان اور ایتھوپیا کا ٹیکنالوجی کے حوالے سے معاہدہ

    پاکستان اور ایتھوپیا کا ٹیکنالوجی کے حوالے سے معاہدہ

    اسلام آباد: پاکستان اور ایتھوپیا نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیر جمال باقر عبداللہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایتھوپیا سب صحارا ممالک میں تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیثت ہے، ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ اپنی تجارت کے حجم کو 200 فی صد بڑھانا چاہتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایتھوپیا دنیا کی سستی ترین توانائی پیدا کر رہا ہے، اس کی 96.4 فی صد توانائی گرین یا ماحول دوست توانائی ہے، انھوں نے کہا ’’ہم افریقہ کا سب سے بڑا ڈیم دریائے نیل پر تعمیر کر رہے ہیں، یہ ڈیم 6500 میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کرے گا، اس ڈیم کے ڈاؤن اسٹریم پر رہنے والی آبادی پر منفی اثرات نہیں ہوں گے۔‘‘

    جمال باقر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا نے حال ہی میں پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولا ہے، جب کہ دونوں ممالک میں 1950 سے سفارتی تعلقات موجود ہیں، دوسری طرف پاکستان نے 70 کی دہائی میں ایتھوپیا میں اپنا سفارت خانہ کھولا تھا، اس وقت پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت تھی۔

    سفیر نے بتایا ’’ہم نے عالمی قوانین پر مبنی نظام کے لیے ایک قیمت چکائی ہے، ماحولیاتی تبدیلی پر ہماری حکومت نے پاکستان سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا ہے، ہم نے رواں برس کوپ 27 میں لاسز اینڈ ڈیمیج فنڈ کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’مسلمانوں نے پہلی ہجرت ایتھوپیا کی جانب کی، اس وقت کے حکمران نجاشی نے کھلے بازوؤں سے مسلمانوں کا استقبال کیا۔ ہم سیاحوں کے لیے مختلف رعایتیں فراہم کر رہے ہیں، ان میں خصوصی طور پر ہوٹلوں میں سبسڈی شامل ہے۔‘‘

    ان کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا تمام مذاہب کے لیے ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے، ان میں اسلام کو خصوصی حیثیت حاصل ہے، افریقہ کی تاریخ اور آثار قدیمہ میں ایتھوپیا کی ایک پہچان ہے۔

  • اقوامِ متحدہ کے 16 ارکان، ایتھوپیا میں گرفتار

    اقوامِ متحدہ کے 16 ارکان، ایتھوپیا میں گرفتار

    عدیس ابابا: افریقی ملک ایتھوپیا میں اقوام متحدہ کے 16 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان اقوامِ متحدہ نے ارکان کو حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک میں جانتا ہوں، ہمیں اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی گئی کہ عملے کے ارکان کو کیوں حراست میں لیا گیا ہے؟، حراست میں لئے گئے تمام ارکان ایتھوپین شہری ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس معاملے پر ایتھوپیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں تاکہ فوری طور پر زیر حراست افراد کی بازیابی کو ممکن بنایا جاسکے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد کا تعلق ٹیگرے نسل سے ہیں۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے ایتھوپیا میں یو این ارکان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ترجمان امریکہ محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ ٹیگرے نسل کی خواتین اور بچوں کو گرفتار کرنے کی اطلاعات ہیں،ایتھوپیا کی حکومت نسلی بنیادوں پرگرفتاریاں کر رہی ہے، ایتھوپیا میں نسلی بنیادوں پر ہونے والی گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔

    ادھر ایتھوپیا پولیس کا کہنا ہے کہ یو این ارکان یا پھر نسلی بنیادوں پر کسی کو گرفتار نہیں کیا بلکہ ٹیگرے باغیوں کی حمایت کرنے والوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

  • کویت نے شہریوں کیلئے اہم ہدایات جاری کردیں

    کویت نے شہریوں کیلئے اہم ہدایات جاری کردیں

    کویت سٹی : کویتی دفتر خارجہ نے ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا کے بگڑتے ہوئے حالات کے پیش نظر وہاں مقیم اپنے شہریوں کو خبر دار کیا ہے کہ پہلی فرصت میں واپس آجائیں۔

    کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویتی دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں تمام شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عدیس ابابا میں قائم کویتی سفارت خانے سے رجوع کرکے اپنے نام، پتے اور دیگر تفصیلات کا اندراج جلد از جلدکرالیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذکورہ بیان میں کویت میں مقیم شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ اگر وہ کسی وجہ سے ایتھوپیا جانا چاہتے ہوں تو بہتر یہی ہوگا کہ فی الوقت اپنا سفر ملتوی کردیں۔

    یاد رہے کہ ایتھوپیا کی حکومت نے عدیس ابابا کی جانب ٹگرائی عوامی محاذ آزادی کی فورسز کی پیش قدمی کے بعد پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔

    ایتھوپیا کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایتھوپیا کی کابینہ نے منگل کے روز ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا جب ٹگریان پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کے باغیوں نے دارالحکومت کی طرف بڑھنے کی بظاہر کوشش میں دو اہم شہروں کا کنٹرول سنبھال لیا۔

    ایتھوپیا میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں سے ملک چھوڑنے کے لیے تیار رہنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایتھوپیا کے علاقوں میں سکیورٹی کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔

    اس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر کہا کہ ایتھوپیا میں فوجی تنازعات اور شہری بدامنی کے مسلسل بڑھنے سے سیکیورٹی کی صورتحال بری طرح بگڑ گئی ہے۔

  • 6 گھنٹوں کے دوران 12 طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ

    6 گھنٹوں کے دوران 12 طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ

    خرطوم: افریقی ملک ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا کے لیے اڑان بھرنے والے 12 طیاروں کو موسم کی خرابی کی وجہ سے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق ایتھوپیا کے 12 طیاروں نے سوڈانی دارالحکومت خرطوم کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ ایتھوپین دارالحکومت عدیس ابابا کے ایئرپورٹ پر خراب موسم کی وجہ سے حد نظر 800 میٹر تک محدود ہوگئی تھی۔

    6 گھنٹوں کے دوران 12 ایتھوپین طیاروں کی خرطوم ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

    ایتھوپین ایئر لائنز کے یہ طیارے ایشیائی اور یورپی ممالک کے ایئر پورٹس سے عدیس ابابا جارہے تھے تاہم انہیں خراب موسم کے باعث خرطوم میں لینڈنگ کرنا پڑی۔

    سوڈانی محکمہ شہری ہوا بازی کے سربراہ ابراہیم عدلان نے کہا ہے کہ خرطوم ایئرپورٹ حکام نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے ایتھوپین طیاروں کی لینڈنگ کروائی۔

    انہوں نے کہا کہ عدیس ابابا ایئرپورٹ کے موسمی حالات بہتر ہوجانے تک ہر طرح کی تکنیکی اور لاجسٹک سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں، خراب موسمی حالات میں خرطوم ایئرپورٹ نے ہمیشہ عدیس ابابا ایئرپورٹ کے متبادل ہونے کا ثبوت دیا۔

    سربراہ کے مطابق مزید 2 ایتھوپین طیاروں کا رخ جدہ اورجبوتی ایئرپورٹس کی طرف موڑا گیا تھا۔

  • ایتھوپیا : گھروں میں سوئے ہوئے لوگوں پر حملہ، سو سے زائد افراد قتل

    ایتھوپیا : گھروں میں سوئے ہوئے لوگوں پر حملہ، سو سے زائد افراد قتل

    بینی شنگل گومز: ایتھوپیا میں نامعلوم مسلح افراد نے گھروں پر حملے کرکے سو سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتولین گھروں میں سو رہے تھے، فوج نے جوابی کارروائی میں 42 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

    ایتھوپیا کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے مطابق مغربی ایتھوپیا کے شہر بینی شنگل گومز میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایتھوپیا کی فوج نے حملے میں ملوث 42 مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسلح افراد نے بیکوزی کیبلے، بولین وریڈا اور میٹیکل کے علاقوں میں اس وقت حملہ کیا جب لوگ اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔

    ایک مقامی میگزین نے عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ لوگوں کا قتل کیا گیا اور ان کے گھروں میں لوٹ مار کی گئی، علاقے کے باشندوں نے پولیس کو حملے کی اطلاع دی تھی لیکن پولیس کے پہنچنے سے پہلے حملہ آور فرار ہوچکے تھے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایتھوپیا کے مغربی علاقے میں متعدد قبائلی گروہ آباد ہیں یہاں حملہ آور امہارا برادری کے لوگوں کو اپنا نشانہ بناتے ہیں۔

    دوسری جانب ایتھوپیا کی فوج نے مسلح حملے میں ملوث 42 مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایتھوپیا کے ہیومن رائٹس کمیشن نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ایتھوپیا میں انسانی المیہ جنم لینے لگا، لوگ ہجرت پر مجبور

    ایتھوپیا میں انسانی المیہ جنم لینے لگا، لوگ ہجرت پر مجبور

    عدیس ابابا: افریقی ملک ایتھوپیا میں فو ج اور شدت پسندوں کے درمیان جاری جھڑپوں کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں نے ہجرت شروع کردی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایتھوپیا میں حکومت اور علاقائی فورسز کے مابین جاری خونزیر تنازعے کے باعث ہزاروں مہاجرین ایتھوپیا کی سرحد عبور کرکے سوڈان میں داخل ہورہے ہیں۔

    یو این ایچ سی آر کے مطابق تنازعے کی وجہ سے ابھی تک پچیس ہزار سے زائد ایتھوپیائی باشندے ریاست کسلا کے ہمدائیت بارڈر پوائنٹ عبور کرچکے ہیں، ادارے نے متنبہ کیا ہے کہ جب تک یہ تنازعہ کم نہیں ہوتا، شہریوں کی مزید ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے مزید بتایا کہ جو لوگ بارڈر کراس کررہے ہیں، ان کے پاس بہت کم مقدار میں ساز وسامان ہیں۔

    ایک مہاجر نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ علاقے میں اتنی شدید لڑائی ہورہی ہے کہ جسم کے کپڑے کے علاوہ ہم سب کچھ چھوڑ کر بھاگ آئے، متاثرہ علاقوں میں امدادی ایجنسیاں کھانے پینے کی کچھ چیزیں مہیا کرنے میں کامیاب رہی ہیں، لیکن مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایتھوپیا میں بغاوت، آرمی چیف فائرنگ سے ہلاک، بغاوت ناکام

    واضح رہے کہ افریقی ملک ایتھوپیا میں لڑائی نومبر کے اوائل میں اس وقت شروع ہوئی، جب ایتھوپیا کی وفاقی حکومت نے علاقائی فورسز پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے جواب میں فوجی کارروائی کا آغاز کردیا تھا۔

  • مشیر تجارت سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات

    مشیر تجارت سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات ہوئی۔ مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ افریقہ کی جانب سے تجارت بڑھانے کے لیے افریقہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی ملاقات ہوئی۔ وفد میں وزارت خارجہ اور تجارت و صنعت کے ارکان شامل تھے۔

    ایتھوپین وفد کی جانب سے کہا گیا کہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سرمایہ کار ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کریں۔

    مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ افریقہ کی جانب سے تجارت بڑھانے کے لیے افریقہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ایتھوپیا اس حوالے سے بہت اہم ملک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹریکٹرز موزمبیق اور تنزانیہ کے بعد انگولا بھی برآمد کرے گا۔ نومبر میں پاکستان نیروبی میں کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔

    مشیر تجارت نے مزید کہا کہ نیروبی کانفرنس میں افریقی ممالک کو مدعو کریں گے۔

  • ایک دن میں 35 کروڑ پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ

    ایک دن میں 35 کروڑ پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ

    افریقی ملک ایتھوپیا نے ایک دن میں 35 کروڑ پودے لگا کر سب سے زیادہ پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا، اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا ریکارڈ بھارت کے پاس تھا۔

    ایتھوپیا نے موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج سے نمٹنے کے لیے تاریخ ساز قدم اٹھاتے ہوئے صرف 12 گھنٹوں میں 35 کروڑ پودے لگائے ہیں۔ اس شجر کاری مہم کا افتتاح ایتھوپین وزیر اعظم ابی احمد نے کیا۔

    ایک دن میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا ریکارڈ اس سے قبل بھارت کے پاس تھا جس نے سنہ 2017 میں ایک دن میں ساڑھے 6 کروڑ پودے لگائے تھے۔

     

    ایتھوپیا رواں برس اکتوبر تک 4 ارب پودے لگانے کا عزم رکھتا ہے تاکہ ملک میں سبزے میں اضافہ کیا جاسکا اور کلائمٹ چینج کے نقصانات میں کمی کی جاسکے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق 19 ویں صدی کے آخر تک ایتھوپیا میں جنگلات کے رقبے میں 30 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، ملک میں موجود جنگلات کو بڑے پیمانے پر کاٹا گیا تاکہ جلانے کے لیے لکڑی اور زراعت کے لیے زمین حاصل کی جاسکے۔

    اس وقت ایتھوپیا کے 4 فیصد سے بھی کم رقبے پر جنگلات موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق جنگلات میں کمی کے باعث ایتھوپیا سمیت دیگر افریقی ممالک میں خشک سالی اور قحط کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔