Tag: European safety agency

  • یورپی  سیفٹی ایجنسی ‘ایاسا’ کا پاکستانی طیاروں سے پابندی  ہٹانے سے انکار

    یورپی سیفٹی ایجنسی ‘ایاسا’ کا پاکستانی طیاروں سے پابندی ہٹانے سے انکار

    کراچی : یورپی سیفٹی ایجنسی ایاسا نے پاکستانی طیاروں سے پابندی ہٹانے سے انکار کردیا اور کہا اکاؤ آڈٹ کا یورپی روٹ پر پابندی سے کوئی تعلق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے خط کاجواب دے دیا ، جس میں یورپی سیفٹی ایجنسی ایاسا نے اکاو آڈٹ پرپی آئی اے کی یورپی پروازوں پر پابندی ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خط ایاسا کے ایگزیکٹوڈائریکٹر نے سی ای اوپی آئی اے کو لکھا، جس میں کہا گیا ہے کہ اکاؤ آڈٹ کا یورپی روٹ پر پابندی سے کوئی تعلق نہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایاسا اور اکاو آڈٹ کے بعد بھی سی اےاے کی کارکردگی کا جائزہ لےگی، پابندیاں ہٹانے کے لیے ایاسا متعلقہ حکام سےمشاورت کرے گا۔

    پاکستانی ائیرلائنزسے پابندیاں ختم کرنے کے لیے ایاسا سی اےاے کا آڈٹ کرائے گی ، ایاسا آڈٹ کے بعد یورپی روٹ کی پابندیاں ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    ایاسا نے پی آئی اے کی جانب سے سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایاسا تیسرے ملک کے ذریعے پابندی اٹھانے کے لئے آڈٹ کراسکتا ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ پیشہ ورانہ لائسنس سے متعلق ایاسا حکام کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں ، کورونا کے باعث ایاسا عملے کی سفری سرگرمیاں محدودہیں، کورونا صورتحال بہتر ہوتے ہی آڈٹ کرایا جائے گا۔

  • یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے طیاروں کو سیفٹی رسک قراردیدیا

    یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے طیاروں کو سیفٹی رسک قراردیدیا

    پیرس: یورپی سیفٹی ایجنسی نے پیرس سے اسلام آباد آنے والے قومی ایئرلائن کے طیارے کو پرواز سے روک دیا، نوز وہیل کی خرابی سےجہاز کا عملہ لاعلم رہا، پاکستان کو بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہیں ۔

    یورپی سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے طیاروں کو سیفٹی رسک قرار د ے دیا۔ پیرس سے اسلام آباد آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون فائیو زیرو پر یورپی سیفٹی اتھارٹی نے طیارے کو سیفٹی رسک قرار دیتے ہوئے طیارے کو اڑان بھرنے سے روک لیا ۔

    ذرائع کے مطابق بوئنگ طیارے ٹرپل سیون کے نوز وہیل میں خرابی اور کپتان کی لاعلمی پر مسافروں اور پرواز کی سیفٹی کے لئے مسافر طیارے کو پرواز کی اجازت دینے سے انکارکیا تھا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے فرنٹ وہیل اور پرزہ جات کی تبدیلی اور مستقبل میں احتیاط کی تحریری یقین دہانی کے بعد یورپی سیفٹی ایجنسی نے طیارے کو تین گھنٹے کی تاخیر کے بعد پرواز کی اجازت دے دی۔

    یورپی ایجنسی کے مطابق پی آئی اے نے آئندہ اپنے طیاروں پر بین الاقوامی سیفٹی قوانین پر عمل درآمد نہیں کیا تو یورپی ممالک میں پروازوں کو روکا جا سکتا ہے۔