Tag: EV

  • ہونڈا کا برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان

    ہونڈا کا برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان

    جاپان کی ہونڈا موٹر کمپنی نے برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2030 تک 20 لاکھ سے زائد برقی گاڑیاں بنائے گی۔

    ہونڈا موٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ برقی گاڑیوں کی اقسام اور پیداوار دونوں کو وسعت دینے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور انھی کی بدولت کوشش ہے کہ 2030 تک ہر سال دنیا بھر میں 20 لاکھ برقی گاڑیاں تیار کی جائیں۔

    کمپنی کے حکام کے مطابق وہ اس سلسلے میں 30 ماڈل پیش کریں گے، اور برقی گاڑیوں کی پیداوار کو کمپنی کی سالانہ پیداوار کا تقریباً نصف تک پہنچایا جائے گا، خیال رہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں ہونڈا کی تمام اقسام کی 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔

    کمپنی کے مطابق الیکٹرک وہیکلز سے متعلق حکمت عملی کے پہلے قدم کے طور پر 2024 میں تجارتی سطح پر ایک چھوٹی گاڑی متعارف کرائی جائے گی، اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ سے 20 لاکھ ین کے درمیان، یا لگ بھگ 8 سے 16 ہزار ڈالر ہوگی۔

    کمپنی کا ارادہ ہے کہ 2024 کے موسمِ بہار میں نئی سالڈ اسٹیٹ بیٹریاں پیش کی جائیں، جدید قسم کے آلات سے ای وی کی رینج میں، موجودہ لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال کرنے والی کاروں کے مقابلے میں بہت اضافہ ہو جائے گا۔

    ہونڈا کمپنی کا کہنا ہے کہ برقی گاڑیوں سے متعلقہ تحقیق و ترقی پر اگلے 10 سالوں کے دوران 50 کھرب ین، یا تقریباً 40 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

  • 2030 تک امریکا میں پچاس فی صد گاڑیاں الیکٹرک ہوں گی

    2030 تک امریکا میں پچاس فی صد گاڑیاں الیکٹرک ہوں گی

    واشنگٹن: صدر بائیڈن نے الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو امریکی صدر جو بائیڈن نے 2030 تک امریکا میں 50 فی صد الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔

    یہ قدم بائیڈن کے موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت کاروں اور ٹرکوں سے آلودگی کے اخراج کا مسئلہ حل کیا جانا ہے، دوسری طرف چین کے برقی گاڑیوں کی مارکیٹ پر حاوی ہونے کے پیش نظر امریکا کو انڈسٹری لیڈر بنانا بھی ہے۔

    امریکی شاہراہوں پر چلنے والی گاڑیوں کو 50 فی صد الیکٹرک پر لانے کے اس ہدف کو امریکی اور غیر ملکی آٹومیکرز کی حمایت حاصل ہو چکی ہے، تاہم اس کے ہدف کے حصول کے لیے اربوں ڈالرز کی سرکاری فنڈنگ درکار ہوگی۔

    صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ دنیا ماحول دوست گاڑیاں بنانے میں آگے ہے، ہمیں بھی آگے بڑھنا ہوگا، امریکا ٹیکنالوجی میں آگے ہونے کے باوجود الیکٹرک گاڑیوں میں چین سے پیچھے ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں جو بائیڈن نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کے بعد وہاں انتظار میں کھڑی الیکٹرک جیب کی طرف رخ کیا اور اسے چلا کر گراؤنڈ کے چکر لگائے۔