Tag: ex cjp iftikhar chaudhry

  • دبئی میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کا داماد گرفتار

    دبئی میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کا داماد گرفتار

    اسلام آباد : ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے داماد کو دبئی میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دبئی میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے داماد مرتضیٰ کو گرفتار کرلیا ہے، مرتضیٰ کو ایف آئی اے کی درخواست پر گرفتار کیا گیا۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے کیس میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے، ایف آئی اے کو بڑی کامیابی ملی ہے، اسکینڈل میں افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان ، ان کی صاحبزادی اور سمدھی کا بھی نام ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا ماضی میں ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی پر افتخارچوہدری نے عجیب فیصلہ کیا اور کیس سپریم کورٹ میں اپنے پاس لگوا کر اپنے سمدھی کو ریلیف فراہم کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس میں پیشرفت سےمتعلق آگاہ کرتے رہیں گے۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے داماد مرتضیٰ امجدایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک ہے اور دبئی فرار ہوگیا تھا۔

    وزیراطلاعات نے بتایا کہ ایڈن سوسائٹی کے متاثرین نے لاہورمیں احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور کچھ روز پہلے متاثرین نے وزیراعظم سےنوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایڈن سوسائٹی کے نام پر لوگوں سے رقم لی گئی اور انہیں پلاٹ یا گھر نہیں دیا گیا تھا، فراڈ کے نتیجے میں 200 سے 300 لوگ متاثر ہوئے تھے، جن کی ساری زندگی کی جمع پونجی ڈوب گئی تھی۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 24 گھنٹے میں اس سلسلے میں حتمی اور فیصلہ کن رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    یاد رہے انتخابات سے قبل جون میں تحریک انصاف نے ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری، ان کی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے چیئرمین نیب کو خط لکھا، جس میں کہا گیا تھا کہ “ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی” ملکی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل ہے، جس میں ایڈن ہاؤسنگ میں بیواؤں، یتیموں اور غریب ملازمین کی جمع پونجی پر ہاتھ صاف کئے گئے۔

    افتخار چوہدری اور ان کے خاندان نے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا،قومی احتساب بیورو کا کارروائی سے گریز چیئرمین اور ادارے کی ساکھ پر نہایت منفی اثرات مرتب کرے گا۔

  • افتخارچوہدری بدسلوکی کیس، سپریم کورٹ نے ملزمان کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے سزائیں بحال کردیں

    افتخارچوہدری بدسلوکی کیس، سپریم کورٹ نے ملزمان کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے سزائیں بحال کردیں

    اسلام آباد : افتخار چوہدری بد سلوکی کیس میں سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ملزمان کی اپیلیں مسترد کردی اور سزائیں بحال کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سپریم کورٹ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے افتخار چوہدری بدسلوکی کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق آئی جی اسلام آباد اور دیگرسات پولیس افسران کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ بحال کردیا۔

    عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد پولیس نے تمام ملزمان کو حراست میں لے لیا، جن میں ایس ایس پی موٹروے جمیل ہاشمی، ڈی ایس پی رخسار مہدی اور ایس ایس پی کیپٹن (ر) ظفر شامل ہیں۔

    سابق آئی جی، چیف کمشنر اسلام آباد سمیت 4افسران کو تابرخاست عدالت سزا دی گئی جبکہ تین افسران کو پندرہ دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

    جسٹس آصف سعیدکھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربنچ نے کچھ روز قبل ملزمان کی انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ دو ہزار سات میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو گھر سے عدالت جاتے ہوئے روکا گیا تھا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔