Tag: ex-husband

  • کراچی : ہوٹل سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، تہلکہ خیز انکشاف

    کراچی : ہوٹل سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد، تہلکہ خیز انکشاف

    کراچی کے نجی ہوٹل سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے بہیمانہ تشدد کے بعد چھری کے وار کرکے قتل کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل نرسری کے قریب ہوٹل سے خاتون کی لاش ملی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 25 سالہ مقتولہ کو سابق شوہر نے چھری کے وار کرکے قتل کیا، خاتون اور ملزم کے درمیان مبینہ طور پر علیحدگی ہوچکی تھی۔

    مقتولہ خاتون اپنے سابق شوہر کے ساتھ ہوٹل میں موجود تھی، شوہر کے دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کے دوران جھگڑا ہوا، خاتون کو تشدد اور چھری کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ خاتون کا سابق شوہر مبینہ طور قتل کی واردات کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگیا، مقتولہ چنیسرگوٹھ کی رہائشی اور 3بچوں کی ماں تھی، لاش کو دیگر قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • دودی خان کا شادی سے انکار، راکھی ساونت کے سابق شوہر کا حیران کن ردعمل

    دودی خان کا شادی سے انکار، راکھی ساونت کے سابق شوہر کا حیران کن ردعمل

    بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و ڈانسر راکھی ساونت کی پاکستانی شخص سے شادی کے اعلان پر سابق شوہر رتیش راج سنگھ کا ردعمل سامنے آگیا۔

    چند دن قبل پاکستانی اداکار و ماڈل دودی خان نے انسٹاگرام ویڈیو میں راکھی ساونت کو شادی کی پیش کش کی تھی، بعد ازاں دودی خان نے ایک اور ویڈیو میں بتایا کہ اب وہ لوگوں کی تنقید کی وجہ سے راکھی ساونت سے شادی نہیں کر سکتے، انہیں ٹرول کیا گیا لیکن وہ بھارتی اداکارہ کی شادی کسی دوسرے پاکستانی سے کروانے کو تیار ہیں۔

    جس پر بھارت کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی اداکار و ماڈل دودی خان سے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی تو انہیں غدار کہا گیا، ان کے خلاف فتوے نکالے گئے جس کے بعد دودی نے شادی سے انکار کیا۔

    تاہم اب اداکارہ راکھی ساونت کے سابق شوہر رتیش راج سنگھ نے بھی اس پورے معاملے پر کھل کر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    وائرل ویڈیو میں رتیش نے راکھی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ انہوں دودی خان کو راکھی سے دور کیا، وہ زور زور سے ہنستے ہوئے کہا کہ راکھی کبھی بھی پاکستان کی بہو نہیں بن سکتیں۔

    دودی خان کا شادی سے انکار پر راکھی ساونت کا ردعمل

    دودی خان نے راکھی ساونت سے شادی کرنے سے انکار کردیا

    ویڈیو میں رتیش نے کہا کہ تم کیا سمجھتی ہو؟ میں ایسے ہی بےوقوف بیٹھا ہوں، دودی خان کی تم سے شادی کبھی نہیں ہو سکتی، میں یہ شادی نہیں ہونے دوں گا، یہ رتیش سنگھ کا وعدہ ہے، اگر ڈرپوک دولہے کو چُنا گیا تو یہی ہوگا۔

    ویڈیو میں آگے رتیش نے مزید کہا کہ راکھی صرف تب ہی پاکستان کی بہو بن سکتی ہیں جب ہانیہ عامر اور دیگر پاکستانی اداکارائیں بھارت آئیں اور بھارتی مردوں کی دوسری بیویاں بن جائیں۔

  • شادی کیوں کی ؟ مشتعل خاتون نے سابق شوہر کا گھر جلا ڈالا

    شادی کیوں کی ؟ مشتعل خاتون نے سابق شوہر کا گھر جلا ڈالا

    گوجرانوالہ میں ایک خاتون کی جانب سے اپنے سابق شوہر کا گھر جلانے کا واقعہ پیش آیا ہے، ملزمہ کو اس کی دوسری شادی کا رنج تھا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے سابق شوہر کے گھر کو آگ لگادی، جس نے دوسری شادی کی تھی اور آج ولیمہ تھا۔

    پولیس کے مطابق واقعہ محلہ اسلام آباد میں پیش آیا، صالحہ نامی خاتون نے مبینہ طور پر ولیمے کے دن گھر میں گھس کر آگ لگائی، بعد ازاں آگ پر قابو پالیا گیا۔

    آگ نے دو کمروں اور صحن میں رکھے سامان کو جلادیا، دولہا اور اس کے والدین ولیمے کی تقریب میں تھے، سابق شوہر عدنان نے تین سال قبل گھریلو جھگڑے کے بعد خاتون کو طلاق دی تھی۔

    عدنان اور صالحہ کی 10 سال قبل شادی ہوئی تھی، عدنان والدین کے گھر سے ملحقہ اپنے دوسرے مکان میں صالحہ کے ساتھ رہتا تھا تین سال قبل میاں بیوی میں طلاق ہوگئی تو عدنان والدین کے گھر شفٹ ہوگیا۔

  • سلمیٰ حسن نے طلاق کے بعد سابق شوہر کیساتھ کام کرنے کی وجہ بتادی

    سلمیٰ حسن نے طلاق کے بعد سابق شوہر کیساتھ کام کرنے کی وجہ بتادی

    پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ سلمیٰ حسن نے طلاق کے بعد سابق شوہر و ہدایت کار اظفر علی کیساتھ کام کرنے کی وجہ بتادی۔

    حال ہی میں اداکارہ سلمٰی حسن نے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے طلاق کے بعد اپنے سابق شوہر کے ساتھ کام کرنے پر ہونے والی تنقید کے بارے میں گفتگو کی۔

    اداکارہ نے شو میں انکشاف کیا کہ طلاق کے بعد انہیں سابق شوہر اظفر کے ساتھ کام کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد اُنہیں سابق شوہر کے ساتھ کام کرنے پر کس طرح کی باتیں سننے کو ملی تھیں۔

    سلمیٰ حسن کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ بہت ہی عجیب و غریب تبصروں سے نشانہ بنایا گیا کچھ لوگوں نے اظفر علی کے ساتھ کام کرنے کے میرے فیصلے کو ’شریعت کے خلاف‘ قرار دیا۔

    سلمیٰ حسن کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ میں نہیں آیا کہ میں تو اداکاری کررہی ہوں تو کسی نہ کسی کے ساتھ تو کر ہی رہی ہوں گی، کیا فرق پڑتا ہے؟۔

    انہوں نے اس بات کی وضاحت میں کہا کہ جب آپ کی طلاق ہوتی ہے، آپ کے بچے ہوتے ہیں اور آپ کی نہیں بن رہی ہوتی تو آپ وزیٹیشن رائٹس (بچوں سے ملاقات کے حقوق) کے لیے عدالت جاتے ہی ہو جہاں آپ ایک کمرے میں بیٹھتے ہو، اگر ایسا ہوسکتا ہے تو پھر ساتھ کام کیوں نہیں ہوسکتا؟۔

    اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں میری بیٹی فاطمہ کا اپنے والد کے ساتھ رشتہ مضبوط رہے، ہمیں اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ ہمارے اختلافات میں بچوں کا کیا قصور؟، بچوں کی خاطر ذاتی اختلافات ایک طرف رکھے جاسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سلمیٰ حسن کے سابق شوہر اظفر علی معروف پروڈیوسر اور اداکار بھی ہیں، سلمیٰ حسن نے اپنے کریئر کے دوران ہی شادی کی تھی، دونوں کی ایک بیٹی فاطمہ بھی ہے، سلمیٰ حسن اور اظفر علی کے درمیان 2012 میں طلاق ہوگئی تھی۔

  • بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاورمانیکا نے دوسری شادی کرلی

    بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاورمانیکا نے دوسری شادی کرلی

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاورمانیکا نے دوسری شادی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاورمانیکا نے سمیرا آغا  سے دوسری شادی کرلی، نکاح کی تصاویر سوشم میڈیا ہپر وائرل ہوگئیں ۔

    لاہور میں  خاورمانیکا کی شادی کی تقریب ایک گھرمیں منعقد ہوئی ، جس میں بیٹے اور بیٹیوں سمیت صرف قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔

    خیال رہے خاور فرید مانیکا ایک سینئر کسٹم آفیسر ہیں اور ان کے والد غلام فرید مانیکا وفاقی وزیر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ خاور مانیکا نے 10ماہ قبل بشریٰ وٹو کو طلاق دے دی تھی، جو اب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ ہیں۔

    یاد رہے   خاور مانیکا کا اپنی سابق اہلیہ بشری مانیکا سے متعلق کہنا تھا  کہ مجھ سے اور میری سابقہ اہلیہ سے منسوب باتیں بے بنیاد ہیں، بشریٰ جیسی پاک بیوی زندگی میں نہیں دیکھی ایسی ذات پر تبصرہ کرنا قابل افسوس ہے۔