Tag: Exams

  • کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی، انٹر بورڈ کے پرچے ملتوی

    کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی، انٹر بورڈ کے پرچے ملتوی

    کراچی: شہر قائد میں تیز بارش کی پیشگوئی پر انٹر بورڈ نے آج کے پرچے ملتوی کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث آرٹس ریگولر، پرائیوٹ اور خصوصی امیدواروں کے پرچے اور عملی امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

    ترجمان انٹر بورڈ کے مطابق ملتوی شدہ پرچے 23 اگست 2022 کو انھی مراکز میں لیے جائیں گے، جب کہ عملی امتحانات ری شیڈیول کرنے کے لیے کالجز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ 24 گھنٹے برقرار رہے گا، بحیرہ عرب اور مشرقی راجستھان میں ہوا کا شدید کم دباؤ موجود ہے۔

    موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • نقل، کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ

    نقل، کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ

    کراچی: سندھ حکومت نے امتحانات میں نقل اور کسی اور کو اپنی جگہ امتحان دینے کے لیے بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے امتحانات میں نقل کی خبروں پر سنجیدہ سے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر جامعات بورڈز اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر ایک سے 3 سال کی پابندی لگانے جا رہے ہیں۔

    اسماعیل راہو نے کہا سندھ میں نقل روکنے کے لیے مزید سخت فیصلے لینے ہوں گے، اور بچوں کو نقل جیسی بیماری سے بچانا ہوگا، وزیر جامعات بورڈ کا کہنا تھا کہ نقل کرانے والے اساتذہ، والدین اور مافیاز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

    انھوں نے بتایا کہ سکھر کے امتحانی مراکز میں ایک دن میں نقل کرنے والے طلبہ کے خلاف بڑا ایکشن لیا گیا، اور 400 سے زائد موبائل فون پکڑے گئے، کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ، اور نوابشاہ میں 196 طلبہ نقل کرتے پکڑے گئے۔

    اسماعیل راہو نے مزید بتایا کہ 61 افراد ایسے بھی پکڑے گئے ہیں جو کسی اور کی جگہ امتحان دے رہے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ میرپورخاص میں ایک بھی نقل کا کیس سامنے نہیں آیا، وزیر بورڈز سندھ اسماعیل راہونے کہا کہ سندھ میں نقل روکنے کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں، ٹیموں کو امتحانی مراکز میں الرٹ کر دیا گیا ہے، اور ایسا قانون بنانے جا رہے ہیں کہ سندھ سے مستقبل میں نقل کا خاتمہ ہو جائے۔

    واضح رہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت سائنس و جنرل گروپ کے 445 امتحانی مراکز میں سالانہ امتحانات جاری ہیں، جس میں تقریباً 3 لاکھ 65 ہزار امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب: اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    سعودی عرب: اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا، مڈل اور ہائی اسکولوں کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحانات اتوار 14 نومبر سے ہوں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ تمام تعلیمی مراحل کے اسکولوں میں امتحان کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا۔

    شیڈول کے مطابق مڈل اور ہائی اسکولوں کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحان اتوار 14 نومبر سے ہوں گے۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ پریکٹیکل امتحان کی مدت 3 دن ہوگی اور یہ آن لائن لیے جائیں گے۔ پرائمری کے طلبہ کے تمام امتحان آن لائن ہوں گے اور تمام اسکولوں میں ان کا آغاز 4 بجے عصر کے بعد ہوگا۔

    وزارت کے مطابق مڈل اور ہائی اسکول کے وہ طلبہ جن کی عمریں 12 سال سے زیادہ ہیں اور جنہوں نے ویکسین کی 2 خوراکیں لے رکھی ہیں وہ امتحان دینے کے لیے اسکولوں میں حاضر ہوں گے۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے اسکول انتظامیہ حاضری کا شیڈول مقرر کرے گی جس میں طے شدہ وقت پر طلبہ حاضری دیں گے نیز اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ ایک دن میں دو سے زیادہ مضامین کا امتحان نہ ہو۔

    مڈل اور ہائی اسکولوں کے وہ طلبہ جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں مکمل نہیں کیں یا جن کی عمریں 12 سال سے کم ہیں ان کا امتحان آن لائن ہوگا۔ تمام اسکولوں میں امتحانات کے نتائج کا اعلان جمعرات 25 نومبر کو ہوں گے۔

  • کراچی: انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے

    کراچی: انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے جس میں 1 لاکھ سے زائد طلبا شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ 26 جولائی سے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔

    ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق 1 لاکھ 12 ہزار 6 سو طلبا امتحان میں شریک ہوں گے جن کے لیے 210 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، 66 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

    صبح کی شفٹ میں سائنس جبکہ شام میں آرٹس اینڈ کامرس گروپ کا امتحان لیا جائے گا، سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات
    ہوں گے جس میں تقریباً 55 ہزار 443 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔

    کامرس ریگولر، کامرس پرائیوٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیوٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے 57 ہزار 157 امیدوار شرکت کریں گے۔

    114 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 96 امتحانی مراکز شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔

    انٹر بورڈ کے مطابق سالانہ امتحانات برائے 2021 میں پرچے 50 فیصد ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر سوالات کے جوابات اور 20 فیصد تفصیلی سوالات کے جوابات پر مشتمل ہوں گے۔

  • کراچی : کلاس نہم سائنس گروپ کا آخری پرچہ آج ہورہا ہے

    کراچی : کلاس نہم سائنس گروپ کا آخری پرچہ آج ہورہا ہے

    کراچی : سندھ بھر میں ہونے والے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات اپنے اختتام کو پہنچے آج کلاس نہم سائنس گروپ کا آخری پرچہ لیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن کے تحت کلاس نہم کا آج آخری پرچہ حیاتیات کا ہوگا، رواں برس صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لیے جارہے ہیں۔

    2گھنٹے پر محیط پرچے کا ٓاغاز صبح ساڑھے9 بجے ہوا جبکہ اس کا اختتام ساڑھے11بجے ہوا، نہم سائنس گروپ کے83655 طلبا،72867 طالبات امتحان دیں گے۔

    جنرل گروپ جماعت نہم میں طالبات کی تعداد10942،طلباکی تعداد7682ہے، امتحانات کیلئے443 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جبکہ پرچوں کی ترسیل کیلئے18 حب سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

  • مالا کنڈ میں نقل کروانے والے کنٹرولر کو عہدے سے ہٹادیا: شہرام ترکئی

    مالا کنڈ میں نقل کروانے والے کنٹرولر کو عہدے سے ہٹادیا: شہرام ترکئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ امتحانات میں کل 6 لاکھ سے زائد بچے حصہ لے رہے ہیں، نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبا امتحانات کے لیے بھی تیاری کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ پورے ضلعے میں ہماری ٹیمیں امتحانی ہالوں کا دورہ کر رہی ہیں، امتحانات میں کل 6 لاکھ سے زائد بچے حصہ لے رہے ہیں۔

    شہرام تراکئی کا کہنا تھا کہ این سی او سی احکامات کے مطابق بچوں کو امتحانات میں بٹھایا گیا ہے، نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبا امتحانات کے لیے بھی تیاری کریں۔ کل سے ہم اسکولوں میں شجر کاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے سب بچوں کو سہولتیں دی جائیں، میٹرک اور انٹر کے امتحانات کا رزلٹ اگست میں دیا جائے گا، ہدایت دی ہے کہ ایس او پیز کے تحت کلاسز کی کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں، بچوں کی سہولت کے لیے وقت صبح 7 سے 10 بجے تک رکھا ہے۔

    شہرام ترکئی نے مزید کہا کہ مالا کنڈ پرچے میں نقل کا واقعہ شرمناک تھا، مالا کنڈ میں کنٹرولر کو عہدے سے ہٹایا اور ایف آئی آر درج کی، آٹھویں جماعت تک کلاسز اس لیے کھولیں کہ بچے شجر کاری میں حصہ لے سکیں۔

  • فنکاروں کا امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

    فنکاروں کا امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ

    کراچی: پاکستانی فنکاروں نے حکومت پاکستان سے طلبا کے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا، اداکاروں نے اپیل کی ہے کہ کووڈ 19 کی خطرناک صورتحال میں طلبا کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ مہوش حیات نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اداکارہ نے وزیر تعلیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے لیے طلبہ کے ساتھ زبردستی کرنا غلط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا نہ صرف کرونا کی تیسری لہر میں خطرناک ثابت ہوگا بلکہ یہ ناانصافی بھی ہوگی کیونکہ تعلیم کی صورتحال درہم برہم ہے۔

    مہوش حیات نے وفاقی وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ باقی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اس سال امتحانات منسوخ کیے جائیں۔

    دوسری جانب گلوکار عاصم اظہر نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت نہ صرف امتحانات منسوخ کرے بلکہ ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرے، ایسا نہیں صرف امتحانات منسوخ ہوجائیں اور پورا ملک کھلا ہو۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی جاری ہے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔

  • کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں اگلے ایک ماہ تک ہونے والے تمام امتحانات آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کویت میں ایک ماہ کے لیے جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق تعلیمی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر حماد المعطر نے اعلان کیا ہے کہ وزارت اعلیٰ تعلیم کے طے کردہ فیصلے کے مطابق کویت کی تمام جامعات میں امتحانات آن لائن منعقد ہوں گے۔

    یہ ہدایت 7 مارچ سے اگلے ایک ماہ تک ہونے والے امتحانات کے لیے جاری کی گئی ہے۔

    کویت میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے اگلے ایک ماہ تک 12 گھنٹے کا جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور اسی کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے لیے یہ نئی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    گو کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کویت میں گزشتہ پورا سال تعلیم آن لائن ہوئی ہے تاہم کچھ کالجز میں پروفیسر طلبا کو بلوا کر امتحانات بھی لے رہے تھے۔

    اب کمیٹی کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پروفیسر اس ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ کویت کے علاوہ دیگر گلف ممالک میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں تاہم کویت نے ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

  • سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    سندھ میں میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا گیا جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ بھی طے کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یکم فروری سے تمام اسکول ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات یکم جولائی سے ہوں گے جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 28 جولائی سے ہوں گے۔

    امتحانات کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مدد طلب کی جاسکتی ہے۔ تمام امتحانی بورڈز 90 دن میں نتائج دینے کے پابند ہوں گے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں برس گرمیوں کی چھٹیاں صرف ایک ماہ کے لیے جولائی میں ہوں گی۔

    اجلاس میں وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ تعلیمی سال کے لیے سلیبس کو 40 فیصد کم کیا تھا، اسکول پھر بند ہوگئے 60 فیصد نصاب مکمل کروانا بھی مشکل ہوگیا۔

    وزیر تعلیم نے کہا کہ یکم سے 15 جولائی تک ہونے والے نویں دسویں کے امتحانات کے نتائج 15 ستمبر کو جاری کر دیے جائیں گے جبکہ 28 جولائی سے شروع ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 15 اکتوبر کو کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پریکٹیکل جون میں اسکول اور کالجز میں ہوں گے، سندھ میں نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا، کمیٹی نے پرچے کا دورانیہ 3 گھنٹے سے کم کر کے 2 گھنٹے کا کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے، پرچے کا معروضی حصہ 40 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کردیا گیا، مختصر سوالات کا حصہ 40 سے کم کر کے 20 فیصد اور تفصیلی سوالات کا حصہ بھی 40 سے کم کر کے 20 فیصد کر دیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر سے پہلے کوئی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج داخلے شروع نہیں کرے گا، رواں سال کسی بھی بچے کو بلا امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ جن کالجز میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے ہیں انہیں کچھ عرصے کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے یکم فروری سے پرائمری اسکول اور یونیورسٹیز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تعلیمی سیشن 21-2020 کا کیلنڈر بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہوگا جبکہ موسم گرما کی چھٹیاں کم کر کے ایک ماہ کی کر دی گئی ہیں۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق موسم گرما کی چھٹیاں 2 سے 31 جولائی 2021 تک ہوں گی جبکہ پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک اور پہلی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں کے امتحانات یکم سے 15 جون تک ہوں گے۔

  • کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ، انٹرامتحانات کے اوقات تبدیل

    کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ، انٹرامتحانات کے اوقات تبدیل

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ  نے آئندہ ہفتے سے شہر قائد میں ہونے والے ممکنہ ہیٹ ویو کےخدشات کے  پیش نظر انٹر امتحانات کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ پیر سے شہر قائد ایک بار پھر گرمی کی شدید لپیٹ میں ہوگا اور سمندری ہوائیں نہ چلنے کے باعث شہر کا درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچے گا۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا جس کے تحت سندھ اور شہری حکومت نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ مختلف شاہراؤں پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے کیمپ بھی قائم کردیے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پیر سے پھر شدید گرمی کا امکان

    اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے گزشتہ دنوں پڑھنے والی شدید گرمی کے پیش نظر فرسٹ اور سیکنڈ ایئرکے امتحانات ملتوی کردیے تھے تاہم اب انٹر بورڈ نے امتحانات کے اوقات میں تبدیلی کا اعلان کردیا۔

    انٹر بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 29 مئی سے 13 جون تک ہونے والے آرٹس ریگولر اور پرائیوٹ کے امتحانات اب صبح ساڑھے 8 بجے سے ہوں گے جبکہ 28 مئی کا پرچہ پرانے مقررہ وقت یعنی دوپہر 2 بجے سے ہوگا۔

    مزید پڑھیں: ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

    ڈاکٹر سیمی جمالی نے مشورہ دیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے کے لیے افطار کے بعد اور سحری میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں تاہم اگر باحالتِ مجبوری دھوپ میں نکلنا پڑے تو چھتری کا استعمال ضرور کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔