Tag: Exercise

  • جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

    جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

    کراچی : جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں پی آئی اے ،سی اے اے ،اے ایس ایف سمیت ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہفتے کے روز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق (فل اسکیل ائیرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز)انجام دی۔

    اس مشق کا مقصد ہوائی اڈے پر مصروفِ کار تمام متعلقہ اداروں کی کسی بھی ممکنہ حادثے یا ناخوش گوار واقعے کی صورت میں باہمی اشتراک عمل کے ساتھ بروقت کارروائی کی استعدادکی جانچ پڑتال تھا۔

    قومی ائیرلائن پی آئی اے کے ایک طیارے کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔ اس مشق میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی, ائیرپورٹ سیکورٹی فورس، پی آئی اے اور دیگر ملکی ائیر لائنزکے ساتھ ساتھ ، ایدھی اور چھیپا کی ایمبولینسز نے بھی فعال کردار ادا کیا۔

    اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کے ائیرپورٹ منیجر عمران خان نے بتایا کہ یہ مشق ہوابازی کی عالمی انجمن (ایکائو) کے معیار کے مطابق ہردوسال بعد کی جاتی ہے اور اس کا مقصد ہنگامی حالات میں بچائو اور آتشزدگی پر قابوپانے والے کارکنوں کی عملی صلاحیت اور بروقت کارروائی کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔

    انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عام طور پر ایسے ہنگامی حالات میں دو منٹ کے اندر بروقت کارروائی کی توقع کی جاتی ہے تاہم آج کی مشق میں ہمارے کارکنوں نے ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں بروقت کارروائی کا آغاز کردیا تھا جو ان کی مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے اسسٹنٹ چیف سیکورٹی آفیسر عباس میمن نے بھی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشق کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھرپور مشق صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی ائیرپورٹ پر شروع ہوئی ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آگ بجھانے والی گاڑیاں آتشزدگی کے مقام پر صرف ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں پہنچیں اور بروقت آگ بجھانے کا مظاہرہ کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بچائو کارکنان (ریسکیو ورکرز)، ایدھی ، چھیپا کی ایمبولینسز ، ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے سمیت تمام متعلق افراد نے تیزی سے آتش زدہ طیارے پر پہنچ کر پیشہ ورانہ انداز میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا مظاہرہ کیا ۔

  • بہت معمولی سی ورزش کرنا بھی آپ کی عمر میں اضافہ کر سکتا ہے

    بہت معمولی سی ورزش کرنا بھی آپ کی عمر میں اضافہ کر سکتا ہے

    ورزش کرنا اور جسمانی طور پر متحرک رہنا جسمانی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے اور کئی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے، حال ہی میں ایک تحقیق سے علم ہوا کہ ورزش کی بہت معمولی مقدار بھی بے شمار فائدے پہنچا سکتی ہے۔

    امریکا میں کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ بہت کم ورزش کرنا بھی متعدد بیماریوں اور قبل از وقت موت کے خطرے میں کمی کرسکتا ہے۔ ہفتے میں کبھی کبھار ورزش کرنے سے قبل از وقت موت کے خطرے میں 52 فیصد کمی ہوسکتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق قبل از وقت موت کا خطرہ مختلف بیماریوں جیسے دل کے امراض، فالج اور ذہنی تناؤ کی وجہ سے ہوتا ہے، اور یہ خطرہ ان افراد میں بڑھ جاتا ہے جو بالکل ورزش نہیں کرتے۔

    ورزش نہ کرنا اور غیر متحرک زندگی گزارنا مختلف بیماریوں جیسے امراض قلب، فالج، جسم میں درد اور موٹاپے کو جنم دیتا ہے اور یہ بیماریاں انسان میں قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق ورزش دماغی صحت پر بھی یکساں مفید اثرات مرتب کرتی ہے۔ وہ افراد جو ہفتے میں چند دن ورزش یا کسی بھی جسمانی سرگرمی میں مشغول رہتے ہیں ان کی دماغی کیفیت ورزش نہ کرنے والوں کی نسبت بہتر رہتی ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ ورزش، جسمانی طور پر فعال رہنا یا کسی کھیل میں حصہ لینا ڈپریشن اور تناؤ میں 43 فیصد کمی کرتا ہے۔ ورزش دماغ کو طویل عرصے تک جوان رکھتی ہے جس سے بڑھاپے میں الزائمر اور یادداشت کے مسائل سے تحفظ ملتا ہے۔

  • ایسا کیا ہے جو دولت مند افراد کے برابر خوش رکھ سکتا ہے؟

    ایسا کیا ہے جو دولت مند افراد کے برابر خوش رکھ سکتا ہے؟

    ایک عام خیال ہے کہ پیسہ زندگی کو آسان بنا سکتا ہے اور خوشی کا سبب ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایسی کیا شے ہے جو بغیر دولت کے بھی، آپ کو دولت مندوں کے جتنا ہی خوش رکھ سکتی ہے؟

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق سے علم ہوا کہ ورزش اور جسمانی سرگرمیاں کسی شخص کو دولت مند شخص کے برابر خوشی دے سکتی ہے۔

    یہ تحقیق آکسفورڈ اور ییل یونیورسٹی میں کی گئی جو دا لینسٹ نامی جریدے میں شائع ہوئی۔ تحقیق کے لیے 12 لاکھ سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا، ان افراد سے ان کی آمدنی اور جسمانی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔

    ان افراد سے پوچھا گیا کہ مجموعی طور پر یہ کن حالات میں اور کتنے عرصے تک خود کو پریشان اور ذہنی تناؤ میں مبتلا محسوس کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: خوش رہنے کا آسان نسخہ

    ماہرین نے دیکھا کہ جسمانی سرگرمیوں کے عادی افراد سال میں اوسطاً 35 دن خود کو پریشان محسوس کرتے ہیں، اس کے برعکس ایسے افراد جو جسمانی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیتے تھے ان کی پریشانی مزید 18 دن طول کھینچ گئی۔

    تحقیق میں دیکھا گیا کہ زیادہ آمدنی والے یعنی مالی طور پر مطمئن افراد اور جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد میں خوشی کی سطح یکساں پائی گئی۔

    اسی طرح ایسی سرگرمی جس میں زیادہ لوگوں سے گھلنے ملنے کا امکان ہو جیسے کوئی کھیل کھیلنا، جس میں پوری ٹیم کھیل میں حصہ لے، دیگر سرگرمیوں کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

    ماہرین نے خبردار کیا کہ اس کا یہ مطلب نہ سمجھا جائے کہ جتنی زیادہ ورزش کی جائے گی اتنی ہی زیادہ خوشی حاصل ہوگی، ہفتے میں 30 سے 60 منٹ پر مشتمل، 3 سے 5 ٹریننگ سیشن بھی وہی فوائد دے سکتے ہیں۔

  • ورزش دماغی صحت کے لیے بھی فائدہ مند

    ورزش دماغی صحت کے لیے بھی فائدہ مند

    ورزش کرنا اور جسمانی طور پر متحرک رہنا جسمانی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے اور کئی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے، تاہم ورزش کے دماغی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، اس بارے میں ماہرین اب تک تذبذب کا شکار تھے۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق نے ماہرین کی الجھن دور کردی جس میں پتہ چلا کہ ورزش دماغی صحت پر بھی یکساں مفید اثرات مرتب کرتی ہے۔

    برطانوی دارالحکومت لندن میں کی جانے والی ایک تحقیق کے لیے ماہرین نے مختلف عمر کے افراد کا جائزہ لیا۔ ماہرین نے ان افراد کی دماغی صحت، ورزش کی عادت اور غذائی معمول کا جائزہ لیا۔

    ماہرین نے دیکھا کہ وہ افراد جو ہفتے میں چند دن ورزش یا کسی بھی جسمانی سرگرمی میں مشغول رہے ان کی دماغی کیفیت ورزش نہ کرنے والوں کی نسبت بہتر تھی۔

    تحقیق کے نتائج سے علم ہوا ورزش، جسمانی طور پر فعال رہنا یا کسی کھیل میں حصہ لینا ڈپریشن اور تناؤ میں 43 فیصد کمی کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ورزش دماغ کو طویل عرصے تک جوان رکھتی ہے جس سے بڑھاپے میں الزائمر اور یادداشت کے مسائل سے تحفظ ملتا ہے۔

  • متحرک رہنا کمر درد سے بچاؤ میں معاون

    متحرک رہنا کمر درد سے بچاؤ میں معاون

    کمر درد دنیا بھر میں 10 میں سے 8 افراد کو متاثر کرنے والا عام مسئلہ ہے اور اس کے لیے بے شمار علاج تجویز کیے جاتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق اس کا ایک علاج متحرک رہنا بھی ہے۔

    برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے متحرک رکھنے والی سرگرمیوں جیسے چہل قدمی یا باقاعدہ ورزش کمر درد کے خطرے میں 16 فیصد کمی کر سکتی ہے۔

    تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر رحمٰن شری کے مطابق ورزش کمر درد کی شدت اور دوبارہ پلٹ کر آنے کے خطرے میں کمی کرتی ہے۔ اسی طرح وہ افراد جو اس تکلیف کا شکار نہیں، اور ورزش کے عادی ہیں، ان میں بھی اس تکلیف سے محفوظ رہنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    ماہرین نے فعال رکھنے والی سرگرمیوں میں چہل قدمی اور ورزش کے علاوہ سیڑھیاں چڑھنا، اور گھر کے مختلف کاموں کو بھی اس فہرست میں شامل کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کمر درد سے نجات دلانے والی آسان ورزشیں

    اس سے قبل بھی ماہرین نے ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ باقاعدگی سے ورزش کرنا کمر درد میں 40 سے 45 فیصد کمی کرسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کمر درد کا شکار بعض افراد ورزش سے تکلیف کے بڑھ جانے کی شکایت کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسے افراد کمر درد سے نجات کے لیے ڈاکٹر کے مشورے سے مختلف اینٹی بائیوٹکس اور دیگر علاج جیسے بیلٹ وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں۔

    تاہم یہ چیزیں پٹھوں کو کمزور کردیتی ہیں چنانچہ کمر درد کا شکار افراد اگر ورزش کریں تو وہ مزید تکلیف کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق کمر درد کو کسی دوا کے بغیر ورزش سے ہی ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔

    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی تجاویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔

  • ویک اینڈ پر ورزش کرنا زیادہ فوائد کا باعث

    ویک اینڈ پر ورزش کرنا زیادہ فوائد کا باعث

    کیا آپ اپنے بہت سے دیگر کاموں کی طرح ورزش کو بھی ویک اینڈ کے لیے مخصوص رکھتے ہیں، کیونکہ آپ پورا ہفتہ ورزش کے لیے وقت نہیں نکال پاتے؟ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو جان لیں کہ آپ ان افراد کی نسبت زیادہ فوائد حاصل کر رہے ہیں جو روزانہ ورزش کرتے ہیں۔

    جنرل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق یوں تو باقاعدگی سے ورزش کرنا بھی صحت کے لیے نہایت مفید ہے اور یہ بے شمار بیماریوں سے حفاظت فراہم کرتا ہے، لیکن اگر آپ صرف ویک اینڈ پر یا ہفتہ میں صرف ایک سے دو دن ورزش کرنے کے عادی ہیں تو آپ ورزش سے حاصل ہونے والے تمام فوائد دگنے حاصل کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ورزش کرنے کے چند دلچسپ طریقے

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دراصل ایک مخصوص وقت کے لیے جسم کو فعال رکھنا اسے بے شمار بیماریوں سے بچاتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہفتے میں کم از کم 75 منٹوں کی ورزش جسم کو چاق و چوبند رکھتی ہے۔

    ماہرین نے واضح کیا کہ یہ ایک اوسط اندازہ ہے۔ تاحال اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکا کہ کسی شخص کے لیے کتنے گھنٹوں یا منٹوں کی ورزش اسے صحت مند رکھنے کے لیے کافی ہے۔

    تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ ویک اینڈ پر ورزش کرنے والے افراد میں باقاعدگی سے ورزش کرنے والے افراد کی نسبت مختلف بیماریوں سے موت کا امکان بھی کم ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: دفتر میں ورزش کرنے کی تراکیب

    تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوشگوار انکشاف ہے کہ ہم ہفتے میں صرف ایک سے دو دن ورزش کر کے بھی اپنے جسم کو بے شمار بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ورزش نہ کرنا اور غیر متحرک زندگی گزارنا مختلف بیماریوں جیسے امراض قلب، فالج، جسم میں درد اور موٹاپے کو جنم دیتا ہے اور یہ بیماریاں انسان میں قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔

  • کمر درد کے لیے ورزش فائدہ مند

    کمر درد کے لیے ورزش فائدہ مند

    کمر کا درد عام طور پر ہر شخص کو ہوتا ہے۔ یہ نہایت ہی تکلیف دہ درد ہوتا ہے اور مشکلوں سے ہی جان چھوڑتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کمر درد کے لیے دوائیوں سے زیادہ فائدہ مند ورزش ہے۔

    تحقیق کرنے والے ماہرین نے دنیا بھر میں 30 ہزار سے زائد افراد پر یہ تجربہ کیا اور نتیجہ نکلا کہ سال بھر بعد جن لوگوں نے باقاعدگی سے ورزش کی تھی ان کی کمر کے درد میں 40 سے 45 فیصد کمی آئی ہے۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ورزش ہی اس مرض کا آسان علاج ہے تو پھر یہ اتنا عام کیوں ہے۔

    مزید پڑھیں: کمر درد سے نجات دلانے والی آسان ورزشیں

    اس کی وجہ یہ ہے کہ کمر درد سے نجات کے لیے ڈاکٹر مختلف اینٹی بائیوٹکس اور دیگر علاج جیسے بیلٹ پہننا وغیرہ تجویز کرتے ہیں۔ یہ چیزیں پٹھوں کو کمزور کردیتی ہیں۔ چنانچہ کمر درد کا شکار افراد اگر ورزش کریں تو وہ مزید تکالیف کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ کمر درد کے لیے ورزش ہی سب سے آسان علاج ہے۔ کمر کا درد جسمانی حرکات میں کمی کی وجہ سے ہوتا ہے خاص طور پر ان لوگوں میں جو آفس میں گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں اور کم چلتے پھرتے ہیں۔

  • فالج سے بچانے والی آسان عادت

    فالج سے بچانے والی آسان عادت

    کیا آپ ورزش کرنے کے عادی ہیں؟ اگر آپ ہفتے یا مہینے میں کبھی کبھار ورزش کرتے ہیں تو جان لیں کہ آپ کی اس ورزش کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ ورزش آپ کو فالج یا دل کے اچانک دورے سے نہیں بچا سکتی۔

    امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ خواتین جو باقاعدگی سے کم وقت کے لیے ورزش کرتی ہیں ان کا دل صحت مند رہتا ہے بہ نسبت ان خواتین کے جو زیادہ ورزش تو کرتی ہیں مگر بے قاعدگی سے یا وقت کی پابندی کا خیال کیے بغیر کرتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: سبزیوں اور پھلوں کا استعمال فالج سے بچاؤ میں مفید

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش کے لیے وقت کی پابندی اور باقاعدگی کے ساتھ ساتھ اس کے طریقہ کار کو بھی عمر کے ساتھ تبدیل کرنے کی بھی ضروت ہے۔

    ایسا نہیں ہوسکتا کہ نوجوانی میں آپ سخت ورزشیں کریں اور بڑھتی عمر کے ساتھ بھی اس کو برقرار رکھیں۔ یہ عادت فائدے کے بجائے نقصان پہنچا سکتی ہے۔

    ماہرین نے کہا کہ جب ہم ورزش نہیں کرتے تو ہماری خون کی شریانیں سخت ہوجاتی ہیں، ہمارے وزن میں اضافہ ہوتا ہے، پھیپھڑوں کی کارکردگی کم ہونے لگتی ہے جبکہ ہمارے پٹھے کمزور ہونے لگتے ہیں۔

    ان کے مطابق ہفتے میں 150 منٹ کی ورزش ہر عمر کے افراد کے لیے بہترین ہے لیکن اسے وقت کی پابندی اور باقاعدگی کے ساتھ کیا جائے تب ہی یہ فائدہ مند ہو سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لٹویا کا منفرد جیل ہوٹل جہاں مہمانوں کی خاطر تشدد سے کی جاتی ہے

    لٹویا کا منفرد جیل ہوٹل جہاں مہمانوں کی خاطر تشدد سے کی جاتی ہے

    ریگا : شمالی یورپ میں آزادی کی اہمیت کواجاگرکرنے کے لیےمنفرد ہوٹل بنایا گیا ہے، جس میں مہمانوں کوخاطر و تواضح تشدد سے کی جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی یورپ میں ایک ایسا ہوٹل بھی موجود ہے جہاں انسان کی نظروں میں آزادی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے جیل کی تھیم کو اپنایا گیا ہے اور یہاں آنے والوں کو ہوٹل میں ایک قیدی کی طرح زندگی گزارنی پڑتی ہے۔

    ہوٹل کے اندر کا ماحول جیل کی طرز پر ہے

     

    یورپ کے شمالی حصے میں واقع چھوٹے سے ملک لٹویا کے شہرلی پاجا میں ایک تاریخی جیل کو ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے، جہاں آپ کو کمرہ لیتے وقت ہتھکڑی کا کرایہ بھی ادا کرنا ہوتا ہے۔ جی ہاں! ہوٹل کے ملازمین آپ کو ہتھکڑی پہناکر آپ کو کمرے میں بند کرکے چابی ساتھ لے جاتا ہے۔

    ہوٹل کی عمارت درحقیقت سن 1900 میں روس کی بحری افواج کے زیرِ استعمال تھی، جہاں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے فوجیوں کو سزا کے طور پر یہاں رکھا جاتا تھا، بعد ازاں اس عمارت کو روس کی خفیہ غیر ملکی جاسوسوں اور خطرناک قیدیوں سے تفتیش کے لیے کے جی بی کے حوالے کردیا تھا۔

    لی پاجا ہوٹل کی عمارت کو آج اصلی حالت میں رکھا گیا ہے جو جیل کے زمانے میں تھی۔ مذکورہ ہوٹل کا تمام فرنیچر اسی دور کا ہے اور مہمانوں کو بھی قیدیوں کی کال کوٹھڑیوں میں ٹہرایا جاتا ہے، جہاں آرام دہ بستر کی جگہ لوہے کے ٹوٹے ہوئے پلنگ ہیں۔

    ہوٹل میں مہمانوں کے سونے کے لیے قیدیوں کی طرز کا بشتر ہے

     

    ہوٹل کا مینیجر آپ کو جیلر کی وردی میں ملبوس ہوتا ہے، جو بوسیدہ سے رجسٹر اور پُرانی اسٹیشنری سے کام کرتا ہوا دکھائی دے گا جیسے جیل کے حکام کرتے تھے اور جیلر کے عقب میں دیوار پر زار روس کی تصویر لگی ہوئی نظر آئے گی۔

    ہوٹل کا مینیجر بھی مہمانوں کے ساتھ جیلر کی طرح برتاؤ کرتا ہے

     

    لی پاجا ہوٹل کے بروشر میں درج ہے کہ ہوٹل کے عملے کا رویہ نامناسب اور غیر دوستانہ ہوگا، اگر آپ چاہیں تو آپ کی خاطر داری تشدد سے بھی کی جاسکتی ہے جس کی فیس علیحدہ دینی ہوگی لیکن اس کے لیے آپ کو دس افراد کے گروپ کی صورت میں ہوٹل آنا ہوگا۔


    کیپسول ہوٹل، کرایہ صرف 35 ڈالر


    ہوٹل کا گارڈ مہمانوں کو بندوق کے بٹ مارتا ہوا کمرے تک لے کر جاتا ہے

     

    لٹویا میں واقع یہ تاریخی جیل ہوٹل نہایت سستا ہے۔ صرف سات یورو خرچ کر کے آپ ایک رات قیدیوں کی زندگی گزار سکتی ہیں۔ سات یورو میں رہائش کے ساتھ مفت کھانا بھی شامل ہے۔ لیکن خیال رہے کہ بروشر میں نمایاں طور پر لکھا ہے کہ آپ کو صرف قیدیوں کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • دفتر میں ورزش کرنے کے آسان طریقے

    دفتر میں ورزش کرنے کے آسان طریقے

    جو لوگ دفتر جاتے ہیں وہ اپنے وزن کا خیال نہیں رکھ پاتے۔ انہیں جم جانے اور ورزش کرنے کا ٹائم بھی نہیں مل پاتا۔ یوں مستقل بیٹھے رہنے سے انہیں کمر درد سمیت مختلف بیماریاں ہوجاتی ہیں۔

    یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی ہی تراکیب بتا رہے ہیں جن کے ذریعے آپ آفس میں بیٹھے بیٹھے ورزش کر سکتے ہیں۔ اس سے نہ آپ کے کپڑے خراب ہوں گے اور نہ ہی بال۔ اس سے آپ دفتر میں اپنے ساتھیوں کی توجہ کا مرکز ضرور بن سکتے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ آپ سے متاثر ہو کر وہ بھی آپ کے ساتھ شامل ہوجائیں۔

    ان معمولی ورزش کے اسٹیپس سے آپ مستقل بیٹھے رہنے کے خطرات کو کسی حد تک کم کر سکتے ہیں۔

    کرسی پر ورزش

    اپنی گھومنے والی کرسی پر بیٹھیں، انگلیوں کو میز پر رکھیں، پاؤں فرش سے تھوڑا اوپر اٹھائیں اور کرسی کو دائیں اور بائیں طرف گھمائیں۔ یہ عمل 2 سے 4  منٹ جاری رکھیں۔

    سیڑھیوں کا استعمال

    آفس میں سب سے اچھی ورزش سیڑھی کا استعمال ہے۔ کم فاصلے کے لیے لفٹ کے بجائے سیڑھی کا استعمال کریں۔

    کافی مگ بناتے ہوئے

    اپنا کافی کا مگ بناتے ہوئے یا اسے پیتے ہوئے ٹانگ کو پیچھے کی طرف ایسے دھکیلیں جیسے کسی چیز کو ہٹا رہے ہیں۔ یہ عمل دونوں ٹانگوں کے ساتھ کریں۔

    اٹھک بیٹھک

    جب بھی اپنی کرسی سے اٹھیں تو دوبارہ بیٹھنے سے پہلے پش اپس کریں۔ یہ عمل 5 دفعہ کریں۔

    لیپ ٹاپ بائی سیپ

    اگر آپ اپنا لیپ ٹاپ اٹھا کر کانفرنس روم تک جا رہے ہیں تو اس سے بائی سیپ کی ورزش کی طرح استعمال کریں۔

    ساتھیوں سے ملنا

    اپنے کسی ساتھی سے کام ہو تو اسے ای میل یا ٹیکسٹ میسج کرنے کے بجائے بذات خود جا کر ملیں۔ اس طرح اکڑے ہوئے مسلز آرام دہ حالت میں آجائیں گے۔

    پرنٹر ورزش

    کسی ضروری دستاویز کا پرنٹ نکالتے ہوئے آپ ایسی ورزش بھی کرسکتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔