اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 5 سال میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت و دیکھ بھال پر لگ بھگ ڈیڑھ ارب روپے خرچ کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران خزانہ ڈویژن نے وزارت کی 5 سال میں ہونے والی گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کی تفصیلات پیش کیں۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق 31 گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال پر 4 کروڑ 68 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے، ملٹری فنانس ونگ کی 3 گاڑیوں پر 10 لاکھ 29 ہزار روپے خرچ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل کی 198 گاڑیوں کی مرمت پر 4 کروڑ 64 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے۔ نیشنل سیونگ کی 61 گاڑیوں پر 2 کروڑ 5 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایس ای سی پی کی 14 گاڑیوں پر 31 لاکھ روپے خرچ ہوئے، زرعی ترقیاتی بینک کی 54 گاڑیوں پر 1 کروڑ 92 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ نیشنل بینک کی 58 گاڑیوں پر 4 کروڑ 94 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی 1490 گاڑیوں کی مرمت پر 1 ارب 77 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔